صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۶۹۰/۲۰۲۴ صاحب ثروت فاسق معلن کی دست بوسی کرناسوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین وشرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ پر کہ زید عالم دین ہےاور اہل قریہ کے اہل ثروت فاسق معلن کی دست بوسی کرتے ہیں جس سے عوام الناس میں چہ مہ گوئیاں ہو رہی ہیں ساتھ ساتھ عوام میں یہ بات بھی مشہور ہے کہ حضرت دوسرے کے دسترخوان کی راز داری نہیں رکھتے ہیں کیا ایسی صورت میں لائق امامت ہیں یا نہیں، نماز واجب الاعادہ تو نہیں ہوگی برائے کرم اس مسئلہ کوشریعت مطہرہ کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی ۔ المستفتی : اسامہ خان جواب الجواب اللهم هدایۃ الحق و الصواب : اگر فاسق معلن سیدزادے يا صاحب نسبت ہیں تو اس نسبت کے احترام میں دست بوسی کرنے پر زید پر شرعاً الزام نہیں، اور اگر وہ ایسا نہیں بلکہ اس کی دولت و ثروت، دنیوی وجاہت و قوت اور طلب مال و حرص دنیا میں تملقاً ایسا کرتا ہے تو کئی جرموں کا مرتکب ہے ،بلکہ اگر دنیوی لالچ میں نہ سہی یوں ہی ایک فاسق معلن کی دست بوسی و تعظیم کرتا ہے جب بھی فسق سے مفر نہیں کہ فاسق کی توہین واجب ہے نہ کہ تعظیم ۔ عامہ کتب فقہ میں ہے کہ : ’’قد وجبت اهانته ‘‘ ۔ راز افشا کرنا یعنی چغلی یا غیبت کرنا بھی فسق ہے لیکن اس کے اثبات کے لیے شرعی ثبوت درکار ہے، بازاری افواہ سے کسی کا نمام و چغل خور یا غیبت کنندہ ہونا ثابت نہیں ہو جاتا۔ بہتر یہی ہے کہ اس فاسق معلن کی تعظیم و دست بوسی کے بابت امام مذکور سے براہ راست دریافت کیا جائے اگر کوئی شرعاً مقبول و معقول وجہ بتائے فبھا نہیں تو جرم شرعاً ثابت ہو جانے کے بعد اس کے پیچھے نماز شرعاً جائز نہیں، مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ والله تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۱۱ ؍ ربیع الآخر ۱۴۴۶ ھ / ۱۵ ؍ اکتوبر ۲۰۲۴ ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

