صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۲۱۹/۲۰۲۱ سفلی عمل کرنے کرانے والے کا شرعی حکمسوال کیا فرماتے ہیں علماے کرام و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید سفلی عمل کا عامل تھا اور وہ غیر مسلموں کے دعا و تعویذات کیا کرتا تھا اور اس کے پاس مورتیاں بھی تھیں جن سے اتارا وغیرہ کیا کرتا تھا وہ پورے محلے میں بدنام تھا اس کے اس عمل سے پورے محلے کے لوگ پریشان رہا کرتے تھے اس کا انتقال ہو گیا اور اس کے خاتمہ بالخیر پر بھی کوئی گواہ نہیں ہے تو ایسے شخص کی نماز جنازہ اور ایصال ثواب کے تعلق سے حکم شرع کیا ہوگا ؟ خالد نے زید کی نماز جنازہ پڑھائی اور ایک شخص بکر تھا جس کو زید کی پوری حقیقت معلوم تھی پھر بھی اس نے زید کی نماز جنازہ میں شرکت کی جب دوسرے لوگوں کو معلوم ہوا تو انھوں نے بکر کو سمجھایا تو وہ مان گیا لیکن بکر نے دوبارہ پھر سے زید کے گھر جا کر میلاد شریف اور فاتحہ خوانی کی لہذا ان تمام لوگوں کے حق میں حکم شرع کیا ہوگا قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ عین کرم ہوگا ۔ سائلین : سراج خان، محمد انیس ، محمد اویس عالم چک محمود چک جنگی، پرانا شہر بریلی شریف جواب اللهم هداية الحق والصواب : سفلی عمل سخت نا جائز و حرام اور مودی الی الکفر ہے ، حضور علیہ الصلوة والسلام نے فرمایا : ’’ من أتى كاهنًا أو عرّافًا فصدَّقه بما يقول فقد كفر بما أنزل على محمد‘‘ ۔ جس نے کسی کاہن یا نجومی کے پاس جاکر اس کی باتوں کی تصدیق کی تو اس نے اس سے دین کے ساتھ کفر کیا ، جو محمد صلی اللہ تعالی علیہ وسلم پر اتارا گیا ۔ جب محض کاہن و نجومی کے پاس جاکر اس کی باتوں کی تصدیق کرنے والے کا اتنا سخت حکم ہے تو کاہن و نجومی اور ساحر کا کس قدر سخت حکم ہوگا ۔ بہر حال سفلی عمل سے وہ سخت گنہ گار و مستحق عذاب و نار ہوا، اتنے سے کفر ثابت نہ ہوا تھا ۔ مگر سوال میں جو یہ مذکور ہوا کہ وہ بتوں کا احترام اور اوثان و اصنام کو پاس رکھ کر ان پر اتار چڑھاؤ کیا کرتا تھا تو یہ ضرور کفر ہے ۔ جس نے اس کے کفر پر مطلع ہو کر اس کی نماز پڑھی یا پڑھائی وہ بھی حکم میں اس کے شریک ہے، پڑھنے، پڑھانے والوں پر توبہ و تجدید ایمان و تجدید نکاح لازم اور اگر دنیاوی طمع میں پڑھی تو سخت گنہ گار ہوا توبہ و استغفار کرے اور اس کے لئے دعاے مغفرت و ایصال ثواب جائز نہیں ، اللہ فرماتا ہے: (مَا كانَ لِلنَّبِيِّ وَالَّذِينَ آمَنُوا أَنْ يَسْتَغْفِرُوا لِلْمُشْرِكِينَ وَلَوْ كانُوا أُولِي قُرْبى مِنْ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُمْ أَنَّهُمْ أَصْحابُ الْجَحِيمِ ) والله تعالى اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۱۸ ؍ ذو القعدہ ۱۴۴۲ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

