Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 219/2021

Text size
translateاردو

سفلی عمل کرنے کرانے والے کا شرعی حکم

Question

کیا فرماتے ہیں علماے کرام و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید سفلی عمل کا عامل تھا اور وہ غیر مسلموں کے دعا و تعویذات کیا کرتا تھا اور اس کے پاس مورتیاں بھی تھیں جن سے اتارا وغیرہ کیا کرتا تھا وہ پورے محلے میں بدنام تھا اس کے اس عمل سے پورے محلے کے لوگ پریشان رہا کرتے تھے اس کا انتقال ہو گیا اور اس کے خاتمہ بالخیر پر بھی کوئی گواہ نہیں ہے تو ایسے شخص کی نماز جنازہ اور ایصال ثواب کے تعلق سے حکم شرع کیا ہوگا ؟ خالد نے زید کی نماز جنازہ پڑھائی اور ایک شخص بکر تھا جس کو زید کی پوری حقیقت معلوم تھی پھر بھی اس نے زید کی نماز جنازہ میں شرکت کی جب دوسرے لوگوں کو معلوم ہوا تو انھوں نے بکر کو سمجھایا تو وہ مان گیا لیکن بکر نے دوبارہ پھر سے زید کے گھر جا کر میلاد شریف اور فاتحہ خوانی کی لہذا ان تمام لوگوں کے حق میں حکم شرع کیا ہوگا قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ عین کرم ہوگا ۔

سائلین : سراج خان، محمد انیس ، محمد اویس عالم

چک محمود چک جنگی، پرانا شہر بریلی شریف

Answer

اللهم هداية الحق والصواب : سفلی عمل سخت نا جائز و حرام اور مودی الی الکفر ہے ، حضور علیہ الصلوة والسلام نے فرمایا : ’’  من ‌أتى ‌كاهنًا أو عرّافًا فصدَّقه بما يقول فقد كفر بما أنزل على محمد‘‘ ۔  جس نے کسی کاہن یا نجومی کے پاس جاکر اس کی باتوں کی تصدیق کی تو اس نے اس سے دین کے ساتھ کفر کیا ، جو محمد صلی اللہ تعالی علیہ وسلم پر اتارا گیا ۔ جب محض کاہن و نجومی کے پاس جاکر اس کی باتوں کی تصدیق کرنے والے کا اتنا سخت حکم ہے تو کاہن و نجومی اور ساحر کا کس قدر سخت حکم ہوگا ۔ بہر حال سفلی عمل سے وہ سخت گنہ گار و مستحق عذاب و نار ہوا، اتنے سے کفر ثابت نہ ہوا تھا ۔ مگر سوال میں جو یہ مذکور ہوا کہ وہ بتوں کا احترام اور اوثان و اصنام کو پاس رکھ کر ان پر اتار چڑھاؤ کیا کرتا تھا تو یہ ضرور کفر ہے ۔ جس نے اس کے کفر پر مطلع ہو کر اس کی نماز پڑھی یا پڑھائی وہ بھی حکم میں اس کے شریک ہے، پڑھنے، پڑھانے والوں پر توبہ و تجدید ایمان و تجدید نکاح لازم اور اگر دنیاوی طمع میں پڑھی تو سخت گنہ گار ہوا توبہ و استغفار کرے اور اس کے لئے دعاے مغفرت و ایصال ثواب جائز نہیں ، اللہ فرماتا ہے: (مَا كانَ لِلنَّبِيِّ وَالَّذِينَ آمَنُوا ‌أَنْ ‌يَسْتَغْفِرُوا لِلْمُشْرِكِينَ وَلَوْ كانُوا أُولِي قُرْبى مِنْ بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُمْ أَنَّهُمْ أَصْحابُ الْجَحِيمِ )  والله تعالى اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۱۸ ؍ ذو القعدہ ۱۴۴۲ ھ

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.