صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ حلال و حرام ‹ نمبر ۱۰ تفضیلی خانقاہ کی محافل میں شرکت؟سوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتا ن شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ : زید نعت خواں (شاعر) ہے اور سرکار تاج الشریعہ سے مرید ہے حضرت کی شان میں بہت ساری مناقب بھی پڑھتا ہے اور حضرت کے کلام بھی پڑھتا ہے اور حضرت سے بے پناہ محبت رکھتا ہے ،وہ خانقاہ نیازیہ کے کچھ ذمہ دار لوگوں کے اصرار پر ان کے مشاعرہ میں گیا اور وہاں جاکر اس نے اپنا عقیدہ بیان کیا اور وہیں اپنے کلام میں ان کا رد بھی کیا،ایک شعر میں اس طرح رد کیا : ؎ ہے قائم کون کتنا آپکے احکام پر مولی یہ عاشورہ کے دن اسکا نظریہ بول پڑتا ہے اور ان میںسے کسی کی بھی کوئی تعظیم و تکریم نہ کرکے بلکہ اپنا عقیدہ بیان کرکے آیا تو زید کی شرعی اعتبار سے کوئی گرفت ہوگی یا نہیں؟ اور عوام کے کچھ لوگ بلا تحقیق انگشت نمائی کر رہے ہیں،ان پر کیا حکم ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔ المستفتی : محمد انس رضا آنولہ، بریلی جواب الجواب اللهم هداية الحق والصواب : زید کی مذکورہ وضاحت و برات اطمینان بخش نہیں، نیز مندرجہ شعر سے ان کا کوئی رد نہیں ہوتا ہے، اس شعر کے معنی میں بہت وسعت ہے، احتمالات ہیں ، ہر شخص اسے اپنے موقف اور مطلب پر محمول کر سکتا ہے۔ حدیت پاک میں آیا ہے :’’ فمن اتقى الشبهات فقد استبرأ لدينه و عرضه‘‘(متفق علیہ ) اور ایک روایت میں ہے کہ ’’اتقوا مواضع التهم‘‘کہ تہمت کی جگہوں سے بچو ،تو زید پر لازم تھا کہ ایسی جگہ نہ جاتا جہاں جانے سے وہ علی الاقل متہم و مشکوک ہو جائے، بہر حال اب اسے اپنے اس اقدام سے تو بہ ورجوع کرنا چاہئے ۔ و قال اللہ تعالی : (واما ینسینك الشيطان فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمین۔۔ الآیۃ )۔ مذکورہ خانقاہ کی روش جگ ظاہر ہے کہ معمولات اہل سنت کے خلاف ہے، بنیاد میں تفضیلیت ہے اور طور طریقوں میں رافضیت و شیعیت کے اثرات نمایاں ہیں۔ سرکار اعلیٰ حضرت قدس سرہ نے اپنے ایام شباب میں ان لوگوں کی جانب سے پھلایئے گئے فتنہ تفضیلت کا سختی سے رد فرمایا تھا اور کئی کتب و رسائل اسی زمانے کے یاد گار ہیں ، مثلاً ’’رفع العروش الخاویۃ في باب الامیر معاویۃ‘‘ ، ’الزلال الانقی من بحر سبقۃ الاتقی‘ ،’ مطلع القمر ین‘ وغیر ہ، مزید ان کے متعلق ایک تحقیقی فتوی (فتاوی شارح بخاری، ج: ۳ ، ص:۵۳۹ )پر مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ واللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف،۲۱ ؍ ربیع الاول ۱۴۴۴ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

