Home › Fatawa › Lawful / Unlawful › Ref 10

Text size
translateاردو

تفضیلی خانقاہ کی محافل میں شرکت؟

Question

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتا ن شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ : 

زید نعت خواں (شاعر) ہے اور سرکار تاج الشریعہ سے مرید ہے حضرت کی شان میں بہت ساری مناقب بھی پڑھتا ہے اور حضرت کے کلام بھی پڑھتا ہے اور حضرت سے بے پناہ محبت رکھتا ہے ،وہ خانقاہ نیازیہ کے کچھ ذمہ دار لوگوں کے اصرار پر ان کے مشاعرہ میں گیا اور وہاں جاکر اس نے اپنا عقیدہ بیان کیا اور وہیں اپنے کلام میں ان کا رد بھی کیا،ایک شعر میں اس طرح رد کیا : ؎ 

ہے قائم کون کتنا آپکے احکام پر مولی 

یہ عاشورہ کے دن اسکا نظریہ بول پڑتا ہے

اور ان میںسے کسی کی بھی کوئی تعظیم و تکریم نہ کرکے بلکہ اپنا عقیدہ بیان کرکے آیا تو زید کی شرعی اعتبار سے کوئی گرفت ہوگی یا نہیں؟ اور عوام کے کچھ لوگ بلا تحقیق انگشت نمائی کر رہے ہیں،ان پر کیا حکم ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں۔ 

المستفتی : محمد انس رضا آنولہ، بریلی

Answer

الجواب اللهم هداية الحق والصواب : زید کی مذکورہ وضاحت و برات اطمینان بخش نہیں، نیز مندرجہ شعر سے ان کا کوئی رد نہیں ہوتا ہے، اس شعر کے معنی میں بہت وسعت ہے، احتمالات ہیں ، ہر شخص اسے اپنے موقف اور مطلب پر محمول کر سکتا ہے۔ حدیت پاک میں آیا ہے :’’ فمن اتقى الشبهات فقد استبرأ لدينه و عرضه‘‘(متفق علیہ ) اور ایک روایت میں ہے کہ ’’اتقوا مواضع التهم‘‘کہ تہمت کی جگہوں سے بچو ،تو زید پر لازم تھا کہ ایسی جگہ نہ جاتا جہاں جانے سے وہ علی الاقل متہم و مشکوک ہو جائے، بہر حال اب اسے اپنے اس اقدام سے تو بہ ورجوع کرنا چاہئے ۔ و قال اللہ تعالی : (واما ینسینك الشيطان فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمین۔۔ الآیۃ )۔ 

مذکورہ خانقاہ کی روش جگ ظاہر ہے کہ معمولات اہل سنت کے خلاف ہے، بنیاد میں تفضیلیت ہے اور طور طریقوں میں رافضیت و شیعیت کے اثرات نمایاں ہیں۔ سرکار اعلیٰ حضرت قدس سرہ نے اپنے ایام شباب میں ان لوگوں کی جانب سے پھلایئے گئے فتنہ تفضیلت کا سختی سے رد فرمایا تھا اور کئی کتب و رسائل اسی زمانے کے یاد گار ہیں ، مثلاً ’’رفع العروش الخاویۃ في باب الامیر معاویۃ‘‘ ، ’الزلال الانقی من بحر سبقۃ الاتقی‘ ،’ مطلع القمر ین‘ وغیر ہ، مزید ان کے متعلق ایک تحقیقی فتوی (فتاوی شارح بخاری، ج: ۳ ، ص:۵۳۹ )پر مطالعہ کیا جا سکتا ہے۔ واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف،۲۱ ؍ ربیع الاول ۱۴۴۴ ؁ ھ

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.