Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 49/2020

Text size
translateاردو

مسجد کمیٹی کے صدر کی بیوی کا الیکشن کا پرچار کرنے کے لیے مندر میں جانا، پجارن سے بتوں پر چڑھائی گئی

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام مسئلہ ذیل میں کہ زید ایک مسجد کا صدر ہے جو با شرع ہے اور علاقہ میں دینی حیثیت سے معزز مانا جاتا ہے ، اس کی بیوی بت خانہ میں الیکشن کا پرچار کرنے گئی ، مندر میں پجارن نے زید کی بیوی کو تبرکاً سرخ رنگ کی چادر اڑھائی (جو بتوں پر چڑھائی جاتی ہے ) تعظیماً اس نے چادر کو اوڑھا ، اس کی بیوی اور زید کے بارے میںکیاحکم ہے، قرآن و حدیث کی روشنی میںجواب عنایت فرمائیں نوازش ہوگی ۔ المستفتی : ابوبکر ، رودر پور

Answer

الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب :کفارومشرکین کی عبادت گاہوں میں جہاں صدہا کفریہ شرکیہ امور انجام پاتے ہیں محض بغرض سیر و سیاحت اور ان کے مذہبی میلوں میں بحیثیت تماشائی جانے کو ہی علمائے کرام نے حرام ،حرام، اشد حرام ، بہت اخبث ، نہایت ہی اشنع کام بحکم فقہائے کرام کفر انجام فرمایا ہے۔ (ملاحظہ ہوفتاوی مفتی اعظم، ،ج: ۲،ص: ۱۹۷) حدیث میں ہے: ’’من جامع المشرک  و  سكن معه  فانه  مثله‘‘ ایسا سخت حکم صرف ان مقامات پر جانے پر ہے ، وعلی ھذا القیاس ، مندر میں جاکر بت کے اوپر کی چادر کو بطور ہد یہ قبول کرنا، اسے احتراماً اوڑھے رہنا،بد کام و بدانجام، ہادم ایمان و موجب غضب رحمان ہے، کہ شعار کفار کا احترام بلاشبہ کفر ہے، شرح فقہ اکبر میںہے: ’’ من اهدى يوم النيروز الى انسان شيئا و اراد به تعظیم النیروز کفر‘‘۔

بہر حال زید کی بیوی پرتو بہ تجدید ایمان لازم، زید اگر اپنی زوجہ کی ان حرکات و کفریات سے راضی ہے تو اس پر بھی تو بہ و تجدید ایمان نیز تجد ید نکاح لازم و ضروری ہے، یہ اگر باز نہ آئیں، تجدید ایمان و تجدید نکاح نہ کریں تو ان سے تا بہ تو بہ مقاطعہ کیا جائے ، سلام کلام میل ، جول ، نشست، برخاست یک لخت موقوف کر دیا جائے اور زید کو بغیر تو بہ محلے کی مسجد کا صدر بنانا بھی جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲۹ ؍ ربیع النور شریف ۱۴۴۲ ؁ ھ / ۱۶ ؍ نومبر ۱۴۴۲ ؁ ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔  

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.