صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۷۸۸/ ۲۰۲۵ عبارات کفریہ کا دفاع کفرکلامی یا فقہیسوال نحمدہ ونصلی و نسلم علی رسولہ الکریم و خاتم النبیین و علی الہ و ازواجہ و اصحابہ اجمعین السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع اہل حق اس مسئلہ میں کہ زید کہتا ہے کہ بحیثیت مناظر دیوبندی یا غیر دیوبندی اکابر دیوبند کی گستاخانہ کفریہ عبارات کو جو ان کی کتب ( تحذیر الناس، براہین قاطعہ، حفظ الایمان فتاوی رشیدیہ میں مرقوم ہیں۔ جن پر علمائے حرمین شریفین کے متفقہ فتاوی حسام الحرمین کی شکل میں جاری ہو چکے ہیں ) صریح الفاظ میں ان کا دفاع کرنا التزام کفر ہے اور یہ فعل قطعی یقینی طور پر کفر کلامی ہے اور یہ بلاشبہ ارتداد ہے۔ جبکہ دوسری جانب بکر کا قول ہے کہ ( گستاخانہ عبارات کا دفاع کرنا ) لزوم کفر ہے نہ کہ التزام کفر اور اس لحاظ سے کفر فقہی کا حکم عائد ہوگا نہ کہ کفر کلامی کا۔ جواب طلب امر یہ ہے کہ زید اور بکر میں کس کا قول درست ہے؟ اور اگر بکر کا قول درست ہے تو اس اعتبار سے ( یعنی کفریات لزومیہ کے سبب کسی شخص کا من کل الوجوہ قطعی طور پر اسلام سے خروج نہیں ہوتا) بالکلیہ ارتداد نہیں۔ اب اس صورت میں بکر پر کیا حکم شرعی ہے۔ براے مہربانی شرعی رہنمائی فرماے۔ بینوا توجروا۔ احقر ۔ اخلاق حسن قادری غفر لہ ذاکر نگر اوکھلا نئ دہلی فون نمبر : 8750319940 جواب الجواب اللھم ہدایتہ الحق و الصواب: اشخاص اربعہ کی متنازعہ عبارات کا کفری معنی میں متعین ہونا یقینی و بدیہی ہے۔ اور قائلین کے یہ کفریات طشت از بام ہو چکے ہیں۔ کلام و تکلم و متکلم میں خلاف ظاہر کا احتمال عن دلیل ہےنہ بلا دلیل۔ خلاف ظاہر کا قریب و بعید کوئی احتمال ہوتا تو دیوبندی کب کے اسے اگل نہ چکے ہوتے ؟وہ ان عبارات کفریہ ملعونہ کے الفاظ و کلمات اور حروف کی تحریف و تبدیل کو تاویل کا نام دیتے ہیں۔حالانکہ وہ تاویل صحیح ہے نہ تاویل فاسد بلکہ باطل و متعذر ہے جو در حقیقت تاویل نہیں تحریف ہے۔ خلیل احمد انبیٹھوی نے ’المہند علی المفند‘ میں یہی کارنامہ انجام دیا تھا مگر وہ انہیں حکم کفر کلامی سے بچا نہ سکا،اس کے رد میں حضرت شیر بیشہ اہل سنت نے ’’ راد المہند علی النہیق الانبیتھی المفند‘‘ تحریر فرمائی تھی۔ جس سے واضح ہے کہ ان عبارات کفریہ کو ان کی اصل حالت پر باقی رکھتے ہوئے ان میں تاویل صحیح تو کجا تاویل فاسد بھی ان سے ہو سکی نہ کبھی ہو سکے۔ اب اگر کوئی خلاف دلیل احتمال پیش کرے یا تاویل متعذر یعنی تحریف کرے تو وہ ہرگز کسی طرح قابل قبول نہیں، ان عبارات کو بعد اطلاع کفر نہ ماننا ، ان کا دفاع کرنا بھی کفر ہے۔ اور یہ کفر کلامی ہوگا نہ کہ فقہی کیوں کہ ان عبارتوں کو سمجھ کر صحیح ماننے اور دفاع کرنے کی صورت میں دفاع کرنے والے نے خود ضروریات دین کے خلاف متعین المعنی عبارتوں کا التزام کر لیا تو وہ خود ان عبارتوں کا قائل ہو گیا، تو حکم کفر کلامی خود اس سے متعلق ہو جاے گا، جیسا کہ دیوبندی مناظرین اپنے پیشوائوں کی متعین المعنی کفریہ عبارتوں کا خلاف دلیل احتمال پیش کرکے اور تاویل متعذر و باطل کرکےدفاع کرتے ہیں تو یہ باطل و متعذر تاویل انھیں حکم کفر سے بچا نہیں سکتی، یوں ہی اگر کوئی سنی عقیدے والا ان گستاخوں کی گستاخی پر اطلاع شرعی اور علمائے حق کے فتاوی سے آگاہ ہونے کے بعد بھی ان میں شک کرے یا ان اساطین و قائلین عبارات کفریہ کو مومن جانے تو وہ بھی انھیں کی طرح کافر ہے ۔ ہاں ! اگر کوئی نووارد یا نرا جاہل یا ناواقف ہو اور وہ شبہ ظاہر کرے تو اس کو تنبیہ کی جاے گی ، بعد تنبیہ بھی شک و تردد یا توقف کرے تو یہ انکار و توقف عناداً ہوگا ، جو اس پر سے حکم کفر وارد ہونے سے روک نہ سکے گا ، کیونکہ ان اکابرین دیوبند کا کفر کلامی ہونے کی وجہ سے بدیہی ہے ، نہ کہ نظری ۔ ہاں ! یہ ممکن ہے کہ بعض لوگوں کے نزدیک وہ بدیہی اولی ( غیر خفی ) اور بعض کے لیے بدیہی غیر اولی ( خفی ) ہو ، تو جس کے نزدیک بدیہی غیر اولی ہو ، اس کو اگر شبہ لاحق ہو جائے تو ازالہ خفا کے لیے اسے تنبیہ کی حاجت ہوگی ، اس پر لازم ہوگا کہ جلد از جلد علماے حق کی طرف رجوع کر کے اپنے شبہ کو دور کرے اور اس مدت میں اسے حکم ہوگا کہ یہ اعتقاد رکھے کہ جو عند اللہ حق ہے وہی میرا عقیدہ ہے ’’ کما قال الامام احمد رضا فی المعتقد ‘‘ ۔ تنبیہ اور علماے حق کے فتاوی سے آگاہ ہونے کے بعد بھی توقف کرے گا تو اس پر بھی حکم شرع جو کہ کفر کلامی کا ہے ، وارد ہوگا ۔ اعلی حضرت سے سوال ہوا کہ جو علمائے دیوبند یہ ظاہر کریں کہ ہمارا یہ عقیدہ نہیں جو منسوب کیا جاتا ہے بلکہ ہم لوگ بھی ایسے عقائد رکھنے والے کو کافر سمجھتے ہیں تو اس حیلہ شرعی سے بریت ہو سکتی ہے یا نہیں ؟ جوابا آیت کریمہ تلاوت فرمائی:’’قال اللہ تعالی :(یحلفون باللہ ما قالوا و لقد قالوا کلمۃ الکفر ) یوں ہی ماضی قریب میں علمائے حق نے (سابق سنی) خلیل خاں برکاتی بجنوری پر متعین المعنی کفریہ عبارات کی تاویل باطل کر کے توقف کرنے کی وجہ سے کفر کلامی کا فتوی صادر کیا ، جس پر بشمول سرکار مفتی اعظم ، حضور احسن علما ، حضور تاج الشریعہ وغیرھم رحمہم اللہ تعالی ایک سو اسی علماے اہل سنت کی تصدیقات ثبت ہیں، ’’ و من اراد التفصیل فلیراجع الی الکتاب ’’ الاقوال القاطعۃفی رد موید الوھابیۃ ‘‘ ۔ سرکار اعلی حضرت نے فرمایا : ’’ ۔۔۔ان کی حالت کفر و ضلال اور ان کے کفریہ و ملعون اقوال طشت از بام ہو گئے ۔ ہر شخص کی نرا جنگلی نہ ہو ، ان کی حالت سے آگاہ ہے ، پھر انھیں عالم دین جانے تو ضرور ’’ منہم ‘‘ ہے اور اس کے پیچھے نماز باطل محض ہے ۔ ( فتوی رضویہ۔ج:۳،ص:۲۶۵،قدیم) اور دوسرے مقام پر فرمایا : ’’ ہاں اگر واقع میں کوئی نووارد یا نرا جاہل ناواقف ایسا ہو جس کے کان تک یہ آوازیں نہ گئیں اور وہ بوجہ ناوقفی محض انھیں کافر نہ سمجھا ، وہ اس وقت تک معذور ہے ، جبکہ سمجھانے سے فوراً حق قبو ل کرے۔ (ایضاًج:۹،ص:۵۷۷،۵۷۸)اس کا مفہوم مخالف یہی نکلا کہ اگر سمجھانے پر فوراً حق قبول نہ کرے تو معذور نہیں ، اس پر حکم شرع وارد ہوگا اور وہ ہے: ’’ من شک فی کفرہم و عذابھم فقد کفر ‘‘ ۔ اس اجمال کی مزید تفصیل یہ ہے کہ کفر کلامی ، کفر بدیہی ہوتا ہے اور کفر فقہی ، کفر نظری کہلاتا ہے ، بدیہی و نظری کی تعریف اہل علم پر مخفی نہیں ۔ بدیہی کہتے ہیں وہ معلومات تصوری یا تصدیقی جن کا حصول نظر و کسب پر موقوف نہ ہو اور جن کا حصول نظر و کسب پر موقوف ہو اسے نظری کہتے ہیں ۔ پھر بدیہی کی بھی دو قسمیں ہیں : بدیہی اولی ، بدیہی غیر اولی۔ بدیہی غیر اولی میں خفا ہوتا اور اس خفا کو دور کرنے کے لیے بسا اوقات ترتیب مقدمات کیا جاتا ہے ، مگر اس ترتیب مقدمات سے بدیہی نظری نہیں ہو جاتا ، بالفاظ دگر کفر کلامی ، کفر فقہی نہیں ہو جاتا۔ ہاں ! کبھی نظری مقدمات کے یقینی ہو جانے کی وجہ سے ملحق بالبدیہی ضرور ہو جاتا ہے ۔ مناظر رشیدیہ میں ہے : ’’ الدلیل ھو المرکب من قضیتین للتأدی الی المجھول و ان ذکر ذلک المرکب من قضیتین ( لازالۃ خفاء البدیھی ) الغیر الاولی ( یسمی تنبیھا ) ‘‘ ۔ نیز سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ و قد تقرر ان البداھۃ و النظریۃ تختلف باختلاف الناس ۔ فرب مسئلۃ نظریۃ مبنیۃ علی نظریۃ اخریٰ ۔ اذا تبین المبنی عند قوم حتی صار اصلا مقررا و علما ظاھراً ۔ فالاخری التی لم تکن تحتاج فی ظھورھا الا الی ظھور الاولی ۔ تلتحق عندھم بالضروریات و ان کانت نظریۃ فی نفسھا ‘‘ ۔ ( فتاوی رضویہ،ج:۱،ص۶) یہ اصول اگر ذہن نشین ہو لیے تو مسئلہ مسئول عنہ کی طرف نظر کیجئے ۔ اساطین دیابنہ کے کفریات بدیہی ہیں ، نہ کہ نظری کہ ان میں توقف و تاویل روا ہو جائے ۔ ہاں ! کسی کے حق میں انکا بدیہی غیر اولی ( خفی )ہونا ممکن ہے، تو اس صورت میں اسے تنبیہ کی جائے گی بعد تنبیہ بھی اگر توقف و کف لسان اور دفاع یا شبہ کرے گا تو’’ من شک فی کفرہ و عذابہ فقد کفر ‘‘ کا حکم اس سے متعلق ہو جائے گا ۔ مذکورہ بالا بیانات سے عیاں ہے کہ زید کا قول درست ہے اور بکر خطا پر ہے ۔ بکر کے حکم سے متعلق آپ کا دوسرا سوال واضح نہیں ، شاید آپ یہ دریافت کرنا چاہتے ہیں کہ اگر زید کا قول درست ہے تو بکر پر کیا حکم ہے ؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ بکر سے مسئلۂ شرعی بتانے میں خطا ہوئی ہے اسے دلائل کی روشنی میں خطا پر آگاہ کر دیا جائے ، مسلمان کو مسلمان اور کافر کو کافر ماننا ضروریات دین سے ہے ، جب اشخاص اربعہ اپنے التزامی کفریات کی وجہ سے کافر و مرتد ، خارج ازدین ہیں تو جو ان کے کفریات پر اطلاع شرعی پا کر انہیں کافر نہ جانے بلکہ ان کے کفریات کا دفاع کرے ، وہ بھی انھیں کی طرح کافر کلامی ہے ، نہ کہ کافر فقہی ۔ کیا ضروریات دین کا منکر کافر فقہی ہوتا ہے ؟ جب یہ چاروں دین کے ضروری و بدیہی امر کا بدیہی انکار کر کے خارج از دین ہو گئے تو جو مطلع ہو کر ان کے کفریات کو سمجھ بوجھ کر ان کا دفاع کرے تو وہ خود ان عبارات کا قائل ہو گیا ، تو جو اصل قائلین کا حکم ، وہی ان کا حکم یعنی کافر کلامی ، ایسے کو کافر فقہی کہنا اگر لاعلمی میں ہے تو خطاے صریح ہے ، تنبیہ کی جائے ۔ اگر بعد تنبہ مان جائے فبھا ، نہیں تو ان کا حکم پھر دریافت کیا جائے ۔ واللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا خان قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف مورخہ : ۵ ؍ ذو الحجہ ۱۴۴۶ ھ / ۲ جون ۲۰۲۵ ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

