صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۲۹۴/۲۰۲۱

متن کا سائز
translateEnglish

قرآن پاک میں وارد لفظ کافر کو تخریبی لفظ کہنے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتاون شرع متین مندرجہ ذیل مسائل سے متعلق

سوال نمبر۱ ۔ زید نے قرآن پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ لفظ کافر قرآن میں ایک تخریبی لفظ ہے زید کے اس قول کی شمیم خالد نے بھر پور تائدر وحمایت کی۔ ایسی صورت میں دونوں کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے ؟؟ 

سوال نمبر ۲۔ شمیم خالد نے ایک مشرکہ کی مجلس شرادھ میں تلاوت قرآن، ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی۔ شمیم خالد کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے ؟؟

سوال نمبر ۳ - عقائد کفر والحاد پر مشتمل فتنہ فیورک کا شمیم خالد داعی اور مبلغ ہونے کے علاوہ فتنہ فیورک تنظیم کا سرگرم رکن بھی ہے۔ شمیم  خالد کے اس عمل پر شرعی حکم کیا ہے؟؟؟

سوال نمبر ۴- شمیم خالد کے ذریعہ منعقد مجلس سماع میں ایک غیرمحرم ، بے پردہ اور نیم عریاں لباس میں ملبوس عورت کی شرکت بھی تھی۔ ایسی صورت میںبانی سماع اور شرکا سماع کے سلسلے میں شرعی حکم کیاہے ؟؟ 

سوال نمبر ۵ ۔ ہولی کے موقع پر منعقد ہونے والے ایک سیاسی پروگرام جس میںبہت سارے کفار و مشرکین شریک تھے اور ایک دوسرے کو ابیر و گلال اور قشقے لگا رہے تھے ایسے پروگرام میں شمیم خالد بھی شریک ہوا اور اس کو بھی ابیر وگلال اور قشقہ لگا یا گیا شمیم خالد کا یہ عمل کیسا ہے اور شرعی حکم کیاہے؟؟

سوال نمبر ۶۔ شمیم خالد نے کافروں کی وبائی اجتماعی موت پر اپنے یہاں ایک شردھا نجلی سبھا منعقد کی جس میں شمیم خالد نے کفارو  مشرکین کے لئے مون دھارن اور دعا مغفرت کی۔ کسی کافر و مشرک کے لئے دعائے مغفرت کرنا کیسا ہے اور ایسا کرنے والے کے لئے شرعی حکم کیا ہے؟؟ 

سوال نمبر۷۔ شمیم خالد ایک بے پردہ اور غیر محرم مشرکہ عورت کو اپنی بغل میں لے کر ایک بزرگ کے مزار پر حاضر ہوا اور صاحب مزار کی تربت پر غیرمحرم بے پردہ مشرکہ عورت کے ساتھ کھڑے ہو کر اس عورت کے لئے دعا خوانی کی ۔ شمیم خالد کا ایک غیر محرم اور بے پردہ مشرکہ کی ولی اللہ کے مزار پر حاضری کرانا اور دعائے خوانی کرنا کیسا ہے اور شرعی حکم کیا؟ 

نوٹ: حضرت مفتی صاحب قبلہ دامت برکاتہم العالیہ واضح ہو کہ درج بالا استفتاء میں مندرج نام شمیم خالد مثالی ہے اور آپ سے التماس ہے کہ قرآن وحدیث کی روشنی میں مندرجہ بالا سوالات کے بارے میں حکم شرع کا بیان فرما کر منون و مشکور فرما ئیں ۔

 المستفتی سید شاداب حسنی نقشبندی ابوالعلائی سوراج پوری روڈ گاح (بہار)

جواب

الجواب اللهم هداية الحق والصواب : (۱) مذکور فی السوال قول بدتر از بول سخت شنیع و کفر صریح ہے اور مخرب و ہادم دین و ایمان ہے، زید بے قید کافر ہو گیا اس پر از سر نو کلمہ، اسلام پڑھ کر دین اسلام میںداخل ہونا لازم، اگربوقت افعال مذکورہ عورت رکھتا ہے تو از سر نو نکاح کرنا بھی ضروری ہے، اس کفری قول کے قائل ، حامی و مصدق سب پر تو بہ وتجدید ایمان و تجدید نکاح لازم ہے۔ قرآن میں وار دو نازل لفظ کافر معاذ اللہ تخریبی یا فسادی لفظ کہنا، اللہ سبحانہ وتعالی کو تخریب کار یا تخریب کاری کا حکم دینے والا یا تخریب لفظ نازل کرنے والا کہنے کے مترادف ہے، (تعالى الله عما يقولون علوا كبيرا  )۔ تخریب کاری اور فساد ایک قبیح فعل اور عیب ہے، اللہ تعالی تمام عیوب سے پاک و منزہ ہے پھر وہ جس کام کا بھی حکم فرماتا ہے اس میں بے شک حکمتیں ہوتی ہیں اور وہ حسن ہوتا ہے اور جس سے منع فرماتا ہے وہ قبیح، اس لئے کہ حکم دینے والا حکیم ہے وہ برائیوںاور بے حیائیوں کا حکم نہیںدیتا۔ ( ان الله لا يأمر بالفحشاء أتقولون على الله ما لا تعلمون)

تخریب کاری اور فساد تو منافقوں کا کام ہے، اللہ تعالی فساد کو پسند نہیں فرماتا ( والله لا يحب الفساد ) ۔ قرآن کریم کتاب ہدایت ہے ، اس کا لفظ لفظ ہدایت و ارشاد پرمشتمل ، مسلمان کو اس کے ہر ہر کلمہ پر ایمان رکھنا لازم، کسی بھی کلمہ کا اس میں نازل ہونا بے شمار حکمتوں کو متضمن ہے وہ اس سے بہتر وں کو گمراہ کرتا ہے، بہتروں کو ہدایت دیتا ہے (ان الله لا يستحى ان يضرب مثلا ما بعوضة فما فوقها فاما الذين آمنوا فيعلمون انه الحق من ربهم واما الذين كفروا فيقولون ما ذا اراد الله بهذا مثلا يضل به كثيرا و بهدی به كثيرا و ما يضل به الا الفاسقين ) اللہ تعالی نے اپنے کلام میں جابجا کافر کا لفظ نازل فرما کر کافروں کی مذمت اور مسلمانوں کو ان سے موالات اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی ممانعت فرمائی ہے( انما ينهاكم الله عن الذين قاتلوكم في الدين و اخرجوكم من دياركم و ظاهروا على اخراجكم ان تولوهم و من يتولهم فاولئك هم الظلمون ) تو اللہ سبحانہ و تعالی کایہ حکم فرمانا ہرگز تخریب کاری یا فبیح نہیںبلکہ مامور بہ کے حسن اور منہی عنہ کے قبیح ہونے پر دال ہے۔ مزید فرماتا ہے : ( لا تتخذوا الكافرين اولياء من دون المؤمنين )’’ اور فرماتا ہے :( لا تتخذوا آبائكم و اخوانكم اولیاء ان استحبوا الكفر على الايمان ومن يتولهم منكم فاولئك هم  الظالمون) اور حكاية عن المنافقين فرماتا ہے ( قالوا انما نحن مصلحون الا انهم هم المفسدون ولكن لا يشعرون)۔ مذکورہ آیات کریمہ صاف طور پر بتا رہی ہیں کہ کافروں سے دوستی کرنے والا تخریب کار، بڑافسادی اور ظالم ہے، جبکہ اللہ سبحانہ تعالی تو عدل وانصاف کا حکم فرمانے والا ہے : (قل امر ربی بالقسط) 

ہاں وہ شیطان ہے جو برائی اور بے حیائی کا حکم دیتا ہے اور یہ کہ اللہ کے بارے میں ایسی بات بولی جائے جو نہیں جانتے ( انما یا مركم بالسوء والفحشاء و ان تقولوا على الله ما لا تعلمون ) شخص مذکور نے شیطان کے حکم سے اللہ تعالی کے پاک کلام میں نازل بعض احکام و کلمات کو تخر یب کہہ کر اپنا دین و ایمان خراب کر لیا ۔(أفتؤمنون ببعض الكتاب وتكفرون ببعض فما جزاء من يفعل ذلك منكم الاخرى في الحياة الدنيا۔۔)۔ اس کا ساتھ دینے والے اور اس کفری جملے کی تائید کرنے والے سب حکم میں اس کے شریک ہیں ، تمام واقف حال مسلمانوں پر لازم کہ زید بے قید اور شمیم خالد پلید  سے ملنا جلنا ، نشست و برخاست سب یک لخت موقوف کر دیں ،جب تک تو بہ نہ کر لیں اور صلاح حال سے تو بہ ظاہر نہ ہو جائے ۔ فرمان باری تعالی ہے:( فلا تقعد بعد الذكرى مع القوم الظلمین)و اللہ تعالی اعلم و ﷺ۔

(۲) کافر ومشرک کے لئے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کفر ہے، فرمان باری تعالی ہے: ( ما كان للنبي و الذين آمنوا ان يستغفروا للمشركين و لو كانوا اولی قربی) ۔ واللہ تعالی اعلم۔ 

(۳) فیورک تنظیم (Foundation for unity of relegions fenlightened citizen ship) (یعنی ادارہ برائے وحدت ادیان اور روشن خیال شہریت ) اس تنظیم کے نام اور کام سے ظاہر ہے کہ اس کے اغراض و مقاصد کفر و الحاد پرمشتمل ہیں بلکہ کہنے والے نے کہا ہے کہ اس تحریک کی شاید ہی کوئی دفعہ ایسی ہو جو حقیقی اسلام سے موافقت و مطابقت رکھتی ہو، اور روح اسلام سے متصادم نہ ہو، اس کی رکنیت ، شمولیت منجر الی الکفر ہے، کسی مسلمان کا اس میں شامل ہونا ، رکن بننا ایسا ہی ہے جیسے کوئی دین اسلام پر قائم رہنے کا دعو ی کرتے ہوئے نئے دین کے قیام میں کوشاں ہو، بے شک تحریک اکبر کفر کے نام نہا ددین الہی کا دوسرا نام ہے۔ واللہ تعالی اعلم ۔

(۴) تمام شرکا سخت گنہ گار، فاسق و فاجر ہیں ، علانیہ تو بہ واستغفار کریں۔ واللہ تعالی اعلم ۔ 

(۵) قشقہ لگانا، خاص شعار کفار اور متبین فی الکفر ہے ، مرتکب پر بحکم فقہا کفر لازم -’’ هكذا في الفتاوى الرضوية‘‘، ج ۵، ص: ۱۱۷، ج ۱۴، ص: ۳۹۳، ج : ۲۰ : ۲۹۲) نیز مراسم کفار میں شرکت اور شعار کفار پر راضی ہونا حرام، حرام اشد حرام ، بہت اخبث نہایت ہی اشنع کام، بحکم فقہائے کرام کفر انجام ، اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’اپنے لئے جو شعار کفار پر راضی ہو اس پر لزوم کفر ہے اور حدیث پاک میںہے:’’ من تشبه بقوم فهو منهم ‘‘ ۔ والله تعالی اعلم ۔ 

(۶) اس کا حکم جواب نمبر (۲) سے ظاہر ہے۔ واللہ تعالی اعلم۔

(۷) حرام، حرام، حرام۔ واللہ تعالی اعلم۔

شمیم خالد کے مذکورہ افعال و اقوال سخت کفر و ضلال اور وبال و نکال پر مشتمل ہیں۔ اس پر بوجوہ کثیرہ تو بہ وتجدید ایمان و نکاح بھی لازم ہے یہ اگر باز نہ آئے اور توبہ وتجد ید ایمان و نکاح نہ کرے تو تمام مسلمانوں پر لازم کہ اس کا سخت مقاطعہ کر دیں۔ واللہ تعالی اعلم

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲۸ ؍ ربیع الآخر ۱۴۴۳ ؁ ھ / ۴ ؍ دسمبر ۲۰۲۱ ؁ ء 

         تصدیقات علمائے کرام : -

(۱) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ، مظفر پور

(۲) صح الجواب ، وا للہ تعالی اعلم ۔

فقیر قادری سید کفیل احمد عفی عنہ ، خادم التدریس و الافتا ، منظر اسلام ، بریلی شریف

(۳) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

عبد الرحمن خان قادری ،مدرس منظر اسلام ، بریلی شریف

(۴) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ 

محمد عاقل رضوی غفر لہ القوی ، صدر المدرسین منظر اسلام ، بریلی شریف

(۵) الجواب صحیح ، وھو تعالی اعلم ۔ 

محمد ایوب خاں نوری ، خادم التدریس و الافتا ، منظر اسلام ، بریلی شریف

(۶) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ 

محمد سلیم بریلوی ، مدرس منظر اسلام ، بریلی شریف

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔