صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل بدمذہبوں ، بے دینوں سےمیل جول کا حکمسوال کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے پر کہ: سوال نمبر۱ :- زید اور زید کے بھائی دیوبندی وہابی سے تعلق رکھتے ہیں زید نے اپنی لڑکی کی شادی جس لڑکے کے ساتھ کی اس کا سگا بہنوئی کھلم کھلا وہابی ہے اور اس کی سگی پھوپھی بھی وہابی ہے زید ان کے ساتھ ناشتہ پانی اور ان سے اپنے تعلقات بھی رکھتا ہے۔ شریعت کا حکم اس پر کیا ہے؟ سوال نمبر ۲: - زید کا بھائی ایک شادی میں شریک ہوا جس شادی میںوہ گیا تھا اس کے بھائی نے وہابی لڑکی سے نکاح کیا ہے اور وہ لوگ کھلم کھلا وہابیو ں سے تعلق رکھتے ہیں زید کےبھائی نے ان وہابیوں کا استقبال بھی کیا اور کھلانے پلانے میں شریک بھی رہا اب اس پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ سوال نمبر ۳:- زید کے دوسرے بھائی نے کچھ دن پہلے اپنی لڑکی کی شادی میں ان لوگوں کو شامل کیا جو مشہور دیوبندی مدرسہ جامعہ عربیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور تقریباً بیس ، پچیس سالوں سے ایک عورت کو بنا نکاح کے اپنے ساتھ رکھا ہے، یہ بات کھلم کھلا سب کو معلوم ہے۔ اور زید اپنے ہر کام میں اپنے بھائی کو شامل کرتا ہے۔ اب زید اور اس کے بھائی پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ سوال نمبر ۴:- زید کے تیسرے بھائی نے اپنی لڑکی کی شادی جس لڑکے سے کی اس لڑکے کا بڑا باپ پکا دیوبندی ہے اور دیوبندی مسجد کا مؤذن بھی ہے اور اپنے ساتھ کھانے پینے اور شادی وغیرہ میں شریک بھی کرتا ہے۔ اور زید خود اُس شادی میں شریک تھا اس پر شریعت کا کیا حکم ہے؟ سوال نمبر۵: زید جس مسجد میںنماز پڑھتا ہے ادھر اپنا حکم نافذ کرتا ہے جس کی وجہ سے محلے کے بہت سارے مصلیان اس مسجد سے دوسری مسجد میں نماز پڑھنے لگے۔ اس پر احکام شرعیہ کیا ہیں؟ سوال نمبر ۶ : زید ابھی کچھ دنوں سے پیری مریدی کرنے لگا ہے تو ایسے شخص سے مرید ہونا کیسا ؟ مزیدیہ کہ جو مرید ہو چکے ہیں ان پر شریعت کے کیا احکام ہیں ؟ محترم مفتی صاحب قبلہ ۶سوالوں کے الگ الگ جواب دینے کی مہربانی فرمائیں ۔ المستفتی : سید جابر علی ولد حاکم علی ، پرانی بستی میہر ، ضلع ستنا ، ایم ، پی جواب الجواب اللھم هداية الحق والصواب: بدمذہبوںبےدینوں سے میل جول سخت حرام، موجب فسق عملی اور مؤدی الی الفسادات ہے اور اگر معاذ اللہ انہیں حق پر جان کر ہو تو ملنے والا حکم میں ان کے شریک ہے، وہ گمراہ تو یہ گمراہ، وہ کا فرتو یہ کافر ، اسی کو اعتقادی صلح کلیت سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے ، مگر محض اتنی بات سے کہ وہابی سے ملے وہ فاسق اعتقادی نہیں ہو جا تا، ہاں میل جول سے اس کا اندیشہ ہوتا ہے، اسی لئے ہر بد مذہب سے میل جول ، اسکے پاس اٹھنا بیٹھنا ، اسکے ساتھ کھانا پینا ممنوع ہے، اعلی حضرت امام اہل سنت سے تین اشخاص ، زید ،عمر و بکر کے متعلق حکم شرع دریافت کیا گیا، جن میں زید ایک وہابی کا فرمرتد ہے، عمر عقیدۃً سنی، مگر زید سے دنیاوی راہ و رسم رکھتا ہے اور بکر صرف عمر (سنی ) سے ملتا جلتا ہے ،زید سے نہیں، اعلی حضرت جواب میں فرماتے ہیں، صورت مسئولہ میں عمرو و بکر دونوں سنی مسلمان ہیں، ان میںکوئی کا فریا گمراہ نہیں، مگر عمرو فاسق گنہگار ہے کہ مرتد سے میل جول رکھتا ہے۔۔ اور بکر کا عمرو سے ملنا اگر بر بنائے مصلحت شرعیہ ہو کہ اس سے امید ہے کہ اس کی نصیحت مانے اور زید سے آنا جانا چھوڑدے تو حرج نہیں،ر ورنہ نا مناسب ہے ( فتاوی رضویہ :ج: ۹ص:۲۸۸/۲۸۷ ) مذکورہ فی السوال اشخاص کا حکم اس مختصر تمہیدسے ظاہر ہو گیا۔ اب بالترتیب اپنے سوالات کے جوابات لیں : (۱) اگر واقعی ان سے ملتا جلتا ہے تو اعلی حضرت کے فتوے کے مطابق گنہ گار ہے، اس پر لازم کہ اپنے ان وہابی رشتے داروں سے قطع تعلق کرے مگر کسی کے وہابی ہونے سے زید و ہابی نہیںہو جائے گا اگر وہ سنی ہے، اللہ فرماتا ہے: (لا تزر وازرة وزر اخرى ) (فاطر : ۱۸) کوئی بوجھا اٹھانے والی جان دوسری کا بوجھ نہ اٹھائے گی۔ اور فرماتا ہے: (یا ایھا الذین آمنوا عليكم انفسكم لا يضركم من ضل اذا اهتديتم ) ( مائده: ۱۰۵) یعنی اے ایمان والو! تم اپنی فکر رکھو ، تمہارا کچھ نہ بگاڑے گا جو گمراہ ہو جبکہ تم راہ پر ہو۔ واللہ تعالی اعلم ۔ (۲) وہی حکم ہے جو او پر بیان ہوا۔واللہ تعالی اعلم ۔ (۳) بر تقدیر صدق سوال زید کا بھائی دو شدید جرم کا مرتکب ہونے کی وجہ سے سخت فاسق وفاجر ہے، علانیہ تو بہ واستغفار کرے اور اس عورت کو اپنے سے فوراً جدا کرے ور نہ مسلمانوں پر لازم کہ اس سے مقاطعہ کریں، زید اگر اس کی ان باتوں سے راضی اور اس میں اسکا شریک ہے تو اس کا بھی یہی حکم ہے۔واللہ تعالی اعلم ۔ (۴) جواب نمبر ایک میں گزرا۔ (۵)کیسا حکم چلاتا ہے ؟ وہ حکم، احکام شرع کے مطابق و موافق ہے یا مخالف و متصادم ہے؟ کسی گول مول سوال کا کیا جواب دیا جائے، اگر مخالف شرع احکام نافذ کرتا ہے جو تقلیل جماعت کا سبب ہوا تو وہ فتنہ پرور ہے، مسجد کی ذمہ داری سے اسے معزول کر دیا جائے اور اگر اس کا حکم موافق شرع ہے ، تو اس پر الزام نہیں۔واللہ تعالی اعلم ۔ (۶) ناجائز ہے ، ان لوگوں کی بیعت نہ ہوئی ، کسی جامع شرائط پیر سے مرید ہوں ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۲۰ ؍ رمضان المبارک ۱۴۴۲ / ۳ ؍ مئی ۲۰۲۱ ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

