صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ وراثت کے مسائل ‹ نمبر ۳۱۱/۲۰۲۲ میت کا اپنی بیوی کو تمام جائداد ہبہ کر جانا اور بیٹے کو عاق کر دینے کا حکمسوال مرحوم محمد اقبال ولد محمد قاسم باشندے ۶۷ ؍ ا مے دائمنڈ ہابر روڈ کولکاتا ۲۳ اپنی ساری ملکیت شہانی بیگم کے نام اپنی زندگی میں لکھت ہبہ کر گئے اب کیا مرحوم محمد اقبال کی زائداد کی مالک شہانی بیگم ہیں جبکہ مرحوم محمد اقبال اپنے پیچھے اپنی اہلیہ شہانی بیگم علاوہ ایک بیٹا محمد یوسف (ایزو) دو بیٹیاں ایک خوشبا اور شبی چھوڑ گئے ہیں جس میں خوشبا اور شبی با حیات ہیں اور بیٹا محمد یوسف انتقال کر گئے ہیں ۔ بیٹا محمد یوسف کی اہلیہ جس کا نام اسرا بانو ہے اور تین بچے جس میں ایک بیٹا محمد حجاج اور دو بیٹیاں شبرہ اور الماس ۔ مرحوم محمد اقبال کی جائداد جو انہوں نے اپنی زندگی میں با ہوش وحواس اپنی اہلیہ کے نام ہبہ کر گئے اس حالت میں جائداد کی ملکیت کس کی ہوئی ، بچوں کا حق ہے یا نہیں ۔ کیا فرماتے ہیں علما کرام قرآن و حدیث کی روشنی میں ؟ المستفتی :شہانی بیگم جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : سوال میں مذکور ہوا کہ ’’ میں نےاپنی تمام مملوکہ اشیاء اپنی حیات میں تحریراً اپنی اہلیہ کو ہبہ کر دی ‘‘ اور سوال کے ساتھ جو تحریر منسلک ہے اس میں میت کا بیان مرقوم ہے کہ ’’ میں وصیت کرتا ہوں ‘‘ اور ’’ میری حیات کے بعد‘‘ اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ ہبہ نامہ نہیں ، بلکہ وہ وصیت نامہ ہے کہ مضاف و منسوب الی ما بعد الموت ہے اور معلوم ہے کہ وارث کے لئے بغیر اجازت دیگرورثا وصیت مطلقاً جائز نہیں ہے ۔حدیث پاک میں ہے :’’لا وصیۃللوارث‘‘ اور فتاوی رضویہ میں ہے کہ ’’ وصیت زوجہ کے لئے بے اجازت دیگر ورثہ نافذ نہیں البتہ اگر دین مہر واجب الادا ہے تو وہ تقسیم ترکہ سے مقدم ہوگی‘‘ پھر یہ کہ وصیت ہوخواہ ہبہ اگر مرض الموت میں کیا ہو جیسا کہ موصی کے قول سے کچھ اس طرف اشارہ بھی ہوتا ہے کہ ’’ اب میری طبیعت ٹھیک نہیں رہتی ‘‘ تو اگر اس مرض میں سال بھر کے اندر موت واقع ہوئی تو یوں بھی دیگر ورثہ کی موجودگی میں بلا اجازت اوروں کے نافذ نہیں ۔ فتاوی قاضی خاں میں ہے ’’ لان ھبۃ المریض وصیۃ والوصیۃ للوارث باطل ‘‘ اور بالفرض حالت صحت و سلامتی میں ہبہ ہی کیا ہو اور واہب نے اپنی حیات میں موہوب لہٗ کو قابض نہ کر دیا ہو یا شئ قابل تقسیم مشاع و مشترک تھی، اگر بلا تقسیم کرائےمر گیا جب بھی ہبہ محض باطل ہے کہ اجازت ورثہ سے بھی نافذ نہیں ہو سکتی ، نیز یہ کہ مجرد تحریراگر چہ رجسٹری شدہ ہو کوئی چیز نہیں جب تک گواہان شرعی سےثابت نہ ہو اور گواہان شرعی ، عادل گواہ ہوتے ہیں ۔ اور وصیت نامہ میں میت کا اپنے شرعی وارث کے حق میں یہ کہنا کہ ’’میری کسی چیز میں اس کا کوئی حق نہیں ‘‘ بے کار و بے اثر بات ہے کہ عاق کرنا شرعاً کوئی معنی نہیں رکھتا ۔ سرکار اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں :’’ اور میت کا یہ کہنا کہ فلاں وارث کو میرا مال نہ ملے محض لغو وعبث ہے، توریث ورثہ بحکم شرع ہے کہ کسی کے ابطال سے اس کا بطلان ممکن نہیں ، حتی کہ خود وارث کو اختیار نہیں کہ حق ارث سے دستبردار ہو ‘‘ ۔ (رضویہ : ج:۱۷،ص: ۴۲۱) ۔ لہذا برتقدیر عدم موانع ارث و انحصار ورثہ فی المذکورین و تقدیم باقی امور مقدمہ علی المیراث کا جرائ الوصیۃ و ادائ الدیون محمد اقبال کا ترکہ ۵۱۲ سہام پر تقسیم ہوکر زوجہ شہانی بیگم کو ۶۴، اور خوشبا کو ۱۱۲، اور شیبی کو ۱۱۲، اور زوجہ محمد یوسف اسرا بانو کو ۲۸، اور محمد حجاج کو ۹۸، اور شبرہ کو ۴۹، اور الماس کو ۴۹، حصے ملیں گے ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و اصحابہ و سلم ۔ کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۲۶ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۳ ھ /۱؍ جنوری ۲۰۲۲ ء الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

