صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۳۰۰/۲۰۲۱

متن کا سائز
translateEnglish

فرضی مزار سازی کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علماے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :

 ایک شخص جو نماز بھی نہیں پڑھتا ،داڑھی بھی نہیں رکھتا ہے، ایسا شخص خواب دیکھتا ہے۔ اور اعلان کرتا ہے کہ میرے خواب میں فلاں اللہ کے ولی حاضر ہوئے اور مجھے بشارت دی ہے کہ میرامزار فلاں جگہ بناؤ۔ اسی جگہ مزار بنا دیا گیا اور صورت حال یہ ہے کہ لوگ وہاں جاتے ہیں، جبکہ وہاں اب تک کھیتی ہوتی ہے لوگ ناپاکی بھی کرتے ہیں۔ کیا ایسے ڈاڑھی منڈانے ،بے نمازی کے خواب میں اللہ کا ولی آ سکتا ہے؟ اور مزار بنانے کا حکم دے سکتا ہے ؟ کیا شریعت ایسا مزار بنانے کی اجازت دیتی ہے ؟اور ایسے مزار کا شریعت میں کیا حکم ہے؟ ۔ جس نے یہ خواب سنایا اور جن لوگوں نے اس پر یقین کر کے مزار بنایا ان سب کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں اطمینان بخش جواب عنایت فر مائیں۔جان عالم نوری کنوری بازپور، ادھم سنگھ نگر( اتراکھنڈ)

جواب

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : خواب کی خبر حجت نہیں ، چہ جائے کہ فساق و فجار اپنے خواب بیان کرتے پھریں اور ان کی تصدیق کرکے اس پر عمل کیا جائے، فاسقوں کی تو آنکھوں دیکھی بات اور بیداری کی خبر تک معتبر نہیں (خصوصا دیانات میں)کہ فرمان باری تعالی ہے :( ان جائکم فاسق بنبأ فتبینوا ) ۔ لہذا وہ مزار سازی فرضی ہے اور فرضی مزار بنانا سخت حرام اور اس کے ساتھ اصل کا سا معاملہ کرنا حرام ، حرام ،اشد حرام ، مرتکبین فاسق و فاجر گنہگار ہیں، ان پر علانیہ توبہ و استغفار لازم اور توبہ یوں ہوگی کہ بلا ثبوت و دلیل شرعی بنائے گئے مزار کو مسمار و ہموار کر دیں ۔ اور اگر یہ باز نہ آئیں تو تمام واقف حال مسلمانوں پر لازم کہ ان کا مقاطعہ کردیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دارالافتا، مرکز اہل سنت،بریلی شریف

۱۲؍ جمادی الاولی ۱۴۴۳ھ ؁،  ۱۸؍دسمبر ۲۰۲۱

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔