صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۴۱۶/۲۰۲۲ بازارو الفاظ سے رد کرنا درست نہیں۔ سنی کو چور کہنے والے کا حکمسوال کیا فرماتے ہیں علمائےدین مفتیان شرع متین مسلہ ذیل میںایک گاوں میں چند ان پڑھ معمر لوگ آپس میں مذاق کر رہے تھے اور سنی دیوبندی کے متعلق باتیں کر رہے تھے اسی دوران اس گاؤں کے امام صاحب ان لوگوں کے پاس جاتے ہیں اور دیوبندی کے خلاف بولنے لگتے ہیں کیونکہ کی اس مجمع میں ایک ایسا شخص موجود تھا جس کے تعلق سے امام صاحب کا یہ گمان ہے کہ یہ شخص دیوبندی کا طرفدار ہے لہذا حسب سابق امام صاحب اس نا بلد معمر شخص کو چڑھانے کے مقصد سے کہتے ہیں کہ دیوبندی چور ہے اور ہمیں چور کو چور کہنا ضروری ہے بعدہ وہ نابلد معمر شخص امام صاحب کے کی وجہ سے جذبات میں آ جاتا ہے اور اس کی زبان سے سنی چور ہے کا لفظ نکل جاتا ہے ،اس کے بعد جب اس معمر شخص سےچندعلمائے کرام کے ذریعے اس کی مراد پوچھی گئ کہ آپ نے جو سنی کا لفظ کہا اس سے آپ نے مطلق سنی مراد لیا ہے یا پھر کسی فرد یا یا جماعت کو خاص کر کے کہا ہے، تو انہوں نے کہا کی میں مطلق سنی کو چور کیسے کہہ سکتا ہوں ،میں تو یہ سوچ بھی نہیں سکتا، کیونکہ میں خود ایک سنی صیح العقید ہ ہوں اور مسلک اہل سنت کا پیروکار ہوں، میری مراد وہ لوگ ہیں جو سنی کے نام پہ سنیت کو بدنام کر کر رہے ہیں۔ آخر کار انہی بحثوں سے متعلق گاؤں میں ایک میٹنگ رکھی گئی جس میں گاؤں کے صدر سکریٹری کے علاوہ اس گاؤں کے ذمہ داران اور چند علمائے کرام بھی شامل تھے، دوران میٹنگ انھیں عالموں میں سےایک نے کہا اگر کسی شخص نے مطلق کہا کہ سنی چور ہےاور اس کا مقصد عام سنی مراد ہو تو اس کی گرفت لازمی ہے اور اگر کسی نے خاص فرد یا گروہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں چونکہ دور حاضر میں بےشمار ایسے لوگ مل جائیں گے جو سنی ہو نےکا دعوی تو کرتے ہیں لیکن چوری لوٹ کھسوٹ جیسے گناہوں میں ملوث نظر آتے ہیں، اس کی موجودہ مثال آج کل کے بیشتر مزارات پر ہونے والے کارنامے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے میٹنگ میں موجودہ امام صاحب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ نہ عالم دین ہیں، نہ حافظ اور نہ قرآن کی صحیح قرات کر پاتے ہیں، بعض اوقات قرآت کے دوران ایسی غلطی کر بیٹھتے ہیں جس سے معنی میں فساد پیدا ہو جاتا ہے ،اصلاح کے با وجود بھی تبدیلی نہیں آتی گویا یہ علم کا لبادہ اوڑ ھ کر لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، لہذا سنی ہو کر بھی علم کے چور ہیں ،کوئی بھی ہو چاہے وہ میں ہی کیوں نہ ہوں اگر کسی خاص فردو طبقہ مراد لے کرکہوں کہ سنی چور ہے اور انہیں چوروں کی وجہ سے جو واقعتا سنی صحیح العقیدہ ہیں ان کی بدنامی ہوتی ہے، تنزلی کا شکار ہو تے ہیں اور دیوبندیت دن بدن پھیلتی جارہی ہے تو ایسا کہنے میں کوئی حرج نہیں ۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ (۱)ایک امام کا اپنے نا بلد سن رسیدہ مقتدی کے متعلق شکوک کی بنیاد پر یہ گمان کرنا کہ یہ دیوبندی ہے، دیوبندی ذہنیت کا ہے، جبکہ وہ نابلد سن رسیدہ سنی صحیح العقیدہ ہو اور مسلک اعلی حضرت کا پیروکار ہو، اس کے علاوہ اپنے بیٹے اور اپنے پوتے کو سنی ادراے سے تعلیم دلاتا ہو اور فیض یابی کے لئےبزرگان دین کے اعراس مثلا عرس غریب نواز، عرس اعلی حضرت، عرس صدرالشریعہ، عرس مجاہد ملت رحمۃ اللہ علھیم و غیرہ میں شامل ہوتا رہتا ہو، اس شخص کی اصلاح اور رہنمائی کے بجائے چڑھانے کے مقصد سے بار بار اس کے سامنے دیوبندی کے خلاف بولنا کیسا ہے ( ۲)ایک شخص جونہ عالم دین ہو، نہ حافظ ہو اور نہ ہی قرآن کی صحیح قرات کرپاتاہو، بار بار لحن جلی کا مرتکب ہوتا ہو اور اصلاح کے باوجود بھی اس میں کوئی تبدیلی نہ آتی ہو تو ایسے شخص کا بحیثیت امام مقرر ہونا اور امامت کے فرائض انجام دینا کیسا ہے۔ (۳) اور جنھوں نے نام نہاد سنی کہلانے والے اور سنیت کا لبادہ اوڑھ کر اہل سنت وجماعت کو بدنام کر نے والے کسی خاص فرد یا گروہ کو مدنظر رکھتے ہوئے سنی چور ہے کہا اس کے لیے کیا حکم ہے ۔ (۴ )اگر کوئی شخص اپنے امام سے یہ کہے کہ ہر مجلس میں دیوبندی کے خلاف اور جہیز میں ڈیمانڈ کے خلاف بولنے کے علاوہ بعض اوقات موقع محل کا لحاظ کرتے ہوئے دوسرے عناوين پر بھی تقریر کریں تو مقتدی کا امام سےیہ درخواست کرنا کیسا ہے؟ بینوا توجروا۔ المستفتی :محمدصدام کھر گو چوبے ہزاری باغ جھار کھنڈ جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب :بد مذہبوں کا رد لازم و ضروری ہے، مگر رد کرنے میں بازارو الفاظ کا استعمال نا درست ہے۔ لفظ چور کا مطلقاً اطلاق مالِ متقوم کو مالک کی غفلت میں اچک لینے والے پر ہوتا ہے ، البتہ مجازاً یا تقییداً دیگر معانی میں بھی مستعمل ہے مثلاً دین کا چور یا نماز میں چوری کرنے والا یا عقیدے کا چور ، جیسا کہ حدیث پاک میں ارکان نماز صحیح طریقے اور تعدیل کے ساتھ ادا نہ کرنے والے کو نماز کا چور کہا ہے ، فرمایا : سب سے برا چور وہ ہے جو نماز میں چوری کرے ، عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ) : نماز میں کیوں کر سرقہ ہو سکتا ہے ،ارشادفرمایا : ’’ لا یتم رکوعھا ولا سجودھا ولا خشوعھا‘‘ بایں طور کہ وہ رکوع و سجود اور خشوع کامل طریقے پر ادا نہ کرے( تو وہ نماز کا چور ہے)دوسرے معنی میں اعلی حضرت استعمال فرماتے ہیں : ؎ چور حاکم سے چھپا کرتے ہیں یاں اس کے خلاف تیرے دامن میں چھپے چور انوکھا تیرا اس میں کیا شبہ ہے کہ دیوبندی ، وہابی ایمان و عقیدے کے چور ہیں، اگرچہ مطلقاً غیر مہذب الفاظ سے رد نہ چاہئے لیکن اگر معنی بعید مراد لے کر کہہ ہی دیا تو شخص مذکور کو آخر اس قدر طیش کیوں آیا کہ دیوبندیوں کے بالمقابل سنیوں کو چور کہہ بیٹھا ، اگرچہ جنس نہ مراد لی ہو ، نوع ہی مراد لی ہو بلکہ فرد واحد بلکہ فرد معین ہی مراد لیا ہو (جو نفس الامر میں چور ہی ہو ) مگردیوبندیوں کے بالمقابل سنی کو چور کہنے سے وہ شخص ضرور علی الاقل متہم و مشکوک اوراس کی حالت مشتبہ ہے ، اس کے عقائد دریافت کئے جائیں ، اگر مسلک اعلیٰ حضرت کے مطابق ہیں تو محض اس نازیبا اور سخت جملے سے توبہ و رجوع کروا لینا چاہئے اوراگر عقائد سنیوں کے مطابق نہ ہوں یا اس کی مشتبہ حالت کی وجہ سے صحیح العقیدہ سنیوں کو اس پر اطمینان نہ ہو تو اس کی اصلاح کی کوشش کی جائے ، مان جائے تو ٹھیک ورنہ اس کے عقائد کے مطابق حکم ہوگااور اگر شخص مذکور کو عرف و معاشرے میں سب، سچا پکا متصلب سنی جانتے ہیں ،تو امام کا اس کو برانگیختہ کرنا جائز نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ (۲) اگر واقعی وہ شخص ’’ ما یجوز بہ الصلوۃ ‘‘ قرأت نہ کر پاتا ہو تو اس کے پیچھے صحیح القرأت کی نماز درست نہیں ،وہ مسجد کا امام مقرر ہونے کے قابل نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ (۳) مطلقاً سنی سے صحیح العقیدہ سنی مراد ہوتے ہیں اگر کسی خاص فرد یا جماعت کو مراد لیا تو اس کا ذکر لازم تھا ،مگر مطلقاً یوں کہنا جائز نہیں ، اس سخت جملے سے توبہ و رجوع بہر حال چاہئے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ (۴)’’ کل اناء یترشح بما فیہ ‘‘ مقتدی کی حالت دیکھی جائے گی اگر وہ متصلب سنی ہے اور بد مذہبوں کے رد و طرد سے اسے کوئی تکلیف نہیں بلکہ رد کا قائل ہے ، تو مذکورہ درخواست و گزارش معیوب اور بے جا نہیں ، بجا ہے اور اگر اس کا حال یہ ہے کہ صلح کلیت میں ملوث رہتا ہے اور بد مذہبوں کے رد و طرد کو برا جانتا ہے ، پھر امام کو یہ مشورہ دے تو یہ جائز نہیں ، کہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ اس کا منشا بدمذہبوں کے رد کو روکنا ہے۔ واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا، مرکز اہل سنت،بریلی شریف ۲۱ / ربیع النور شریف ۱۴۴۴ ھ،۱۸ / اکتوبر ۲۰۲۲ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

