صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۲۹۷/۲۰۲۱

متن کا سائز
translateEnglish

کسی سنی تنظیم کا مسجد میں وعظ کی محفلیں منعقد کرنے کے لئے محض سنی ہونا کافی ہے

سوال

کیا فرمائے ہیں علمائے حق و مفتیان کرام مسئلہ ذیل میں کہ ہمارے علاقے میں ایک ایسی سنی مسجد سے جو کہ تعلیمات اعلیٰ حضرت کی روشنی میں دینی امور سر انجام دینے کی خواہاں ہے مگر مسجد کے امام صاحب جو کہ حضور مفتی اعظم پیر علیہ الرحمہ سے بیعت ہیں، اس کے باوجود کئی ایک بار دعوت اسلامی کے مبلغین کو مسجد میں درس و تدریس کا موقع دے چکے ہیں اور گزشتہ جمعہ پھر سے انہیں درس کا موقع دیا اور نہ صرف درس بلکہ ان کے قافلے کو رہنے کی بھی سہولت مرحمت فرمائی ،جس پر علاقے کے کچھ لوگوں نے ناراضگی کا مظاہرہ کیا، تو انہوں نے اس پر کہا کہ وہ لوگ بھی سنی ہیں، اسی وجہ سے انہیں اجازت دیدی۔ نیز مسجد کے اندر ہی پانچوں وقت کی اذان ہوتی ہے اور جمعہ کی اذان ثانی بھی، جس پر امام صاحب کی طرف سے نہ کوئی ناراضگی ہے ،نہ کوئی تنقید کرتے ہیں، اس کے علاوہ امام صاحب علاقائی مدرسہ کے پرنسپل بھی ہیں، جس میں ایسے ایسے علاقوں سے دعوت آتی ہے، جہاں وہابی ہی وہابی بھرے ہیں اور بغیر تفتیش کے انکی دعوت قبول کر لی جاتی ہے، ان علاقوں سے قرآن خوانی دعوت، نذرانے وغیرہ سب قبول کی جاتی ہے اور اسے مدرسے کے اسٹاف آپس میں تقسیم کر لیتے ہیں۔ مطلوب طلب امر یہ ہے کہ اس امام کے اوپر حکم شرع کیا ہے، انکے پیچھے نماز کا کیا حکم ہے اور جو لوگ امام کے اس فعل سے راضی ہیں ،انکے لیے کیا حکم ہے شریعت کا۔  بينوا توجروا المستفتی : محمد سکندر رضا اسماعیلی(کولکتہ) تاریخ ٦ دسمبر ٢٠٢١

جواب

الجواب بعون الملك الوهاب: سوال میں مذکور جماعت یا کسی بھی جماعت و تنظیم کا مسجد میں وعظ و تذکیر و تبلیغ وغیرہ کی محافل منعقد کرنے کے لئے محض ان کا سنی ہونا ہی کافی نہیں بلکہ من جملہ شرائط یہ بھی لازم و ضروری ہے کہ وعظ کرنے والے عالم شریعت ہوں اور مسجد کے آداب سے واقف ہوں، نیز غیر شرعی امور سے پر ہیز کرتے ہوں وغیرہ ذلک اور مذکورہ جماعت کے بارے میں معروف و مشہور ہے کہ عموماً مساجد کو ویڈیو ،ٹی وی کا ٹھکانہ بنا کر مخصوص چینل کو دیکھنے دکھانے کا بھی اہتمام کرتے ہیں اور مسجد کو آلات لہو و لعب کا ٹھکانہ بنانا حرام ہے، تو ایسوں کو محافل وغیرہ منعقد کرنے دینا اگر بالفرض ابھی بظاہر مفسد و منکر نہیں مگر مستقبل میں مفضی الی الفساد و المنکر ضرور ہوسکتا ہے جیسا کہ تجربات سے ثابت ہے، لہذا امام صاحب کو اس سے پر ہیز لازم ہے۔

 اندرون مسجد اذان مکروہ و ممنوع ہے جسکی تفصیل سرکار اعلیٰ حضرت کے متعدد فتاوی میں مذکور ہے اور جمعہ کی اذان ثانی کا داخل مسجد ہونا خلاف سنت ہے ، یہ ایسا مسئلہ ہے جو عوام و خواص میں اب بہت معروف اور مستغنی عن البیان ہو چکا ہے، اگر امام صاحب قدرت و استطاعت کے باوجود اسے منع نہیں کرتے تو ضرورحق شریعت میں گرفتار ہونگے حدیث پاک میں ہے :’ من راي منكم منكرا فلیغیره بیده  و ان لم يستطع  فبلسانه وان لم يستطع فبقلبه وذلک اضعف الإيمان‘ ۔

  وہابیوں، دیوبندیوں و بدمذہبوں سے دینی میل جول سخت حرام ،بد کام، بد انجام، نہایت اخبث بہت ہی شنیع کام ہے۔ اور ملنے ملانے والوں پر منہم ہو جانے کا اندیشہ ہے ، امام مذکور اگر خود بھی وہاہیوں سے میل ملاپ، نشست و برخاست، طعام و کلام رکھتے ہیں تو سخت گنہ گار مستوجب غضب جبار فاسق و فاجر نا قابل امامت ہے اور اگر ان کے مدرسے کے لوگ ملتے ہیں یہ نہیں ملتے اور ان کے ملنے کو زبان و دل سے برا بھی کہتے جانتے ہیںتو ان کا ملنا انہیں ضرر نہ دیگا ،کہ فرمان باری تعالی ہے: (لا تزر وازرة  وزر اخرى ) ۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔

کتبہ:فقیر ارسلان رضا قادری غفر لہ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۷جمادی الاولی ۱۴۴۳؁ھ۔۱۴ دسمبر ۲۰۲۱؁

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔