صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۱۸۰/۲۰۲۱

متن کا سائز
translateEnglish

’’ گناہ سے نفرت کرنا چاہیے گنہگار سے نہیں‘‘ اس قول کا معنی۔ جواریوں کا بائیکاٹ جائز ہے یا نہیں

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید ایک بستی میں امام ہے اور اس بستی میں کچھ پیشہ ور جواری ہیں ، اس بستی کے کچھ لوگوں نے سختی کے ساتھ ان پیشہ ور لوگوں کو اس سے روکنے کی کافی حد تک کوشش کی لیکن جب یہ لوگ اپنے اس فعل سے باز نہیں آئے تو لوگ ان کے اس فعل کی وجہ سے ان سے نفرت کا اظہار کرنے لگے اور ان کے ساتھ کھانا پینا وغیرہ بند کر دیا ، تو ایسے ماحول میں زید نے یہ بیان کیا کہ گناہ سے نفرت کرنا چاہئے گنہگار سے نہیں ، اگر کوئی جوا کھیل رہا ہے تو اس کو چھوڑا نہ جائے ۔ لہذا آپ سے گزارش ہے کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں زید کے قول کی وضاحت فرمادیں کہ زید کا یہ قول درست ہے یا نہیں؟ ۔ 

سائلین: سید دلشاد حسین ، سید صفدر علی ، سید عنایت علی ، روپ پور بریلی۔

جواب

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : زید کے مذکورہ جملے کا مطلب یہ ہے کہ گناہ کے سبب گنہ گار کی ذات کو معمولی و حقیر نہ سمجھا جائے، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کسی جرم کی پاداش میں مجرم کو سزا نہ دی جائے گی ،بلکہ سزا گناہ سے نفرت ہی کی وجہ سے دی جاتی ہے ۔ مقاطعہ اور بائکات ایک قسم کی سزا ہے جس کا مقصد مجرم و گنہگار کو جرم و گناہ سے باز رکھنا ہے ، اور اس کے بالمقابل جو گناہ پر سزا نہیں دیتا ہے، اسے نہ گناہ سے نفرت نہ گنہگار کی اصلاح مقصود ، بلکہ گناہ پر سزا نہ دینا گناہ پر معاونت و مدد کرنا ہے ۔ فرمان باری تعالی ہے : ( لا تعاونوا علی الاثم و العدوان ) ظاہر سی بات ہے کہ سزا گناہ کو تو نہیں دی جا سکتی ، لامحالہ مرتکب گناہ اس گناہ کے سبب سزا کا سزاوار ہوگا اور عوام الناس نے ان جواریوں کے ساتھ بعد مہلت دینے کے جو سلوک کیا ، بے شک وہ اس کے مستحق ہیں ، امام کا اس سے منع کرنا جائز نہیں ،اور اس قول کو اس موقع پر استعمال کرنا ’’ کلمۃ حق ارید بہا باطل ‘‘ کی قبیل سے ہے ۔ اللہ تعالی فرماتا ہے : ( فلا تقعد  بعد  الذکری  مع  القوم الظالمین ) ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲۹ ؍ شعبان المعظم ۱۴۴۲ ؁ ھ

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔