صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ نکاح کے مسائل

متن کا سائز
translateEnglish

بری میں دیے گئے زیبرات کا اصل مالک کون

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید نے اپنی شادی کے موقع پر اپنی مطلقہ بیوی کو جو زیورات اپنی جانب سے بری کے نام پر دیئے تھے وہ زیورات بیوی کی ملکیت مانیں جائیں گے ؟ جبکہ زید اپنی جانب سے دئے گئے زیورات کو ضرورت پڑنے پر بیوی سے لے کر فروخت بھی کر چکا ہے اس کے علاوہ زید کی خالہ یا کسی دیگر عزیزنے زید کی مطلقہ بیوی کو کچھ زیورات شادی کے موقع پر یا شادی کے بعد دئیے تھے وہ زیورات مطلقہ بیوی کی ملکیت مانی جائے گی؟ کیا زید کے اعزا کی جانب سے دیئے گئے زیورات مطلقہ بیوی کے لئے تحائف تھے ؟ اور ان زیورات کی واپسی مطلقہ بیوی پر واجب نہیں ہے اس کے علاوہ بیوی کے جہیز کا کچھ سامان مطلقہ بیوی اور شوہر کے استعمال کے دوران خراب ہو گیا تھا اس میں کچھ سامان شوہر نے بیوی کی مرضی سے فروخت کر کے اس کی رقم بیوی کو دے دی تھی چند چیزیں بالکل استعمال کے لائق نہیں رہی تھیں اس سامان کے واپسی کے سلسلے میں بھی شرعی حکم کیا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں ۔ 

 المستفتی : طاہر کمال ، کانکر ٹولہ ، بریلی

جواب

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : ان زیورات کے سلسلے میں مدار حکم عرف پر ہے اور شرفا و غیر شرفا کے عرف میں فرق ہے ۔ شرفا کے یہاں وہ زیورات عورت کو بطور تحفہ و ہبہ دیئے جاتے ہیں ، اور ہمارے یہاں شرفا کا عرف ظاہر یہی ہے ۔ تو بعد قبض وہ اس کی ملکیت ہو گئے ، کسی کا ان میں کوئی حق نہیں اور غیر شرفا کے یہاں وہ بطور استعمال و عاریت دیئے جاتے ہیں ، بعد  میں اسے وقت ضرورت لے لیتے ہیں ، گھر میں جب دیگر بیٹوں کی شادی  ہوتی ہے تو وہی زیور ان میں بھی چڑھا دیئے جاتے ہیں ، ایسی صورت میں وہ عورت کی ملک نہ ہوں گے ، فتاوی رضویہ میں ہے : ’’ وہ زیور وغیرہ کہ والدین زوج اپنی بہو کے پہننے برتنے کو بنا دیتے ہیں جس میں نصاً یا عرفاً کسی طرح مالک کر دینا مقصود نہیں ہوتا وہ بدستور ملک والدین پر ہے ، بہو کا اس میں کچھ حق نہیں ‘‘ ۔ ( فتاوی رضویہ ، ج : ۵ ،ص: ۵۳۴ ) اور جہیز خاص ملک عورت ہوتا ہے  بعد طلاق یا موت اسے واپس لینے کا حق ہے ۔ ھکذا فی الفتاوی الرضویہ ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۲ ؍ شوال المکرم ۱۴۴۴ ؁ ھ / ۲۳ ؍ اپریل ۲۰۲۳ ؁ ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔