صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ نکاح کے مسائل ‹ نمبر ۳۱۵/۲۰۲۲ غیر کفو میں نکاح کرنا یا بعد موت دوسرا نکاح کرنے کو برا بھلا کہناسوال بعد سلام کے عرض یہ ہے کہ کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ قوم مسلم میں ایک برادری ہے لو ہار ، اس برادری کے بزرگوں نے تقریباً دوسو سال پہلے یہ رواج جاری کیا کہ لو ہار، لوہار ہی کی لڑکی سے شادی کرے گا، اگر لوہار کے علاوہ کسی اور برادری سے شادی کی اگرچہ وہ مسلم ہو تو اس سے تعلق ختم کردیتے ہیں اور اسے بہت گرا ہوا مانتے اسے ذلیل کرتے ہیں ، اور اسی برادری میں جب کسی عورت کے شوہر کا انتقال ہو جاتا ہے یا طلاق ہو جاتی ہے، دوسری شادی کرنے کو برا بھلا کہتے ہیں زندگی بھر اسے گھر بٹھا کر رکھتے ہیں ،تو ایسے لوگوں پرشریعت کا کیا حکم ہے؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں بینوا توجروا۔ المستفتی : حافظ ہارون، ایم پی جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : اس میں شبہ نہیں کہ شرع مطہر نے باب نکاح میں کفائت کا اعتبار فرمایا ہے ، اور یہ اعتبار بھی مرد کی جانب سے ہے نہ کہ عورت کی جہت سے ، اور کفو ہونے کا مطلب محض ہم قوم ، ہم برادری یا ہم قبیلہ ہونا ہی نہیں، بلکہ کفائت ایک مخصوص قسم کی مساوات و برابری کا نام ہے، جس طرح پٹھان کا کفو صرف پٹھان نہیں بلکہ دیگر شرفاء (غیر سید ) بھی ہو سکتے ہیں ، یوں ہی اہل حرفہ میں، مثلاً حداد (یعنی لوہار) قوم کا کفو صرف ہم پیشہ نہیں ، بلکہ پیشے میں تقارب کافی ہے ۔ نورباف کا کفو حجام ، دباغت دینے والے کا کفو جھاڑو لگانے والا ، ٹھٹھیرے اور کسیرے (تانبے ، پیتل وغیرہ کے برتن بنانے والا ) کا کفو لوہار ہو سکتے ہیں ، رد المحتار میں ہے :’’ و افاد کما فی البحر انہ لا یلزم اتحاد ھما فی الحرفۃ بل التقارب کاف ، فالحائک کفؤ لحجام و الدباغ کفؤ لکناس و الصفار کفؤ لحداد و العطار کفؤ لبزاز قال الحلوانی : و علیہ الفتوی ‘‘(ج:۳،ص: ۹۹ ) تو لوہار قوم کا کفو ، ہر وہ قوم ہے جسے عرف میں اس کے ہم پلہ وہم رتبہ سمجھا جاتا ہے ۔ ’’ لأن الموجب ھو استنقاص أھل العرف فیدور معہ و علی ھذا ینبغی أن یکون الحائک کفوأ للعطار بالاسکندریۃ لما ھناک من حسن اعتبارھا و عدم عدھا نقصا البتۃ ‘‘ لہذا کفو میں نکاح کرنا اگر چہ دوسری قوم میں ہو ، ہرگز کوئی جرم و معصیت یا عار کی بات نہیں ا اور سوال میں مذکور دوسری رسم بھی ہرگز اسلامی نہیں، بلکہ ہندوانہ رسم ہے اور ان جاہلانہ رسموں کے خلاف عمل کو معصیت یا حرام سمجھنا، تحریم حلال کے مترادف ہے ، جس کو شریعت مطہرہ نے جائز و مباح بلکہ مستحب و مستحسن قرار دیا ہے ، اسے اپنے حق میں مثل حرام و گناہ کر لینا بھی سخت گناہ ہے ۔ ان رسم و رواج کا التزام کرنے والے تمام لوگوں کو اس سے توبہ و رجوع اور جاہلانہ و غیر شرعی رسومات کی ظلمت سے شرع کے نور کی طرف آنا لازم ۔ اپنے آباء کی غیر شرعی باتوں کو بھی دانتوں سے پکڑے رہنا ، قرآن پاک کی اس آیت کے مصداق بننے جیسا ہے :(و اذا قیل لھم اتبعوا ما انزل اللہ قالوا بل نتبع ما الفینا علیہ آبائنا أو لو کان أبائھم لا یعقلون شیأً ولا یھتدون ) ۔ اور شریعت کے حکم پر نہ ہونا اور اس پر اپنے بنائے ہوئے قانون کو ترجیح دینا کفر ہے ۔ فتاوی عالمگیری میں ہے : ’’ اذا قال الرجل لغیرہ حکم الشرع فی ھذہ الحادثۃ کذا فقال ذلک الغیر من برسم کار می کنم نہ بشرع یکفر عند بعض المشائخ ‘‘ ۔ ( فتاوی امجدیہ ، ج : ۳ ، ص : ۲۴۳ ) ، نیز یہ کہ بالفرض نہ صرف غیر برادری و غیر قوم میں، بلکہ غیر کفو ہی میں ولی اگر بصراحت جان بوجھ کر ، لڑکی کا نکاح کر دے، تب بھی نکاح کے جواز میں شک نہیں اور اس کو گناہ کسی نے نہیں کہا ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم و آلہ وسلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دارالافتا، بریلی شریف ۵؍ جمادی الاولی۱۴۴۳ ھ /۱؍ جنوری۲۰۲۲ ء تصدیقات : - (۱) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعہ خضراء ، مظفر پور (۲) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد عبید الرحمن عفی عنہ ، خادم التدریس و الافتا ، مظہر اسلام ، بریلی شریف مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

