صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ جنازہ کے مسائل ‹ نمبر ۳۱۴/۲۰۲۲ مسجد شرعی کو توڑ کر اس میں دکان بناناسوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین مسئلہ ذیل میں کہ فاطمہ نے اپنا مکان ہندہ کے نام رجسٹرڈ بیعنامہ کر دیا کچھ سال بعد ہندہ نے فاطمہ کے نام نصف حصے کا رجسٹرڈ مختار نامہ کر دیا فاطمہ نے اور لوگوں کے مشورہ سے اپنے نصف حصے میں سے نصف حصہ مسجد کو دے دیا مسجد کی تعمیر میں چندہ ہو کر مسجد بنائی گئی اب مسجد میں پانچوں وقت کی نماز اور جمعہ ہوتا ہے اور تراویح بھی ۔ کچھ سال کے بعد فاطمہ کے اصرار کرنے پر ہندہ نے مختار نامہ ختم کر کے کسی تیسرے کو رجسٹرڈ بیعنامہ کر دیا تیسرے شخص نے اپنے نام بیعنامہ کرانے کے بعد اس مسجد کے آگے کے حصے کو توڑ کر اس میں دکانیں نکال دی ۔ اب مسجد میں نہ اذان ہوتی ہے نہ نماز ۔ صورت مذکورہ میں مسجد مذکور شرعاً مسجد ہوئی یا نہیں اگر ہوئی تو توڑنے والے کے اوپر کیا حکم شرع ہوگا ۔ جواب عنایت فرمائیں ، عین نوازش ہوگی ۔ المستفتی : محمد نقیم قادری ، مٹیا گیٹ ، متھرا جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : سائل مظہر ہے کہ فاطمہ ، ہندہ کی والدہ ہے اور حالت مرض الموت میںاپنی بیٹی ہندہ کو مذکورہ مکان ہبہ کیا اور مرض موت میں ہبہ مثل وصیت ہے اور ورثہ کے لئے وصیت بغیراجازت دیگر ورثہ نافذ نہیں تو وہ ہبہ باطل ہوا اور شرعاً مجرد رجسٹری شدہ ہونا کوئی چیز نہیں ، فتاوی قاضی خان میںہے : ’’ لان ھبۃ المریض وصیۃ والوصیۃ للوارث باطل ‘‘۔ اور بالفرض حالت صحت و سلامتی ہی میں ہبہ کیا ہو اور واہب نے اپنی حیات ہی میں موہوب لہ کو قابض نہ کر دیا ہو یا شئی قابل تقسیم ، مشاع و مشترک تھی، اگر بلا تقسیم کرائے مر گیا جب بھی ہبہ محض باطل ہے کہ اجازت ورثہ سے بھی نافذ نہیں ہو سکتی ، لہذا باعتبار شرعی فاطمہ اپنی حیات میںخود ہی اس مکان کی مالک تھی اور جبکہ اس نے اپنی حیات میں مکان کے نصف کے نصف یعنی ربع حصے کو برائے مسجد وقف کر دیایہاں تک کہ مسجد بنا لی گئی اور جمعہ و جماعت بھی قائم ہو گئی تو اتنے حصئہ زمین کے مسجد ہو جانے میں اصلاً شبہ نہیں، خواہ یہ مکان اس کا کل مال ہو یا اس کے علاوہ بھی اس کا اور مال ہو کہ بہر صورت یہ ثلث سے کم ہے اور ثلث تک مریض کا وقف درست ہے ، ’’ لان الوقف فی المرض وصیۃ تنفذ من الثلث فقط الا باجازۃ ‘‘ ۔ لہذا تیسرے شخص نے ظلم عظیم اور سخت شنیع حرکت کی ، فرمان باری تعالی ہے ’’ و من أظلم ممن منع مساجد اللہ أن یذکر فیھا اسمہ و سعی فی خرابھا ‘‘ وہ بڑا ظالم ہے اس پر علانیہ توبہ و استغفار لازم اور توبہ یوں ہوگی کہ مسجد میں جو دکانیں بنا لی ہیںانہیں توڑ کر مسجد میں شامل کرے اس لئے کہ وہ واجب الہدم ہیں اور مسجد میں پھر سے جمعہ و جماعت قائم کی جائے ۔ در مختار میں ہے :’’ اما لو تمت المسجدیۃ ثم اراد البناء منع و لو قال عنیت ذلک لم یصدق ۔ تاتارخانیۃ ۔ فاذا کان ھذا فی الواقف فکیف بغیرہ فیجب ھدمہ و لو علی جدار المسجد ‘‘ ( ج: ۴ ، ص : ۵۵۴ ) یعنی بعد تمام مسجدیت تبدیلی جائز نہیںیہاں تک کہ اگر واقف خود آکر کہے کہ میری پہلے سے نیت اس کو بنانے کی تھی ،ہرگز قبول نہیںکیا جائے گا ۔واقف کے حق میں جب یہ سخت حکم ہے تو اس کے علاوہ کاکیا شمار ، لہذا ایسی کسی بھی تعمیر کو ڈھا دینا واجب ہے ۔ ھذا ما ظھر لی واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم و آلہ و صحبہ و سلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتابریلی شریف ۵؍ جمادی الاولی۱۴۴۳ ھ /۱؍ جنوری۲۰۲۲ ء -:جواب دوم : - الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب :دارالافتا میں یہ سوال اسی طرح مبہم اور گول مول سا آیا تھا سائل سے زبانی کچھ امور طلب کرنے پر معلوم ہوا کہ فاطمہ ہندہ کی والدہ ہے اور تیسرا شخص ہندہ کا بھائی ، اور فاطمہ نے مرض موت میں ہبہ کیا تھا اور اس کے پانچ چھ ماہ بعد فوت ہو گئی تھی ، تو سائل کی اسی تقریری بیان کو پیش نظر رکھ کر فتوی صادر کیا گیا لیکن اب فریق ثانی اور خود سائل کے اقرار و اخبار سے معلوم ہوا کہ ہبہ صحت و سلامتی میں ہوا تھا حالانکہ فتوی میں دوسری شق کے متعلق بھی حکم تھا کہ اگر بالفرض حالت صحت وسلامتی ہی میں ہبہ کیا ہو اور قبضہ نہ دیا ہو یا شئی موہوب قابل تقسیم ، مشاع و مشترک تھی اور فاطمہ بلا تقسیم کرائے فوت ہوگئی تب بھی ہبہ باطل ہے ، سائل کا بیان ہے کہ جس وقت فاطمہ نے اپنی بیٹی ہندہ کو مذکور فی ا لسوال مکان ہبہ کیا ، وہ اس میں سکونت پزیر تھی یا بقول فریق ثانی آتی جاتی رہتی تھی ، لہذا بر تقدیر صدق مستفتی و مخبر صورت مسئولہ میں ہندہ کے لئے صرف اتنے حصہ مکان کا ہبہ تمام ہوا جس پر وہ قابض تھی ، باقی مکان بدستور فاطمہ کی ملک رہا ، اس لئےکہ بار بار گذر چکا کہ ہبہ کے لئے قبضہ شرط ہے ، محض زبانی کہہ دینا یا لکھ دینا یا مجرد رجسٹری کر دینا کافی نہیں ۔ فتاوی رضویہ : ج: ۱۳ ، ص : ۴۶ ، میں ہے : نام لکھ دینا اگر چہ دلیل تملیک ہے اور یہ تملیک ہبہ ہے مگر ہبہ بے قبضہ کئے تمام نہیں ہوتا ‘‘ اور صفحہ ۲۲ پر ہے : ’’ مالک جب تک موہوب سے اپنا قبضہ بالکلیہ اٹھا کر موہوب لہ کو قبض کامل نہ کرا دے ہبہ ہرگز تمام نہ ہوگا اور موہوب ملک مالک سے باہر نہ آئے گا ‘‘ ۔ قال عامۃ العلماء ( القبض ) شرط و موہوب قبل القبض علی ملک الواھب یتصرف فیہ کیف شاء ‘‘( بدائع الصنائع : ج: ۸ ص : ۱۰۵ ) اور صدر الشریعہ بحر الرائق کے حوالہ سے فرماتے ہیں : ’’ ہبہ کے لئے قبضہ کامل کی ضرورت ہے ، اگر موہوب شئ ، واہب کی ملک میں مشغول ہے، تو قبضہ کامل نہیں ہوا ۔۔۔ مکان میں واہب کے سامان ہیں ، مکان ہبہ کر دیا اور سامان کے ساتھ قبضہ دیا ہبہ تمام نہیں ہوا ‘‘ ۔ ( بہار ، ج : ۳ ، ص : ۷۱ بتصرف یسیر ) لہذا جب مکان میں واہب کا سامان ہوا اور مکان ہبہ کر کے پورے مکان پر قبضہ بھی دے دیا ہو جب بھی ہبہ تمام نہیں تو جب خود واہب بنفس نفیس مع ساز و سامان اس مکان میں رہ رہا ہو تو کیوں کر قبضہ تمام ہو جائے گا ؟؟ لہذا ہندہ کے حصہ قبضہ کو چھوڑ کر باقی حصہ کی فاطمہ اپنی حیات میں مالک تھی ۔ اور جبکہ ربع حصہ مکان کا جدا کر کے برائے مسجد وقف کر دیا اور مسجدکی تعمیر بھی ہو گئی اور جمعہ و جماعت بھی قائم ہو گئی تو وہ شرعاً مسجد ہو گئی ۔ اور بفرض غلط اگر یہ بھی تسلیم کر لیا جائے کہ ہبہ تمام ہو گیا تھا ، پھر ہندہ نے اپنی ماں کو نصف حصہ کا مختار کیا ،تب بھی وکیل عام کو اگر چہ تبرعات میں اختیار نہیں ہوتا ، لیکن اگر وکیل نے وقف کر ہی دیا اور مؤکل کو علم ہوا ، اس نے اسے جائز رکھا یہاں تک کہ مسجد کی تعمیر بعدہ جمعہ و جماعت بھی قائم ہوگئی ، یوں بھی اب اس حصہ زمین کے مسجد ہو جانے میں آخر کیا شبہ؟ اس لئے کہ وکیل کے اختیار سے باہر کے تصرفات کو اگر مؤکل جائز رکھے تو جائز ہے ۔ بدائع الصنائع ، ج : ۷ ، ص : ۱۷۷ میں ہے : ’’ لان الوکیل یتصرف بولایۃ مستفادۃ من قبل المؤکل فیملک قدر ما افادہ و لا یثبت العموم بلفظ یدل علیہ و ھو قولہ اعمل فیہ برأیک و غیر ذلک مما یدل علی العموم فان وکل غیرہ البیع فباع الثانی لحضرۃ الاول جاز و ان باع بغیر حضرۃ لا یجوز الا ان یجز الاول و المؤکل و کذا اذا باعہ فضولی فبلغ الوکیل اؤ المؤکل فاجاز یجوز ھذا عند اصحابنا الثلاثۃ ‘‘ ۔ تو مختار عام کا اس زمین کو وقف کرنے ، پھر اس حصہ زمین کو مسجد کے لئے جدا کر دینے بعدہ عوامی چندہ ہو کر مسجد کی تعمیر مکمل ہو جانے حتی کہ جمعہ و جماعات تراویح و عیدین قائم ہو جانے پر بھی کبھی اعتراض و انکار نہ کرنا ، آخر کیا اس کی رضا و اجازت پر دلالت نہیں کرتا ؟؟ فتاوی رضویہ میں ہے : ’’ کسی چیز میں تصرفات پر مطلع ہوکر ساکت رہنا صریح دلیل ہے کہ خاموش رہنے والے کا جائداد میں حق نہ تھا ‘‘ ۔ ( ج : ۱۳ ، ص : ۱۴۴ ) اگر حق تھا تو یہ تصرف اس کی رضا و اجازت سے ہے ۔ ( بلکہ ابھی جواب یہیں تک لکھا گیا تھا کہ معلوم ہوا کہ ہندہ ابھی حیات ہے اور اس کا تحریری و تقریری بیان ہے کہ میری اجازت اور رضاہی سے وہ زمین برائے مسجد وقف اور پھر تعمیر ہوئی تھی، تو اب کیا شبہ رہ جاتا ؟ ) تو بہر صورت اس حصہ زمین یعنی مکان کے ربع حصہ کے مسجد ہو جانے میں کسی قسم کا شبہ نہیں اور باقی حکم مثل فتوی سابق ہے ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم و آلہ و اصحابہ وسلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۱۳ ؍ جمادی الاخری ۱۴۴۳ ھ / ۱۷ ؍ جنوری ۲۰۲۲ ء تصدیقات علمائے کرام : - (۱) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی مظفر پور (۲) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد عبید الرحمن عفی عنہ ، خادم التدریس مظہر اسلام ، بریلی شریف (۳) الجواب صحیح ، و ھو تعالی اعلم ۔ محمد ایوب خاں نوری ، خادم التدریس و الافتا ، منظر اسلام ، بریلی شریف (۴) ہندہ کا بیان مذکور اگر شرعاً ثابت ہے تو اس حصہ کے مسجد ہونے میں کچھ کلام نہیں ۔ و الجواب صحیح ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ ، خادم التدریس و الافتا ، منظر اسلام بریلی شریف مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

