صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۷۶/۲۰۲۰

متن کا سائز
translateEnglish

بدمذہبوں کے متعلق گول مول سوال کا جواب

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیا ن شرع اس مسئلہ ذیل میںکہ زید جو ایک ایسا شخص ہے جس نے اپنی کتاب میں بہت سی ایسی عبارتیں لکھی ہیں جن سے حضور علیہ الصلوۃ و السلام کے حاضر و ناظر نہ ہونے کا معنی نکلتا ہے اور یہ کتاب بنگالی زبان میں لکھی اور چھپی ہوئی ہے۔ اب زید کا انتقال ہو گیا ہے اور بہت سارے لوگوں نے زید کی نماز جنازہ بھی پڑھی اور مسلمانوں کے قبرستان میں دفن بھی کیا۔ غور طلب امر یہ ہے کہ کیا ایسے شخص کی جنازہ کی نماز پڑھنا جائز ہے؟ اور جن لوگوں نے نماز جنازہ پڑھی ان پر کیا حکم شرع ہو گا ؟ اور ایسےشخص کو مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کرنا کیسا ہے؟ ان کے بچے ہوئے ، مال کو مدارس و مساجد و محافل میں خرچ کرنا کیسا ہے؟ جواب از روئے شرع عنایت فرمائیں کرم بالائے کرم ہوگا۔

المستفتی: محمد شرف حسنین موضع دلوگرام غازی پارہ ضلع مالدہ ، بنگال

جواب

الجواب بعون الملك الوهاب: سوال گول مول ساکیا گیا ، آیا زید نے بر بنائے وہابیت و بد عقیدگی حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے حاضر و ناظر ہونے کا انکار کیا؟یا سنی صحیح العقیدہ ہوتے ہوئے محض اس کی تحریرات و عبارات سے ایسا مفہوم نکلتا ہے؟ یا کیا؟، زید کی کتاب سے اگر وہ عبارتیںسوال میں ترجمہ کر کے نقل کر دی جائیں تو معاملہ سمجھنے میں زیادہ آسانی ہوتی، بہر حال اگر ان عبارتوں میں احتمال کی گنجائش ہے اور زید کسی قسم کی بد عقیدگی و گمراہی سے کبھی متہم و مشکوک نہ تھا ، تو ان عبارات کو معانی ٔصحیحہ پرمحمول کریں گے کہ بندہ مومن سے صادر ہونے والے بعض محتمل الفاظ کو معنی حسن پر حمل کرنے کا حکم ہے، اور اگر (حاشا لله ) زید بد عقید ہ، وہابی ، دیوبندی تھا یا اسی طرح کی خلاف معمولات و ضروریات مذہب اہل سنت باتیں کرنے کا عادی تھا تو اس کی عبارتوں میں اگر چہ احتمال کی وسعت ہو، اس کی خبیث عادت کی بنا پر معنیٔ خبیث ہی اس سے مفہوم ہوگا ، اعلی حضرت امام اہل سنت رحمتہ اللہ علیہ مذکورہ قاعدہ بیان  کرنے کے بعد فرماتے ہیں: ’’ :كل اناء يترشح بما فيه ‘‘کہ ہر برتن سے وہی چھلکتا ہے جو اس میں ہوتا ہے۔ ہاں مگر ہمارے بلاد و امصار میںعقیدئہ حاضر و ناظر وغیرہ کا انکار نہیں کرتا مگر وہابی دیوبندی، شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :’’ با چندیں اختلاف و کثرت مذاہب کہ در علمائے امت ہست یک کس را در یں مسئلہ اختلافے نیست کہ آنحضرت علیہ السلام بحقیقت حیات بے شائبہ مجاز و تو ہم تاویل دائم و باقی ست و بر اعمال امت حاضر و ناظر ست مرطالبان حقیقت را و متوجہان آنحضرت را مفیض و مربی (سلوک اقرب السبل بالتوجه الى سيد الرسل) ‘‘ ۔بحوالہ کتاب جاء الحق، ص: ۱۲۹)، (اس قدر اختلاف اور کثرت مذاہب کے باوجود جو علمائے امت میں ہیں ، اس میں کسی کا اختلاف نہیں کہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام حقیقی زندگی کے ساتھ بغیر تاویل و مجاز کے احتمال کے باقی اور دائم ہیں اور امت کے اعمال پر حاضر و ناظر ہیںا اور حقیقت کے طلبگار اور حاضرین بارگاہ کو فیض رساں و مربی ہیں ۔)یعنی ماضی قریب میں اس امر میں کسی کا اختلاف نہ تھا، منکر تعظیم نبی، فرقہ وہابیہ نے سب سے پہلے اس میں اختلاف کیا تو یہ گویا اسی فرقے کا شعار و علامت ہے، لہذا بر تقدیر اول مذکورہ تمام امور میں( نماز جنازہ پڑھنے وغیرہ میں) کوئی قباحت و کراہت نہیں ، اور بر تقدیر ثانی (وہابی ہونے کی صورت میں ) اس کے عقائد پر مطلع ہو کر اس کی نماز پڑھنے والے اس کا ساحکم رکھتے ہیںکہ اوپر مذکور فی السوال کوئی امر جائز نہیں۔ واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۳ ؍ ربیع الآخر ۱۴۴۲ ؁ ھ

صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔