صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۲۴۴/۲۰۲۱ عورتوں کا مزار پر جانا کیسا ہےسوال کیا فرماتے ہیںعلمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ زید کہتا ہے کہ مزارات پر عورتیںعلاج کی نیت سے جا سکتی ہیں، بکر کہتا ہے کہ اعلی حضرت نے عورتوں کی حاضری کو منع فرمایا ہے اس پر زید کا کہنا یہ ہے کہ اعلی حضرت کہ مزار پر عورتوں کے لئے جگہ مخصوص ہے اور کبھی حضور تاج الشریعہ نے منع نہیں فرمایا ،زید سے حوالہ طلب کیا گیا تو کہتا ہے کہ آپ حوالہ دو کہ علاج کی نیت سے نہیںجا سکتی ،اب معلوم یہ کرنا ہے کہ دونوں میں سے کس کی بات پر عمل کیا جائے ۔ مع حوالہ تحریر فرمائیں عین کرم ہوگا۔ المستفتی: عبدالواحد رضوی، ہیرے کسوی ، کرناٹک جواب الجواب بعون الملک الوھاب:بکر نے صحیح کہا ، اعلی حضرت کا فتوی یہی ہے کہ نظر بحال زمانہ مزرات پر عورتوں کی حاضری جائز نہیں، فتاوی رضویہ میں فرمایا:’’عبارات رخصت میری نظر میں ہے ، مگر نظر بحال زمانہ میرے نہ میرے بلکہ اکابر متقدمین کے نزدیک سبیل ممانعت ہی ہے اور اسی کو اہل احتیاط نے فرمایا‘‘۔(فتاوی رضویہ،ج۷،ص۳۵۷) مدرسہ قادریہ،احمدآباد کے حضرت مولانا عبد الرحیم صاحب کے سوال کے جواب میںاعلی حضرت نے رسالہ’’ جمل النور فی نہی النساء عن زیارۃ القبور‘‘ تحریر فرمایا، جس میں مستفتی کے تمام شبہات کا جواب ہے ، تفصیل کے لئے اس رسالہ مبارکہ کا مطالعہ کریں۔واللہ تعالی اعلم حضرت تاج الشریعہ کا بھی یہی موقف تھا ،نیز فقیر نے بارہا حضرت کو عورتوں کی حاضری پر برہمی کا اظہار فرماتے سنا ہے، بلکہ عرس رضوی کے موقع پر حضرت تاج الشریعہ کی جانب سے ایک پوسٹر بھی شائع ہو چکا ہے جس میں عورتوں کو مزار پر ساتھ لانے سے منع کیا گیا تھا۔(۲۶جولائی۱۹۹۵کوحضرت کی طرف سے یہ مضمون شائع ہوا تھا) لہذا مزار اعلی حضرت پر عورتوں کی حاضری یہاں کسی کی رضا و اجازت سے نہیں بلکہ بارہا تحریراًو تقریراً منع کیا جا چکا ہے، اسی وجہ سے عورتوں کی حاضری یہاں کم سے کم تھی ، مگر ادھر حضرت تاج الشریعہ علیہ الرحمہ کے وصال کے بعد سے ان کی آمد کا سلسلہ کچھ طول پکڑ گیا،اس سے متاثر ہو کر فقیر نے خانقاہ رضویہ کے ذمہ دار اور متولی حضرت مولانا سبحان رضا خان سبحانی میاں کی خدمت میں۲۶ ؍شوال المکرم ۱۴۴۲ ھ مطابق ۹ ؍جون ۲۰۲۱ء کو ایک خط لکھا تھا ، آپ کے اطمنان کی خاطرکچھ حذف کے ساتھ اسے یہاں نقل کئے دیتا ہوں : ’’ببارگاہ صاحب سجادہ حضرت سبحانی میاںصاحب قبلہ ،اطال اللہ تعالی عمرہ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ عرض یہ ہے کہ ان دنوں مزار ا علی حضرت پر کثرت کے ساتھ بے پردہ عورتوں کی آمد کا سلسلہ دراز سے دراز تر ہوتا جا رہا ہے ، سوداگران کی گلیوں میں اختلاط مرد و زن کا بازار گرم ہے ، غیر شرعی طور طریقے عمومی طور پر نظر آنے لگے ہیں، جبکہ یہ اعمال سخت ناجائز و حرام ، کئی قسم کے فسادات کومؤدی اور خود صاحب مزار سرکار اعلی حضرت کے فتوے کے سراسر خلاف اور مرکز اہل سنت کو سخت بدنام کرنے والے ہیں ، اعلی حضرت رسالہ ’’جمل النور فی نہی النساء عن زیارۃ القبور‘‘ میںفرماتے ہیں : ـــ’’نظربحالت نساءسوائےحاضری روضہ انور کہ واجب یا قریب بواجب ہے ،مزارات اولیایا دیگر قبور کی زیارت کو عورتوں کا جانا باتباع غنیہ علامہ محقق ابراہیم حلبی ہرگز پسند نہیںکرتا‘‘۔ (رضویہ۷،۲۵۳)اوریہ بات قرین قیاس بھی ہے کہ جب عورتوں کو حضور مسجد سے روک دیا گیاتو قبروں اور مزاروں پر جانے کی کیونکر اجازت ہوگی ،’’ولقد کرہ اکثر العلماء خروجھن الی الصلوات فکیف الی المقابر‘‘۔(عینی۸،۶۹) ہم اور ہمارے علماء اکثر یہ بات تحریراً و تقریراً کہتے رہتے ہیں کہ خانقاہ رضویہ کوئی روایتی خانقاہ نہیں جو جاہلانہ رسم و رواج کی بیڑیوں میں جکڑی ہوئی ہو اور جس کے ذمہ دار ڈاکٹر اقبال کے اس شعر کی مصداق ہوں کہ: ؎ ہو نکو نام جو قبروں کی تجارت کرکے کیانہ بیچوگےجو مل جائیں صنم پتھر کے بلکہ یہ علم و فن کا ایک عظم الشان مرکز اور اعلی حضرت کی تعلیمات کاعظیم قلعہ ہے ، ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔، خدا را اس پر توجہ فرمائیں اور علمائے منظر اسلام و اہل حل و عقد کو جمع فرما کر ایک ایسا لائحہ عمل اور ایسے اصول و آداب تیار فرما دیں جو عین شریعت مطہرہ کے مطابق اور تعلیمات امام احمد رضا کے موافق ہوں اور سوداگران کے دکانداروں اور منظر اسلام کے علماء و طلبہ نیز واردین و حاضرین و مجاورین وغیرہ کو اس پر عمل پیرا رہنے اور رکھنے کی تلقین فرما دی جائے ۔ آج سوداگران کے جو حالات ہو گئے ہیں وہ آپ سے پوشیدہ نہ ہوں گے، ہر شخص خانوادئہ رضویہ اور مرکز اہل سنت کے نام پر بدنامی کا بازار گرم کیا ہو ا ہے ،۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یہ ناگفتہ بہ حالات بہت دنوں سے محسوس کر رہا ہوں مگر آج گھر کے اوپر سے عورتوں کا ہجوم اور انتہائی غیر شرعی ، غیر علمی جاہلانہ فضا دیکھ کر دل پریشان ہو گیا ، سوچا کچھ نہیں کر سکتا تو ،تایا ابو کو ایک پیغام تو پہنچا سکتا ہوں اسی لئے شکوئہ ظلمت شب سے کہیں بہتر اپنے حصے کی شمع جلانا سمجھا۔ فقط۔۔۔ ‘‘ کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۲۳؍ذو الحجہ ۱۴۴۲ھ، ۳ ا؍گست ۲۰۲۱ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

