صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل مسجد کو اپنی ذاتی اغراض و مفاد کا ذریعہ بناناسوال امید ہے کہ حضور والا بخیر و عافیت ہوں گے بارگاہ عالیہ میں ایک اشد ضروری دینی مسئلہ کا حل درکار ہے ہمارا علاقہ جو سنی صحیح العقیدہ کثیر آبادی پر مشتمل ہے اور علاقے میں ایک بہت بڑی جامع مسجد ہے جہاں سے دین و سنیت کا بہت بڑا کام ہوتا ہے حالیہ دنوں میں مسجد کی انتظامیہ کمیٹی اور امام مسجد جو کہ عالم و مفتی بھی ہیں، کے درمیان نزاعی معاملہ آگیا ہے انتظامیہ کمیٹی فی الحال اپنا وقت گزر جانے کے باوجود غیر قانونی طور پر قابض ہے ، صدر حرام کاموں میں ملوث ہے ، گورنمنٹ کی زمین پر ناجائز قبضہ کر کے رشوت دے کر گھر بناتا ہے ، کالا خضاب کرتا ہے ۔مسجد کی وقف چیز اپنے گھر میں استعمال کرتا ہے اور بقیہ اراکین میں اکثر بے نمازی ہیں، شیعوں اور وہابیوں سے گہری دوستی رکھنے والے، بلکہ آٹھ خدا کو ماننے والے بھی ہیں۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ علماء اہل سنت کو منافق اور فتنہ کہتے ہیں پچھلے چھ سالوں میں انہوں نے بڑے بڑے تقریبا گیارہ (۱۱) علمائے اہل سنت کو مسجد سے ذلیل کر کے نکالا ایک عالم دین وہ بھی ہیں ، جنہوں نے ۳۵ ؍ سال ہماری مسجد میں امامت کی ، جو حافظ ملت علیہ الرحمہ کے شاگرد اور مفتی اعظم ہند رحمۃ اللہ علیہ کے مرید تھے ۔ ہر بار یہ علما کو اپنا غلام بنانا چاہتے ہیں اگر ان کی بات نہ مانی جائے تو طرح طرح کے الزام لگا کر اس عالم دین کو ذلیل کرتے ہیں پچھلے آٹھ مہینے سے امام اور مسجد میں پڑھانے والے دیگر علما کو نہ تنخواہ دیا اور نہ ہی ان کو مسجد میں رہنے کی اجازت دی یہ انتظامیہ کمیٹی کا تھوڑا سا پس منظر تھا جو اصل مطلب بتانے کے لیے ضروری تھا ۔ اب حالیہ دنوں میں جو ہمارے مسجد کے امام و خطیب ہیں وہ ایک با صلاحیت عالم دین حافظ و قاری اور مفتی بھی ہیں جامعہ اشرفیہ اور بریلی شریف سے فارغ ہیں وہ جب سے ہماری مسجد میں آئے ہیں سارا علاقہ سنور گیا ہے ان کی محنت شاقہ سے قریب تین سو نوجوان ایسے ہیں جو غلط راستوں پر تھے آج مسجد کے پابند ہیں انہوں نے ۱۸۰ ؍ نوجوانوں کو صرف ایک سال میں قرآن و حدیث کی تعلیم دی، دارالعلوم بنایا عور توں کا ادارہ قائم کیا ہر ہفتے لوگوں کو ذکر اللہ کی مجلس کا پابند بنایا ۔کئی وہابی اور دیوبندی سنیت کی طرف آئے اور کئی ہندو ان کے ہاتھ پر اسلام بھی قبول کئے ہیں غرضیکہ ہر گھر میں آج تفسیر قرآن اور دینیات کو عام کیا خود ایک اچھے خاندان سے اور کئی سلاسل کی معظم شخصیات سے اچھے تعلقات رکھتے ہیں یہ امام مسجد کا تھوڑا سا پس منظر تھا ۔ ہم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو حاضر و ناظر جان کر کہتے ہیں کہ مذکورہ باتوں میں ہم نے ایک جملہ بھی مبالغہ نہیں لکھا اور اس مضمون کی تائید میں سارا محلہ ہے جن میں دو سو لوگوں کی دستخط اور فون نمبر آپ تک پہنچائے جا سکتے ہیں ۔ (۱) کمیٹی کے صدر کا امام مسجد پر الزام ہے کہ وہ عورتوں کو تنہائی میں تعلیم دیتے ہیں اور مرید کرتے ہیں۔ (۲) عورتوں کے ذریعے سونے کی تسکری کرواتے ہیں ۔ (۳) قاضی شہر نہ ہونے کے باوجود رویت ہلال کا اعلان کرتے ہیں ۔ (۴) حلقہ ذکر قائم کرتے ہیں اور خود حلقہ کے درمیان میں ہوتے ہیں اور آخری میں لوگوں کو سجدئہ شکر ادا کرنے کے لیے کہتے ہیں ، تو سب لوگ جہت قبلہ کا اہتمام کئے بغیر سجدہ کرتے ہیں ۔ (۵) مسجد میں اپنے بیانات کی فوٹو اور ویڈیو بنواتے ہیں۔ مذکورہ پانچ الزامات انہوں نے امام مسجد پر لگائے تو اہل محلہ کے تمام ذمہ داروں نے امام مسجد سے ان کی وضاحت چاہی تو امام مسجد نے جو حلفیہ بیان درج کروایا وہ حاضر خدمت ہے میں اللہ عزوجل اور رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو حاضر و ناظر جانتے ہوئے قران عظیم کو اپنے ہاتھ میں لیے ہوئے عرض کرتا ہوں آج تک کسی غیر محرم عورت کو خلوت اور تنہائی میں نہ تعلیم دیا اور نہ مرید بنایا بلکہ ہمیشہ پردے اور حجاب شرعی کے ساتھ ہی معاملات کیا یہ مجھ پر افترا اور بہتان ہے اجنبی عورتوں سے تنہائی اور بے پردہ معاملات کو میں اشد حرام سمجھتا ہوں عورتوں سے تسکری کی بات محض جھوٹ ہے بات اتنی ہے کہ میرے ساتھ عمرے میں 70 لوگوں کا قافلہ تھا واپسی کے وقت ہمارے ایک ساتھی نے پانچ سونے کے چین میرے قافلے میں موجود ایک شخص کو دیا جس نے پانچ عورتوں کو ہبہ کیا اور وہ پہن کر ہندوستان آئیں اپنی مرضی اور خوشی سے اور یہ سونا غیر قانونی ہرگز نہیں تھا بلکہ خریدا ہوا اور اس کی رسیدیں بھی موجود تھیں نیز ایئرپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی بھی ادا کی گئی نہ میں نے سونا خریدا نہ میں نے سونا بیچا نہ ان عورتوں سے یا سونے کے مالک سے کوئی کمیشن یا معاوضہ لیا رویت ہلال کے لیے صرف ایک بار رمضان کی عید کے چاند کا مسئلہ تھا مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے شہر میں رویت نہ ہوئی اور قاضی شہر 150 کلومیٹر دور چاند کی شہادت لینے کے لیے قریب عشاء کے قاضی صاحب کو شہادت مل گئی اور میرے پاس بھی مجلس شرعی کا اعلان ا چکا تھا تو میں نے عشاء کے بعد رویت کا اعلان کیا اس لیے کہ لوگ عشاء کی نماز پڑھ کر تراویح ہوگی یا نہیں اس انتظار میں بیٹھے ہوئے تھے صرف ادھے گھنٹے بعد شہر میں بھی اعلان ہو گیا میں نے بغیر ثبوت شرعی کے نہ اعلان کیا نہ ہی اس کو جائز سمجھتا ہوں ذکر کے متعلق جس سجدے کی بات کی گئی ہے یہ بھی افترا اور جھوٹ ہے جبکہ کہ یہی صدر اور راکین اسی مجلس ذکر میں دو سال تک حاضر ہوتے رہے میں یہاں پر بھی حلفیہ عرض کرتا ہوں کہ یہ ذکر کی مجلس میں تقریبا ۳۰۰سے۴۰۰ لوگ آتے ہیں جو ہر ہفتہ بدھ کے دن رات کو ہوتا ہے جو مشائخ اہل سنت سے ثابت اذکار ہیں وہی کرائے جاتے ہیں ۱۰۰ بار لا الہ الا اللہ۱۰۰ یا لطیف ۱۰۰ بار یا حی یا قیوم ذکر کرائے جاتے ہیں ذکر کے آخر میں جب دعا کا وقت ہوتا ہے تو اعلان کرتا ہوں کے سجدے میں جا کر دعا کریں جسے میسر ہو اور قبلہ رخ ہو جائیں لوگ اپنی اپنی جگہوں میں سجدوں پر چلے جاتے ہیں کچھ جگہ کی تنگی کی وجہ سے جس طرف رخ ہوا سجدے میں گر جاتے ہیں مگر نہ یہ سجدہ عبادت ہے نہ سجدہ شکر ہے نہ ہی سجدہ تعظیمی ہے بلکہ محض دعا کے لیے سجدے میں جاتے ہیں دعا کے لیے اگرچہ قبلہ رخ ہونا مستحب ہے مگر شرط نہیں جیسے ہم بارگاہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی جالیوں کے سامنے دعا کرتے ہیں جبکہ وہاں ہم قبلہ رخ نہیں کرتے بہرے کیف نہ میں لوگوں کو اس طرح غیر قبلہ رخ سجدہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں اور نہ ہی اپنے لیے تعظیم میں ہلکا سر جھکانے کو بھی جائز سمجھتا ہوں مسجد میں اپنے بیانات کی ویڈیو بنانے کے متعلق جو صدر صاحب نے کہا یہ سوال ان کو اپنے آپ کے متعلق کرنا چاہیے تھا، کیونکہ مسجد ہذا میں ہمارے بیانات کی ویڈیو اور سوشل میڈیا پہ اس کو پھیلانے کا کام خود صدر صاحب نے شروع کیا ۔ کیمرہ ان کا ہے۔ چینل ان کا ہے ۔ کمپیوٹر ان کا ہے ۔ سارا سیٹ اَپ ان کا ہے جو مسجد کے ذریعے سے کراتے ہیں اور پوری مسجد میں ۲۵ ؍ سے زیادہ کیمرے انھوں نے خود لگائے تین سال تک میرے بیانات وہ خود بناتے رہے ، مگر اب ذاتی رنجش کی وجہ سے میرے اوپر تھوپنا چاہتے ہیں۔ رہے ویڈیو کے معاملات تو ہمارے اکابر مفتیان کرام نے جن چیزوں میں اسے مباح قرار دیا ہے ۔ انھیں ضروریات شرع میں ہی میں بھی استعمال کرتا ہوں اور جب اہل سنت کے بڑے مفتیان شرع میں اس مسئلہ میں دو گروہ ہیں تو اس میں وسعت ہے ۔ اس لئے میں نے کبھی مخالفت نہیں کی۔ بس میری جانب سے یہ میرے اوپر لگائے الزامات کی وضاحت تھی اور میں اس کو حلفیہ بیان کرتا ہوں اور جو کچھ بیان کیا گیا اس میں کوئی جملہ جھوٹ نہیں کہا پھر بھی اگر یہ سب خطائیں ہیں تو میں آپ سب کو گواہ بنا کر اللہ رب العزت کی بارگاہ میں توبہ کرتا ہوں ’’استغفراللہ ربی من کل ذنب واتوب الیہ‘‘ ۔ (۱) حضور والا سے دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ صدر اور انتظامیہ کے متعلق کیا حکم شرع ہوگا کیا ایسے لوگوں کو معظم امور دینی کا صدر اور اراکین بنانا جائز ہے اور امام جس کی وضاحت کے بعد بھی اگر کوئی عالم دین کی دل آزاری کرے تو اس کے متعلق کیا حکم ہے ؟ (۲) امام مسجد مذکورہ پہ لگائے گئے الزامات اور ان کی وضاحت کے بعد ان پر کیا حکم شرع عائد ہوتا ہے ؟ آیا ان کی امامت و خطابت کو برقرار رکھا جائے یا معزول کیا جائے ؟ علاوہ کے ۹۰ ؍ فیصد لوگ اسی امام کو چاہتے ہیں اور بہت تھوڑے سے لوگ جن کی تعداد کل ۲۵ ؍ سے ۳۰؍ ہوگی جو اس امام کے پیچھے نماز نہیں پڑھنا چاہتے ۔ تو کیا چند لوگوں کے نماز نہ پڑھنے سے امام کو نکالا جائے گا اور امام مسجد کے توبہ کرنے کے بعد کیا ان کی توبہ کو قبول کیا جائے۔ پھر بھی اگر عالم اہل سنت کو اگر کوئی گالی گلوچ کرے تو اس سے متعلق کیا حکم شرع عائد ہوگا؟ امید ہے کہ قران و حدیث کی روشنی میں جواب عطا فرما کر اہل سنت و جماعت کے ایک بڑے طبقہ کو نزا ع و فتنہ سے بچائیں گے۔ اللہ تعالی آپ کے درجات کو بلند فرمائے۔ المستفتیان : احمد رضا قرشی ، عبد الواحد شیخ ، شکیل شیخ ، فاروق سید ، انیس ملا ، زاہد سید ، سلیم خان ، ممبئی ، مہاراشٹر جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب: (۱) اگر یہ بیانات واقعی ہیں تو مسجد کی انتظامیہ کمیٹی کے اراکین مع صدر حقوق اللہ و حقوق العباد دونوں میں گرفتار ہیں اور شریعت مطہرہ کے نزدیک سخت سزا کے سزا وار ہیں کہ انھوں نے مسجد کو اپنی ذاتی اغراض و مفاد کا ذریعہ بنانا چاہا۔ علمائے اہل سنت کو منافق و فتین کہا اور موجودہ امام پر بلا ثبوت شرعی تہمت و افترا کیا ، اور جب کہ امام صاحب خود ان الزامات کے حلفیہ منکر ہیں تو ان کی جانب بری باتوں کی نسبت کرنا بہتان و افترا اور اشاعت حرام ہے ، اعلی حضرت امام اہل سنت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : ’’بحال احتمال کبیرہ کی نسبت کسی مسلمان کی طرف جائز نہیں ‘‘ ، شرح فقہ اکبر، ص: ۸۷ میں حضرت علامہ ملا علی قاری سیدنا امام غزالی رضی اللہ تعالی عنہما سے ناقل ہیں ’’لا یجوز نسبۃ مسلم الی کبیرۃ من غیر تحقیق ‘‘ ۔ لہذا بلا تحقیق و ثبوت شرعی یہ دعوی جائز نہیں حدیث پاک میں ارشاد ہوا ’’ البینۃ علی المدعی والیمین علی من انکر‘‘ ۔ مذکور فی السوال افعال وامور کے مرتکبین کو مسجد کی رکنیت اور صدارت و نظامت سے معزول کرنا ضروری ہے۔ در مختار کتاب الوقف میں ہے :’’ینزع وجوبا ولو الواقف غیر مامون‘‘۔ مذکور فی السوال الزامات کی بابت امام صاحب کا وضاحتی بیان، ان کی برات ، مناسب و صحیح معلوم دیتی ہے الا یہ کہ مسجد میں کیمرے نصب کرنا بالالتزام و با ہتمام تصویر کشی کرنا مسجد کو آلات لہو ولعب کا ٹھکانہ بنانا حرام اور محراب و منبر پر اشد حرام ہے امام صاحب اگر برضا و رغبت بلا جبرو اکراہ یہ امور انجام دیتے تھے تو خصوصیت کے ساتھ اس فعل سے توبہ و رجوع کریں اور آئندہ اس سے باز رہیں بعد توبہ و رجوع مسجد سے انہیں معزول کرنا ہرگز جائز نہیں ۔ قال علیہ الصلاۃ والسلام:’’ التائب من الذنب کمن لا ذنب لہ‘‘۔ ردالمختار میں ہے: ’’ لا یصح عزل صاحب وظیفۃ بلا جنحۃ‘‘۔ (ج: ۴ ص:۵۸۰)امام صاحب کو گالی دینا سخت حرام ہے سرکار ابد قرار صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا : ’’سباب المسلم فسوق‘‘۔ کسی بھی مسلمان کو گالی دینا سخت گناہ ہے۔ اللہ عزوجل کے لیے حاضر و ناظر کا استعمال درست نہیں ۔ واللہ تعالی اعلم و علمہ احکم واتم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ رضوی دار الافتا ، بریلی شریف ۳ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۲ ھ / ۱۸ دسمبر ۲۰۲۰ ء الزامات کی واقعیت کا ثبورت بذمہ ملزم ہے ، پھر اگر مذکورہ کمیٹی ان امور کی مرتکب ہے تو سائلین نے اس کی بابت استفتا میں اتنی تاخیر کیوں کی ؟ بہر حال ، اگر فریقین پر الزامات ثابت ہیں تو ہر ایک پر بحکم شرع توبہ و رجوع واجب و واصب ہے ۔ فالجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ، مظفر پور مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

