صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ جنازہ کے مسائل

متن کا سائز
translateEnglish

امام کا مسجد کے روپیہ کو بلا اجازت لینا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ امام موصوف کو تین ہزار روپیہ میں کمیٹی کی طرف سے مقرر کیا گیا تھا ۔ کمیٹی امام موصوف کو تین ہزار روپیہ برابر ادا کر رہی ہے ، کچھ عرصہ سے امام موصوف جمعہ کے دن ڈبہ کے ذریعہ ہونے والے چندہ جو مسجد کے اخراجات کے لئے کیا جاتا ہے، بغیر کسی کے مشورے و اجازت کے لے جانے لگے ہیں ، جس پر عوام کو سخت اعتراض ہے ۔ برائے مہربانی، فرمائیں کہ امام کو وہ ڈبہ کا روپیہ لینا جائز ہے یا نہیں ؟ مہربانی ہوگی ۔ 

المستفتی : شاہد خان ، محلہ شہوازپور ، سہسوان ، بدایوں

جواب

 

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب :ڈبے میں آنے والی رقم مسجد کی ہے ، امام مسجد کو ہر ماہ مقرر اور طے شدہ رقم ملتی ہے، تو انہیں بغیر اجازت اس سے زیادہ لینا جائز نہیں ، توبہ کریں ۔

مساجد کے ائمہ، قوم کے مخدوم ہیں، ان کی خدمت کرناقوم کی ذمہ داری اور موجب ثواب و اجر عظیم ہے ۔ اس گرانی کے دور میں محض تین ہزار بطور تنخواہ امام صاحب کو دینا ظلم عظیم ہے ، مسجد کی اگر آمدنی نہ ہوتی ،عوام پریشان حال ہوتے تو الگ بات تھی ، مگر اللہ نے جب سب کو مرفہ الحال کیا ہے، تو امام صاحب بھی انسان ہیں، ان کی بھی اپنی ضروریات اور اپنے اخراجات ہیں ، اگر عوام ان کی ضرورت کا خیال نہ رکھیں گے، تو ان کو بھی امامت وغیرہ چھوڑ کر کسب معاش میں مصروف ہونا پڑے گا اور یہ دین میں بڑے رخنہ کا سبب ہو گا ۔

جاننا چاہیے کہ متأخرین علماء و فقہاء نے اسی ضرورت کے پیش نظر ائمہ و مؤذنین کو امامت واذان وغیرہ پر اجرت لینا جائز قرار دیا تھا ، کیونکہ پہلے ائمہ کی تنخواہ بیت المال سے مقرر تھی اور اب بیت المال کہاں ، تو اگر ائمہ و علماء بھی کسب معاش میں مبتلا ومصروف ہو گئے تو دین میں بڑا نقصان واقع ہو جائے گا ۔ پابندی سے نماز کون پڑھائے گا ؟ اذان کون دے گا ؟ بچوں کو قرآن کون پڑھائے گا ؟ وغیرہ وغیرہ ۔ لہذا یہ ضرورۃً جائز قرار دیا گیا ہے، مگر تین ہزار دینا، تو نہ دینے کے برابر ہے ۔

حدیث پاک میں آیا ہے : ’’ کاد الفقر ان یکون کفرا ‘‘ کبھی کبھی فقر و تنگدستی کفر کا سبب بن جاتی ہے ، جب تنگدستی کفر کا سبب بن سکتی ہے، تو گنہ و معصیت کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔امام عینی عمدۃ القاری میں فرماتے ہیں : ’’ وذلک لان الفقر ربما یحمل صاحبہ علی مباشرۃ ما لا یلیق باھل الدین والمرؤۃ و یھجم علی ای حرام کان ولا یبالی و ربما یحملہ علی التلفظ بکلمات تؤدیہ الی الکفر ‘‘ ۔ ایسا اس وجہ سے ہوتا ہے کہ فقر و تنگدستی کبھی کبھی ایسے کام پر بھی آمادہ کر دیتی ہے جو دین دار و باوقار حضرات کے شایان شان نہیں، اور حرام کے ارتکاب پر بھی ابھار دیتی ہے ، بلکہ کبھی تو اس کے سبب ایسے کلمات بھی زبان سے سرزد ہوجاتے ہیں جو مؤدی الی الکفرہوتے ہیں۔ نبی اکرمﷺنے اسی وجہ سے دعا میں کفر اور فقر دونوں سے پناہ مانگی ہے : ’’ اللھم انی اعوذ بک من الکفر و الفقر ‘‘ ۔ (رواہ ابو داؤد و احمد )

لہذا مسجد کے ذمہ داران کو چاہیے کی مسجد کی آمدنی سے امام صاحب کو کم از کم اتنی مشاہرہ پیش کریں جو ان کو تنگ دست و پریشان حال نہ ہونے دے۔ اور امام صاحب پر بھی لازم کہ اس کام سے باز آئیں اور اللہ کی بارگاہ میں خیانت سے توبہ و استغفار کریں ۔واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۱۴؍ صفر المظفر۱۴۴۳ ؁ ھ / ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۱ ؁ ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔