صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ خرید و فروخت

متن کا سائز
translateEnglish

پگڑی کا شرعی حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظا م مسئلہ ذیل میں کہ تقریباً ۲۰۔۲۵ سال قبل مسجد کے امام صاحب نے مسجد کے متولی سے مسجد سے متصل دکان بارہ ہزار روپیہ دے کر حاصل کی جس کا کرایہ امام صاحب ادا کرتے رہے مگر اب نئی کمیٹی قائم ہوئی ہے متولی نے دکان دوسرے شخص کے نام کر دیا ہے اس دوسرے شخص نے امام صاحب کو کچھ رقم اپنی طرف سے اور اپنی مرضی سے دکان خالی کرنے کے لئے دی اور کچھ رقم مسجد کے متولی کو بھی دی ۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ امام صاحب کو وہ رقم لینا جائز ہے یا نہیں ۔ قرآ ن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔

المستفتی: ۔ محمد کمال الدین ، محمد فہیم مسجد رنگریز ان محلہ پڑی ٹولہ بریلی شریف

جواب

۹۲؍۷۸۶

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : امام مذکور نے اگر دکان کی اصلاح و مرمت کرائی تھی جس کی مالیت آج نرخ بازاری کے حساب سے اتنی پہنچتی ہے جتنی انہوں نے وصول کی تو جائز ہے اور اگر یہ وصول کردہ رقم زیادہ ہو تو واپس کرنا لازم ہوگا اور امام مذکور کو وہ زائد رقم لینا جائز نہ ہوگا البتہ جو بارہ ہزار پیشگی رقم بطور زر ضمانت دیئے تھے اسے واپس لینے کے حقدار ہیں ، اور ان کا یہ زائد رقم لینا اس لئے ناجائز ہے کہ مستأجر (کرائے دار ) کو حق ثابت حاصل نہیں ہوتا کہ وہ صاحب حق کی ملکہ ہوتا ہے بلکہ حق مجرد حاصل ہوتا ہے جیسے شفیع کو حق شفعہ حاصل ہوتا ہے لہذا جس طرح شفیع حق شفعہ سے دستبردار ہونے کے لئے مال کے عوض مشتری سے صلح کرے تو یہ ناجائز ہوگا اسی طرح اگر ایک کرائے دار دوسرے کرائے دار سے مکان خالی کرنے کے لئے مال کے عوض صلح کر لے تو یہ بھی ناجائز ہے ۔ بدائع الصنائع میں ہے : ’’و لو صالح المشتری الشفیع من الشفعۃ علی مال ۔ لم یجز الصلح و لم یثبت العوض ، و بطل حق الشفعۃ ، أما بطلان الصلح فلانعدام ثبوت الحق فی المحل ؛ لأن الثابت للشفیع حق التملک ، و أنہ عبارۃ عن ولایۃ التملک ،و أنھا معنی قائم بالشفیع ، فلم یصح الاعتیاض عنہ ۔ فبطل الصلح و لم یجب العوض ۔ (ج:۶ ، ص:۱۴۰ ) ، ہاں تعمیراتی کام کرانے میں جورقم خرچ ہو ئی اسے لے سکتا ہے۔ در مختار و رد المحتار میں ہے : ’’ ولو آجر بالکثر تصدق بالفضل الا فی مسألتین : اذا آجرھا بخلاف الجنس أو اصلح فیھا شیئاًبأن جصصھا أو فعل فیھا مسناۃ کذا کل عمل قائم لان الزیادۃ بمقابلۃ ما زاد من عندہ حملا لا مرہ علی الصلاح کما فی المبسوط ۔ حضرت صدر الشریعہ اس کا خلاصہ یوں فرماتے ہیں : ’’ مستأجر نے مکان یا دکان کو کرائے پر دے دیا اگر اتنے ہی کرائے پر دیا جتنے میں خود لیا تھا یا کم پر تو خیر، اور زائد پر دیا ہے تو جو کچھ زیادہ ہے اسے صدقہ کرے ، ہاں اگر مکان کی اصلاح کی ہو، اسے ٹھیک ٹھاک کیا ہو، تو زائد کا صدقہ کرنا ضروری نہیں ۔۔۔ (بہار ، ج: ۳، ص: ۱۲۴ ) ۔ واللہ تعالی اعلم وصلی اللہ تعالی علی رسولہ الکریم و آلہ وسلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

رضوی دار الافتاء ۔ مرکز اہل سنت، بریلی شریف 

الجواب صحیح، محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

۲۵؍ ربیع النور  ۱۴۴۳ ھ ؁  م  ۱؍ نومبر  ۲۰۲۱ ء ؁

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔