صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل تمامیت مسجد کے بعد دیگر تعمیرکا شرعی حکمسوال کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں : ہمارے یہاں دستور یہ ہے کہ ایک شخص مسجد کے لئے زمین وقف کر دیتا ہے پھر جب اس زمین پر مسجد تعمیر کی جاتی ہے تو ذمہ داران مسجد اپنی صواب دید کے مطابق زمین کے ایک حصہ پر مسجد بناتے ہیں اور باقی حصے پر استنجا خانہ ، وضو خانہ ، امام کا حجرہ اور مسجد کی آمدنی کے لئے دکان بناتے ہیں کہیں کہیں ایسا بھی ہوتا ہے کہ گراؤنڈ فلور کو پارکنگ یا مکتب کے لئے مختص کر دیتے ہیں اور اوپر کے حصے کو مسجد کی حیثیت دیتے ہیں ۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ مسجد وقف ہو جانے کے بعد اس قسم کے تصرفات شرعاً درست ہیں یا نہیں ؟ کیا مسجد کی تمامیت کے لئے فقط زمین کا مسجد کے لئے وقف ہونا کافی ہے ؟ یا اس کے لئے کوئی اور بھی شرائط ہیں ؟ واضح ہو کہ یہ سارے امور یا ان میں سے بعض بوقت وقف ہی واقف کے ذہن میں ہوتے ہیں مگر واقف ان کی صراحت کئے بغیر پوری زمین مسجد کے لئے وقف کر دیتا ہے ۔ بینوا توجروا ۔ المستفتی : محمد شریف ، دھامنگر شریف بھدرک ، اڈیشہ جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : اگر واقف نے بوقت وقف کچھ تصریح نہ کی ہو یا واقف نے متولی کو حسب ضرورت و مصلحت تصرف کی اجازت دی ہو یا تصریح نہ ہو مگر قدیم سے عرف و عمل یہی چلا آرہا ہو کہ متولی و ذمہ داران حسب صواب دید اس کے بعض حصے پر مصالح مسجد کے لئے کچھ تعمیر کرتے ہیں ،تو بعد وقف قبل تمام مسجدیت، مصالح مسجد کے لئے اس وقف شدہ زمین کے بعض حصے پر استنجا خانہ ، وضو خانہ یا حوض یا دکانیں ، حجرئہ امام وغیرہ بنایا جا سکتا ہے کہ یہ سب چیزیں حوائج و مصالح مسجد سے ہیں ۔ ہندیہ میں ہے : ’’ فی الفتاوی الصغریٰ المتولی اذا انفق علی قنادیل المسجد من وقف المسجد جاز ۔۔۔ولو کان الوقف علی عمارۃ المسجد ھل للقیم ان یشتری سلما لیرتقی ۔۔۔ قال ابو نصر : للقیم ان یفعل ما فی ترکہ خراب المسجد ‘‘ ۔۔۔۔۔ ’’الاصح ما قال الامام ظھیر الدین : ان الوقف علی عمارۃ المسجد و علی مصالح المسجد سواء کذا فی فتح القدیر ‘‘ ۔ (ج: ۲ ، ص: ۴۳۰ )مزید اسی میں ہے : ’’ و ان لم یعرف شرط الواقف فی ذلک ینظر ھذا القیم الی من کان قبلہ ۔۔۔ ‘‘ (ج: ۲ ، ص: ۴۳۰ ) اور جبکہ اس شہر کا قدیم سے عرف یہی ہے جیسا کہ سائل نے ذکر کیا کہ ’’ایک شخص مسجد کے لئے زمین وقف کر دیتا ہے پھر جب اس زمین پر مسجد تعمیر کی جاتی ہے تو ذمہ داران (متولیان ) اپنی صواب دید کے مطابق زمین کے ایک حصہ پر مسجد بناتے ہیں اور باقی حصے پر استنجا خانہ ، وضو خانہ ، امام کا حجرہ یعنی مصالح مساجد کے لئے کچھ حصہ پر تعمیر کرتے ہیں، تو یہ بھی جائز ہے اور اگر واقف نے بوقت وقف اس کی صراحت کر دی ہو کہ مثلاً یہ زمین صرف نماز پڑھنے کے لئے ہے اور کرائے کی دکان ، امام کا مکان ، وضو خانہ و استنجا خانہ ،اس کے کسی حصے پر مصالح مسجد کے لئے کوئی تعمیر نہیں کی جائے گی تو اس شرط کا لحاظ ضروری ہوگا اورقبل تمام مسجدیت بھی اس وقف شدہ زمین پر سوائے مسجد کے ،کوئی تعمیر جائز نہ ہوگی کہ ’’ شرط الواقف کنص الشارع فی وجوب العمل بہ ‘‘۔ اور صورت مسئولہ میں امام ابو یوسف کے نزدیک وقف شدہ زمین پر مسجد کی شکل و صورت پر تعمیر و بنا مکمل ہو جانے پر ہو جائے گی کہ امام ابو یوسف کے قول پر زبان سے کہہ دینا یا تعمیر کا مکمل ہوجانا تمام مسجدیت کے لئے کافی ہے اور اگر تعمیرکچھ نہ ہوئی مگر اس حصہ زمین پر نماز ادا کر لی گئی تو بھی یہ تمام مسجدیت کے لئے کافی ہے ۔ مختلف جزئیات پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام مسجدیت کی کئی صورتیں ہو سکتی ہیں ، ایک تو یہی کہ مالک زمین کہہ دے کہ میں نے اتنے حصے (حصہ خاص ) کو مسجد کر دیا ( یعنی داخل و خارج مسجد کی تمیز کر دے ) اور پھر اس میں نماز پڑھ لی گئی تو وہ مسجد ہو گئی ، اگر چہ اس میں عمارت اصلاً نہ ہو ۔ (ھکذا فی الفتاوی الرضویہ ) اور یہ طرفین کے مذہب اور امام ابو یوسف کے مذہب کے درمیان تطبیق کی صورت ہو سکتی ہے کہ امام ابو یوسف کے نزدیک نماز پڑھنا تمام مسجدیت کے لئے لازم نہیں اور طرفین کے نزدیک قبض و تسلیم لازم ہے ، او رقبض و تسلیم ایک دفعہ نماز باجماعت پڑھ لینے سے ہو جاتا ہے ۔ لیکن رد المحتاروغیرہ کتب فقہ میں امام ابو یوسف کے قول کو مفتی بہ قرار دیا گیا ہے ، مگر سرکار اعلی حضرت نے تمام مسجدیت کے سلسلے میں امام اعظم کے ہی قول کو اختیار فرمایا ، فرماتے ہیں : ’’ مالک زمین نے اگر کہا کہ میں نے اس کو مسجد کر دیا اور اس میں نماز پڑھ لی گئی تو وہ مسجد ہو گئی ، اگر چہ اس میںعمارت اصلاً نہ ہو ، خالی زمین ہو ‘‘ ۔ ( فتاوی رضویہ : ج: ۱۲ ، ص: ۲۴۹ ) ایک اور جگہ فرمایا : ’’ مسجد ہونے کے لئے زبان سے مسجد کہنا شرط نہیں ‘‘ ۔ ہندیہ وغیرہ میں ہے:’’رجل لہ ارض ساحۃ لا بناء فیھا امر قوما ان یصلوا فیھا بالجماعۃ فھذا علی ثلثۃ اوجہ ۔۔۔۔۔ ‘‘ تمام مسجدیت کی دوسری صورت یہ ہو سکتی ہے کہ مالک زمین نے زبان سے کچھ تصریح نہ کی ، محض مسجد کی شکل و صورت پر تعمیر و بنا ہو گئی تو قول مفتی بہ پر(امام ابو یوسف کے نزدیک) محض تعمیر مسجد سے تمام مسجدیت ہو جائے گی اور طرفین کے قول کے مطابق بعد تعمیر نماز باجماعت سے مسجد یت تام ہوگی۔ فتاوی تاتارخانیہ میں ہے : ’’ حتی ان عندہ یصیر مسجدا بمجرد البناء و عندھما لا یصیر مسجدا بمجرد البناء ، ما لم یوجد القبض و التسلیم ۔۔۔۔ حتی انہ اذا بنی مسجدا و اذن للناس بالصلوۃ فیہ فصلی فیہ جماعۃ فانہ یصیر مسجدا ‘‘ ۔ ( ج: ۴ ص: ۴۶۲ ) رد المحتار میں ہے : ’’ (لو تمت المسجدیۃ ) ای بالقول علی المفتی بہ او بالصلوۃ فیہ علی قولھما ‘‘ ۔ فتاوی دارالافتاء مصریہ میں رد المحتار کی مذکورہ بالا عبارت کی تشریح ان الفاظ میں کی گئی ہے : ’’ ان مفھوم کلامھم انہ لا یلزم ھذا القول ، بل بنائہ علی صورۃ المسجد کاف عند ابی یوسف فی تمام مسجدیتہ ، لان ھذا البناء فعل منبئ عرفاً لجعلہ مسجدا ، و ھذا اذا لم یوجد منہ ما ینافی دلالۃ ھذا الفعل علی ذالک ‘‘ ۔(کلام علما سے مفہوم یہ ہوتا ہےکہ یہ کہنا کہ میں اس حصہ زمین کو مسجد کیا ،لازم نہیںبلکہ امام ابو یوسف کے نزدیک صورت مسجد پر تعمیر ہو جانا ہی تمام مسجدیت کے لئے کافی ہے، اس لئے کہ یہ تعمیر اس کے مسجد کئے جانے کی عرفا مشعر ہے اور یہ اس صورت میں ہے جبکہ بانی سے کوئی ایسا فعل نہ صادر ہو جو دلالتاً اس فعل کے منافی ہو ( ج: ۶ ، ص: ۳۳۲ ، احکام الوقف ، فتاوی فی مسائل متفرقۃ ، وقف المسجد و بناء فوقہ) نیز سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ مسجد اگر صورت مسجد پر بنائی اور راستہ اس کا شارع عام تک جدا کر دیا اور مسلمانوں کو اس میں نماز پڑھنے کی اجازت دی تو بلا شبہ وہ مسجد ہو گئی ‘‘ ۔ (ج: ۱۲ ص: ۲۶۹ ) ۔ ’’لہذا تمام مسجدیت کے لئےدرج ذیل امور ضروری ہیں : (۱) مسجد کی جگہ مقرر کر دے ۔ (۲) اگر وہ جگہ شارع پر ہو تو ٹھیک،اور اگر شرع عام پر نہ ہو، مسجد سے شارع عام تک مسجد کے لئے راستہ بھی مقرر کر دے اگر مسجد کی چہار جانب دوسرے کی ملک محیط ہے تو مسجد نہیں اگر چہ زمین دینے والے کی اجازت سے اس میں نماز باجماعت ادا کر لی گئی ہو ۔ (۳) امام ابو یوسف کے نزدیک یہ کہنا کہ میں نے اس زمین کو مسجد کے لئے وقف کیا اور لوگوں کو اس میں نماز کی اجازت دینا کافی۔ (۴) امام محمد کے نزدیک یہ بھی شرط ہے کہ اذان و اقامت کے ساتھ اس میں نماز ادا کی جائے ۔ (۵) امام اعظم ابو حنیفہ سے اس تعلق سے دو روایتیں ہیں : (الف ) امام محمد کی روایت جو ان کا قول بھی ہے کہ اذان و اقامت کے ساتھ تنہا ایک آدمی کا نماز پڑھنا کافی ہے ۔ (ب) حسن بن زیاد کی روایت امام ابو حنیفہ سے کہ یہ بھی ضروری ہے کہ کم از کم دو آدمی اذان و اقامت کے ساتھ بعد اجازت نماز ادا کرے۔ فقیہ النفس علامہ قاضی خان نے امام محمد کی روایت کے بالمقابل حسن کی روایت کو صحیح قرار دیا ہے اور اعلی حضرت ،قاضی خان کے بارے میں فرماتے ہیں : ’ ما رجحہ قاضی خان ھو الراجح ‘‘۔ (۶) اگر ایک شخص کو اس کا مؤذن و امام مقرر کر دیا تو اس کا تنہا اذان و اقامت کے ساتھ نماز ادا کرنا جماعت کے ساتھ ادا کرنے کے قائم مقام ہے۔ (۷) اس طرح اگر مسجد تعمیر کر کے کسی کو متولی بنا کر اس کو تسلیم کر دیا تو وہ مسجدہو جائیگی۔ اس بارے میں احناف سے کوئی روایت منقول نہیں ، مشائخ میں اختلاف ہے ، شمس الائمہ سرخسی نے مسجد ہونے کو اختیار فرمایا اور فقیہ النفس علامہ قاضی خان نے شمس الائمہ سرخسی کے قول کی تعلیل بھی کی ہے جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ علامہ قاضی خان، شمس الائمہ سرخسی کے اختیار کو راجح قرار دیتے ہیں‘‘ ۔ ( از افادات قاضی صاحب مد ظلہ العالی ) رہا عین مسجد کے اوپر یا نیچے پارکنگ یا شادی ہال یا رہائشی مکان یا کوئی ایسی تعمیر جو خالص مسجدیت کے منافی ہو اور نہ مصالح مسجد سے ہو تو یہ بعد تمام مسجدیت تو کیا قبل تمام مسجدیت بھی جائز نہیں ،اس لئے کہ مسجد کا خالص اللہ کے لئے ہونا ضروری ہے ۔ فرمان باری تعالی ہے : ( ان المساجد للہ )۔ لہذا مصالح مسجد کے علاوہ قبل تمام مسجدیت ( چہ جائے کہ بعد تمام مسجدیت ) اوپر یا نیچے کسی قسم کی ایسی تعمیر جو مسجدیت کے منافی ہو ، جائز نہیں کہ جو جگہ مسجد ہو گئی ،وہ اب تحت الثریٰ سے ملا ء اعلی تک محترم باحترام مسجد ہے اور جس مسجد کے تحت یا فوق پارکنگ یا کوئی اور غیر مناسب تعمیر جو مصالح مسجد سے نہ ہو ، مسجد کی حرمت پامال کردےگی ۔ در مختار میں ہے : ’’ کرہ تحریماً الوطء فوقہ والبول والتغوط لانہ مسجد الی عنان السماء ‘‘ (ج: ۱ ، ص: ۷۰۷ ،۔ دار الفکر ) رد المحتار میں ہے : ’’ (لانہ مسجد ) علۃ لکراھۃ ما ذکر فوقہ ۔ قال الزیلعی : و ھذا یصح اقتداء من علی سطح المسجد بمن فیہ اذا لم یتقدم علی الامام ۔ ولا یبطل الاعتکاف بالصعود الیہ ۔ ولا یحل للجنب والحائض والنفساء الوقوف علیہ ؛ ولو حلف لا یدخل ھذہ الدار فوقف علی سطحھا یحنث اھ ۔ قولہ : (الی عنان السماء ) ۔۔۔۔ وکذا الی تحت الثریٰ (ایضا) لہذا مسجد کے تحت و فوق کا وہی حکم ہے جو مسجد کا ہے ،تو نماز کے علاوہ کسی اور شی کی غرض سے اس کے اوپر یا نیچے تعمیر، مساجد کے مقاصد اصلیہ سے اسے دور کر دے گی ۔ بطور دلیل اس پر بالترتیب کتبِ فقہ سے جزئیات ملاحظہ کریں : البحر الرائق میں ہے : ’’ حاصلہ ان شرط کونہ مسجدا ان یکون سفلہ و علوہ مسجدا لینقطع حق العبد عنہ لقولہ تعالی : (و ان المساجد للہ ) بخلاف ما اذا کان السرداب او العلو و فقا لمصالح المسجد فانہ یجوز اذ لا ملک فیہ لاحد بل ھو من تتمیم مصالح المسجد فھو کسرداب مسجد بیت المقدس ھذا ھو ظاھر المذھب و ھناک روایات ضعیفۃ مذکورۃ فی الھدایۃ و بما ذکرناہ علم انہ لو بنی بیتا علی سطح المسجد لسکنی الامام فانہ لایضر فی کونہ مسجدا لانہ من المصالح ‘‘۔ رد المحتار میں ہے : ’’ فی القھستانی : ولا بد من افرازہ ای تمییزہ عن ملکہ من جمیع الوجوہ فلو کان العلو مسجدا و السفل حوانیت أو بالعکس لا یزول ملکہ لتعلق حق العبدیۃ ‘‘ ۔ (ج:۴، ص:۵۱۲ ) حاشیۃ العلامۃ الشلبی علی التبیین میں ہے : اتخاذ المسجد عرف بالشریعۃ و فی الشریعۃ لم یکن المسجد الاو فوقہ و تحتہ للہ فکل مسجد لم یکن کذالک بان لا یکون خالصۃ للہ تعالی لم یجز ۔۔ ‘‘ ’’فان قیل لو جعل تحتہ حانوتا و جعلہ وقفا علی المسجد قیل لا تستحب ذلک لکنہ لو جعل فی الابتداء ھکذا صار مسجدا و ما تحتہ وقفا علیہ ۔۔۔ ‘‘ ہندیہ میں ہے : ’’ اذا اراد انسان ان یتخذ تحت المسجد حوانیت غلۃ لمرمۃ المسجد او فوقہ لیس لہ ذلک کذا فی الذخیرہ ‘‘ (ج: ۴ ، ص: ۴۲۶ ) ۔ ہاں اگر مسجد کے اوپر یا نیچے قبل تمام مسجدیت مکتب و مدرسہ کرائے پر قائم کیا، یا بعد تمام مسجدیت مسجد میں تعلیم دی جائے تو یہ بعض شرائط کے ساتھ جائز ہے اور یہ ذہن نشین رہے کہ اوپر یا نیچے کی جگہ بہر حال مسجد ہے ، اس کا وہی احترام ہے جو مسجد کا ہے اور اس میں وہ کچھ جائز نہیں جو مسجد میں نا جائز ہے اور جن شرائط کی پابندی ضروری ہیں وہ یہ ہیں :’’(۱) تعلیم دین ہو ۔ (۲) معلم سنی صحیح العقیدہ ہو نہ وہابی و غیرہ بد دین کہ وہ تعلیم کفر و ضلال کرے گا ۔ (۳) معلم بلا اجرت تعلیم کرے کہ اجرت سے کار دنیا ہو جائے گی ۔ (۴) نا سمجھ بچے نہ ہوں کہ مسجد کی بے ادبی کریں ۔ (۵) جماعت پر جگہ تنگ نہ ہو کہ اصل مقصدِ مسجد جماعت ہے (۶) غل شور سے نمازی کو ایذا نہ پہنچے (۷) معلم خواہ طالب علم کسی کے بیٹھنے سے قطع صف نہ ہو ۔ (فتاویٰ رضویہ )۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتاء مرکز اہل سنت ، بریلی شریف الجواب صحیح محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ۲۰ / ذو الحجہ ۱۴۴۳ ھ ۲۰ / جولائی ۲۰۲۲ ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

