صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ خرید و فروخت

متن کا سائز
translateEnglish

عمرہ کمپنی میں بروکر کا شرعی حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع مسئلہ ذیل میں کہ :

ایک عمرہ کمپنی جو کہ لوگوں کو عمرہ پر بھیجتی ہے، وہ کمپنی اپنے ریٹ دے دیتی ہے مثلاً عید میلاد النبی ﷺ کے ریٹ اس کمپنی نے  -/ ۵۰۰۰۰رکھے اب زید جو کہ اس کمپنی میں کچھ کام نہیں کرتا ہے وہ اپنا آفس کھولتا ہے اور اپنے تحت پانچ آفس کھولتا ہے زید ان آفس سے  -/ ۵۵۰۰ روپیہ پر بندہ لیتا ہے اور اسی کے ساتھ وہ پاسپورٹ ، آدھار اور دوسرے ڈیکیومینٹ لیتا ہے وہ آفس والے لوگوں کو اکٹھا کر کے زید تک دیتےہیں اور اسی کے ساتھ اس کو  -/۵۵۰۰ روپیہ بھی، اور وہ لوگ خود لوگوں سے  -/۶۰۰۰ لیتے ہیں زید اس کمپنی کو  -/۵۰۰۰۰ دیتا ہے اور خود  -/۵۰۰۰ رکھتا ہے تو زید نہ ہی اس کمپنی کا اجیر خاص ہے نہ عام ایسے ہی وہ آفس والے ، تو اس میں زید کا ایسے کام کرنا کیسا ہے اور ان پانچ آفس والوں کا کام کرنا کیسا ہے ۔ جواب عنایت فرماکر عند اللہ ماجور ہوں ۔

المستفتی : محمد فضیل رضا قادری

متعلم جامعہ رضویہ منظر اسلام  

بریلی شریف

جواب

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : صورت مسئولہ ایک قسم کی دلالی اور ’’ سَمْسَرہ ‘‘ ہے اور دلالی کی اجرت اپنے اصل کے لحاظ سے جائز نہیں مگر فقہائے کرام نے احتیاج ناس کی وجہ سے اس کے جواز کا حکم فرمایا ہے ۔ الاشباہ والنظائر میں ہے : ’’ اجرۃ المنادی والسمسار والمحامی و نحوھا جائزۃ للحاجۃ ‘‘ و فی شرحہ : ’’ فی الولوالجیۃ اجرۃ السمسار ۔۔۔ وما اشبہ ذلک مما لا تقدیر فیہ للوقت ولا مقدار لما یستحق بالعقد و للناس فیہ حاجۃ جائزۃ و ان کان فی الاصل فاسدا  لحاجۃ الناس الی ذلک (انتھی) ‘‘ (غمزعیون البصائر : ج:۳ ، ص: ۱۳۵ ) اور خانیہ میں ہے کہ امام محمد رحمۃ اللہ تعالی علیہ نے دلال کے استئجار کا یہ حیلہ بیان فرمایا ہے کہ دلال کو کسی معلو م شئی خریدنے یا بیچنے کا حکم دے اور ابتداً اجرت بیان نہ کرے پھر کام ہو جانے کے بعد ہبۃً یا محنتانہ کے طور پر اسے کچھ دے دے تو یہ حاجت ناس کی وجہ سے جائز ہوگا۔ : ’’ ذکر محمد رحمہ اللہ تعالی الحیلۃ فی الاستئجار السمسار و قال : یأمرہ أن یشتری لہ شیأً معلوماً أو یبیع ولا یذکر لہ اجراً اولاً ، ثم یواسیہ بشیئ اما ھبۃ أو جزآء  لعملہ فیجوز ذلک لمساس الحاجۃ ‘‘ (خانیۃ : ج: ۲ ، ص: ۲۲۹ ) اور یہ جواز کا حکم بعض شروط و قیود کے ساتھ مشروط و مقید ہے ، من جملہ یہ کہ دلال محض زبانی باتیں اور مشورے دے کر اجرت حاصل نہ کرے بلکہ دوڑ دھوپ تگ ودو اور محنت و کوشش بھی کرے پھر اس محنت کے مقابلے میں وہ واجبی اجرت کا مستحق ہوگا نہ کہ طے شدہ کا ، بشرطیکہ طے شدہ اجرت اجر مثل سے کم نہ ہو اور اگر کم ہو تو وہی متعین ہو گی ۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ اجرت آنے جانے اور محنت کرنے کی ہوتی ہے نہ بیٹھے بیٹھے دو چار باتیں کہنے ، صلاح بتانے مشورہ دینے کی ۔ (رضویہ : ج:۱۴ ، ص: ۱۹۴ ) لہذا مذکورہ فی السوال صورت میں جبکہ زید اور اس کے علاوہ دیگر لوگوں کے ذمہ کوئی کام نہیں محض واسطہ بننا اور دلالت و اشارہ کرنا ہے تو وہ کسی اجر کے مستحق نہیں اور ان کا یہ پانچ ہزار روپیہ لینا جائز نہیں ۔ رد المحتار میں ہے : ’’ الدلالۃ والاشارۃ لیست بعمل یستحق بہ الاجر ‘‘ ۔ (۔۔۔۔۔ ) شرح اشباہ میں ہے : ’’ فإن دلہ من غیر مشی فھو باطل ‘‘ و بعد اسطر : ’’ لو دلہ بالکلام فلا شی لہ ‘‘ ۔ اور اگر زید بائع یا کمپنی کی جانب سے بھاگ دوڑ کرتا ہے ، لوگوں کو عمرہ پر بھیجنے اور انہیں سہولت پہچانے میں تگ و دو اور اپنا وقت صرف کرتا ہے تو اجر مثل کا مستحق ہوگا یعنی اتنی مشقت اور محنت کرنے کی جو واجبی اجرت بنتی ہے ، اتنی ہی اجرت کا حقدار ہوگا ۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ اگر بائع کی طرف سے محنت و کوشش و دوادوش میں اپنا زمانہ صرف کیا صرف اجر مثل کا مستحق ہوگا یعنی ایسے کام میں اتنی سعی پر جو مزدوری ہوتی ہے اس سے زائد نہ پائے گا اگر چہ بائع سے قرار داد کتنے ہی زیادہ کا ہو اور اگر قرارداد اجر مثل سے کم کا ہو تو کم ہی دلائیں گے کہ سقوط زیادت پر خود راضی ہو چکا ‘‘ ۔ (رضویہ : ج:۱۴ ، ص : ۱۹۵ ) ۔ واللہ تعالی اعلم و صلی اللہ تعالی علی رسولہ الاکرم و آلہ و سلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتاء مرکز اہل سنت، بریلی شریف

الجوا ب صحیح

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی

۱۶ / ذو الحجہ ۱۴۴۳ ؁ ھ //۱۶ / جولائی ۲۰۲۲ ؁ ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔