صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل شان مولی علی میں کہے گئے چند غیر مناسب اشعار کا شرعی حکمسوال السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین درج ذیل اشعار کے بارے میں ان اشعار کا پڑھنا کیاسا ہے ؟ نیز ان اشعار کے اندر جو شان علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم کو بیان کیا گیا ہے کیا وہ از روئے شرع درست ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ انبیاء کے سروں میں تھی ہوائے مرتضیٰ اولیا بھی جان و دل سے ہیں فدائے ۔مرتضیٰ۔ انبیاء بھی اس کے زیر سائی ہوں گے حشر میں ہے لوائے احمدی بے شک لوائے مرتضیٰ ۔ خانہ میلاد مولی خاص بیت اللہ ہے لا مکان و عرش ہیں دولت سرائے مرتضیٰ ۔ اہل قبلہ کے ہیں کعبہ اہل ایماں کے امام ہر نمازی پر ہے واجب اقتدائے مرتضیٰ ۔ سجدہ گاہ اولیا ہے نقش پائے مرتضیٰ کعبہ اہل ولایت ہے سرائے مرتضی ۔ بالخصوص اشعار تالیہ کو پڑھنا اور ان پر ایمان رکھنا از روئے شرع کیسا ہے ؟ جتنے گزرے خلق میں عالی مراتب سب سے تم مثل پیغمبر ہو بڑھ کر یا علی مرتضی ۔ مستفتی مولانا سہیل رانا رضوی ڈومکول ۔ مرسدااباد ۔ بنگال ۱۰ ۔ ۴ ۔ ۲۰۲۳ جواب ۷۸۶ / ۹۲ الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب : پہلے شعر کا پہلا مصرع بہزار کوشش ہماری فہم قاصر میں نہ آ سکا اور سیاق و سباق سے ملا کر بھی اس کا کوئی صحیح معنی و مفہوم واضح نہ ہو سکا ، اگر’’ ہوا‘‘ سے ’’حب و ولا‘‘ مراد لیا جائے، تو محبت سروں میں نہیں قلوب میں ہوتی ہے ، احترام سروں پر ہوتا ہے۔ پھربایں معنی حضور علیہ السلام کے آل و اصحاب اوران کی محبت کا انبیا کے قلوب میں ہونا کوئی بعید یا قابل گرفت بات نہیں ، خود پروردگار عالم اپنے حبیب علیہ السلام کے آل و اصحاب اور سچے متبعین (رضی اللہ تعالی عنھم اجمعین )سے محبت فرماتا ہے۔(قل ا ن کنتم تحبون اللہ فاتبعونی یحببکم اللہ) ممکن ہے کہ ’’ ہوائے مرتضیٰ ‘‘ کے علاوہ کوئی اور لفظ ہو ، جو نسخ و کتابت میں تبدیل ہو گیا ہو یا سباق میں کوئی تغیر واقع ہوا ہو ، جب اس کا معنی و مفہوم ہی واضح نہیں تو حکم کیا بنے ۔ (۲) البتہ دوسرے شعر کا مفہوم، غلط و خلاف شرع معنے کا موہم بلکہ مشعر و منجر الی الضلال و الوبال ہے ، اسکا پڑھنا پڑھوانا ہرگز جائز نہیں۔ بیشک حضور علیہ الصلوۃ و السلام سے روز خیبر مولی علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کو عَلم و لِوا عطا فرمانا ثابت ہے ، مگر وہ لوا جسے لواء الحمد کہا جاتا ہے اور جس کے سائے تلے آدم و بنی آدم ، انبیاء و ماسوا ہوں گے، وہ آخرت میں ہمارے نبی کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم کو عطا فرمایا جائے گا اور یہ حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی ایسی فضیلت و منزلیت اور خصوصیت ہے جس میں کوئی حضور علیہ الصلوۃ و السلام کا شریک و سہیم نہیں ۔ حدیث پاک میں آتا ہے کہ : ’’ انا ولد ادم یوم القیامۃ ولا فخر بیدی لواء الحمد و لا فخر و ما من نبی یومئذ آدم فمن سواہ الا تحت لوائی ‘‘ شاعر نے یہاں کو وہاں پر قیاس کرتے ہوئے اور اس لوا کو اس لوا سےگویا تشبیہ دیتے ہوئے ، صغریٰ و کبریٰ فٹ کرکے کمال جرأت و ہمت کے ساتھ یہ مغالظہ دینے کی کوشش کی کہ تمام انبیاء لوائے مرتضی کے سائے تلے ہوں گے ۔۔۔ کہ ’’ہے لوائے احمدی بیشک لوائے مرتضیٰ ‘‘ یہ سراسر غلط اور غلو و افراط ہے ، اور تنقیص و تخفیف انبیاء کا پہلو رکھتا ہے کہ غیر نبی کو نبی پر فضیلت دینے کی سعی کی گئی ہے ۔ اس سے نہ صرف تفضیلیت بلکہ رافضیت کی بھی بو آتی ہے ، اس شعر کو پڑھنا ہرگزہرگز جائز نہیں ۔ (۳)تیسرے شعر کے دوسرے مصرع میںہے: ’’ لا مکان و عرش ہے دولت سرائے مرتضیٰ ‘‘ ۔ لامکاں اور عرش مترادفین نہیں ، عرش اپنی تمام تر رفعت و منزلت اور بلندمقامی کے، بہر حال مکان ہے ، اور لا مکاں کہتے ہیں عرش معلیٰ سے بھی ما وریٰ اور بلندی کو ، جہاں مکان کا بھی تصور نہیں رہ جاتا ، اسی لئے اسے لا مکاں کہا جاتا ہے ۔ عرش کا دولت سرائے مرتضیٰ ہونا تو ایک مفہوم رکھتا ہے ، مگر لا مکاں کو اس کے حقیقی معنیٰ مراد لے کر دولت سرائے مرتضیٰ کہنا بھی غلو و افراط اور شرک فی خصائص الرسول کی قبیل سے ہوگا کہ مخلوق میں یہ فضیلت و خصوصیت ہمارے بنی اکرم ﷺ کو شب معراج نصیب ہوئی ، جب عرش بریں سے بھی ما وریٰ قرب خاص سے مشرف فرمایا گیا ، جسے علماء نے لا مکاں سے تعبیر کیاہے : ؎ وہی لا مکاں کے مکیں ہوئے سرِ عرش تخت نشیں ہوئے وہ نبی ہے جس کے ہیں یہ مکاں وہ خدا ہے جس کا مکاں نہیں اگر بطور مجاز ’لا مکاں‘ کو عرش کے ہم معنی مراد لے کر جواز کی صورت نکالنے کی کوشش کریں تو اس میں تکلف اور تاویل بے جا ہوگی ۔ اس شعر کو بھی پڑھنا جائز نہیں ، رد المحتار میں ہے : ’’ مجرد ایھام المعنی المحال کاف فی المنع ‘‘ ۔ (۴)پانچویں شعر میں تعبیر کی غلطی ہے ، لفظ ’’ سجدہ گاہ ‘‘ کا استعمال درست نہیں معلوم ہوتا،اگر یہ لفظ نہ ہوتا تو اس کی تاویل سرکار اعلیٰ حضرت کے اس شعر کے بمطابق ہو سکتی تھی کہ ؎ سر بھلا کیا کوئی جانے کہ ہے کیسا تیرا اولیا ملتے ہیں آنکھیں وہ ہے تلوا تیرا (۵)اور رہا مخصوص بالذکر شعر کا تعلق تو اس کی بھی ایک صحیح تاویل ہو سکتی تھی جیسے کہا جاتا ہے کہ ؎ غوث اعظم درمیان اولیاء چوں محمد درمیان انبیاء مگر شاعر نے یہ کہہ کر: ’’ جتنے گزرے خلق میں عالی مراتب سب میں تم ‘‘ جو تعمیم کر دی اس سے تفضیلیت کا عنصر پیدا ہو گیا ہے، اور عام مخصوص منہ البعض کا بھی کوئی قرینہ نہیں ، اس سے بھی احتراز کا حکم ہوگا ۔ بہر حال مذکور فی السوال اشعار میں بعض اگر چہ صحیح المعنی اور بعض مؤول ہیں مگر بہت سے اشعار ایسے بھی ہیں جو بظاہر غلو و افراط اور تفضیلیت کا اثر معلوم دیتے ہیںاور بادی النظر میں خلاف عقائد اہل سنت معنی کا وہم پیدا کرتے ہیں جن کی نشاندہی کر دی گئی ہے ، ان اشعار کا پڑھنا اور اس طریقے پر مولی علی شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم کی مدحت سرائی کرنا نا درست و ناجائز ہے ۔ خود مولائے کائنات کے فرمان کے خلاف ہے ۔ البتہ محتمل المعانی کلام سے قائل پر یقین و اذعان کے ساتھ حکم نہیں لگایا جا سکتا ، ممکن ہے کہ قائل کی مراد کچھ اور ہو لہذا ایسے معاملات اور حالات میں ایک قاعدہ یاد رکھنے کا ہے کہ ’’ کل اناء یترشح بما فیہ ‘‘برتن سے وہی ٹپکتا ہے جو اس میں ہوتا ہے، اگر قائل کی ذات پہلے سے ہی رفض و تفضیلیت سے متہم اور اس حوالے سے مشکوک تھی یا وہ اس طرح کی باتیں کرنے کا عادی تھا تو اس کی عبارتوں میں اگر چہ احتمال ہو اس کی خبیث عادت کی بنا پر معنی خبیث ہی اس سے مفہوم ہوگا اور اگر سنی صحیح العقیدہ تھا تو معنی صحیح پر محمول کرنے اور تاویل صحیح کرنے کی کوشش کی جائے گی، اگر چہ اشعار کو معنی محال کے موہم ہونے کی وجہ سے پڑھنے کی اجازت نہیںدی جائے گی کہ عوام کا ذہن دقیق توجیہ کی طرف نہ جائےگا اور ان کے فساد عقیدہ کا سبب بنےگا ۔ حدیث پاک میں ہے :’’ایاک وما یعتذر منہ‘‘ تا ہم ان اشعار کا پڑھنا حرام کہ ان میں بعض منجرالی الرفض و الضلال ہیں ، لیکن تاویل کے سبب قائل کو کافر و گمراہ نہیں کہیںگے ۔ واللہ تعالی و رسولہ اعلم و صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و اصحابہ و سلم۱۲ کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ الجواب صحیح، واللہ تعالی اعلم از رضوی دار الافتا ۔مرکز اہل ست محمد مطیع الرحمٰن غفر لہٗ رضوی بریلی شریف صح الجواب، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۲۰ /رمضان المبارک ۱۴۴۴ ھ محمد افروز عالم نوری غفر لہٗ ۱۲/اپریل ۲۰۲۳ ء خادم التدریس و الافتاء ، جامعہ رضویہ منظر اسلام ،بریلی شریف مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

