صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۷۷۵

متن کا سائز
translateEnglish

فی زمانہ گاؤ کشی شرعا جائز ہے یا نہیں

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

 محترم مفتیان کرام !

عرض یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے بعض مخصوص جانوروں کے ذبح اور ان کے گوشت کی خرید و فروخت پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان جانوروں کے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر لوگوں کو نہ صرف سنگین قانونی دفعات کے تحت گرفتار کیا جا رہا ہے ، بلکہ بعض اوقات ان پر تشدد، قید، بھاری مالی جرمانے اور حتی کہ جان سے مارنے جیسے واقعات بھی پیش آرہے ہیں ۔ بعض جگہوں پر گھروں میں چھاپے مار کر گوشت کی تفتیش کی جاتی ہے اور مردوں اور خواتین کی بے عزتی کی جاتی ہے ۔ ان تمام خطرات اور مشکلات کے باوجود بعض لوگ چوری چھپے ان جانوروں کو ذبح کرتے اور ان کا گوشت بیچتے یا خریدتے ہیں ۔ ان حالات میں درج ذیل امور کے بارے میں شرعی  رہنمائی مطلوب ہے :

1۔موجودہ حالات میں چوری چھپے ان حکومتی ممنوعہ جانوروں کو ذبح کرنا اور ان کے گوشت کی خرید و فروخت کرنا شرعا کیسا ہے؟

2 ۔ ان جانوروں کو ذبح کرنے والوں اور ان کا گوشت خریدنے والوں کے بارے میں شریعت کیا حکم دیتی ہے؟

3۔ مذکورہ گوشت کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کا شرعی حکم کیا ہے ؟

قرآن و سنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں مدلل و مفصل جواب مرحمت فرما کر عند اللہ ماجور ہوں ۔ والسلام

المستفتی : حافظ ذاکر خاںنوری ، خطیب و امام صابری مسجد و تنظیم ائمہ مساجد پورن پور ضلع پیلی بیت( یو پی)

جواب

 الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : سائل مظہر ہے کہ مخصوص جانور سے اس کی مراد بقر ہے تو جاننا چاہئےکہ ذبحِ گاؤ اپنی حد ذات کے اعتبار سے فی نفسہ مباح ہے اور مباح امور کبھی امور خارجہ کی طرف نظر کرتے ہوئے واجب لغیرہ ہو جاتے ہیں اور کبھی امور خارجہ کے لحاظ میں حرام لغیرہ کے درجے تک پہنچ جاتے ہیں ، سرکار اعلی حضرت کے زمانے میں ذبحِ گاؤ پر قانوناً کوئی پابندی عائد نہ تھی مشرکین ہنود اپنے غلبہ و کثرت کے اظہار واعلان میں بلاوجہ اثارت فتنہ کرتے تھے اور جو لوگ ذبحِ گاؤ ترک کرتے تھے تو خوشنودئ ہنود میں کرتے تھے یہ حالات و امور خارجہ اس بات کے مقتضی ہوئے کی مباح صرف مباح نہ رہے بلکہ واجب لغیر ہ ہو جائے، اسی وجہ سے اس زمانے میں فتوی اس پر تھا کہ ذبحِ گاؤ کو جاری رکھنا واجب لغیر ہ ہے اور خوشنودئ ہنود میں اس کا ترک حرام لغیرہ ہے ، مگر فی زماننا جبکہ عرف و مصالح بدل گئے ذبحِ گاؤ پر طرح طرح کے قوانین وضع کر دیے گئے، سخت سزائیں مقرر کر دی گئیں ہیں ، اور اب ذبحِ گاؤ کرنے پر جان ،مال ،عزت و آبرو کے فوت ہونے کا قوی اندیشہ ہے ،بلکہ بسا اوقات ان چاروں کے بیک وقت فوت ہونے کا نہ صرف اندیشہ بلکہ پکڑے جانے پر یقین ہوتا ہے ، ایسی صورت میں یہ فعل مباح، امور خارجہ کا لحاظ کرتے ہوئے تا وقت پابندی شرعاً ممنوع ہے ۔ پہلے خاطر مشرک کے لیے اس کا بند کرنا حرام لغیرہ تھا ، مگر آج خاطر و خوشنودئ مشرک میں اس سے باز نہیں رہا جا رہا ، بلکہ مسلم کی جان مال ،عزت و آبرو کی حفاظت کی خاطر اس سے باز رہنے کا حکم دیا جا رہا ہے ، بالفاظ دیگر زمانۂ ماضی میں اس کو کرنا عزت و شوکت اسلام پر دلالت کرتا تھا اور اسے چھوڑ دینے میں توہین اسلام و مسلمین اور غلبۂ کفر و کفار متصور ہوتا تھا اس لیے اس زمانے میں باقتضائے پامور خارجہ ذبحِ گاؤ نہ صرف مباح بلکہ واجب بغیر ہ تھی اور ارضائے کفار میں اس کا ترک حرام لغیرہ تھا ، مگر اب عرف بدل گیا ، ملک ہندوستان میں متشدد کفار و مشرکین کا غلبہ و حکومت ہے ، انہوں نے اس شعار اسلام کو قانوناً بند کر دیا ہے اور اسے جرم قرار دے کر متعدد سخت قسم کی سزائیں مقرر کر دی ہیں ، ان حالات میں شریعت مطہرہ فی الوقت اس کو کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتی ، بلکہ منع فرماتی ہے ۔ یہ حکم عرف و مصالح پر مبنی اور انہیں کے ساتھ دائر تھا ، زمانے میں اس کے بدلنے سے حکم بھی بدل گیا ، اب اس کو کرنا اپنے آپ کو ذلت بلکہ ہلاکت کے لیے پیش کرنا ہوگا اور اللہ تبارک و تعالی فرماتا ہے: ( لا تلقوا بایدیکم الی التھلکۃ ۔۔۔ الآیہ ) ، اس لیے فی زماننا ان حالات میں اس کا ترک شرعاً اشد ضروری ہے اور یہ بعض رہنا اس وجہ سے نہیں کہ تارک، ذبحِ گاؤ کو فی نفسہ مباح نہیں سمجھتا بلکہ اپنی جان مال عزت آبرو کی حفاظت کی وجہ سے ہے کہ شرع کو ان کی حفاظت مطلوب ہے ، اس کی نظیر مشرکین کے باطل خداؤں کو سب و شتم کرنے کا مسئلہ ہے کہ فی نفسہ تو اس میں حرج نہیں ،مگر شرع نے اس وجہ سے ممانعت فرمائی کہ پھر مشرکین (معاذ اللہ) اللہ ،واحد، قہار، غنی، حمید کو سب و شتم کریں گے ۔ فرمان باری تعالی : ( لا تسبوا الذن یدعون من دون اللہ فیسبوا اللہ عدوا بغیر علم ) ، اس وجہ سے اس امر کو ہماری شریعت جائز نہیں رکھتی ، سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں : ’’ ۔۔۔ جن مواضع میں مثل بازار و شارع عام وغیر ہما گاؤ کشی کی قانوناً ممانعت ہے ، وہاں جو مسلمان گائے ذبح کرے گا البتہ اثارت فتنہ و فساد اس کی طرف منسوب ہو سکتی ہے اور وہ قانوناً مجرم قرار پائے گا اور اس امر کو ہماری شریعت مطہرہ بھی روا نہیں رکھتی کہ ایسی وجہ سے مسلمانوں پر مواخذے یا انہیں سزا ہونے کا باعث ہونا بے شک توہین مسلم ہے ، جس کا مرتکب یہ شخص ہوا‘‘ ۔ ( رضویہ : ج: ۱۱ ، ص : ۶۰۷ ) ۔

اس تفصیل کے بعد ذیل میں اجمالاً ترتیب وار سوالات کے جوابات لیں :

(۱)جہاں قانوناً پابندی ہے وہاں ا سکی شرعاً اجازت نہیں ۔

(۲)بلا ضرورت جان مال ، عزت و آبرو کو خطرے میں ڈالنے والے شرعاً گنہ گار ہیں ۔

(۳)آمدنی حرام نہیں مکروہ ہے ، البتہ فعل ناجائز و ممنوع ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضاقادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۷ ؍ ذوالقعدہ ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۶ ؍ مئی ۲۰۲۵ ؁ ء

 

تصدیقات علمائے کرام :

۹۲ /۷۸۶ ۔ خلاصۂ کلام یہ کہ بازار و شارع عام اور ان مواضعات میں جہاں قانوناً ممانعت ہے براہ جہالت ذبحِ گاؤ کا مرتکب ہونا بے شک اسلا م کو توہین و ذلت کے لیے پیش کرنا ہے جو شرعاً حرام ، اور اس کے سوا جہاں ممانعت نہیں وہاں سے بھی باز رہنا اور مانعین کی بے جا ہٹ بجا رکھنے کے لیے یک قلم اس رسم کو اٹھا دینا ہرگز جائز نہیں ۔ فالجواب صحیح و صواب والمجیب مصیب و مثاب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعہ الخضرا ، مرون مظفر پور ،

۸ ؍ ذی قعدہ ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۷ ؍ مئی ۲۰۲۵ ؁ ء

 

۹۲/ ۷۸۶ ۔ قد صح ما اجاب الشیخ العلام فقیہ الاسلام محمد ارسلان رضا خان دام لطفہ و زید مجدہ ثم اقول توضیحاً لقولہ و تائیداً لحکمہ ۔

امام احمد رضا قدس سرہٗ نے مواضع کی دو قسمیں بیان فرمائیں :

(۱) وہ مواضع جن میں گاؤ کشی کی قانوناً ممانعت ہے ، جیسے : بازار ، شارع عام وغیرہما یعنی عوامی پیلس جہاں عامۃ الناس کا ورود ہوتا ہے ۔

(۲)وہ مواضع جن میں گاؤ کشی کی قانوناً ممانعت نہیں ہے ، یعنی مذکورہ مقامات کے علاوہ ۔

پہلی قسم کا حکم بیان کرتے ہوئے امام احمد رضا فرماتے ہیں : ہم کہتے ہیں جن مواضع میں مثلا: بازار و شارع عام وغیرہما گاؤ کشی کی قانوناً ممانعت ہے وہاں جو مسلمان گائے ذبح کرے گا ، اثارت فتنہ و فساد اس کی طرف منسوب ہو سکتی ہے ، وہ قانونا مجرم قرار پائے گا ۔ اس کو ہماری شریعت مطہرہ بھی روا نہیں رکھتی کہ ایسی وجہ سے مسلمانوں کو مواخذے یا انھیں سزا ہونے کا باعث ہونا بے شک توہین اسلام ہے ، جس کا مرتکب یہ شخص ہوا ۔ ( فتاوی رضویہ : ج : ۸ ، ص : ۴۴۹ )

قسم دوم کا حکم امام احمد رضا قدس سرہٗ اس طرح بیان فرماتے ہیں :’’ اور جہاں قانونا ممانعت نہیں وہاں اگر ثوران فتنہ ہوگا تو لا جرم ہنود کی جانب سے ہوگا ، جرم انھیںکاہے کہ جہاں ذبح کرنے کی اجازت ہے وہاں بھی ذبح نہیں کرنے دیتے ‘‘ ۔ ( رضویہ : جلد سابق ، ص : ۴۴۸ )

یہاں گائے کی قربانی قائم رکھنا واجب ہے اور اس ناپاک مصلحت (ہنود کے ساتھ اتحاد ) کے لیے اس کا چھوڑنا حرام۔ ( رضویہ : جلد سابق ، ص: ۴۵۶)

 دونوں قسموں کے احکام کا خلاصہ اس طرح بیان فرماتے ہیں : ’’ خلاصۂ جواب یہ ہے کہ بازار و شارع عام میں جہاں قانونا ممانعت ہے براہ جہالت ذبح گاؤ کا مرتکب ہونا بے شک اسلام کو توہین و ذلت کے لیے پیش کرنا ہے کہ شرعا حرام ہے ۔ اور اس کے سوا جہاں ممانعت نہیں وہاں سے بھی باز رہنا اور ہنود کی بیجا ہٹ بجا رکھنے کے لیے یک قلم اس رسم کو اٹھا دینا ہرگز جائز نہیں ۔ ( رضویہ : جلد سابق ، ص: ۴۴۸ )

’’ بازار و شارع عام وغیرہ میں قانونا ممانعت اور اس کے علاوہ ممانعت نہیں ‘‘

یہ قانون امام احمدرضا قدس سرہٗ کے زمانے میں تھا اسی وجہ سے امام احمد رضا قدس سرہٗ نے دونوں اقسام کے جدا جدا احکام بیان فرمائے،  لیکن اب یو پی اور بعض دیگر صوبوں میں حکومت کی طرف سے ذبح گاؤ کی مطلقاً ممانعت کر دی گئی ہے اس کے ارتکاب پر قید و بندکی سزا دی جاتی ہے اور بھاری مالی جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ، بلکہ بعض جگہ قتل تک نوبت پہنچتی ہے ۔ ایسی صورت میں قسم اول کے لیے امام احمد رضا قدس سرہٗ نے جو احکام بیان فرمائے ، وہ مذکورہ صوبوں میں علی الاطلاق جاری ہوں گے ، بازار و شارع عام وغیرہ کے ساتھ خاص نہ ہوں گے ۔ اور حکم یہ ہوگا :

’’ جہاں قانوناً ممانعت ہے براہ جہالت ذبح گاؤ کا مرتکب ہونا بے شک اسلام کو توہین و ذلت کے لیے پیش کرنا ہے کہ شرعا حرام ہے‘‘ (مرجع سابق )

 ظاہر ہے کہ یہ حرام لعینہ نہیں تو لامحالہ حرام لغیرہ ہے ۔

امام احمد رضا قدس سرہٗ فرماتے ہیں : ’’ جو حکم عرف و مصالح پر مبنی ہوتا ہے ، انھیں چیزوں کے ساتھ دائر رہتا ہے و اعصار و امصار میں ان کے تبدل سے متبدل ہو جاتا ہے ، وہ سب احکام ، احکام شرع ہی قرار پاتے ہیں ‘‘ ۔ ( رضویہ : جلد سابق ، ص : ۴۴۳ )

نیز فرماتے ہیں : و من القواعد المقررۃ فی شریعتنا المطھرۃ ، ان الحکم یدور مع علتہ ‘‘ ۔ ( رضویہ : جلد سابق ، ص : ۴۴۴ )

قاضی شہید عالم رضوی غفر لہٗ

خادم الافتا و التدریس ، جامعہ نوریہ رضویہ ،

باقر گنج ، بریلی شریف

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔