صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ عقیدہ و ایمان ‹ نمبر ۱۰۱۹/۲۰۲۶

متن کا سائز
translateEnglish

کلمات کفریہ کے بعد نکاح کے باقی رہنے و نہ رہنے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیانِ عظام اور علمائے دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص نے اپنے خاندانی وازدواجی تنازع کے دوران دارالقضا کے نمائندے کو ایک باقاعدہ وائس میسج (آڈیو ریکارڈنگ) بھیجا ہے۔ اس شخص نے ہوش و حواس میں، واضح الفاظ کے ساتھ اور بات ریکارڈ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے لفظ بہ لفظ درج ذیل گفتگو کی ہے:

​’’آپ جج ہو، کر تا دھر تا ہو۔ تو آپ اب میرے اس کیس کی فائل کو پڑھیں۔ اگر آپ کو تب بھی لگے کہ وہ لڑکی سچی ہے اور میں جھوٹا ہوں تو میں آکے آپ کے شریعت میں پہنچ جاؤں گا۔ اور وائز (Otherwise) میں نے آپ کو بتا ہی دیا ہے، آپ طلاق دیتے ہو اس لڑکی کا مجھ سے، یا مجھ سے زبردستی اگر یہ چیز کرواتے ہو، تو میں اپنے آپ کو مسلم سمودائے سے الگ کر کے ہندو بننے کو تیار ہوں۔ مجھے کوئی آپتی (اعتراض) نہیں ہے کہ مجھے... لیکن آپ کے گھاٹ گیٹ کے، آپ کے علاقے کے ایم ایل اے بال مکندرائے، اگر آپ کہو تو میں بلوالوں ان کو، وہ ہونا چاہیے، بجرنگ دل کے، کرنی سینا کے کچھ لوگ ہونے چاہیں تاکہ ان کی نظر میں، ان کے سامنے، آپ کے گھاٹ گیٹ میں ہی آپ مجھے ہندو قرار کروادیجیے تاکہ میرا یہ جھنجھٹ ہی ختم ہو جائے آپ لوگوں سے۔- کیونکہ اسلام میں سچ کا تو کوئی ساتھ دے ہی نہیں رہا۔ جب میں آپ کے، آپ کے گھاٹ گیٹ آیا تھا، آپ سے بات کری تھی، آپ کو میں نے پوری پرابلمز بتائی تھی، آپ کو لگا کہ میں پاگل ہوں، میں نشیری ہوں، ہیں؟ لیکن نہیں، آپ تو بس انہی کی وانی گا رہے ہیں۔ تو ٹھیک ہے، میں لالوکتا نترک ایک بھارت دییش میں ہوں، ایک ہندو تو دیش کا ایک ناگرک ہوں میں۔ یہاں پہ شریعت کے قانون کو، ٹھیک ہے میں مانتا ہوں، لیکن ان سے زیادہ توجہ میں ہمارے بھارتیہ قانون کو دوں گا۔ تو بہتر ہوگا آپ سے ریکویسٹ ہے یا تو مجھے آپ شریعت کی طرف سے کوئی وکیل دیں یا پھر مجھے بتائیں کون سا وکیل ہے جو میرا یہ کیس، میرے پیپر یہ پڑھیں گے۔ یا پھر آپ میرے اس کیس کو کورٹ پہنچادیں، آپ میری بیوی کو بولیں کہ کورٹ پہنچادیں، ٹھیک ہے؟ اور ہم وہیں کر لیں گے۔ ایک چیز اور میں بتا دوں، میری بیوی نے یہ لیٹر نہیں لکھے ہیں، میں آپ کی بات پر یقین نہیں کر سکتا۔ آپ مجھے ویڈیو بھیجیں میری بیوی کی لکھاوٹ کی یا وہ بول رہی ہے خود کہ ہاں یہ میں دے رہی ہوں یا پھر یہ سلسلہ میں نے کیا ہے۔ میں یہ مانتا ہوں کہ یہ میری ساس نے، سسر نے یا اس کے بھائی نے، ان لوگوں نے ہی کیا ہو گا یہ لکھاوٹ وغیرہ۔ اس نہیں مانتا میری بیوی نے یہ لکھا ہے۔ ٹھیک ہے؟ میں آفس گیا ہوا تھا، وہ میرے پیچھے سے اپنے پیر (میکے) گئی ہے، اس کے بعد میں یہ سب چیزیں کچھ ہو رہی ہیں، تو یہ چیز غلط ہے۔ ٹھیک ہے؟ اور دوسری چیز، آپ اسی لڑکی سے قرآن ہاتھ پہ رکھے یا اس کے سر پہ رکھے، یا اس کو مسجد میں کھڑی ہو کے ان سے پوچھیں کہ کیا امجد خان نے کبھی تمہیں دو ہاتھ بھی لگایا ہے؟ کیا امجد خان نے اپنی ہر بار کمائی کی پہلی سیلری پر ان کو کپڑا نہیں دیا؟ کیا امجد خان نے ہمیشہ ان کو فریڈم نہیں دیا، پیسہ نہیں دیا؟ کیا امجد خان نے کیا نہیں دیا اس کو؟ اس نے بولا مجھے ماں نہیں بننا ہے تو امجد خان نے اتنے ٹائم تک اپنے آپ کو کنٹرول کر رکھا۔ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ہو رہا ہے، لیکن اس کو ماں نہیں بننا، اس کو ٹیبلٹ کھانی تھی، اور کرنی تھی۔ کیا میں نے اس کو روکا؟ آپ پوچھیں ان سے۔ اس کے بعد میں آپ امجد سے بات کریں سر۔ آپ زبردستی مجھے نہیں، آپ مجھے دھمکی دے رہے ہو کہ کہیں میں یہ، آپ، آپ کے خلاف کارروائی ہوگی، آپ نوٹسوں کا جواب... لو میں نوٹسوں کا جواب ور بلی (زبانی) دے رہا ہوں کہ میں طلاق دینے میں بالکل صحیح نہیں ہوں۔ نہ تو میں طلاق دوں گا، نہ کوئی اور میں ابھی ڈسٹرب ہوں، میں نے آپ کو میڈیکل کی فوٹوز بھیجی دی ہیں اور میں پچھلے تین، چار پانچ مہینوں تک تو میں آپ کے شریعت میں نہیں آ سکتا۔ آپ طلاق دیں گے، میں اسلام، آپ کے ہی گھاٹ گیٹ، آپ کے مرکز کے اندر میں اسلام چھوڑ کے ہندو جو ہے دھرَم وہ اپنالوں گا۔ اور مجھے خوشی ہوگی ہندو دھرم میں جانے میں تاکہ میرے لوگ میرے سپورٹ ہوں گے، وہاں پہ پبلک میری سپورٹ ہو جائےگی کہ ہاں بھائی اب یہ ہندو بن گیا ہے۔ پھر میں آپ لوگوں کا کسی کا بھی یہ جو ہے نا قانون، پھر میں ان چیزوں کو مطلب، پھر میری بلا سے وہ سحرش کہیں جائے، کیونکہ میں تو ہندو ہو گیا۔ ٹھیک ہے سر؟ دھنیہ واد۔ اور یہ میری بات ہے جو ریکارڈ ہو رہی ہے، او... ابوینسلی (obviously) ریکارڈ ہونے دو۔ میں اپنی اس بات پہ نہیں مکروں گا۔ میں کورٹ میں بھی جاؤں گا تو یہی بولوں گا مجھے اسلام میں نہیں رہنا ہے، مجھے ہندو بننا ہے، کیونکہ اسلام میں مجھے کچھ نہیں ملا۔ اسلام میں شوہر کی، شوہر کی عزت کی جاتی ہے، اور اسی اسلام میں ایک حدیث پڑھی ہوئی لڑکی جو شوہر کو کچھ نہیں سمجھتی ہے۔ شوہر کی ماں جن کے دودو اٹیک آگئے یا پاؤں ٹوٹ گئے، پھر بھی یہ لوگ کچھ نہیں آتی، یہاں پر رہتی نہیں ہیں۔ یہ وہ، میں آپ کو اسکرین شاٹ بھیجوں؟ ان کے بات کرنے کے لہجے ؟ماں بہن کی تو گالی یہ اپنے ہسبینڈوں سے بات کرتی ہیں۔ یہ شریعت ہے؟ یہ حدیث سکھاتا ہے یہ چیزیں؟! اچھا ہوا میں تو نا سمجھ ہوں بھائی، میں تو ان چیزوں کو نہیں مانتا۔ ٹھیک ہے، اپنا خیال رکھیے گا اور وہ جو یہ جتنی بھی میں نے پی ڈی ایف (PDF) بھیجی ہیں نا، یہ میری بنائی ہوئی فائل ہے۔ اب ان کو میچ کرو، اور کرو، پھر پڑھو۔ اگر ان کو پڑھنے کے بعد میں آپ کو لگے کہ میرے اندر فالٹ (fault) ہے، تب آپ مجھ سے کانٹیکٹ کریے گا ۔

​دریافت طلب شرعی احکام:

· ​مذکورہ آڈیو بیان میں بار بار اسلام چھوڑنے کی بات کرنا، ہندو بننے کا اعلان کرنا، اسلام پر الزامات لگانا اور شریعت و احادیث کا استہزاء کرنا کیا یہ تمام امور شرعاً کفر اور ارتداد کے دائرے میں آتے ہیں؟

· ​کیا اس گفتگو کے فوراً بعد یہ شخص دائرہ اسلام سے خارج ہو کر مرتد قرار پائے گا؟ 

· شرعی رو سے اس شخص کے اپنی زوجہ کے ساتھ نکاح کا کیا حکم ہے؟ کیا ارتداد کے کلمات ادا کرتے ہی نکاح خود بخود فسخ و باطل ہو چکا ہے؟ 

· کیا اب مذکورہ عورت اس شخص کے لیے مکمل اجنبی ہو چکی ہے اور وہ اپنی عدت کے بعد کسی دوسری جگہ شرعاً نکاح کرنے میں آزاد ہے؟ 

· اگر وہ شخص توبہ کا دعویٰ کرے تو اس کی توبہ کی شرائط، تجدید ایمان اور تجدید نکاح کے احکام کیا ہوں گے؟ 

​قرآن وسنت کی روشنی میں تفصیلی اور مدلل فتویٰ جاری فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔ 

​المستفتی: سلیم احمد، p110، شانتی نگر، 21 ساؤتھ شییو پتھ، جوشی مارگ، جھوٹواڑا، جے پور۔ 7737733041 

​Plot No - 110 Shanti Nagar 21 South Shiv Path Joshi Marg Jhotwada Jaipur

جواب

​ألجواب اللهم هداية الحق و الصواب : اگر واقعی شخص مذکور نے مذکور فی السوال کلمات شنیعہ کفریہ کہے ،وہ اس کا مقر ہے تو وہ فی الحال کافر و مرتد ہو گیا، اگر چہ وہ کہے کہ میں نے صیغۂ مستقبل ڈرانے دھمکانے کو استعمال کیے تھے،میرا ارادہ اسلام چھوڑنے کا نہیں تھا،بہر حال اس پر ان کلمات کفریہ سے توبہ کرکے از سر نو مسلمان ہونا لازم ہے۔ اس کی بیوی اس کے نکاح سے نکل چکی، بعد عدت وہ آزاد ہے جس صالحِ نکاح سنی صحیح العقیدہ مسلمان مرد سے چاہے نکاح کر سکتی ہے، اگر شخص مذکور اپنے ارتداد سے توبہ کرکے دوبارہ مسلمان ہو جائے تو اس سے بھی نکاح کر سکتی ہے جبکہ کوئی اور وجہ مثلاً طلاق مغلظہ وغیرہ مانع نکاح نہ ہو۔

شخص مذکور کی توبہ یوں ہو گی کہ کہ اپنے ان کلمات کو کلمات کفر جان کر ان سے رجوع و تبری کرے، شرمندہ و پشیمان ہو اور کلمۂ اسلام پڑھ کر پھر سے مسلمان ہو۔اگر وہ اس طرح کی کفریہ حرکات کرنے کا عادی ہے یا کفر میں بے باک و جری ہے تو بعد توبہ و تجدید ایمان ایک مدت تک اس کے چال چلن دیکھے جائیں ، صلاح حال ظاہر ہو جانے کے بعد ہی قضاءً اس کی توبہ قبول کی جائے۔

مجمع الانھر میں ہے:’’یکفر بقوله ضاق صدري حتی أردت أن أکفر أو کدت أن أکفر أو کان زمان أقرب إلی کفره‘‘۔ یعنی اتنا کہہ دینے سے کافر ہو جائےگا کہ میرا سینا تک تنگ ہو گیا ہے یہاں تک کہ میں کافر ہو جانا چاہتا ہوں یا قریب ہے کہ میں کافر ہو جاؤں یا کہا کہ وقت اس کے کفر سے زیادہ قریب ہے‘‘۔(ج:۲،ص:۵۱۳)

سئل الإمام أحمد رضا عن زید الذي قال أرید أن أصبح نصرانیا او وهابیا او کافرا، هل أصبح أحدا منهم أم لا ؟ أو یقول أحب أن أکون منکر التقلید ؟ کیف هذا القول و إن یقول استهزاء او مزاحاً ؟ أجاب بأنه قد أصبح أحدا من الفرقة التي ذکرها ، قالها جدا أو هزلا۔ (ج:۱۱،ص:۱۳۲، امام احمد رضا اکیڈمی)

تنویر الابصار میں ہے:’’و إرتداد أحدهما فسخ عاجل‘‘ (در مختار شرح تنویر الابصار، باب نکاح الکافر، ج:۱،ص:۲۱۰)۔  والله تعالی اعلم۱۲۔

فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ 

رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت بریلی شریف

۲۰؍ جمادی الاولی ۱۴۴۸ ھ / ۱؍ نومبر ۲۰۲۶ ء

الجواب صحیحٌ و المجیب نجیحٌ ، واللہ تعالی اعلم ۔                                                 

محمد رفیق عالم رضوی مصباحی                                             

خادم مرکز تربیت فقہ و افتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف 

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔