صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۱۸

متن کا سائز
translateEnglish

شجر کاری کی اہمیت و فضیلت عقلا و نقلا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے اسلام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ درخت جو کہ دنیاوی زندگی اور حیات انسانی کے لئے بے حد ضروری اور مہم ہے ، بہت سے ممالک میں اس کی حفاظت و صیانت کے لئے قانون بنا دئے گئے ہیں اور نئے درخت بونے اور شجر کاری کرنے کی تحریک بھی چلائی جاتی ہے اور لوگوں کو اس کی اہمیت و ضرورت سے روشناس کرایا جاتا ہے ، کیا ہمارے دین میں اس کی کوئی اہمیت ہے کہ نہیں اور مسلمانوں کو اس تحریک میں کس قدر حصہ لینا چاہئے ،کیا اسے دنیوی کام سمجھ کر کرنا چاہئے یا اس پر ثواب کی بھی امید ہے ؟

بینوا و توجروا ۔

المستفتی : محمد قوسین یار علوی لکھنؤ

جواب

الجواب اللھم ہدایۃ الحق و الصواب :اس میں کوئی شبہ نہیں کہ دین اسلام نے شجر کاری و کاشت کاری کی دعوت دی اور اس کی طرف رغبت دلائی ہے، اور بہت پہلے ہی ہمیں اس کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کر دیا تھا، مختلف آیات قرآنیہ و متعدد احادیث نبویہ اس پر شاہد عادل ہیں۔ مثلاً : قرآن پاک کی بہت سی آیات میں اشجار و نباتات اور زراعت و کاشت کا ذکر معرض امتنان اور موقع احسان و کرم و موضع شکر نعم میں وارد ہوا ہے۔ من جملہ یہ فرامین باری تعالی ہیں:(’’ أفرایتم ما تحرثون أ انتم تزرعونہ ام نحن الزارعون ۔۔۔الآیۃ ‘‘ ۔ ترجمہ : تو بھلا بتاؤ تو جو بوتے ہو ۔ کیا تم اس کی کھیتی بناتے ہو یا ہم بنانے والے ہیں ) و ایضاً :(و نزلنا من السمائ مآئ مبارکا  فانبتنا به جنات و حب الحصید۔۔۔الآیہ ‘‘ ۔ ترجمہ : اور ہم نے آسمان سے برکت والا پانی اتارا تو اس سے باغ اگائے اور اناج کہ کاٹا جاتا ہے ۔ ) و ایضا:(’’ ینبت لکم بہ الزرع و الزیتون و النخیل و الاعناب و من کل الثمرات ان فی ذلک لآیۃ لقوم یتفکرون۔۔۔ الآیہ ‘‘ ۔ ترجمہ : اس پانی سے تمہارے لیے کھیتی اگاتا ہے اور زیتون اور کھجور اور انگور اور ہر قسم کے پھل ، بیشک اس میں نشانی ہے دھیان کرنے والوں کو ۔ )، الی غیر ذلک من الآیات ۔

وہ درخت ہی ہے جس سے اللہ تبارک و تعالی نے کلمہ طیبہ کی مثال بیان فرمائی:(کلمۃ طیبۃ کشجرۃ طیبۃ اصلھا ثابت و فرعھا فی السمائ۔۔۔ الآیہ ‘‘ ۔ ترجمہ : پاکیزہ بات کی جیسے پاکیزہ درخت جس کی جڑ قائم اور شاخیں آسمان میں ۔ ) درخت کے عموم نفع و تنوع فائدہ اور بقا کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ نے بھی ایک مومن کی اس کے فرد سے مثال بیان فرمائی :’’عن ابن عمر عن النبی ﷺ : ان من الشجر شجرۃ لا یسقط ورقھا و انھا مثل المسلم ۔۔۔قال ھی النخلۃ‘‘(البخاری ۶۰۰)

  یوں ہی بہت سی حدیثوں میں اس عمل شجر کاری کو مفید و مستحسن اور موجب اجر و ثواب و صدقہ جاریہ قرار دیا ہے، بخاری شریف کی روایت ہے:’’عن جابر قال قال رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیه وسلم ما من مسلم یغرس غرسا الا کان ما اکل منه له صدقة، و ما سرق منہ لہ صدقۃ و ما اکل السبع منہ لہ صدقۃ و ما اکلت الطیر منہ فھو لہ صدقۃ و لا یرزؤہ احد الا کان لہ صدقۃ‘‘ ۔ ترجمہ : جو مسلمان کوئی پودا لگاتا ہے تو وہ اس پودے سے اگنے والے پھل سے انسان ، جانور اور پرندے کچھ کھا لیں یا وہ چوری ہی ہو جائے تو وہ پودا لگانے والے کے حق میں صدقہ ہے ۔  (۱۵۵۲)۔

اسی طرح کا مفہوم کچھ مختلف الفاظ سے حدیث پاک کی دیگر کتب مثلا مسلم شریف(حدیث نمبر : ۲۳۲۰) و ترمذی شریف (۱۳۸۲) میں بھی موجود ہے۔ نیز یہی محدث، یعنی امام بخاری ’’ الادب المفرد ‘‘ میں ایک حدیث پاک روایت فرماتے ہیں جس سے شجر کاری و تخم ریزی کی اہمیت روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے: عن انس بن مالک عن النبی  صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم قال:’’ان کانت الساعۃ و فی ید احدکم فسیلۃ ، فان استطاع ان لا تقوم حتی یغرسھا، فلیغرسھا ’’۔ ترجمہ : اگر قیامت قائم ہو رہی ہو اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں پودا ہو اور اس میں پودا لگانے کی استطاعت ہو تو اسے چاہئے کہ وہ پودا لگائے ‘‘ ۔ (۴۷۹)۔ و فیہ حدیث آخر بنحوہ‘‘ (۴۸۰)۔ امام مناوی مذکورہ حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں:’’ھذہ مبالغة فی الحث علی غرس الاشجار و حفر الانھار لتبقی ھذہ الدار عامرة إلى آخر أمدها المحدود المعدود المعلوم عند خالقها، فكما غرس لك غيرك فانتفعت به فاغرس لمن يجيء بعدك لينتفع، وان لم يبق من الدنيا إلا صبابة ؛  فیض القدیر میں فرماتے ہیں: ’’ وذلك بهذا القصد لا يُنافي الزهد والتقلُّل من الدنيا’’ یعنی اس ارادے اور مقصد سے( دنیا کو آباد رکھنے کی مقصد سے) یہ عمل زہد عن الدنیا کے منافی نہ ہو جائے گا۔

  مذکورہ بالا احادیث نبویہ سے عمل شخر کاری و کاشت کاری کی نہ صرف فضیلت و اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے بلکہ اس کا عقلا و شرعا مستحسن و مستحب (معروف) ہونا بھی معلوم و مفہوم ہو جاتا ہے۔ نیزمذکورہ ذیل حدیث پاک شجر کاری کے صدقہ جاریہ ہونے میں صریح ہے:’’دخل النبی صلی اللہ تعالی علیه وسلم علی ام معبد فقال یا ام معبد من غرس ھذا النخل؟ أ مسلم ام کافر؟ فقالت بل مسلم قال فلا یغرس المسلم غرسا فیاکل منه انسان و لا دابۃ و لا طیر الا کان له صدقة الی یوم القیامة‘‘ ۔ ترجمہ : حضور نبی کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم حضرت ام معبد کے یہاں تشریف لے گئے اور دریافت فرمایا کہ اے معبد ! یہ کھجور کا درخت کس نے بویا ؟ کسی مسلمان نے یا کافر نے ؟ عرض کیا : مسلمان نے ، فرمایا : نہیں بوتا ہے مسلمان کوئی بھی پودا ، پھر اس پودے سے اگنے والے اناج یا پھل سے انسان ، بہائم اور پرندے کھاتے ہیں تو وہ بونے والے کے حق میں قیامت تک کے لیے صدقہ ہے ۔ (بخاری:۱۵۵۵)

اور جبکہ یہ عمل صدقہ جاریہ ہے تو اس کے معروف ہونے میں کیا شبہ باقی رہ جاتا ہے کہ حضور علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ ہر نیک عمل صدقہ ہے :’’ کل معروف صدقة‘‘۔

مفردات راغب میں ہے :’’ہر وہ عمل معروف کہلاتا ہے جس کا حسن عقلا و شرعاً معلوم ہو اور جسکا قبح عقلا و شرعا معلوم ہو وہ منکر کہلاتا ہے، اللہ فرماتا ہے:(یامرون بالمعروف و ینھون عن المنکر) ۔ اب صغری ، کبری ترتیب دیں تو نتیجہ واضح ہے کہ شجر کاری ایسا عمل ہے جو نہ صرف عقلا مستحسن ، بلکہ شرعاً مسنون و مستحب ہے، متعدد احادیث میں آیا ہے کہ نبی کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم نے اپنے دست مبارک سے شجر کاری فرمائی۔

یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ یہ ترغیب اس دور میں دلائی جا رہی ہے جب نہ گلوبل وارمنگ کا خطرہ تھا، نہ موسمی اور درجہ حرارت کے اضافے کا اندیشہ، جس وقت دنیا نہ یہ جانتی تھی کہ انسان آکسیجن لیتا ہے اور کاربن ڈائی آکسائڈ چھوڑتا ہے، اور نہ یہ کہ درخت میں بھی جان ہے اور وہ انسان کے برعکس کاربن ڈائی آکسائڈ کھینچتے ہیں اور انسانوں کے لیے مفید و ضروری آکسیجن چھوڑتے ہیں۔ یہ وہ دور تھا جب دنیا نہ جانتی تھی کہ ایک پیڑ سے یہ کچھ فائدے اور ضروری امور بھی وابستہ ہیں۔۔۔اس کا مبلغ علم محض اتنا تھا کہ ایک درخت اگر کسی خاص پھل کا ہے ، تو وہ پھل دینے کے کام میں آتا اور اگر پھل دار نہیں مگر گھنا اور پتے دار ہے تو سایہ دینے کے کام آتا ہے ،(وغیرہ ذلک) ان مخصوص و محسوس فوائد کے علاوہ اور کسی غیر محسوس نفع کا اس سے تصور نہ تھا، اس کے باوجود حضور علیہ الصلوۃو السلام نے شجر کاری اور درخت لگا نے کی مطلقا ترغیب فرمائی ، جس سے مفہوم ہوتا ہے کہ حضور علیہ السلام کو درخت کی وہ کچھ حقیقت بھی معلوم تھی جو دوسرے نہیں جانتے تھے۔  نیز درخت اکھیڑنے سے د نیا اور زمین میں کیا کچھ نقصان ہوتا ہے اور لگانے سے کیا کچھ فائدہ حاصل ہوتے ہیں، سب حضور علیہ السلام کے علم شریف میں تھا۔ ایک حدیث پاک میں آتا ہے کہ حضور علیہ السلام نے عام ضابطہ مقرر فرما دیا تھا کہ مجاہدین جب کسی مفتوحہ و غیر مفتوحہ شہر و علاقے میں داخل ہوں تو بلا مصلحت صحیحہ درخت وغیرہ نہ کاٹیں۔

بعض نصوص سے(باعتبار عموم اللفظ لا بخصوص السبب) یہ بھی مستفاد و مفہوم ہوتا ہے کہ بلا وجہ و بلا مصلحت صحیحہ درختوں کو نہ کاٹنا چاہئے ، یہی وجہ تھی کہ جب بنو نضِیر اپنے قلعوں میں پناہ گزیں ہوئے اور سیّدِ عالم ﷺ  نے ان کے درخت کاٹ ڈالنے اور انہیں جَلادینے کا حکم دیا ، اس پر وہ دشمنانِ خدا بہت گھبرائے اور رنجیدہ ہوئے اور کہنے لگے کہ کیا تمہاری کتاب میں اس کا حکم ہے ؟ مسلمان اس باب میں مختلف ہوگئے ، بعض نے کہا درخت نہ کاٹو ، یہ غنیمت ہے جو اللہ تعالی نے ہمیں عطا فرمائی ۔ بعض نے کہا اس سے کفّار کو رسوا کرنا اور انہیں غیظ میں ڈالنا منظور ہے ، اس پریہ آیت کریمہ نازل ہوئی:( ما قطعتم من لینۃ او ترکتموھا قائمۃ علی اصولھا فباذن اللہ و لیخزی الفاسقین ۔۔۔ الآیہ ۔ ترجمہ : جو درخت تم نے کاٹے یا ان کی جڑوں پر قائم چھوڑ دیے یہ سب اللہ کی اجازت سے تھا اور اس لیے کہ فاسقوں کو رسوا کرے ۔ ) ( الحشر :۵)اس میں بتایاگیا کہ مسلمانوں میں جو درخت کاٹنے والے ہیں ان کا عمل بھی درست ہے کیوں کہ ایک خاص حکمت و مصلحت اور علت و ضرورت کی بنیاد پر ہےاور جو کاٹنا نہیں چاہتے وہ بھی ٹھیک کہتے ہیں ، کیونکہ درختوں کا کاٹنا اور چھوڑ دینا یہ دونوں اللہ تعالی کے اذن و اجازت سے ہے ۔اس آیت کریمہ کے شان نزول اور معنی و مفہوم سے معلوم ہوتا ہے کہ بلا خاص وجہ اور مصلحت کے درخت کاٹنا نہ چاہئے، ورنہ صحابہ کرام کے انکار و منع کرنے پر یہ نہ فرمایا جاتا :’’او ترکتموھا قائمۃ علی اصولھا فباذن اللہ ۔۔۔‘‘یعنی دونوں ہی کے قول کی تصدیق فرمائی گئی ۔

(خیل الی بعض الاحباب ان ھذہ الآیۃ الکریمۃ لا علاقۃ لھا بجوازقطع الاشجار او عدمہ اصلا و لکن الامام احمد رضا احتج بالآیۃ المذکورۃ علی جواز القطع لان العبرۃ بعموم اللفظ لا بخصوص السبب)

بعض احباب کا خیال ہے کہ یہ آیت کریمہ قطع اشجار کے نفس جواز و عدم جواز سے غیر متعلق ہے،حالانکہ سرکار اعلی حضرت نے اسی آیت کریمہ سے(مصلحتاً و منفعتاً ) قطع اشجار کے جواز پر استدلال کیا ہے،لان العبرۃ بعموم اللفظ لا بخصوص السبب ۔

 امام بغوی فرماتے ہیں:’’انزل اللہ ھذہ الآیة بتصدیق من نھی عن قطعه و تحلیل من قطعه من الاثم ‘‘ (۲/۶۳۷)۔یعنی یہاں قطع شجر بلا وجہ و بلا مقصد نہ تھا ، بلکہ اس کی ایک خاص حکمت و مصلحت اور علت و ضرورت تھی تاکہ یہود عنود کی رگ رغبت کاٹ دی جائے اور وہ اس طرف پلٹنے کا خیال چھوڑ دیں ، (خود قرآن پاک میں اس کی علت بیان فرمائی گئ:’’لیخزی الفاسقین‘‘  اس لئے کہ فاسقوں کو رسوا کریں)ورنہ ایسا کیسے روا ہو سکتا ہے کہ حضور علیہ السلام اس مال کو تلف کرنے کی اجازت عطا فرما دیں ، جبکہ آپ خود مجاہدین و فاتحین کو تعلیم فرماتے کہ اشجارمثمرہ اور فصل و زراعت وغیرہ کو تباہ نہ کیا جائے۔موطا امام مالک میں ہے :’’۔۔۔لا تقطعن شجرا مثمرا و لا تخربن عامرا۔۔۔۔و لا تحرقن نخلا۔۔۔الخ‘‘(حدیث:۱۰)

  پھر قران پاک میں بھی فصل و زراعت کے ضائع کرنے کو فساد سے تعبیر فرمایا گیا:( اذا تولی سعی فی الارض لیفسد فیھا  و یھلک الحرث و النسل واللہ لا یحب الفساد۔۔۔ الآیۃ ‘‘ ۔( البقرہ : ۲۰۵ )  ترجمہ : اور جب پیٹھ پھیرے تو زمین میں فساد ڈالتا پھرے اور کھیتی اور جانیں تباہ کرے اور اللہ فساد سے راضی نہیں ۔ )

تو بلا منفعت پیڑ نہ کاٹنے کا حکم بھی نصوص شرعیہ ہی سے مفہوم ہے، بعض احادیث میں ارشاد ہوا کہ نہ کوئی جانور شکار ہوتا، نہ کوئی پیڑ کاٹا جاتا ،جب تک تسبیح الہی میں غفلت نہ کرے۔’’ ما صید صید و لا قطعت شجرة الا بتضییع التسبیح‘‘رواہ ابو نعیم فی الحلیة۔ یعنی تسبیح و تہلیل میں کوتاہی کرتے ہیں تو ہلاک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر تسبیح کرتے رہتے تو ذبح و قطع نہ کئے جاتے ۔

 اشجار و نباتات ایک قسم کی حیات و زندگی ہے، آج موجودہ سائنس بھی اس کو بعد تجربہ و تحقیق جانتی مانتی ہے، مگر حضور علیہ السلام نے سینکڑوں برس پہلے صاف فرما دیا تھا کہ ان میں(ان کے موافق) حیات ہے، اور یہ اللہ کی تسبیح و تہلیل کرتے ہیں، حدیث پاک میں آیا کہ دو قبروں میں میت پر عذاب ہو رہا تھا تو حضور علیہ السلام نے ایک درخت کی تر شاخ دو پارا  فرما کر ان دونوں قبروں پر رکھتے ہوئے فرمایا کہ جب تک یہ تر رہے گی اصحاب قبور کے لیے تسبیح کرتی رہے گی،اور ان کے تخفیف عذاب کا سبب بنےگی۔ شاعر کہتا ہے:

 ہر گیاہے کہ از زمین روید

وحدہ لا شریک لہ گوید

فتاوی قاضی خان وغیرہ میں ہے:’’ یکرہ قطع الحطب و الحشیش من المقبرة فان کان یابسا لا باس لانه ما دام رطبا یسبح فیونس المیت ‘‘ درخت کی تر لکڑی اور سبز گھاس کا مقبرہ سے کاٹنا مکروہ ہے اور خشک ہو جائے تو حرج نہیں کہ جب تک وہ تر رہتی ہے تسبیح خدا کرتی ہے اور اس سے میت کا جی بہلتا ہے۔

  یوں ہی قرآن پاک میں نہ صرف اشجار و نباتات ، بلکہ احجار و جمادات کے بارے میں آیا کہ سبھی اللہ کی تسبیح کرتے ہیں:(و ان من شئی الا یسبح بحمدہ و لکن لا تفقھون تسبیحھم ۔۔ الآیۃ ‘‘ ۔ ( بنی اسرائیل : ۴۴ ) ترجمہ : اور کوئی چیز نہیں جو اسے سراہتی ہوئی اس کی پاکی نہ بولے ہاں تم ان کی تسبیح نہیں سمجھتے ۔ ) سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں:’’ نباتات و جمادات و تمام اجزائے عالم میں ہر ایک کے موافق ایک حیات ہے کہ اس کی بقا تک ہرشجر و حجر زبان قال سے اس رب ا کبر جل جلا لہٗ کی پاکی بولتا ہے اور سبحان اللہ یا اس کے مثل اور کلمات تسبیح الٰہی کہتا ہے ‘‘۔ (فتاوی رضویہ ،ج:)

سطور بالا میں’’  الادب المفرد ‘‘ سے ایک حدیث پاک نقل کی گئی، جس میں قیام قیامت کے تذکرے کے ساتھ شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر فرمایا گیاہے کہ آثار قیامت ظاہر ہونے کے بعد بھی اگر کوئی مفید کام کر سکتے ہو ، مثلاً درخت لگا سکتے ہو تو لگا دو، یعنی اس وجہ سےاس نیک عمل کو ترک نہ کرو کہ اب لگانے سے کیا فائدہ؟۔ غور طلب مقام ہے کہ یہ نہیں فرمایا کہ اگر جان جا رہی ہو ۔۔۔ بلکہ قیام قیامت و آثار قیامت کا ذکر فرمایا اس سے صاف اشارہ ہے اس طرف کہ کچھ لوگوں کے ذہن میں یہ خیال گزر سکتا ہے کہ قیامت تو قائم ہورہی ہے یا اب تو قرب قیامت کا وقت ہے درخت لگانے سے کیا فائدہ؟ دنیا تو ختم ہو جائےگی، تو اس عدم فائدہ کے خیال کو دور کرنے کے لیے اس اسلوب سے اسے ترغیب دلائی جا رہی ہے( کہ فائدہ بہر حال ہے ، دنیا میں نہیں تو آخرت میں نیک نیتی کا نفع ملےگا) اوراس میں ایک یہ اشارہ بھی ہے کہ دار الاسباب میں حیات دنیویہ کی بقا کا ایک سبب اشجار و نباتات بھی ہیں۔

تو معلوم ہوا کہ درخت لگانا کوئی لایعنی و بے مقصد کام نہیں ، بلکہ اس کے بےشمار دینی و دنیوی مصالح و مفاد ہیں۔ اور وہ لا یعنی کیوں کر ہو سکتا ہے ، جبکہ خود حضور علیہ السلام نے اس کی ترغیب و تحریک فرمائی ہے، در آں حالیکہ آپ ﷺ فرماتے ہیں :

’’من حسن اسلام المرء ترکه ما لا یعنیه‘‘ ۔

زیر بحث مسئلہ میں چند امور تنقیح طلب تھے:

اولا : یہ کہ کیا مسلمانوں کو وہی کام انجام دینے چاہیے جن کا حکم نصوص میں بالتصریح وارد ہوا ہے؟، اور وہ مسائل و امور جن کا حکم مخصوص بالذکر نہیں، وہ ناقابل التفات ہیں؟ یا قابل التفات ہیں مگر اس کے کرنے پر فاعل مستحق مدح و ثواب نہیں؟

دوم : کیا دنیوی مصالح و مفاد کا کام مستحسن نہیں؟

سوم : کیا شجر کاری و درخت لگانا دنیوی کام ہے نہ کہ شرعی؟

  تیسرے سوال کا جواب مذکورہ بالا سطور میں ہو چکا۔ ذیل کے سطور میں پہلے اور دوسرے امر کی جانب توجہ کی جاتی ہے:

 فاقول و باللہ التوفیق:شجر کاری ایک ایسا حسن عمل ہے جس کی اہمیت و ضرورت اور حسن و عمدگی پر تمام حکما و عقلائے زمانہ (مسلمین و غیر مسلمین) سبھی کا نہ صرف موجودہ زمانے میں ، بلکہ زمانہ قدیم سے گویا اجماع و اتفاق چلا آ رہا ہے، اگر بفرض باطل اس کے بارے میں خصوصیت کے ساتھ شرع شریف سے کوئی حکم نہ بھی وارد ہوا ہوتا جب بھی اس کے عقلا حسن ہونے کی وجہ سے ہم کو( یعنی مسلمانوں کو) اس کی ادائگی و انجام دہی بہر حال کرنا چاہئے(ایک حدیث میں ارشاد ہوا :ـ’’انتم اعلم بامور دنیاکم‘‘ یعنی تم اپنےامور دنیویہ کو بخوبی جانتے ہو، جس میں فائدہ دیکھو کرو)، تو اگر بالفرض اس عمل(شجر کاری) کی فضیلت و اہمیت اور ترغیب و تحریک میں کوئی حدیث و نص بالتصریح اور مخصوص بالذکر  نہ بھی وارد ہوئی ہوتی جب بھی یہ عمل شرعا مطلوب و مرغوب ہے، حدیث پاک میں آتا ہے۔ ما رأہ المومنون حسنا فھو عند اللہ حسن۔بلکہ اصول فقہ میںیہ ایک قاعدہ بھی ہے، الاشباہ و النظائر میں فرمایا:’’ العادة محکمة و اصلھا قوله علیه الصلوة و السلام ‘‘ ما رآہ المسلمون حسنا فھو عند اللہ حسن‘‘ ۔۔۔و ذکر الھندی فی شرح المغنی: العادة عبارة عما یستقر فی النفوس من الامور المتکررة المقبولة عند الطباع السلیمة۔۔۔‘‘(غمزعیون البصائر،ج:۱،ص:۲۹۷)، یعنی، عادت فیصل کا درجہ رکھتی ہے اور عادت کہتے ہیں: طباع سلیمہ کے یہاں مقبول و متکرر امور جو قلوب و اذہان میں مستقر و ثابت ہو ں۔

جاننا چاہیے کہ بعض افعال و اعمال کا حسن و قبح ہمارے(یعنی ماتریدیہ) کے نزدیک عقلی ہے، یعنی کچھ امور ایسے ہوتے ہیں جو شرع شریف پر موقوف نہیں ہوتے، اگر ان کے بارے میں حکم وارد نہ بھی ہوا ہو جب بھی حسن ہیں۔ حکم شرع کے ورود سے پہلے ہی سے مستحسن و من جملہ اعمال حسنہ ہوتے ہیں،اوراگران کے متعلق حکم شرع بھی ہو تو معنی یہ ہوگا کہ جو اعمال نفس الامر میں حسن تھے شرع نے بھی ان کا حکم دیا، یوں ہی جو قبیح تھے شرع نے ان سے منع فرمایا، گویا افعال کا جو حسن و قبح نفس الامر میں ثابت تھا شارع نے اس کے اوپر سے پردہ اٹھا دیا ، جس طرح فن طب دوائیوں کے نفس الامری نفع و ضرر کو واضح کر دیتا ہے ، یوں ہی شرع شریف افعال کے نفس الامری حسن و قبح کو واضح کر دیتی ہے۔لہذا عقلیں کبھی نفس الامری و واقعی حسن و قبح تک خود رہنمائی حاصل کر لیتی ہیں، جیسے نفع بخش صدق کا حسن ہونا اور نقصان دہ جھوٹ کا قبیح ہونا۔ کتب اصول و کلام میں شئ کے حسن و قبح کے عقلی و شرعی ہونے پر ما تریدیہ و اشاعرہ اور معتزلہ کی طویل بحثیں ہیں، ہم چوں کہ حنفی ماتریدی ہیں اور ماتریدی علما کے موقف کا خلاصہ قارئین نے سطوربالا میں ملاحظہ کیا کہ(بعبارۃ اخری) بہت سے افعال و امور ایسے ہوتے ہیں کہ عقل ان کے حسن یا قبح کو بذات خود پہچان لیتی ہے، تو وہ مستحسن کہلاتے ہیں بھلے ہی شرع سے اس کے اچھے یا برے ہونے کی بابت کوئی حکم وارد نہ ہوا ہو، ہاں اگر حکم بھی وارد ہو تو اس کی تاکید و تائید و تصدیق ہوتے ہیں۔ البحر المحیط میں ہے:’’ وقالوا و سبیل السمع اذا ورد بموجب العقل یکون ورودہ مؤکدا لما فی العقل ایجابه و قضیته۔۔۔امام ابو بکر قفال شاشی فرماتے ہیں :‘‘ و قد یعد السمع لھذا النوع فیکون مؤکدا۔۔۔(ج:۱۔ص:۱۴۷)

مسئلہ زیر بحث(شجر کاری) انہی امور میں سے ہے جن کا حسن عقلی ہے، بلکہ مسئلہ مبحوث عنہ کا حسن اور عمدہ و اچھا ہونا بالاتفاق عقلی ہے کہ غرض دنیوی کے موافقت کے معنی میں ہے،لہذا درخت لگانے کی فضیلت میں کوئی حدیث، کوئی روایت، کوئی قول مروی و منقول نہ بھی ہوتا جب بھی عقل اس کے حسن و فائدے تک بذات خود رہنمائی حاصل کر لیتی ہے تو وہ بلا وجہ مستحسن و من جملہ اعمال حسنہ ہی ہے ۔ (بالخصوص فی زماننا جبکہ سائنس و علوم عقلیہ سے یقین کی حد تک معلوم ہو چکا ہے کہ درختوں کا وجود انسانی زندگی کے لیے کتنا ضروری اور مہم ہے۔)

خلاصہ یہ کہ عمل شجر کاری عقلا و نقلا مستحسن و مستحب کام، باعث اجر و ثواب اور بحکم حدیث صدقہ جاریہ ہے ، جس کی انجام دہی مسلمانوں سے شرعا مطلوب( بطلب غیر جازم )ہے ،اور یہ طلب اس وقت (بطور کفایہ)جازم ہو جاتی ہے جبکہ مظنون بظن غالب ہو کہ اس کے بغیر میدان حیات و زیست تنگ ہو جائے گا ۔کما فی ھذہ الاعصار فی بعض الامصار واللہ تعالی اعلم للنافع و الضار و ھو الذی ھدانا الی ما فیہ نفع فی الدنیاو دار القرار بواسطۃ رسولہ الکریم ذی الجاہ و الوقار علیہ و علی آلہ اکرم الصلوات و ازکی التحیات بالمرات و التکرار۔۱۲

کتبہ : فقیر ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

از رضوی دار الافتا ۔مرکز اہل سنت ،بریلی شریف

۱ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۶ ؁ ھ

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔