صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ طلاق کے مسائل ‹ نمبر ۱۷ فتوی شافعی شوہر حنفی بیوی کی طلاق کا حکمسوال کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسائل کے بارے میں کہ : زید جو کہ شافعی ہے اور ہندہ حنفیہ ۔ ان دونوں کا نکاح ۱۲ ؍ سال قبل ہوا تھا ، ان دونوں سے دو بیٹی اور ایک بیٹا بھی ہے ۔ ابھی چند ماہ قبل ہندہ کا تعلق خالد سے ہو گیا ، جس کی وجہ سے ہندہ نے زید سے خلع لینا چاہا اور منصوبہ بنا کر زید کو کہا کہ میں مدرسہ وغیرہ پڑھاتی ہوں جس کی وجہ سے تمہاری خدمت وغیرہ نہیں کر پاتی ہوں ، لہذا تمہارا ایک اور لڑکی سے نکاح کروا دیتی ہوں زید راضی ہو گیا ، پھر ہندہ نے زید سے کہا کہ میرے تمہارے نکاح میں ہونے کے سبب دوسری لڑکی کا رشتہ نہیں ملے گا ، اس لئے ہم لوگ کورٹ سے فرضی خلع نامہ تحریری طور پر بنوا لیتے ہیں تاکہ تمہارا دوسرا رشتہ مل جائے اور اس خلع نامہ کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ ہوگا ، زید فرضی سمجھ کر راضی ہوگیا اور ۲۱؍ جنوری ۲۰۲۳ ء کو خلع نامہ پر زید نے دستخط کر دیا ۔ اس کے بعد بھی زید و ہندہ میاں بیوی کی طرح ہی رہتے ہیں ، ہندہ نے قریب ۲ ؍ ماہ گزرنے کے بعد جب زید کا دوسری لڑکی سے نکاح ہو گیا، تو ہندہ نے کہا کہ اب میں تمہاری بیوی نہیں رہی ، میرا خلع تم سے ہوچکا ہے ، پھر ہندہ زید سے الگ رہنے لگی ، چند دن گزرنے کے بعد ۷؍ مئی ۲۰۲۳ ء کو ہندہ دوبارہ زید کے پاس لوٹ آئی اور دونوں میاں بیوی کی طرح ۹ ؍مئی ۲۰۲۳ ء تک ساتھ رہے اور مجامعت بھی کیا ، پھر ہندہ ۱۰ ؍ مئی کو دوبارہ زید سے الگ ہو گئی اور ۴؍ جون ۲۰۲۳ ء کو خالد سے بھاگ کر نکاح کر لیا اور کہتی ہے کہ میری عدت پوری ہو گئی ہے اس لیے میرا نکاح ثانی درست ہے ۔ زید جو کہ شافعی ہے اس نے شافعی مفتی سے فتوی لیا ، اس میں مذکور ہے کہ اس طرح دھوکے سے خلع واقع نہ ہوگا، لہذا زید کہتا ہے کہ خلع ہوا ہی نہیں میں شوہر ہوں اور شافعی ہوں اس اعتبار سے ۔ اور ہندہ کہتی ہے کہ میں حنفی ہوں اور عند الاحناف واقع ہو گیا ۔ سوال یہ ہے کہ : (۱( کیا خلع عند الاحناف واقع ہو گیا ؟ اگر واقع ہو گیا ہے تو اب شوہر کے مسلک کے مسائل پر عمل ہوگا یا بیوی حنفیہ کے مسلک کے مسائل پر ؟ (۲) اگر خلع واقع ہو گیا ہے تو کیا ہندہ کا اس طرح ایام عدت میں زید کے ساتھ رہنا اور مجامعت کرنا عدت کو تام کر دے گا ؟ (۳) اس طرح عدت گزارنے کے بعد ( جب کہ زید نے ہندہ سے مجامعت بھی کی اور ساتھ میں ۲ ؍ ماہ رہی بھی ) خالد سے ہندہ کا نکاح درست ہو جائے گا ؟ (۴) خالد امامت کرتا ہے اور مدرسہ پڑھاتا ہے ۔ ہندہ مبلغہ ہے اور مدرسہ پڑھاتی ہے ، لہذا خالد اور ہندہ پر عند الشرع کیا حکم ہوگا ؟ دلائل کی روشنی میں مدلل اور مفصل جواب عنایت فرمائیں ۔ المستفتی : ریاض احمد خان ممبئی ( مہاراشٹر ( جواب الجواب اللھم ھدایة الحق و الصواب: (۱۔۲۔۳۔) خلع نام ہے بالفاظ مخصوصہ مال کے عوض نکاح کو زائل کرنے کا، اگر عوض کا ذکر نہ ہو تو وہ خلع نہیں طلاق ہے، خلع نامہ جو ہم رشتۂ سوال ہے، اس میں بدل خلع کا کہیں ذکر نہیں، جس سے ظاہر ہے کہ یہ خلع بلا عوض بنیت طلاق، طلاق ہوگا، لیکن چوں کہ قرائن طلاق بھی موجود ہیں کہ ہندہ کی جانب سے مطالبۂ طلاق پر زید نے وہ کلمات جو خلع نامہ میں درج ہیں کہ : ’’فرحت جہاں کے مطالبۂ طلاق کو قبول کرتے ہوئے خلع دے کر اپنی زوجیت سے خارج کرتا ہوں، اب وہ میرے نکاح سے آزاد ہے ‘‘ لکھے، یا کہے یا لکھے ہوئے کلمات کا مضمون سمجھ کر اس پر انگوٹھا لگایا اور دستخط کئے، جس کا وہ مقر ہو یا گواہان شرعی سے ثابت ہو، تو نیت دریافت کرنے کی اصلاً حاجت نہیں، اور بالفرض قرائن طلاق بھی نہ ہوتے تو لفظ خلع اگر چہ من جملہ کنایات ہے مگر کثرت استعمال کی وجہ سے مثل صریح ہو گیا ہے، ہمارے مشائخ احناف نے فرمایا ہے کہ یہاں نیت مشروط نہیں، اس لئے کہ بحکم غلبۂ استعمال وہ مثل صریح ہو گیا ہے۔در مختار میں ہے:’’الخلع من الکنایات فیعتبر فیه مایعتبر فیھا من قرائن الطلاق کمذاکرة الطلاق و سوالھا له۔۔۔۔۔ خلعھا ثم قال لم انو به الطلاق، فان ذکر بدلا لم یصدق۔۔۔۔۔الا ان المشائخ قالوا لا تشترط النیة ھھنا لانه بحکم غلبة الاستعمال صار کالصریح‘‘ اور اس کے تحت رد المحتار میں ہے:’’ھاھنا ای فی لفظ الخلع و فی البحر عن البزازیة فلو کانت المباراة ایضا کذلک ای غلب استعمالھا فی الطلاق لم تحتج الی النیة و ان کانت من الکنایات و الا تبقی النیة مشروطة فیھا و فی سائر الکنایات علی الاصل ۔۔۔۔ بخلاف الخلع فانه مشتھر بین الخاص و العام‘‘ (ج:۳، ص: ۴۸۹) اس صورت میں بہر حال طلاق واقع ہو جانے میں شبہ نہیں، لیکن سوال یہ کہ کون سی طلاق واقع ہوئی ؟ تو ایک طلاق بائن کا حکم ہوگا۔ ’’و ذلک لان اللفظ الاول ( لفظ خلع ) و ان کان کالصریح و لکن الواقع به بائن، و اللفظ الثانی ( اپنی زوجیت سے خارج کرتا ہوں ) من الکنایات کقوله لم یبق بینی و بینک نکاح و الظاھر انه لا یصلح ردا و لا سبا و الحالة حالة مذاکرة الطلاق و لکن البائن لا یلحق البائن کما فی رد المحتار‘‘۔ و فی فتاوی قاضی خان:’’ روی ابن سماعة عن محمد رحمه اللہ تعالی انه اذا قال لھا اخلعی نفسک فقالت خلعت یقع طلاق بائن بغیر بدل کانه قال لھا ابینی نفسک و به اخذ اکثر المشائخ رحمھم اللہ تعالی و ان کان الخطاب من قبل المرأة فقالت اخلعنی أو بارئنی فقال الزوج فعلت فھذا‘‘ ( ج، ۱ص: ۴۷۹) اور خلع نامہ میں ہندہ کی جانب سے مطالبہ طلاق کے اخیر میں جو یہ لکھا ہے کہ ’’ بعد خلع و طلاق میں اپنے تمام جائز حقوق سے دستبردار ہوتی ہوں‘‘ (حالانکہ اس جملے کا سیاق و سباق بتا رہا ہے کہ یہ بدل خلع یا عوض نہیں، بلکہ عدالت و کچہری میں نالش اور مقدمہ دائر کرنے کے حقوق سے دستبرداری کا عہد و اقرار کر رہی ہے ) لیکن پھر بھی اگر باہمی مکالمات یا قرائن حالات سے واضح تھا کہ یہ طلاق اس معافیٔ جملہ حقوق مثل مہر و نفقہ وغیرہ کے عوض دے گا اور اسی معافیٔ جملہ حقوق کے عوض ہی دی گئی تو یوں بھی ایک طلاق بائن ہوئی ۔ فتح القدیر پھر رد المحتار وغیرہ میں ہے :’’قال أبرئینی من کل حق یکون للنساء علی الرجال ففعلت فقال فی فورہ طلقتک و ھی مدخول بھا یقع بائنا لانه بعوض۔و فی الذخیرہ و الخانیة و غیرھما و عنھما فی رد المحتار :"تقع بائنة لانه طلاق بعوض و ھو الابراء دلالة۔(ماخوذ من الفتاوی الرضویہ ، ج: ۱۰،ص: ۳۴۴ ) رہا یہ سوال کہ بغیر نیت، تحریر مثل تقریر ہے کہ نہیں تو جبکہ وہ خلع نامہ بنام و عنوان مع دستخط و مہر رسمی کاغذ پر واضح طور پر لکھا گیا اور زید نے اسے پڑھ اور سمجھ کر اس پر انگوٹھا لگا دیا اور دستخط کر دیئے اور یہ اس کے اقرار یا ثبوت شرعی سے ثابت ہے تو وہ تحریر مثل تقریر اور کتاب کالخطاب ہے۔الاشباہ و النظائر میں ہے:’’ان کتب علی وجه الرسالة مصدرا و معنونا و ثبت ذلک باقراره او بالبینة فکالخطاب ‘‘ اصل خلع نامہ کا کاغذ از قبیل مستبین مرسوم ہے، یعنی جس دستاویز پر خلع نامہ کی تفصیل لکھی گئی وہ واضح اور معتبر رسمی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے ناکہ غیر رسمی، اگر بعد کو کہے میری نیت خطاب کی نہیں تھی قضاء ً تصدیق نہ کی جائےگی ۔پس صورت مستفسرہ میں حکم قضا یہ ہے کہ اگر اس تحریر پر زید نے مضمون تحریر سمجھ کر دستخط کئے اور یہ اس کے اقرار سے ثابت ہے یا گواہان عادل شرعی کی شہادت سے کہ دو مرد یا ایک مرد دو عورت گواہی دیں کہ ان کے سامنے زید کو یہ مضمون پڑھ کر سنایا گیا یا زید نے خود پڑھ سمجھ کر اس پر برضا ، بلااکراہ دستخط کئے تو ہندہ پر ایک طلاق بائن پڑ گئی بشرطیکہ پہلے کبھی دو طلاقیں نہ دی ہوں۔ بہر تقدیر ہندہ بعد دستخط اس کے نکاح سے خارج ہو گئی تھی، دوران عدت زید سے قربت ناجائز و حرام تھی، مگر اس سے عدت کی مدت میں فرق نہ آئےگا، بعد انقضائے عدت ہندہ کا نکاح خالد سے منعقد ہو گیا۔مگر یاد رہے کہ تحریر کی بنا پر وقوع طلاق کا حکم اسی حالت میں ہو سکتا ہے، جبکہ شوہر کا اقرار ہو، (اقرار کا مطلب یہ کہ شوہر اقرار کرے کہ یہ اسی کی تحریر ہے یا اقرار کرے کہ اس نے خلع نامہ کا مضمون سمجھ کر دستخط کئے) یا گواہان عادل شرعی سے ثابت ہو ورنہ حکم طلاق نہ ہوگا اور ہندہ بدستور زید کی منکوحہ رہے گی اور خالد سے لا علمی میں اس کا نکاح فاسد ہوگا، متارکہ لازم اور بعد عدت زید کو لوٹائی جائےگی۔ البتہ شوافع کے یہاں کتابتا طلاق صریح نہیں اگر چہ لفظ صریح سے لکھی بلکہ تحریرا طلاق ان کے یہاں مثل کنایہ ہے جو نیت دریافت کیے جانے کی محتاج ہے، بغیر نیت تحریراً طلاق دی تو طلاق واقع نہ ہوگی، امام غزالی الوسیط فی المذھب میں فرماتے ہیں : ’’اما الکتابة فلیست بصریحة و ان کتب اللفظ الصریح فھل ھو کنایة؟ اضطربت فیه النصوص و حاصله ثلاثة اقوال: احدھا انه الکنایة لان الکتابة معتادة و المقصود التفھیم،و الثانی انه لغو ۔۔۔۔ والثالث انها تعتبر من الغائب دون الحاضر لاجل العادة ‘‘ ۔(۳۷۸/۵) لیکن بہر حال حنفی پر لازم ہے کہ وہ یہی اعتقاد رکھے کہ اس کے امام کا مذہب ہی صحیح ہے اور مذہب غیر خطا ہے ، مگر محتمل صحت ہے، یوں ہی مقلد مفتی سے اگر سوال ہو تو اس پر لازم ہے کہ وہی جواب دے جو اس کے مذہب مہذب میں صحیح ہو، اسے ہرگز جائز نہیں کہ مذہب غیر پر فتوی دے۔ فی الدر المختار مع رد المحتار :’’لو قیل لحنفی ما مذھب الامام الشافعی فی کذا؟ وجب ان یقول قال ابو حنیفة کذا۔۔۔’’ بنی علی ذلک وجوب اعتقاد ان مذھبه صواب یحتمل الخطأ و ان مذھب غیرہ خطأ یحتمل الصواب، فاذا سئل عن حکم لا یجیب الا بما ھو صواب عندہ فلا یجوز ان یجیب بمذھب الغیر‘‘(ج: ۳، ص: ۵۵۸) تو ہندہ پر لازم ہے کہ وہ اپنے مذہب کے فتوے پر ہی عمل کرے،ہاں اگر یہ مسئلہ قضائے قاضی کا محتاج ہو جائے یا زید وہندہ میں کوئی صحیح شرعی قاضی کے یہاں دعوی کردے اور قاضی اپنے مذہب کے مطابق فیصلہ کر دے تو نافذ ہوگا ۔ عام از یں کہ وہ قاضی حنفی ہو یا شافعی، مالکی ہو یا حنبلی۔ زید و ہندہ کو بھی اس پر عمل کرنا پڑےگا بھلے ہی اس کے مذہب کے برخلاف قضا ہوئی ہو، اگر چہ ہمارا مذہب اس فیصلے کے برخلاف ہو، اس لئے کہ معتمد یہی ہے کہ قاضی کی قضا مذہب غیر پر صحیح نہیں بالخصوص ہمارے زمانے میں۔اور مسا ئل مجتہد فیھا (مثل مسئلہ دائرہ) میں دوسرے مذہب کے قاضی کی قضا نافذ ہے۔اسی در مختار و رد المحتار میں بعد عبارت مذکورہ بالا ہے:’’نعم لو قضی مالکی بذلک نفذ’’لانه مجتھد فیه‘‘۔خلع ہمارے یہاں طلاق ہے، مگر مذہب حنبلی میں فسخ، لیکن اگر حنبلی قاضی فسخ کرنے کا فیصلہ کردے تو نافذ ہوگا۔ اسی میں باب الخلع کے اندر ہے : ’’لکن لو قضی بکونه فسخا نفذ لانه مجتھد فیه‘‘۔۔۔۔’’ ولا یخفی ان المراد بقوله نفذ ھو ما لو حکم به حنبلی فی مسألتنا، بخلاف الحنفی فانه و ان صح حکمه بغیر مذھبه علی احد القولین لکنه فی زماننا لا یصح اتفاقا لتقیید السلطان قضائه بالحکم بالصحیح من مذھبنا فلا ینفذ حکمه بالضعیف فضلا عن مذھب الغیر‘‘(ج: ۳،ص: ۴۸۸)۔ اسی طرح نفقہ سے عجز کی صورت میں زوجین میں تفریق کا مسئلہ ہے یعنی احناف کے نزدیک عجز عن النفقہ، سبب تفریق بین الزوجین نہیں، عام از یں کہ شوہر حاضر ہو کہ غائب یہاں تک کہ اگر کوئی حنفی قاضی عجز عن النفقہ کی بنا پر تفریق کا حکم کر دے تو نافذ نہ ہوگا، بر خلاف صحیح شرعی شافعی قاضی کے، کیوں کہ امام شافعی تنگئ شوہر اور ضرر زن بوجہ غیبت شو کی بنیاد پر تفریق کو جائز قرار دیتے ہیں، لہذا اگر صحیح شرعی شافعی قاضی اپنے مذہب کی رو سے حکم تفریق دے تو نافذ ہوگا۔در مختار میں ہے: ’’ولو قضی به حنفی لم ینفذ نعم لو امر شافعیا فقضی به نفذ‘‘(ص: ۶۴۸)۔۔۔۔ تو احکام مجتہد فیھا میں ہمارے مشائخ احناف قضائے قاضی بمطابق مذہب قاضی نافذ مانتے ہیں۔ و فی رد المحتار:’’الحالة الاولی جعلھا مشائخنا حکما مجتھدا فیه فینفذ فیه القضاء دون الثانیة‘‘ ۔ اور نہ صرف احناف بلکہ شیخ قاسم نے اپنے فتاوی میں اس پر اجماع نقل کیا ہے ، لیکن ضروری ہے کہ دار القضا میں جو مسئلہ لے جایا جائے وہ کسی حادثے اور صحیح خصومت کے بارے میں ہو ، یہ شرط اگر مفقود ہوئی تو قضائے قاضی نافذ نہ ہوگی ، اس لئے کہ اس صورت میں وہ فتوی ہوگا نہ کہ قضا ۔ ’’ نقل الشیخ قاسم فی فتاواہ الاجماع علیہ ، ثم قال فی البحر : فالحاصل ان الحکم المرفوع لابد ان یکون فی حادثۃ و خصومۃ صحیحۃ کما صرح فی العمادی و البزازی ، و قالا : حتی لو فات ھذا الشرط لا ینفذ القضاء لانہ الفتوی اھ ‘‘(۵۳۹/۵) ۔ اورامام شامی نے بھی یوں ہی فرمایا کہ مقلد قاضی شرائط کو پورا کرتے ہوئے جب اپنے امام کے قول پر فیصلہ کر دے تو اس کی قضا نافذ ہوگی اور حکم مختلف فیہ کا بقا متفق علیہ ہو جائے گا ۔بشرطیکہ دعوی صحیحہ کیا جائے ’’۔۔۔ اجمعت علیہ الامۃ فی ان المقلد اذا قضی بقول امامہ مستوفیاً للشروط نفذ قضاؤہ ، سواء علم ان فی المسألۃ خلافا أو لا ، و صار المختلف فیہ بقاؤہ متفقا علیہ ۔۔۔‘‘(۵۳۸/۵) ۔۔۔’’فلو رفع الی حنفی قضائ مالکی بلا دعوی لم یلتفت الیہ و یحکم بمقتضی مذھبہ‘‘(ص:۵۳۹) صورت مسئولہ میں یہ حکم بھی مجتہد فیہ ہے اور اس میں قضائے قاضی شرعی و صحیح نافذ ہو گی۔مگر ہمارے بلاد میں صحیح شرعی شافعی قاضی نادر ہیں اور یہاں کثرت بھی احناف کی ہے تو صحیح شرعی حنفی قاضی کے یہاں دعوی کرے اور وہ بمطابق مذہب حنفی فیصلہ کر دے تو شرعا نافذ ہوگا اور ہندہ کا شوہر اگر چہ شافعی ہے اس کو بھی شرعاً اسی پر عمل لازم ہوجائے گا۔ اور اگر صحیح شرعی حنفی قاضی نہیں تو شہر کا سب سے بڑا سنی صحیح العقیدہ عالم مرجع فتاوی حاکم شرع ہے، اس کے یہاں مقدمہ دائر کیا جائے ، وہ جو حکم صادر کرے وہی فریقین کو واجب العمل اور مثل قضائے قاضی ہے۔واللہ تعالی اعلم۱۲ (۴) اگر ہندہ کی بابت مذکور فی السوال الزامات واقعی ہیں تو وہ سخت گنہگار ، حق اللہ و حق العبد میں گرفتار ، مستوجب غضب جبار ہے ،اسے صدق دل سے توبہ و رجوع لازم ہے ۔ تابتوبہ اس سے تبلیغ وغیرہ کے کام کرانا جائز نہیں ،یہ دعوت و تبلیغ، دینی مذہبی کام ہے ، اور غیر متدین لوگوں کا یہ کام انجام دینا، دین اور معظمان دینی کی وقعت عوام کے دلوں میں کم کردے گا ،اوردعوت و تبلیغ کے نام پر ادھر ادھر جانے کی یوں بھی مستورات کو مطلقا اجازت نہیں بالخصوص ایک شہر سے دوسرے شہر بغیر محرم کے وہ سفرجس کو شریعت نے اسکے حق میں حرام فرمایا ، مامون حالات میں بھی ان کے حق میںدعوت و تبلیغ میں بہت حزم و احتیاط،اور پابندئی شرائط و آداب کی ضرورت ہے ۔ خالد اگر مذکور فی السوال منصوبہ بندی میں ہندہ کا شریک و سہیم تھا تو وہ بھی سخت گنہ گار ہے،اور بالفرض شریک نہ بھی ہو تب بھی بالکلیہ بری نہیں کہ غیر محرم سے قبل ازنکاح غیر شرعی روابط رکھناناجائز و حرام ہے۔ بہر حال نا قابل امامت ہے تاوقتیکہ توبہ صحیحہ نہ کرلے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف مورخہ : ۴ ؍ ربیع الآخر ۱۴۴۵ ھ / ۲۰ ؍ اکتوبر ۲۰۲۳ ء تصدیقات علماے کرام :- صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب قاضی شہید عالم رضوی خادم التدریس و الافتا ، جامعہ رضویہ نوریہ بریلی شریف صح الجواب و ھو تعالی اعلم بالصواب ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہ المنان رضوی دار الافتا جامعہ الخضرا ، مظفر پور الجواب صحیح و صواب و المجیب العلام نجیح و مثاب ، واللہ تعالی اعلم ۔ محمد افروز عالم نوری عفی عنہ ، خادم التدریس و الافتا ، جامعہ رضویہ منظر اسلام ، بریلی شریف الجواب صحیح و المجیب العلام مصیب ، واللہ تعالی اعلم بالصواب محمد عاقل رضوی غفر لہ القوی ، خادم جامعہ رضویہ منظر اسلام ، بریلی شریف مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

