صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ عقیدہ و ایمان ‹ نمبر ۱۶

متن کا سائز
translateEnglish

فتوی متعلق وسیلہ

سوال

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام مسئلہ ذیل میں کہ :

زید ایک مسجد کا امام ہے اور وہ یہ کہتا ہے کہ بغیر رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ کے وسیلے اللہ کچھ دے ہی نہیں سکتا اور دلیل میں سرکار اعلی حضرت کا یہ شعر پیش کرتا ہے کہ :

بے ان کے واسطے کے خدا کچھ عطا کرے

حاشا غلط غلط یہ ہوس بے بصر کی ہے

اوربکر جو کہ عوام الناس سے ہے اس کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی نبی کے وسیلہ سے بھی دیتا ہےاور بغیر وسیلہ کے بھی دیتا ہے ۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ زید و بکر میں سے حق پر کون ہے ؟ اور مذکورہ شعر کی صحیح تشریح کیا ہوگی ؟ جو حق ہو اسے مع حوالہ قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح فرمائیں ۔

المستفتی : محمد رمضان ناصر گنج ،

ضلع شراوستی (یوپی)

جواب

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : قول و قائل مذکور کا حکم جاننے سے قبل چند امور کی توضیح و تفصیل ضروری ہے، مسئلہ کی تفہیم ان امور کی تفہیم پر موقوف ہے: 

(۱) واسطہ و وسیلہ کی حقیقت اور اس کے اقسام۔

(۲) محالات شرعیہ و عقلیہ اور ممتنع بالذات و ممتنع بالغیر کی وضاحت اور ممتنع بالغیر کی قسمیں۔

(۳) اور یہ کہ اللہ تبارک و تعالی کی قدرت کا تعلق ممکنات کے ساتھ ہے، محالات زیر قدرت آنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

  (۴) مسئلہ مسئول عنہا میں بے وسیلہ اعطا ، آیا ممکنات سے ہے یا ممتنعات سے ؟ 

  (۵) واسطہ و وسیلہ کے مختلف معانی و مفاہیم میں سے کون سے معنی کی رو سے اعطا بلا واسطہ و وسیلہ ممتنع ہے؟ ممتنع ہے تو کون سا ممتنع؟ آیا ایسا ممتنع اور محال ہے جو زیر قدرت آنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا یہاں تک کہ قائل کا قول ’’ اللہ تعالی بے حضور علیہ السلام کے وسیلے سے دے ہی نہیں سکتا‘‘ صحیح و درست و بے غبار ٹھہرے؟ وغیرہ ذلک امورنیز اسی ضمن میں سرکار اعلی حضرت قدس سرہٗ کے مذکورہ شعر کے معنی کی توضیح بھی آئے گی ۔

 فاقول و باللہ التوفیق: جاننا چاہیے کہ علمائے اہل سنت نے واسطہ ، وسیلہ، شفاعت، استمداد، استعانت وغیرہ الفاظ کو متردافات قرار دیا ہے۔ جیسا کہ امام سبکی نے ’’شفاء السقام ‘‘میں، علامہ زینی دحلان مکی نے ’ رسالۂ توسل ‘‘ میں، علامہ فضل حق خیرآبادی نے’’ تحقیق الفتوی‘‘ میں اور سرکار اعلی حضرت نے رسالہ ’’ برکات الاستمداد ‘‘ میں اس کی وضاحت فرمائی ہے۔شفاء السقام میں ہے:’’ لا فرق فی ہذا المعنی بین ان یعبر عنه بلفظ التوسل أو الاستغاثۃ أو التشفع أو التوجہ و الداعی بالدعا المذکور و ما فی معناہ متوسل بالنبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم لأنہ جعلہ وسیلۃ لاجابۃ اللہ دعائہ و مستغیث بہ ‘‘۔ (ص: ۳۶۳ )

 و بعد اسطر:  ’’ و اذا صح المعنی فلا علیک فی تسمیته توسلا او تشفعا او توجھا او استغاثة‘‘۔ (ص: ۳۷۹)

رسالۃ فیما یتعلق بادلة جواز التوسل میں ہے : ’’ فالتوسل و التشفع و الاستغاثة کلھا بمعنی واحد  و لیس لھا فی قلوب المومنین معنی الا التبرک بذکر احباء الله لما ثبت ان الله یرحم العباد بسببھم سواء کانوا احیاء او امواتا ‘‘ (ص:۱۸۱)

تحقیق الفتوی میں فرمایا: بارگاہ الہی میں ایک شخص کے دوسرے شخص کے لیے شفاعت کرنے اور دعا کرنے میں کوئی فرق نہیں ، یہ دو لفظ ہیں ، جن کا معنی ایک ہے۔(ص: ۷۸)

اور سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں:یہی حال استعانت و فریادرسی کا ہے کہ ان کی حقیقت خاص بخدا اور بمعنی وسیلہ و توسل و توسط، غیر کے لیے ثابت اور قطعا روا بلکہ یہ معنی تو غیر خدا کے لیے ہی خاص ہیں، اللہ عز و جل وسیلہ و توسل و توسط بننے سے پاک ہے۔(فتاوی رضویہ ج:۱۷، ص:۱۸۹)

جب یہ بات معلوم ہو گئی (کہ وسیلہ و واسطہ، توسل و توسط، شفاعت و سفارش، استعانت و استمداد سب ایک معنی میں ہے)تو اب آئیے ان کے معانی و مفاہیم کی مزید تشریح ’’ شفاء السقام ‘‘ سے ملاحظہ کرتے ہیں:

 امام سبکی نے واسطہ و وسیلہ کی تین قسمیں فرمائی ہیں:

پہلی قسم یہ کہ طالب حاجت حضور علیہ السلام کے واسطہ و وسیلہ سے، یا حضور علیہ السلام کی وجاہت و برکت سے اللہ سبحانہ و تعالی سے اپنی حاجت طلب کرے۔ النوع الاول:  أن یتوسل به بمعنی ان طالب الحاجة یسأل الله تعالی به او بجاھه او ببرکته ۔

 دوسری قسم یہ کہ طالب حاجت خود حضور علیہ السلام سے اپنی دعا طلب کرے۔ النوع الثانی :أن التوسل به بمعنی طلب الدعاء منه ۔

تیسری قسم یہ کہ حضور علیہ السلام سے امر مطلوب اس اعتقاد کے ساتھ طلب کرے کہ بے شک حضور علیہ السلام اس کا سبب و ذریعہ ہونے پر قادر ہیں ۔ النوع الثالث : ان یطلب منه ذلک الامر المقصود بمعنی انه صلی اللہ تعالی علیہ وسلم قادر علی التسبب  فیه بسواله ربه و شفاعته الیه ۔

 پھر امام سبکی نے ان اقسام کے ساتھ ان کے احوال بیان فرمائے، یعنی :

(۱)حضور علیہ السلام سے توسل قبل خلقت۔ (۲) توسل بعد خلقت مدت حیات دنیویہ میں۔ (۳) اور حضور علیہ السلام سے توسل بعد وصال مدت برزخ میں۔ اور ان تینوں قسموں کی تینوں حالتوں کو جائز و مستحسن قرار دیا، فرمایا:’’ التوسل بالنبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم جائز فی کل حال ‘‘ ۔ (ص: ۳۵۸)

حضور علیہ السلام کے وسیلے سے دعا کو جائز و مستحسن قرار دینے کے بعد اس کو اللہ سبحانہ و تعالی پر واجب سمجھنے کا رد بھی فرمایا ’’ لا شک فی جوازه و کذا اذا قال (اسئلک) بحق محمد۔۔۔۔ المراد بالحق الرتبة و المنزلة۔۔۔۔لیس المراد بالحق الواجب فانه لا یجب علی اللہ شئ

(ص: ۳۶۶)

صاف فرمایا کہ حضور علیہ السلام کے وسیلے سے قبول دعا اللہ سبحانہ و تعالی پر واجب نہیں، بلکہ اس کا فضل ہے۔ معنی ٔ وجوب کو موہم ہونے کی وجہ سے بعض علما نے’ ’ بحق ‘‘ کے استعمال سے منع فرمایا ہے۔ و علی ھذا المعنی یحمل ما ورد عن بعض الفقھاء فی الامتناع من اطلاق ھذہ اللفظة۔ (ص :۳۶۶)

’’تحقیق الفتوی فی ابطال الطغوی ‘‘میں ہے: ’’ چوں شفاعت عبارت از سفارش است و قول بسفارش و قبول آں در حضرت او سبحانہ چنانکہ بیان کردہ شد مستلزم قول بتسلط کسے بر کار خانۂ تقدیر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ (ص :۲۶۹ )

شفاعت کسے در حق کسے و دعا کردن کسے برائے کسے فی المعنی یک است و ایں ہر دو لفظ را یک معنی واحد مشترک۔ (ص:۲۷۰) (جب شفاعت کا معنی سفارش ہے اور بارگاہ الہی میں شفاعت کے منظور ہونے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کسی کواس کے کارخانۂ تقدیر پر تسلط حاصل ہو، یا سفارش کرنے والے کی دل شکنی کے سبب اس کی مملکت میں خلل کا احتمال ہو یا ایسے ضرر کے لاحق ہونے، منافع کے فوت ہونے، یا رنج و ملال عارض ہونے کا اندیشہ ہو (حاشا و کلا یہ کسی کا عقیدہ نہیں) بلکہ شفاعت کے مقبول ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اہل محبت و اطاعت کو بیش از بیش انعام و اکرام سے نوازا ہے اور ان کے درجات دوسری مخلوق سے بلند فرما کر انہیں اپنی بارگاہ کا مقرب بنایا ہے۔ ۔۔۔۔۔۔بارگاہ الہی میں ایک شخص کے دوسرے شخص کے لیے شفاعت کرنے اور دعا کرنے میں کوئی فرق نہیں، یہ دو لفظ ہیں جن کا معنی ایک ہے۔(ص:۲۷۰)

وسیلہ و واسطہ کی مذکورہ تمام قسمیں اور حالتیں از قبیل جواز ہیں نہ کہ واجب، اور وسیلہ و واسطہ کے ان معانی میں اللہ سبحانہ و تعالی کا بے وسیلہ عطا فرمانا نہ مستحیل شرعی ہے نہ ممتنع بالغیر چہ جائے کہ مستحیل عقلی اور ممتنع بالذات ہو جو تحت قدرت آنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا ۔

’’شفاء السقام للسبکی ‘‘ میں ہے:’’ إن التوسل بالنبي صلي الله عليه وسلم جائز في كل حال قبل خلقه و بعد خلقه في مدة حياته في الدنيا و بعد موته في مدة البرزخ ‘‘۔(ص: ۳۵۸) تاہم دعا کی قبولیت کے لیے وسیلہ واجب یا ضروری نہیں، توسل کا انکار کیے بغیر بلاوسیلہ دعا مانگنا بھی جائز ہے، اور توسل والی دعا کی قبولیت کا اللہ کے ذمے لازم سمجھنا بھی درست نہیں۔اور جب دعا میں وسیلہ فرض و واجب نہیں تو وسیلے کے بغیر عطا کرنے پر اللہ سبحانہ و تعالی قادر مطلق کی طرف عدم قدرت کا قول کرنا ، اس کی جانب عجز کی نسبت کرنا ہے جو صریح کفر ہے ۔ ا س جملے سے توبہ و رجوع اور تجدید ایمان و نکاح لازم ہے۔

اور جو وسیلے کا منکر ہے اللہ تعالی اسے بھی عطا فرمانے پر قادر ہےبلکہ عطا فرماتا بھی ہے کیونکہ اعطاء دو قسم پر ہے، ایک فی الدنیا اور دوسرا فی الآخرہ۔اور اللہ دونوں ہی اعطا پر بلا شبہ قادر ہے، کفار دنیا کو جو اللہ عطا فرما رہا ہے وہ کیوں کر عطا ہو رہا ہے ، جبکہ نہ وہ حضور علیہ السلام کی رسالت پر ایمان لائے نہ حضور علیہ السلام کے مقرب ہونے پر۔ رہا اعطاء فی الآخرہ تو یہ مومنین کا نصیبہ ہے ؎

ع ہم رہے عشرت دائمی کے لیے

کیوں کہ حضور علیہ السلام پر ایمان لائے بغیر کسی کو آخرت میں سرخروئی اور کامیابی حاصل ہو جانا وعدۂ الہی کے خلاف اور محال شرعی ہے ۔ سوال میں مذکور جملہ بہر حال شان الوہیت کے منافی ہے ، ممکن پر اللہ سبحان و تعالی کے عدم قدرت کو مشعر ہے۔ اور یہ فرمان باری تعالی:(ان اللہ علی کل شئ قدیر) کے خلاف اور معاذ اللہ عجز باری تعالی پر دلالت کرتا ہے۔ قائل پر توبہ و تجدید ایمان و نکاح لازم ہے۔

عالمگیری وغیرہ میں ہے:  ’’ یکفر اذا وصف اللہ تعالی بما لا یلیق به او نسبه الی الجھل او العجز او النقص ‘‘

 (رضویہ : ۲۰/۷۷ )

ہاں مسؤل عنہا جملے میں لفظ وسیلہ کے معانی ٔ متبادرہ سے قطع نظر کر کے واسطہ و وسیلہ کی حقیقت پر غور کیا جائے تو مذکورہ بالا معانی کے علاوہ اس کے دیگر وسیع تر مفاہیم بھی ابھر کر سامنے آتے ہیں جس کا عدم و سلب اگر چہ بالذات ممکن ہے مگر ممتنع بالغیر ہے۔تاہم ممکن بالذات اور مجرد ممتنع بالغیر کو تحت قدرت نہ جاننا اور معاذ اللہ یوں کہنا کہ ’’ اللہ تعالی بے وسیلۂ حضور کچھ عطا فرما ہی نہیں سکتا‘‘ قادر مطلق کے عجز کا قول کرنا ہے۔ کیا اس کلام کا قائل بے وسیلہ اعطا کو ممتنع بالذات مانتا ہے؟ تبھی تو اس نے کہا کہ ’’ اللہ تعالی بے وسیلۂ حضور علیہ السلام کے دے ہی نہیں سکتا‘‘ ، یعنی دینے پر قدرت نہیں، کیوں کہ اگر اس کے نزدیک بے وسیلہ اعطا ممتنع بالذات نہ ہوتا بلکہ ممکن بالذات ہوتا (اگر چہ وقوع نہ ہو) تو اس کا یہ کہنا ’’ دے ہی نہیں سکتا‘‘ ، یعنی اس پر قدرت نہیں، صحیح نہ رہ جائے۔ معلوم ہوا کہ اس کا یہ جملہ بے وسیلہ اعطا کو ممتنع بالذات قرار دیتا ہے حالانکہ تصریحات ائمہ و علما سے اس کا بطلان ثابت ہے ۔

 علامہ خیرآبادی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں:’’ حضور علیہ السلام کی وہ تمام صفتیں ممکن ہیں جن کے ذریعے اللہ سبحانہ و تعالی نے اپنے عظیم فضل سے آپ پر اپنی نعمت کی تکمیل فرما کر آپ کو ان صفتوں کے ساتھ خاص فرمایا‘‘ ۔ (امتناع النظیر ، ص:۳۲۷)

پھر نبی و رسول کے واسطہ و وسیلہ ہونے کا ایک یہ معنی بھی ہے کہ یہ اللہ سبحانہ و تعالی کی عادت کریمہ ہے کہ اپنے بندوں کا ایمان اپنے نبیوں کے واسطہ و وسیلے سے ہی قبول فرماتا ہے، تو جو نبی جس قوم میں مبعوث ہوا اس قوم کے لوگ اسی نبی کے واسطہ و وسیلے سے ہی اللہ سبحانہ و تعالی تک پہنچ سکتے ہیں اور چوں کہ حضور علیہ السلام اولین و آخرین اور تمام مخلوقات الہیہ کے رسول ہیں تو تمام مخلوقات حضور علیہ السلام کے واسطہ و وسیلے سے ہی قرب الہی حاصل کر سکتی ہے۔ اس معنی میں اللہ سبحانہ و تعالی کا بغیر حضور علیہ السلام کے واسطہ و وسیلہ کے کسی کو قبول فرمانا ، ممکن بالذات اور ممتنع بالغیر ہے ۔

پھر ممتنع بالغیر کی دو قسمیں ہیں : ایکؔ وہ جو محال بالذات کو مستلزم ہو اور ایسا ممتنع بالغیر بھی تحت قدرت آنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ۔ اس مسئلہ کی نظیر مسئلۂ تکلیف مالا یطاق ہے۔اور دوؔسراوہ جو محال بالذات کو مستلزم نہ ہو ۔ یہ بالاتفاق تحت قدرت داخل ہے ۔

تکلیف ما لا یطاق اگر چہ فی نفسہ ممکن ہے، یعنی ممکن بالذات ہے ، مگر ایسا ممتنع بالغیر ہے جو محال بالذات کو مستلزم ہے، یعنی اس سے کلام باری تعالی (لا یکلف اللہ نفسا الا وسعھا) کا کذب لازم آئےگا جو کہ محال بالذات ہے، تو اسے بھی تحت قدرت ماننا جائز نہ ہوگا۔اسی طرح مسئلہ ’’ دخول کفار فی الجنۃ و ادخال المطیعین  فی النار‘‘  وغیرہ ہے۔( ص : ۱۵۱)

علامہ خیرآبادی فرماتے ہیں: ممتنع بالغیر بر دو گونہ است: یکے آں ممتنع بالغیر کہ مستلزم ممتنع بالذات باشد، چنانچہ عدم قدرت او سبحانہ و تعالی و عدم حیات او سبحانہ و عدم علم او سبحانہ نزد عامۂ متکلمین است کہ بزیادت صفات قائل اند و عدم آنہا را ممتنع بالغیر می دانند چناں کہ عدم عقل اول است نزد فلاسفہ کہ مستلزم عدم واجب سبحانہ نزد آنہا است۔

دوم آں ممتنع بالغیر کہ مستلزم ممتنع بالذات نباشد صرف بارادۂ فاعل مختار وقوع نیاید، و وقوع آں مستلزم محالے نبود۔ مراد ایں غبی نافہم از امتناع بالغیر در قول او ’’ لامتناعہ بالغیر‘‘  چہ باشد؟ اگر مرادش ایں است کہ مساوی آں حضرت صلی اللہ تعالی علیہ وسلم یا اعلی از آں حضرت ممتنع بالغیر از قبیل ثانی و ذلک باطل،زیرا کہ وجود مساوی یا اعلی از آں حضرت صلی اللہ تعالی علیہ وسلم مستلزم محال بالذات است و ھو کذبہ سبحانہ۔ و ایں۔۔۔۔و اگر مرادش ایں است کہ مساوی آں حضرت صلی اللہ تعال علیہ وسلم او اعلی از آں حضرت ممتنع بالغیر از قسم اول است در این صورت مساوی آں حضرت او اعلی از آں حضرت صلی اللہ تعالی علیہ وسلم تحت قدرت داخل نتواند بود چناں کہ عدم صفات کمالیہ او نزد متکلمین تحت قدرت داخل نیست ‘‘ ۔

(امتناع النظیر ص:۴۰۹)

اما ما نحن فیہ (یعنی اس وسیع معنی کے اعتبار سے اللہ تعالی کا حضور علیہ السلام کے واسطہ وسیلے کے بغیر کچھ عطا فرمانا ) فاقول : کہ اس معنی کے لحاظ سے تو وہ بعض نعم کی بابت ممتنع بالغیر غیر مستلزم بمحال ذاتی ہے اور بعض نعم کی بابت ممتنع بالغیر مستلزم بمحال ذاتی۔ اور جس صورت میں وہ ممتنع بالغیر مستلزم بمحال ذاتی ہوگا اس صورت میں تحت قدرت آنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔(یا یوں کہیے کہ قدرت الہی اس سے متعلق نہیں) ، کیوں کہ اللہ سبحانہ و تعالی وعدہ فرما چکا کہ وہ بے وسیلہ حضور علیہ السلام کے کسی کا ایمان قبول نہیں فرماتا ۔ یہ قسم ممتنع بالغیر مستلزم ممتنع بالذات ہے جو تحت قدرت داخل نہیں ۔

 رسالہ امتناع النظیر ، سبحان السبوح، معتقد وغیرہ سے مستفاد ہے کہ وہ ممکنات ذاتیہ جو خبر الہی یا علم الہی وغیرہ کے باعث محال ہو گئے ہیں، یعنی ایسے ممتنع بالغیر ہیں جو کہ محال بالذات کو مستلزم ہیں، مثلا یہ کہ اس کے اثبات سے معاذ اللہ کذب الہی کا اثبات لازم آئے، ایسے ممتنع بالغیر کو تحت قدرت ماننا منجر الی الکفر ہے۔ علامہ خیرآبادی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :’’اور یہ اعتقاد بھی منجر الی الکفر ہے کہ ہر ممکن بالذات اللہ کی قدرت کے تحت داخل ہے اگر چہ وہ ممتنع بالذات کو مستلزم ہو،(ص:۶۵) واللہ تعالی اعلم۔

یہ تفصیل بطور بحث ذکر کر دی گئی ہے ورنہ سچ یہ ہے کہ سوال میں مذکور جملے کی تاویل اس سے نہیں ہو سکتی۔کیونکہ بے وسیلہ نبی علیہ السلام عدم قبول ایمان کی بابت تو وعدہ و خبر الہی ہے باقی نعم کے عدم اعطاء پر صراحۃً کوئی وعدہ یا خبر نہیں، پھر قطع نظر مسئلہ مسئول عنہا سے یہ توجیہ و تاویل اگر چہ فی نفسہ درست ہے ، مگر قائل اور اس کے کلام کو مفید نہیں، کیونکہ یہ معنی و مفہوم قائل کی مراد ہونا اس کے قول کے نہ سیاق و سباق سے ظاہر نہ الفاظ کی ترتیب و ترکیب وغیرہ سے ۔قائل مذکور کا قول شان الوہیت میں سخت بےادبانہ ہے، اگر اس کی مراد عقیدۂ توسل و طلب شفاعت کی حقیقت و صحت کی تاکید تھی، تو اسے یوں کہنا چاہیے تھا کہ’’ اللہ سبحانہ وتعالی اپنے حبیب کے وسیلے سے کی گئی دعاؤں کو رد نہیں فرماتا ‘‘ نہ یہ کہ (معاذ اللہ) ’’اللہ تعالی بغیر وسیلۂ نبی ٔ کریم علیہ الصلوۃ و التسلیم دے ہی نہیں سکتا‘‘۔ ھیھات ھیھات شتان بین ذلک ۔

قول اول تمام سنیوں کا عقیدہ اور قول ثانی کفر صریح ہے کہ ( نعوذ باللہ ) قادر مطلق کے عجز پر دلالت کرتا ہے۔وسیلہ و واسطہ قبول دعا میں معاون ہوتے ہیں ، کہ اپنے مقرب کے وسیلے سے مولی جلد قبول فرماتا ہے ، کیوں کہ اس مقرب و محبوب بندے کو بارگاہ الہی میں وجاہت بھی حاصل ہے اور اذن شفاعت بھی حاصل ہے۔ لہذا وسیلہ و واسطہ جلد قبول دعا میں معاون و مؤثر ہوتے ہیں نہ یہ کہ معاذ اللہ دینے والا بغیر اس کے دینے پر قادر ہی نہ ہو، یا دے ہی نہیں سکتا ہو، یہ کلمات عجز پر دلالت کرتے ہیں۔

 اس کو یوں سمجھو کہ بادشاہ کے وزرا کو بادشاہ کے دربار میں وجاہت حاصل ہے یا اپنے جن محبوبوں سے وہ محبت کرتا ہے، ان میں سے کوئی اس کی بارگاہ میں سفارش کرے یا کسی کے لیے عرض و طلب کرے تو اس کی وجاہت اور اِس کی محبت کی بنا پر بادشاہ اس عرض کو جلد قبول فرماتا ہے، یہ مطلب نہیں کہ اگر بلا ان وسائط و وسائل سے طلب کیا جائے تو وہ دینے پر قادر ہی نہیں۔ہاں اگر یہ مراد کہ اس نے ایک قانون و آئین بنا دیا ہے کہ جس کو دوں گا ان واسطوں اور وسیلوں سے دوں گا۔ اور وہ اپنے قانون کی رعایت کرتا ہے ، وعدہ خلافی اس کی شان نہیں تو اس میں اس کا کوئی عجز نہیں، مگر تعبیر اس تفصیل کی سوال میں مذکور ان جملوں سے کہ ’’ وہ دے ہی نہیں سکتا‘‘ بہر حال بادشاہ کی بےادبی و توہین ہے۔(اسی کو ہم نے ممتنع بالغیر کہا جو تحت قدرت ہوتا ہے)

پھر جس واسطے و وسیلے کے بغیر بادشاہ کچھ دینے پر قادر ہی نہ ہو، یا یہ کہ بادشاہ بغیر اس واسطے و وسیلے کے دے ہی نہیں سکتا ہو، تو وہ واسطہ و وسیلہ ہی کب رہ جائیں گے ، بلکہ اصل ہو جائیں گے، ایسے میں نہیں کہا جا سکتا کہ وہ وسیلہ اور مقرب بارگاہ ہونے کی وجہ سے مقبول ہے بلکہ اس صورت میں بادشاہ فی الواقع ان وسائل و وسائط کا تابع و پابند ہو گا۔ اور ان کا محتاج ہو گیا ۔ (نعوذ باللہ ) حالانکہ وسیلہ و واسطہ کا یہ معنی کسی امام و فقیہ نے نہیں بتایا بلکہ وسیلہ کا معنی وہی ہے جو ہم ’’ شفاء السقام ‘ ‘ سے اوپر نقل کر آئے ہیں۔

قائل کے کلام کے بیہودگی اور بےادبی پر مشتمل ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عرف عام میں اس کلام کو سن کر فوری طور پر یہی معنی ذہن میں آتا ہے کہ ( نعوذ باللہ ) باری تعالی قادر مطلق بغیر وسیلے کے دینے پر قادر ہی نہیں۔( تعالی اللہ عما یقول علوا کبیرا)۔

اگر چہ قائل یہ تاویل کرے کہ میرا مقصد وقوع کے لحاظ سے نفی امکان ہے کہ اللہ تعالی بغیر حضور علیہ السلام کے واسطہ و وسیلے کے عطا نہیں فرماتا۔

 (اور اعلی حضرت قدس سرہٗ کا مذکور فی السوال شعر بھی اسی معنی میں ہے:

بے ان کے واسطے کے خدا کچھ عطا کرے حاشا غلط غلط یہ ہوس بے بصر کی ہے

اگر یہاں واسطہ کا وسیع معنی لیا جائے تو بے ان کے واسطے کے اللہ سبحانہ و تعالی کا کچھ عطا کرنا ممتنع بالذات و محال عقلی نہیں ، ہاں ! ممتنع بالغیر ہے، اور ممتنع بالغیر زیر قدرت ہوتا ہے، جبھی تو سرکار اعلی حضرت نے یہ نہیں فرمایا کہ بے ان کے واسطے کے خدا کچھ عطا کر ہی نہیں سکتا۔’’ نہ کر سکنا‘‘  ممتنع بالذات کی صورت میں ہوتا ہے، کیوں کہ محالات عقلیہ اور ممتنعات ذاتیہ زیر قدرت آنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ممتنع بالغیر زیر قدرت ہوتا ہے۔عدم وقوع کو استحالہ کیسے ٹھہرا دیا؟، یعنی ’’ اللہ تعالی نے بلا واسطۂ حضور علیہ السلام ،عطا نہیں فرمایا یا عطا نہیں فرماتا ہے یا عطا نہیں فرمائےگا‘‘کو ’’اللہ سبحانہ و تعالی بلا واسطہ عطا فرما ہی نہیں سکتا‘‘کیسے قرار دے دیا؟

عدم وقوع عدم امکان پر دلیل نہیں، یا یوں کہئے کہ عدم وقوع استحالہ پر دلیل نہیں،یہ تو استحالہ بالغیرپر بھی دلیل نہیں چہ جائے کہ استحالہ بالذات پر دلیل ہو۔( تعالی اللہ عما یقول علوا کبیرا) ۔دیکھو! سبحان السبوح پی ڈی ایف میں کتاب کا صفحہ ۳۷۲، ص ۶۳)

اگر قائل ہماری بیان کردہ مذکورہ بالا تاویلات سے مدد لے کر کہے کہ یہ دنیا و جہان بھی حضور علیہ السلام ہی کی واسطہ و وسیلے سے ہےکہ ’’ لولاک لما خلقت الافلاک ‘‘ کے معنی کا اقتضا یہی ہے، ایمان کی قبولیت بھی حضور علیہ السلام کے واسطہ و وسیلے سے ہے، کفار کو دنیا میں عذاب سماوی سے امان بھی حضور علیہ السلام کے صدقے میں ہے وغیرہ ذلک ، تو یہ توجیہ اس کے اس جملے کی تاویل نہیں ہو سکتی ۔

اولاً : تو یہ معنی متبادر نہیں۔ ثانیاً : یہ کہ واسطہ و وسیلہ کے اس وسیع معنی میں بھی عدم اعطا ممتنع بالذات نہیں ، بلکہ ممتنع بالغیر ہے، اور یہ ممتنع بالغیر تحت قدرت داخل ہے۔

ہاں ! وہ ممتنع بالغیر تحت قدرت داخل نہیں جو محال بالذات کو مستلزم ہو ، تو اس بیہودہ کلام کی تلافی یہ تاویل نہیں کر سکتی ۔ کیوں کہ معنی متبادر اپنا کام کر چکاکہ عرف عام میں یہ معنی ہرگز متبادر نہیں اور اس کا بین ثبوت خود یہ سوال ہے کہ اگر یہ معنی متبادر و مفہوم ہوتا تو نہ استفتا کی حاجت ہوتی نہ دور از کار تاویل و توجیہ کی ضرورت پیش آتی۔ اور نہ علما میں ہیجان و خلجان پیدا ہوتا۔اور نہ زید و بکر میں اختلاف رونما ہوتا ، اور نہ بکر یہ کہتا کہ اللہ تعالی تعالی حضور علیہ السلام کے وسیلے سے بھی عطا فرماتاہے اور بغیر وسیلہ بھی دیتا ہے، جیسا کہ شفاعت ہے کہ وہ بھی وسیلہ ہے (حضور کا شفیع ہونا بھی حضور کا وسیلہ ہونا ہے) اور اللہ تعالی بہت سے مطیعین و متقین کو بغیر شفاعت کے بھی جنت عطا فرماتا ہے۔ ہاں ! مذنبین (گنہ گاروں) کو حضور علیہ السلام کے وسیلے سے داخل جنت فرمائےگا جیسا کہ ’’ شفاعتی لاھل الکبائر من امتی ‘‘ اور ’’ اترونھا للمتقین و لکنھا للمذنبین الخطائین‘‘ اور  ’’ فمنھم من یدخل الجنة برحمته و منھم من یدخل الجنة بشفاعتی ‘‘ سے ثابت ہے۔نیز تحقیق الفتوی میں ہے:’’ پس وہ گنہ گار جس نے توبہ کر لی ہے نجات یافتہ ہے اسے شفاعت سے کیا تعلق اور اسے شفاعت کی کیا ضرورت؟‘‘ (ص:۱۴۴)

فرمان باری تعالی ہے:(ان اللہ لا یغفر ان یشرک به و یغفر ما دون ذلک لمن یشاء) گناہ کبیرہ کو اللہ تبارک و تعالی جس کے لیے چاہتا ہے معاف فرما دیتا ہے، یعنی بغیر واسطہ و وسیلہ کے بھی وہ معاف فرما دیتا ہے، اور واسطہ و وسیلہ یعنی شفاعت سے تو بدرجہ اولی معاف فرما دےگا ۔ اس سے بھی معلوم ہوا کہ واسطہ و وسیلہ اس کے لیے لازم و ضروری نہیں، اور دونوں طرح اعطا جائز و ممکن ہے۔ نہ مستحیل عقلی ہے نہ شرعی۔شفاعت بھی ایک طرح کا وسیلہ ہے جب بغیر شفاعت کے اللہ سبحانہ و تعالی مغفرت فرما دیتا ہے، تو شفاعت سے بدرجہ اولی فرما دےگا۔ اس اولیت کا یہ معنی و مفہوم نہیں کہ وسیلہ و واسطہ یا شفیع کے بغیر مغفرت کر ہی نہیں سکتا۔ نعوذ باللہ من ذلک۔

  شرح عقائد نسفیہ میں ہے:’’ جواز العفو و المغفرة بدون الشفاعة فبالشفاعة اولی و عند المعتزلة لما لم یجز لم تجز ‘‘ ۔

(ص: ۲۶۸)

اسی لیے سرکار اعلی حضرت نے فرمایا :گنہ زہر ہے مگر میرے کریم کسی کو تو شہد شفاعت چشیدہ ہونا تھا۔ بہر حال ان معانی میں اور وسیلہ و واسطہ کے ان معانی متبادرہ اور ان مفاہیم کے تناظر میں جو’’ شفاء السقام‘‘ سے نقل ہوئے بکر کا قول صحیح و درست ہے اور یہی اس کی منشا و مراد ۔ البتہ زید کا قول عجز باری تعالی پر دلالت کرتا ہے جو کفر ہے اس سے اسے توبہ و اسغفار لازم اور تجدید ایمان و تجدید نکاح (بشرط متزوج ہونے کے) بھی کرے۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

( دورانِ سفر جنوب افریقہ )

خادم رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت برلی شریف

مورخہ : ۴ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ھ

۷ ؍ نومبر  ۲۰۲۴ ء

تصدیقات علمائے کرام : -

(۱) الجواب صحیح و المجیب نجیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی ، جامعہ الخضرا، مرون ، مظفر پور ( بہار )

مورخہ : ۸ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۱۱ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

(۲) الجواب صحیح و صواب ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ ، خادم التدریس و الافتاء ، جامعہ رضویہ منظر اسلام ، بریلی شریف

مورخہ : ۹ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۹ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

(۳) جواب السؤال المسؤول من اکرم العلماء الفحول ، مزیح الستار عن غفلۃ الجھول ، حری بالقبول کما ھو منھم المأمول ، واللہ تعالی اعلم و نحن اھل النسیان و الذھول ۔

محمد اختر البریلوی عفی عنہ ، خادم التدریس جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف

مورخہ : ۱۱ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۱۴ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

(۴) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد سلیم بریلوی ، خادم التدریس جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف

مورخہ : ۱۳؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۱۶ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

(۵) صح الجواب ، بتوفیق اللہ الوھاب ۔

ماشاء اللہ ! حضرت مجیب نے بہت تفصیل کے ساتھ جواب قلمبند فرمایا ہے اور زید کی تاویلات باردہ کےبخئے ادھیر دیئے ہیں ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

فقیر محمد مطیع الرحمن رضوی غفر لہٗ 

مورخہ : ۱۵ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۱۸ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

(۶) زید کا قول ’’ بغیر رسول اللہ ﷺ کے اللہ کچھ دے ہی نہیں سکتا ‘‘ اس معنی کر کہ رسول اللہ ﷺ کے وسیلے کے بغیر اللہ تعالی دینے پر قادر نہیں ،، غلط ، باطل ، مردود اور کفر ہے ۔ اللہ تعالی سے قدرت کی نفی کرنا اور اللہ تعالی کو عاجز قرار دینا ہے ۔ قائل پر توبہ و تجدید ایمان و تجدید نکاح لازم ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

قاضی شہید عالم رضوی ، جامعہ نوریہ رضویہ بریلی شریف

مورخہ : ۱۷ ؍ جمادی الاولی ۱۴۴۶ ؁ ھ / ۲۰ ؍ نومبر ۲۰۲۴ ؁ ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔