صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ وراثت کے مسائل ‹ نمبر ۹۱۳/۲۰۲۶

متن کا سائز
translateEnglish

حضرت امیر معاویہ پر طعن کرنے والے کا حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان شرع متین ان مسائل کے بارے میں کہ اگر کسی صحابی رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ذکر و بیان کرنے سے یا ان کے نام کا نعرہ لگانے سے عوام و قوم مسلم میں انتشار کا خطرہ ہو تو ایسی جگہ ان صحابی ( مراد حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ ) کا نعرہ لگانا یا ذکر کرنا چاہیے یا موقوف کر دینا چاہیے ؟اور ذکر و نعرہ پر پابندی عائد کرنے والے اور حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ سے عناد رکھنے والے بلکہ صحابیت سے ہی خارج ماننے والے کے لیے شریعت کا کیا حکم ہے؟

 کیا یہ فرمان رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ سے بغض و حسد رکھنے والا کافر ہے؟اگر ہے تو کون سی حدیث سے ثابت ہے؟اور کیا یہ بھی صحیح ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا نام جنت کے دروازے پر حضرت آدم علیہ السلام کے پتلا تیار ہونے سے ایک ہزار برس قبل نوشتہ تھا ؟اگر ہاں تو کون سی روایت سے ثابت ہے؟ نیز حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہ الکریم کو ’’ علیہ السلام‘‘  کہہ سکتے، لکھ سکتے ہیں یا نہیں ؟

مؤدبانہ عرض ہے کہ مذکورہ سوالات کے قرآن و حدیث و مستند روایات کی روشنی میں مع حوالہ جوابات ارشاد فرما کر مشکور اور عند اللہ ماجور ہوں ۔۔

مستفتی: غلام صابر

رامپوری ،مقیم حال راناپور

جھابوا ۔ایم پی۔

جواب

الجواب بعون الملک الوھاب : صحابئ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا ذکر و نعرہ اور مسلمانوں میں انتشار کا خطرہ ! ’’لا حول ولا قوۃ الاباللہ العلی العظیم ‘‘ ۔ سوال ان صحابی(حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ)کے ذکر و نعرہ کی موقوفی یا بحالی کا نہیں بلکہ ان لوگوں کے ایمان و عقیدے،روش و طریق کا کرنا چاہئے جو خود کو مسلمان و سنی کہہ رہے ہیں اور صحابئ رسول حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ذکر و نعرہ پر انتشار برپا کرنے کو آمادہ ہیں کہ کیا واقعی یہ لوگ سنی صحیح العقیدہ ہیں یا کچھ اور ؟ ان کا عقیدہ و روش اہل سنت کے مطابق ہے یا نہیں؟

 اہل سنت کے نزدیک حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بلا شبہ قطعاً یقیناً اجماعاً من جملہ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین سے ہیں،احادیث کثیرہ،ظفیرہ و اجماع امت سے ان کی صحابیت ثابت ہے ،ان کی صحابیت کا انکار، مثل انکار آفتاب فی النہار ہے۔

جو آیات و احادیث، آثار و روایات،ارشادات و تصریحات صحابہ کرام کے عمومی فضائل و مناقب میں وارد ہیں، بلا شبہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی ان میں داخل ہیں، انہیں ان فضائل و مناقب سے خارج و مستثنی سمجھنا محض باطل و مردود ہے ۔’’ کما قال الامام الھمام امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن فی رسالتہ المسماة ’’ اعتقاد الاحباب فى جميل المصطفى و الآل و الاصحاب‘‘ ۔

اور ان کے سوا خاص ان کے فضائل میں بھی روایت و آثار ،ارشادات صحابہ و تابعین ،علما و ائمہ دین بکثرت وارد ہیں۔ یہ آثار و روایات و تصریحات عامہ و خاصہ اس قدر ہیں کہ ان کے احاطے کو ایک دفتر درکار ہے، فتوے میں اس قدر گنجائش نہیں ہوتی کہ سب کچھ لکھ دیا جائے جسے زیادت مطلوب ہو اس موضوع پر موجود کتب علمائے اہل سنت کا مطالعہ کرے ۔

یہاں بوجہ تنگی ان نصوص و آثار کثیرہ سے صرف نظر کرتے ہوئے بس ایک حدیث شریف کے ذکر پر اکتفا کرتا ہوں جو بحمدہ تعالیٰ سب کو جامع اور مطلوب میں کافی اور سنداً ،متناً ،روایۃً ،درایۃً ہر لحاظ سے عیوب و نقائص سے دور ہے، ائمہ محدثین کبار نے جس کی تخریج، تصحیح و تحسین فرمائی۔جسے امام ترمذی نے اپنی سنن میں ،امام احمد ابن حنبل نے اپنی مسند میں اور بخاری نے تاریخ کبیر میں روایت کیا ۔’’ و الفظ للبخاری :عن ابن ابی عمیرۃ رضی اللہ تعالی عنہ قال قال النبي صلى الله تعالى عليه وسلم اللهم اجعله هاديا مهديا و اهده و اهد به ‘‘ ۔  حضرت ابو عمیرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے لیے دعا فرمائی تو فرمایا :اے اللہ ! اسے ہدایت دینے والا اور ہدایت یافتہ بنا اور اسے درست رکھ اور دوسروں کو اس کے ذریعے ہدایت عطا فرما۔

حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے بارے میں سرکار صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی یہ دعا بلا شبہ مقبول ہے، کیا کوئی مسلمان یہ خیال کر سکتا ہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی یہ دعا ضائع و بے کار گئی ہوگی ، باطل و معطل ہو گئی ہوگی؟ نہیں ہرگز نہیں۔

اس حدیث شریف کے تحت علامہ ابن حجر ہیتمی شافعی قدس سرہ کی تطہیر الجنان و اللسان دیکھیے،انہوں نے اس دعا کی قبولیت کی کیسی صاف تصریح فرمائی ،فرماتے ہیں: ’’ فتامل هذا الدعاء من الصادق والمصدوق وان ادعيته لامته لا سيما لاصحابه مقبولة وغير مردودة تعلم ان الله سبحانه استجاب لرسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم بهذا الدعاء لمعاوية فجعله هاديا للناس مهديا في نفسه ومن جمع الله له بين هاتين المرتبتين كيف يتخيل فيه ما تقول عليه المبطلون و وصمه به المعاندون ۔۔‘‘ اہ۔

یعنی تم صادق و مصدوق نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی اس دعا میں غور و تأمل کرو۔ بے شک اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی اپنی امت بالخصوص اپنے صحابہ کے لیے جو دعائیں ہیں وہ مقبول ہیں، مردود نہیں۔اور تم یہ بات جان لو کہ اللہ تعالی نے حضرت امیر معاویہ کے لیے اپنے محبوب کی اس دعا کو قبول فرمایا اور انہیں خود ہدایت یافتہ اور دوسرے لوگوں کو ہدایت دینے والا بنایا اور اللہ تعالیٰ نے جن کے لیے یہ دو عظیم مرتبے جمع فرما دیے ہوں ان کے بارے میں وہ خیال کیسے کیا جا سکتا ہے جو باطل پرستوں نے ان کے بارے میں کہا اور بغض و عناد رکھنے والوں نے ان پر عیب لگایا۔(تطہیر الجنان و اللسان)

یہ حدیث حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ہادی و مہدی ہونا بتاتی ہے اور ہدایت پر وہی ہے جو مسلمان ہے کیونکہ اسلام کے غیر میں ہدایت ‌نہیں ،تو اس سے حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا مسلمان ہونا ثابت بلکہ حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صلح والی روایت جو آگے آ رہی ہے ان کے ثبوتِ اسلام میں اس سے بڑھ کر اور صریح ہے ۔ لہذا جب ان کا مسلمان ہونا احادیث سے ثابت تو صحابیت تو خود ہی ثابت کہ ان کا مسلمان ہونا ہی صحابیت کو مستلزم ہے ۔

بہر حال حضرت امیر معاویہ بلا شبہ ایک جلیل القدر صحابی ،کاتب وحی،اور ام المؤمنین حضرت ام حبیبہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہا کے برادر حقیقی ہونے کے سبب پوری امت کے ماموں ہیں۔

دوسرے صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کی طرح ان کی بھی محبت و تعظیم اور خیر سے ذکر کرنا اہل اسلام پر واجب اور توہین و تحقیر سخت شدید حرام بد کام انجام ہے اور ان کی صحابیت کا انکار محض ضلالت و گمراہی ہے۔ ایسا کرنے والا اللہ عزوجل اور تمام ملائکہ و انسانوں کی لعنت کا مستحق اور جہنم کے کتوں میں سے ایک کتا ہے،اس کا نہ کوئی فرض قبول ہوگا نہ کوئی نفل ۔

حدیث شریف میں ہے : ’’ عَنْ عُوَيْمِ بْنِ سَاعِدَةَ ، أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ اخْتَارَنِي وَاخْتَارَ لِي أَصْحَابًا فَجَعَلَ لِي مِنْهُمْ وُزَرَاءَ وَأَنْصَارًا وَأَصْهَارًا فَمَنْ سَبَّهُمْ فَعَلَيْهِ لَعْنَةُ اللَّهِ وَالْمَلائِكَةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ لا يَقْبَلُ اللَّهُ مِنْهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ لا صَرْفًا وَلا عَدْلا، هذا حديث صحيح الأسناد ولم يخرجاه وقال الذهبي “صحيح‘‘ (مستدرك الحاكم : ٣/٦٣٢) ۔ یعنی حضرت عویم بن ساعدہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بیشک الله تبارک و تعالیٰ نے مجھے چن لیا، اور میرے لئے اصحاب کو چن لیا، پس ان میں بعض کو میرا وزیر اور میرا مددگار اور میرا سسرالی بنادیا، تو جس نے ان کو برا کہا اس پر الله اور تمام فرشتوں اور انسانوں کی لعنت ہے ، قیامت کے دن نہ ان کا کوئی فرض قبول ہوگا، اور نہ ہی کوئی نفل ۔

اور نسیم الریاض شرح شفا امام قاضی عیاض مالکی رحمۃ اللہ علیہ میں ہے: ’’ و من یکن یطعن فی معاویۃ فذاک کلب من کلاب الهاویۃ ‘‘ ۔ یعنی جو امیر معاویہ پر طعن کرے وہ جہنم کے کتّوں سے ایک کُتا ہے ۔ (نسیم الریاض: ج :٤ ،ص: ۵۲۵ )

حضرت امیر معاویہ رضی الله تعالیٰ عنہ کے ذکر و نعرہ سے چِڑھنا،ان کی بلند شان میں توہین و تنقیص کرنا یا ان کی صحابیت سے انکار کرنا روافض کی خباثت ہے ،اہل سنت کا وطیرہ نہیں ،اہل سنت ہمیشہ سے ان کا ذکر خیر کرتے آئے ہیں ،اہل سنت کے ایک ہاتھ میں اہل بیت کا دامن ہے اور دوسرے ہاتھ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا ۔

اور ان کی آواز یہی ہے : ؎

اہل سنت کا ہے بیڑا پار اصحاب حضور   نجم ہیں اور ناؤ ہے عطرت رسول اللہ کی

اور مولاے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم و حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قضیہ میں اہل سنت کا حقانیت و صداقت، تحقیق و تدقیق،عدل و انصاف پر مبنی موقف و فیصلہ صاف ہے کہ:

’’ فرق مراتب بے شمار  ، حق بدست حیدر کرار ، مگر معاویہ بھی ہمارے سردار  ، طعن ان پر بھی  کار فجار۔

مگر افسوس آج بہت سارے سنی کہلانے والے ،محبت اہل بیت کا نام لینے والے اپنی جہالت و نادانی یا روافض اور ان کے فضلہ خواروں سے اختلاط کے سبب ان کے وسوسوں و دسیسہ کاریوں کا شکار ہیں۔ وہ بھی انہی کی بولیاں بولتے نظر آتے ہیں اور یہ نہیں جانتے کہ اہل بیت کی محبت حب صحابہ کے بغیر متصور نہیں اور حضرت امیر معاویہ کی توہین و تحقیر اصل میں اہل بیت کی بھی  ہتک شان ہے ۔

نواسۂ رسول ،جگر گوشۂ بتول فرزند علی حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے باوجود اس کے کہ آپ جنگ میں غالب ،جاں نثاران آپ کے لیے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ،پھر بھی آپ نے دوران جنگ حضرت امیر معاویہ سے صلح کر لی اور امر حکومت ان کے حوالے کر دیا اور کیوں نہ کرتے کہ ان کے نانا جان، اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے ان کی سیادت ذکر فرما کر ان کے بابت یہی فرمایا تھا، کہ ’’ ابنى هذا سيد ولعل الله يصلح به بين فئتين عظيمتين من المسلمين‘‘ ۔ یعنی میرا یہ بیٹا سید ہے اور مجھے امید ہے کہ اللہ عزوجل اس کے ذریعہ مسلمانوں کے دو بڑے گروہوں میں صلح کرا دے گا۔(بخاری شریف کتاب المناقب باب مناقب الحسن والحسین) ۔

اب حضرت امیر معاویہ پر طعن کرنے والا دیکھے کہ کیا یہ صرف ان پر طعن ہے ؟ نہیں ہرگز نہیں ،بلکہ یہ در حقیقت امام حسن مجتبی پر طعن ہے بلکہ ان کے جد کریم اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم پر بلکہ اللہ تعالی پر طعن ہے۔و العیاذ باللہ تعالیٰ ۔

بہرحال صورت مسؤلہ میں جو لوگ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے ذکر و نعرہ پر انتشار برپا کرنے کو آمادہ اور ان کے ذکر پر پابندی کے لیے کوشاں ہیں وہ یا تو موقف اہل سنت سے ناواقف ہیں یا متعنت و سرکش و گمراہ ہیں ۔ اگر وہ ناواقف سنی ہیں اور روافض و نیم روافض کے وساوس کے شکار ہیں، ان سے جھوٹے سچے قصے کہانیاں اور موضوع و باطل روایات سن سن کر ذہن و دماغ میں باطل خیالات پیدا کیے ہوے ہیں اور اسی کے نتیجے میں فتنہ و فساد برپا کر رہے ہیں تو انہیں بنرمی سمجھا دیا جائے ،دلائل و روایات صحیحہ سے ان کے شکوک و شبہات زائل کر دیے جائیں اور ان سے لازماً علانیہ توبہ بھی کرائی جائے۔اور اگر وہ گمراہ و بد دین، متعنِّت و سرکش ہیں تو ان سے دور رہا جائے اور عوام اہل سنت کو بھی ان سے دور رکھا جائے۔اللہ عزوجل کا ارشاد ہے : (واما ينسينك الشيطان فلا تقعد بعد الذكرى مع القوم الظٰلمين۔ الآیۃ۔ )( الانعام :٦٨)

لیکن کسی جاہل ، متعصب یا گمراہ‌ کی جانب سے اندیشۂ انتشار کی بنا پر کسی صحابی کا ذکر ہرگز ترک نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کل کوئی شرابی یا جواری شراب و جوئے کی مذمت کرنے پر انتشار کھڑا کرنے لگے تو کیا شراب و جوا کی مذمت چھوڑ دی جائے گی؟اگر کل کوئی بے نمازی نماز پر انتشار کرنے لگے تو کیا نماز کی دعوت و تبلیغ بند کر دی جائے گی؟

 نہیں ہرگز نہیں۔ تو جیسے یہ کام کسی کے اختلاف و انتشار برپا کرنے کی وجہ سے بند نہیں کئے جا سکتے ،اسی طرح ان صحابی(حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ) کا ذکر بھی بند نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ان فتنہ پروروں کی بات مان کر یا بلا وجہ کا خوف و خطرہ سمجھ کر ذکرِ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ترک کرنا در حقیقت فی زمانہ رفض کو بڑھاوا دینا ہے ۔

 روافض اور ان کے فضلہ خواروں کا حضرت امیر معاویہ کے ذکر و نعرہ پر انتشار کرنا آج کی کوئی نئی بات نہیں ، بلکہ وہ قدیم سے کرتے آئے ہیں مگر ہمارے اکابر علما ،ائمہ، مشائخ وصوفیا قدست اسرارھم نے کبھی ان کا ذکر ترک نہیں کیا بلکہ انھوں نے ان کے ذکر و نشر ِفضائل کا اور زیادہ اہتمام کیا، ان کے فضائل و مناقب میں مستقل کتابیں لکھیں، کتب احادیث میں ان کے مناقب کے ابواب مقرر کیے اور در حقیقت یہی حضور صلی اللہ تعالی علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب سے وفاداری کا تقاضہ ہے۔و اللہ تعالیٰ اعلم

(٢) حدیث شریف میں حضرت مولاے کائنات رضی اللہ  تعالیٰ عنہ سے بغض و عناد کو علامت نفاق اور رکھنے والے کو منافق فرمایا گیا ہے۔ امام ترمذی،امام نسائی اور امام احمد ابن حنبل ،یہ تینوں ائمہ حضرت مولاے کائنات رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے فرمایا :’’ لا یحبک الا مؤمن و لا یبغضک الا منافق ‘‘ ۔ یعنی  اے علی !تجھ سے مؤمن ہی محبت کرے گا اور تجھ سے منافق ہی بغض رکھے گا۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے بغض و حسد رکھنے والا کافر ہے ؟ایسی روایات روافض کی کتابوں میں ہیں۔ کتب اہل سنت میں ایسی کوئی روایت میری نظر سے نہیں گزری ،مگر یہ بات مجرب و صحیح ہے کہ کسی ایمان والے کے دل میں مولاے کائنات کے لیے بعض نہیں ہوتا اور جن سینوں میں ان کا بغض پایا جاتا ہے وہ ایمان سے خالی ہوتے ہیں مگر نفس بغض کفر ہو ایسا نہیں۔

ہاں ! اگر ان سے بغض کسی ایسی وجہ سے ہو جو خود کفر ہے ،مثلاً :نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی قرابت و غیرہ کی وجہ سے بغض ہے تو ضرور یہ بغض کفر ہے ۔علماے کرام رحمہم اللہ تعالیٰ تصریح فرماتے  ہیں کہ کسی عالم دین کا بوجہ علم دین استخفاف کرنا کفر ہے ،بلکہ بلا وجہ عالم دین سے بغض رکھنے والے پر بھی اندیشہ کفر ہے ۔مجمع الانھر ،کتاب السیر الفاظ کفر کے بیان میں ہے : ’’ و الاسختفاف بالاشراف و العلما کفر ٌو من بغض عالما من غیر سبب ظاہر خیف علیہ الکفر‘‘۔اہ ۔ ملخصا ً۔

(٣) ایسی کوئی روایت تلاش بسیار کے باوجود نہیں ملی البتہ اس مفہوم کی ایک روایت امام احمد ابن حنبل رحمہ اللہ تعالیٰ سے منسوب کتاب ’’فضائل الصحابہ ‘‘ میں ہے۔ وہ روایت یہ ہے: ’’حدثني احمد بن اسرائيل نا محمد بن عثمان نا زكريا ابن يحيى الكسائي نا یحییٰ بن سالم نا اشعث ابن عم حسن بن صالح و کان یفضل علیہ نا مسعر عن عطیۃ العوفی عن جابر بن عبداللہ الانصاری قال قال رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم مکتوب علی باب الجنۃ محمد رسول اللہ و علی اخو رسول اللہ قبل ان تخلق السماوات بالفی سنۃ‘‘۔یعنی حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے فرمایا کہ آسمانوں کی پیدائش سے دو ہزار سال پہلے جنت کے دروازے پر لکھ دیا گیا کہ محمد اللہ کے رسول ہیں اور علی اللہ کے رسول کے بھائی ہیں۔

لیکن یہ روایت شدید ضعیف بلکہ موضوع ہے ۔حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سوا اس کے تقریباً سبھی راویوں کی محدثین نے تضعیف و تجریح کی ہے اور امام ابن جوزی قدس سرہ نے ’’الموضوعات‘‘ میں اس طرح کی روایات کو موضوع و باطل قرار دیا ہے ۔اس کی تفصیل ’’الموضوعات ‘‘،’’میزان الاعتدال فی نقد الرجال‘‘،’’تاریخ بغداد‘‘ ،’’لسان المیزان‘‘ اور ’’عقیلی‘‘ وغیرہ میں ہے ۔لہذا جب یہ روایت نا درست و بے اصل ہےتو اس کا بیان کرنا جائز نہیں۔ جس طرح حدیث گڑھنا حرام ہے یوں ہی معلوم ہوتے ہوے گڑھی ہوئی حدیث بیان کرنا بھی ناجائز و حرام ہے۔

حدیث شریف میں ہے:’’ من کذب علی متعمدا فلیتبوأ مقعدہ من النار ۔رواہ الشیخان و غیرھما۔۔ ‘‘۔ یعنی جس نے مجھ پر جھوٹ باندھ اس نے اپنا ٹھکانہ دوزخ میں بنایا۔ نزھۃ النظر شرح نخبۃالفکر ص ٥٩ پر ہے: ’’ واتفقوا على ان تعمد الكذب على النبي صلى الله عليه وآله وصحبه وسلم من الكبائر‘‘ اور اسی میں ایک سطر بعد ہے:’’  واتفقوا على تحريم رواية الموضوع‘‘۔ و اللہ تعالیٰ اعلم ۔

(۴)  جمہور اہل سنت کے نزدیک ’’ علیہ السلام اور دیگر الفاظِ صلاۃ و تسلیم‘‘ حضرات انبیاے کرام و ملائکہ ٔعظام علیہم السلام کے ساتھ خاص ہیں ۔حضرات انبیاے کرام و ملائکۂ عظام علیہم السلام کے سوا کسی صحابی ،تابعی ،ولی ،غوث و قطب وغیرہ ‌کے لیے ابتداءً و استقلالاً ان الفاظ کا استعمال جائز نہیں۔ہاں !انبیا و ملائکہ علیہم السلام کے تبعّیت میں غیر کے لیے بھی استعمال جائز ہے ۔جیسے :حضرت امام حسین علی جدہ و علیہ السلام یا حضرت فاطمہ علی ابیہا و علیھا السلام وغیرہ کہہ سکتے ہیں ۔مگر مستقلاً حضرت امام حسین علیہ السلام یا حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام یا حضرت علی مرتضیٰ علیہ السلام کہنا جائز نہیں ۔

حضرت امام ابو زکریا نووی علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں:’’أن الصلاة صارت مخصوصة في لسان السلف بالانبياء صلوات الله وسلامه عليهم كما أن قولنا عزّ وجل مخصوص باللّٰه سبحانه وتعالى فكما لا يقال محمد عزّ وجل وإن كان عزيزاً جليلاً لا يقال  أبو بكر أو عليّ صلی اللہ علیہ وسلم وإن كان معناه صحیحاً واتفقوا على جواز جعل غير الأنبياء تبعاً لهم في الصلاة فيقال اللّهمّ صلّ على محمد وعلى آل محمد وأصحابه وأزواجه وذرّيته وأتباعه للأحاديث الصحيحة في ذلك وقد أمرنا به في التشهد ولم يزل السلف عليه خارج الصلاة أيضاً وأما السلام فقال الشيخ أبو محمد الجويني من أصحابنا  هو في معنى الصلاة فلا يستعمل في الغائب فلا يفرد به غير الأنبياء فلا يقال علي عليه السلام   وسواء في هذا الأحياء والأموات  ‘‘۔اہ۔ ( کتاب الاذکار للنووی :باب الصلاۃ علی الانبیاء و آلھم تبعا لھم)

اور در مختار مع شامی،ج: ١٠،ص :٥١٨ پر مسائل شتی میں ہے :’’و لا يصلي على غير الانبياء ولا على غير الملائكة الا بالطريق التبع ‘‘ ۔اه۔ اسی کے تحت شامی میں ہے:’’ واختلف هل تكره تحريما او تنزيها او خلاف الاولى وصحح النووى في الاذكار الثاني لكن في خطبة شرح الاشباه للبيرى من صلى على غيرهم اثم ويكره و هو الصحيح ‘‘ ۔ اه۔

اور فتاوی رضویہ ، ج: ٢٣ ،ص:٣٨٩ پر ہے کہ:’’  غیر انبیا  وملائکہ علیہم الصلوٰۃ والسلام پر بالاستقلال درود جائز نہیں‘‘۔اہ۔واللہ تعالیٰ اعلم۔ 

کتبہ: فقیر محمد طلحہ رضوی منظری غفر لہ القوی 

خادم رضوی دار الافتاء مرکز اہل سنت بریلی شریف

١٨/رجب المرجب/١٤٤٧ہ مطابق١٨ / جنوری/٢٠٢٦ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔