صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۸۴۴/۲۰۲۵ بعد اذان دی جانے والی صلاۃ کی توہین کرنے والے کا حکمسوال فرماتے ہیں علمائے دین مسئلہ ذیل میں اذان اور نماز کے درمیان جو صلاۃ پڑھی جاتی ہے اگر کوئی شخص اس کا انکار کرتے ہوئے پیشاب سے تشبیہ دے اور کہے کہ یہ مولویوں نے جبرا ہم پر تھوپ رکھی ہے جیسے کہ تراویح کی جماعت ہم پر تھوپ رکھی ہے۔ ایسے شخص کے بارے میں شریعت مطہرہ کا کیا حکم ہے؟ حوالہ کے ساتھ جواب عنایت فرمائے برائے مہربانی۔ المستفتی۔ مولانا عابد ضلع ہریدوار دھنپورہ
جواب بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم و الصلاۃ والسلام علیٰ رسولہ الأمین الکریم الجواب بعون الملک الوھاب: نماز اور اذان کے درمیان جو صلاۃ پکاری جاتی ہے اصطلاح شرع میں اسے تثویب کہتے ہیں ۔ تثویب نماز مغرب کے سوا باقی تمام نمازوں میں جائز و مستحسن ہے اور اس کا ثبوت فجر میں حدیث کی صراحت اور سواے مغرب اور نمازوں میں حدیث کی دلالت اور فقہ سے ثابت ہے۔فجر کی اذان میں ’’الصلوۃ خیر من النوم‘‘بھی تثویب ہی ہے، جس کی تلقین و ترغیب بلکہ حکم حدیث شریف میں موجود ہے۔مرقات شرح مشکوۃ المصابیح ج ۲ ص ٥٥٥ پر ہے: ’’روى الطبراني في المعجم الكبير من حديث حفص بن عمر عن بلال أنه أتى النبي يؤذنه بالصلاة فوجده راقدًا فقال: الصلاة خير من النوم، فقال عليه الصلاة والسلام: (ما أحسن هذا اجعله في أذانك‘‘۔یعنی ایک مرتبہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ فجر کے وقت میں رسول اللہ ﷺ کو نماز کے لیے بلانے آئے تو دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ تہجد پڑھنے کے بعد آرام فرمارہے ہیں، حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ ’’الصلاة خیر من النوم‘‘ (یعنی نماز نیند سے بہتر ہے)، رسول اللہ ﷺ نے جب یہ جملہ سنا تو فرمایا کہ یہ کتنا اچھا جملہ ہے! اے بلال اسے اپنی (فجر) کی اذان میں شامل کر لو۔ فتاوی عالمگیری جلد اول ،صفحہ ۶۲ پر ہے : ’’ و یزید بعد فلاح اذان الفجر الصلاۃ خیر من النوم مرتین، کذا فی کافی ‘‘۔ اور تثویب کا معنی و مقصد چونکہ ایک بار اذان کے ذریعہ نماز کا اعلان کرنے کے بعد دوبارہ نماز کا اعلان کرنا ہے اور اعلان چونکہ مشہور و معروف الفاظ ہی میں ہوتا ہے تاکہ لوگ اس کا اعلان ہونا سمجھ سکیں اور اس سے استفادہ کر سکیں، اس لیے تثویب کا مدار شرع نے پوری طرح عرف پر رکھاہے،یعنی اس کے لیے الفاظ کا انتخاب کرنے میں مسلمان مختار ہیں ،جو الفاظ ان کے یہاں مفید و کارگر ہوں ان سے تثویب کہہ سکتے ہیں۔فتا وی یندیہ جلد اول ، صفحہ ۶۳ پرہے : ’’و التثویب حسن عند المتاخرین فی کل صلاۃ الا فی المغرب ھکذا فی شرح النقایۃ للشیخ ابی المکارم و ھو رجوع المؤذن الی الاعلام بالصلاۃ بین الاذان و الاقامۃو تثویب کل بلدۃ علی ما تعارفوہ اما بالتنحنح اؤ بالصلاۃ الصلاۃ اؤ قامت قامت لانہ للمبالغۃ فی الاعلام و انما یحصل ذلک بما تعارفوہ کذا فی الکافی ‘‘۔اور ہمارے یہاں تثویب کے لیے صلاۃ کے الفاظ رائج و معروف ہیں اس لیے انہیں سے تثویب کہی جاتی ہے اور ان کا رواج کوئی آج سے نہیں ہے بلکہ سینکڑوں سال پرانہ ہے۔در مختارباب الاذان میں ہے :’’اذان کے بعد الصلوۃ و السلام علیک یا رسول اللہ پکارنا ماہ ربیع الآخر ۷۸۱ ھ میں جاری ہوا اور یہ بدعت حسنہ ہے ‘‘ ۔ یوں ہی ترابیح کی جماعت سنت موکدہ کفایہ ہے، مطلقاً تراویح سنتِ رسول ﷺ ہے اور یہ جماعت حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کی سنت ہے اور ہم سنت رسول ﷺ کی طرح خلفائے راشدین کی سنتوں پر عمل کرنے کے بھی پابند ہیں۔حدیث شریف میں ہے :’’علیکم بسنتی و بسنت الخلفاء الراشدین المہدیین ‘‘۔ یعنی تم پر لازم ہے میری سنتوں پر عمل کرنا اور میرے ہدایت یافتہ خلفاء کی سنتوں پر عمل کرنا۔(مشکاۃ المصابیح) اسی لیے آپ کے زمانے سے آج تک بلا نکیر مسلمانوں میں ان کا جماعت سے پڑھنا جاری ہے، جس پر کبار صحابہ و تابعین، ائمہ مجتہدین ،اولیاے کاملین و مومنین صالحین و عامۃ المومنین کا عمل رہا اور ہے۔ لہذا یہ کسی مولوی کی تھوپی ہوئی باتیں نہیں، بلکہ حدیث و سنت اور شریعت سے ثابت شدہ احکام ہیں۔ ان کے لیے وہ خبیث الفاظ بولنا اور وہ گندی تشبیہ دینا ضرور شرع اوراحکام شرع کی توہین ہے اور یہ توہین کفر ۔مجمع الانھر جلد دوم صفحہ ۵۰۹ پر ہے:’’ من اھان الشریعۃ او المسائل التی لا بد منھا کفر‘‘۔ یعنی جس نے شریعت کی یا اس کے ضروری احکام کی توہین کی اس نے کفر کیا ‘‘۔ لہذا ان احکام شرع کی لیے ایسا بکنے والا شخص شدید فاسق و فاجر، مستحق جہنم بلکہ اس پر حکم کفر ہے، اس نے شرع کی توہین آمیز جملے بک کر اپنا ایمان برباد کیا، اس پر فرض ہے کہ اپنی ان خبیث باتوں سے توبہ کرے، تجدید ایمان بھی کرے اور شادی شدہ ہو تو تجدید نکاح بھی کرے،اگر وہ ان احکام پر عمل کر کے شرعی تقاضہ کو پورا نہ کرے تو مسلمان اس سے تعلقات، بول چال و غیرہ ترک کر دیں تاکہ خواہی نخواہی توبہ کی طرف مائل ہوورنہ یہ بھی ماخوذ ہوں گے۔اللہ عزوجل کا ارشاد ہے :(ولا تركنوا الى الذين ظلموا فتمسكم النار)( سورۂ ھود :۱۱۳)۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ۔ کتبہ: فقیر محمد طلحہ رضوی منظری غفر لہ القوی رضوی دار الافتامرکز اہل سنت بریلی شریف ١؍ربیع الثانی ١٤٤٧ھ مطابق ٢٤ ستمبر ٢٠٢٥ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

