صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ طلاق کے مسائل ‹ نمبر ۹۰۴/۲۰۲۶ امر کتابت طلاق سے حکم طلاقسوال کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل میں کہ زید نے ہندہ کو طلاق دینے کے لیے بذریعہ وکیل ایک کاغذ تیار کروایا جس میں یہ الفاظ لکھے ہوئے ہیں طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، لیکن اب زید کا کہنا ہے کہ میں نے صرف کاغذ تیار کروا نے کو کہا تھا اس میں جو طلاق کے الفاظ ہیں وہ وکیل کے لکھے ہوئے ،اس میں زید کی رائے یہ ہے کہ جب دونوں یعنی زوجین کے دستخط ہو جائیں گے جبھی طلاق ہوگی۔دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں طلاق واقع ہوگی یا نہیں قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ المستفتی : مولانا ابصار خان حبیبی پتا رائے بریلی جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : زید نے اگر وہ طلاق نامہ بزبان خود املا کروایا تھا یعنی یہ بول رہا تھا اور وکیل یا کاتب لکھ رہا تھا تو اس کی بیوی پر فی الحال تینوں طلاقیں واقع ہو گئیں، اگرچہ اس نے اس طلاق نامے پر دستخط نہ کیے ہوں۔ اور اگر طلاق نامہ اس کے حکم سے وکیل نے تیار کیا تھا اور شوہر نے اس کو پڑھ لیا یا اس پر پڑھ دیا گیا تب بھی طلاق واقع ہو جائے گی کہ یہ اقرار طلاق ہے بلکہ اگر طلاق نامہ نہ اس پر پڑھا گیا نہ اس نے پڑھا نہ اس نے املا کروایا بلکہ اس کے حکم سے خود وکیل نے طلاق نامہ لکھ دیا اور اس نے تین طلاق لکھنے کا حکم نہیں کیا تھا بلکہ مطلقا طلاق نامہ لکھنے کو کہا تھا، اور یہی صورت مسئولہ معلوم دیتی ہے تو ایسی صورت میں اگر زید نے تین طلاق کی نیت نہیں کی تھی تو اس کی بیوی پر ایک طلاق واقع ہو جائے گی۔ ظاہر ہے کہ کاغذ سے طلاق نامہ مراد ہے تو اس مسئلے کی نظیر وہی مسئلہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی دوسرے شخص کو حکم دے کہ میری بیوی کو طلاق لکھ دے تو طلاق واقع ہوگی یا نہیں؟ یہ مسئلہ معرکۃ الآرا اور مختلف فیہ ہے یہاں تک کہ سرکار اعلی حضرت نے جد الممتار میں فرمایا کہ ’’ فی ھذہ المسئلۃ اضطراب شدید‘‘ ۔ خانیہ و رد المحتار وغیرہ کے جزئیات سے معلوم ہوتا ہے کہ محض کتابت کا حکم دینے سے ہی اس کی بیوی پر طلاق واقع ہو جائے گی بھلے ہی اس نے ابھی لکھا بھی نہ ہو۔خانیہ میں ہے: ’’ أن مجرد أمر الغیر بکتابۃ الطلاقٌ طلاق فی الحال وان لم یکتب ‘‘ ۔ رد المحتار میں ہے: ’’و لو قال للکاتب : اکتب طلاق امرأتی ، کان إقراراً بالطلاق و إن لم یکتب ‘‘۔ ( ج: ۳ ، ص : ۲۷۱) اور ہندیہ وغیرہ کے بیانات سے معلوم ہوتا ہے کہ بھلے ہی اجازت سے لکھا ہو، طلاق واقع نہ ہوگی جب تک اقرار نہ کر لے۔ الحاصل کہ مدار اختلاف اقرار و توکیل پر ہے جو فقہااس امر کرنے اور اذن کتابت طلاق کو اقرار طلاق مانتے ہیں وہ محض امر و اذن طلاق سے ہی طلاق واقع مانتے ہیں اور جو توکیل یعنی طلاق دینے کا وکیل بنانا، مانتے ہیں،تو جب تک کاتب یا وکیل طلاق لکھ نہ دے طلاق واقع نہیں مانتے، اگر طلاق لکھ دے تو طلاق واقع مانتے ہیں۔دیکھو قنیہ میں ہے: ’’أنہ طلاق إذا کتب من دون شرط أن یقرأ علیہ و یبعث أو یأمر بالبعث أو یقرّ بأنہ کتابہ ۔۔۔ الخ ‘‘ ۔ اور سرکار اعلی حضرت نے اسی کی جانب میل فرمایا اور اس کی تصحیح اور اسی پر افتا کی تصریح فرمائی، ملاحظہ ہو جد الممتار جلد : ۵ ، ص : ۲۲ : ثمّ قد شاع فی بلادنا أن أحدھم إذا أراد أن یطلق امرأتہ دعا الصّکّاک و أمرہ أن یکتب طلاق امرأتہ ثلاثاً مثلاً فیعظہ الناس و یستنزلونہ عن الثلاث فیقول سمعاً : اکتب طلاقین و ھکذا ، و کل ذلک دلیل قاطع علی أنھم لا یرون بالأمر إلا التوکیل و لا یفھمون منہ الأقرار أصلا ، فوجب التعویل علی ما فی ’’ القنیۃ ‘‘ و ’’ الاشباہ‘‘ و ھو المصحح المفتی بہ ، وللہ الحمد ، فقد وضح الصواب و انکشف الحجاب و الحمد للہ العزیز الوھاب ۔ ۱۲ لہذا صورت مسئولہ میں جبکہ شوہر نے طلاق نامہ لکھنے کا حکم دیا اور اس کے حکم سے طلاق نامہ لکھ دیا گیا تو اس کی بیوی پر طلاق واقع ہو جائے گی، اب سوال یہ ہے کہ کتنی واقع ہوں گی تو جبکہ اس نے تین طلاق لکھنے کا حکم نہیں دیا تھا اور وکیل نے تین طلاق لکھ دی تو تین کی دینے کی نیت نہ ہونے کی وجہ سے ایک طلاق رجعی واقع ہوگی، کتابت طلاق کے وقت سے اب تک اگر عدت نہ گزری ہے تو رجعت کر سکتا ہے۔ ورنہ بمہر جدید اسی سے بلا حل جدید نکاح جدید کر سکتا ہے۔ تتار خانیہ میں ہے: ’’ فتاویٰ تاتارخانیہ میں ہے:’’ وإذا قال لغیرہ : ’’ طلق امرأتي واحدۃ رجعیۃ ‘‘ فطلقہا واحدۃ بائنۃ ۔ أو قال لہ : ’’ طلقہا واحدۃ بائنۃ ‘‘ فطلقہا واحدۃً رجعیۃً تقع تطلیقۃً واحدۃً علیٰ حسب ما أمرہ الزوج ۔ ذکرہ في الأصل ۔ وفي الولوالجیۃ : رجل وکّل وکیلاً أن یطلق امرأتہ ، فطلق الوکیل ثلاثًا ؛ فإن نویٰ الزوج ثلاثًا صح ، وإن لم ینو لا یصح عند أبي حنیفۃ رحمہ اللّٰہ تعالیٰ۔‘‘ (الفتاوی التاتارخانیۃ ،کتاب الطلاق،نوع آخر فی تفویض الطلاق)۔ واللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۹ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۷ / ۳۰ دسمبر ۲۰۲۵ ء
مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

