صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ خرید و فروخت ‹ نمبر ۱۳

متن کا سائز
translateEnglish

کافر فقہی سے معاملات کا حکم فتاوی رضویہ کی روشنی میں

سوال

مقاطعہ ،عدم تعامل، بائکاٹ،عدم جلوس و قعود کے مختلف درجات و مراتب ہیں ، کبھی یہ مستحب ہوتا ہے ، کبھی سنت مؤکدہ ، کبھی واجب تو کبھی فرض ۔ فرمان باری تعالی ہے : ( و اما ینسینک الشیطان فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمین ) موجودہ زمانے کے اکثر مفتیان کرام مندرجہ بالا آیت کریمہ میں قوم ظالمین کی تفسیر میں تفسیرات احمدیہ سے یہ عبارت اپنے فتاوی میں نقل فرماتے ہیں : ’’ او الظاھر من کلام الفقہا ئ ان الآیۃ باقیۃ و ان القوم الظالمین یعم  المبتدع و الفاسق و الکافر  والقعود مع کلھم ممتنع ‘‘ ۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا فاسق کےساتھ قعود و جلوس کا ممتنع و ممنوع ہونا، کافر کے ساتھ قعود و جلوس کے ممنوع ہونے کے برابر ہے ؟ ظاہر سی بات ہے کہ اس میں فرق مراتب ضرور ہوگا ۔ پھر کافر کی بھی مختلف جہات سے مختلف اقسام ہیں ؛ مثلاً : کافر اصلی ، کافر مرتد ، کافر ملامی ، کافر فقہی اور یوں ہی مبتدع کی بھی متعدد لحاظ سے متعدد قسمیں ہیں ؛ جیسے : مبتدع داعیہ و مبتدع غیر داعیہ ۔ ان کے احکام و مسائل میں فرق ضرور ہوگا ، لہذا اسی فرق کو سمجھنے اور حکم شرع سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے بالاسور اڈیشہ سے مولانامولوی نظام الدین صاحب نے ایک استفتا رضوی دار الافتا روانہ کیا ، جس کا مضمون ذیل میں درج کیا جا رہا ہے :

’’ کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و فقہائے ذوی الاحترام اس مسئلے میں کہ زید پر باعتبار فقہا حکم کفر ہے اور کافر فقہی سے معاملات جیسے بیع و شرا ، اجارہ وغیرہ کو علمائے کرام حرام و نا جائز قرار دیتے ہیں جیسا کہ فتاوی تاج الشریعہ جلد دوم میں ہے ۔ تو دریافت طلب امر یہ ہے کہ بکر اس مسئلے سے لا علمی کی بنا پر زید سے بیع و شرا کرتا رہا ، کیا اس پر علانیہ توبہ ضروری ہے ؟ کیا اس کے پیچھے پڑھی گئی نمازیں واجب الاعادہ ہیں ؟ حالانکہ وہ اس مسئلے سے ناواقف تھا اور بعد واقفیت اس فعل سے محتاط بھی ہوگیا ۔ بینوا توجروا ‘‘ ۔ 

جواب

اس سوال کا تفصیلی اور تحلیلی جواب نبیرئہ اعلی حضرت ، مظہر حجۃ الاسلام حضرت علامہ شاہ مفتی محمد ارسلان رضا خاں قادری ازہری مد ظلہ العالی نے فتاوی رضویہ کی روشنی میں تحریر فرمایا، جس میں آپ نے باب تکفیر میں فقہا و متکلمین کے مسلک پر کچھ روشنی ڈالی ۔ مبتدع کے مختلف اقسام و انواع کا ذکر کر کے ان کے احکام بیان فرمائے اور چوں کہ عملیات و فقہیات میں قول فقہا پر عمل ہوتا ہے تو بحکم فقہا کافر سے معاملات و میل ملاپ اور لین دین کا حکم فقہی بیان فرمایا ، ( اگر چہ وہ کافر فقہی ، متکلمین کے نزدیک کافر و خروج از دین نہ ہو ) ۔

 ذیل میں حضرت موصوف مد ظلہ العالی کا فتوی قارئین کرام کے ملاحظہ و مطالعہ کے لئے نقل کیا جاتا ہے ، جس پر مرکز اہل سنت کے بہت سے مفتیان کرام نے اپنے تصدیقی دستخط ثبت فرمائے ہیں ، ملاحظہ ہو :

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب :

بے شک مرتدین تو مرتدین ، مبتدعین داعیہ یعنی وہ بد مذہب جو اپنی بد مذہبی کی طرف بلاتا ہے ، ان سے ہر طرح کے تعلقات و معاملات کی بالکلیہ ممانعت کا حکم ہے ، کما فی الفتاوی الرضویۃ ما ترجمتہ :ان المعاملۃ بالمرتد و المبتدع الداعیۃ ممنوعۃ مطلقاً ‘‘ ۔ ( ج :۱ ۱ ، ص : ۳۵۵ ،امام احمد رضا اکیڈمی) ، اور کافر فقہی متکلمین کے نزدیک اگر چہ کافر و مرتد اور خارج از دین نہیں مگر ملزوم  الکفر، گمراہ و مبتدع ضرور ہے ۔اور متکلمین کافر فقہی و ملزوم الکفر کو تکفیر کے سوا بہت سے احکام کفر کا مورد جانتے ہیں ،ھکذا فی الموت الاحمر ۔ در مختار وغیرہ میں ہے کہ جس کے کفر میں علما کے مابین اختلاف ہو اسے توبہ و تجدید ایمان و تجدید نکاح کا حکم بہر حال دیا جاے گا ۔

تو کافر فقہی ، متکلمین کے نزدیک علی الاقل مبتدع ، ضال و گمراہ ہے ، اور اعلی حضرت فرماتے ہیں کہ ’’مبتدع ضال ایک لفظ عام ہے ، جو کافر کو بھی شامل کہ بدعت دو قسم ہے مکفرہ و غیر مکفرہ‘‘، تو جمہور فقہا، کافر فقہی کو مبتدع ببدعت مکفرہ مانتے ہیں اور متکلمین اسی کو مبتدع  ببدعت غیر مکفرہ ،پھر جاننا چاہیےکہ غیر کافر کلامی یعنی (عند المتکلمین) مبتدع  ببدعت غیر مکفرہ بھی ایک جہت سے دو قسم ہے ، ایک وہ گمراہ جو کافر فقہی نہ ہو ، دوسرا وہ گمراہ جو کافر فقہی ہو، ان دونوں کے احکام میں کچھ فرق ہے جیسے فاسق معلن اور فاسق غیر معلن کے احکام میں فرق ہوتا ہےاور چوں کہ عملی و فقہی احکام میں فقہائے کرام کے اقوال اور بیان کردہ احکام پر عمل ہوتا ہے تو کافر فقہی گمراہ اور غیر کافر فقہی گمراہ کے احکام میںمذکورہ ذیل فرق ملاحظہ کریں: 

*کافر فقہی کی اقتدا میں نماز باطل محض ہے ، غیر کافر فقہی گمراہ کی اقتدا میں نماز مکروہ تحریمی واجب الاعاہ ہے۔

*کافر فقہی سے نکاح باطل محض اور بعد نکاح قربت زنائے خالص ہے جبکہ غیر کافر فقہی گمراہ سے نکاح ناجائز و حرام ہے۔

*کافر فقہی کا ذبیحہ فقہائے کرام کے نزدیک حرام و مردار ہے جبکہ گمراہ محض کا ذبیحہ جائز ۔

*اسی طرح بحکم فقہائے کرام کافر فقہی سے معاملات ،میل جول ،کاروبار و تجارت ، نشست و برخاست ناجائز و حرام ہے جبکہ گمراہ محض سے مذکورہ بالا معاملات محض نامناسب ہیں۔

سرکار اعلی حضرت نے ایک سوال کے جواب میں (۱) کافر کلامی ، (۲) کافر فقہی اور (۳) ضال محض کی نماز جنازہ کا حکم بیان فرمایا ، سوال شیعہ کی نماز جنازہ کے بارے میں تھا ، سرکار اعلی حضرت نے عام طور پر شیعہ کہے جانے والوں کی تین صورتیں اور ان کے احکام بیان فرمائے:

(۱)اگر وہ رافضی منکر ضروریات دین ہے ،تو بالاجماع کافر و مرتد ہے اور اس کی نماز جنازہ حرام قطعی و گناہ شدید ہے ۔

(۲)اور اگر محض تبرائی ہے تو عند الفقہا کافر و مرتد اور اس کی نماز جنازہ کا حکم فقہا کے نزدیک تو وہی ہے جو مرتد کی نماز جنازہ کا ہے ۔

(۳)اور اگر وہ صرف تفضیلی ہے تو اسکی نماز جنازہ کے سلسلے میں فرمایاکہ’’نہ چاہیے‘‘

مزید یہ کہ عبارات علما وفقہامیںغور و فکر سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ مبتدع ببدعت غیر مکفرہ کی مختلف جہات سے مختلف قسمیں ہو سکتی ہیں۔ مثلاً : مبتدع داعیہ اور مبتدع غیر داعیہ بالفاظ دیگر ایک گمراہ بھی ہو اور گمراہ گر بھی ہو، یعنی ضال مضل ہو اور دوسرا صرف گمراہ ہو ، ان کے احکام میں بھی کچھ فرق ہے۔ ( یعنی مبتدع داعیہ اور مبتدع غیر داعیہ کےاحکام میں)

اول کا حکم ( مبتدع داعیہ کا حکم ) بہت سے احکام و مسائل میں مثل مرتد ہے ا وران سے مسلمانوں و مومنوں کے حقوق مثلاً:  سلام ، عیادت ، حسن سلوک ، نماز جنازہ ، نششت و برخاست وغیرہ بھی ممنوع قرار دیئے گئے ہیں ، مومنین و مسلمین کی نماز جنازہ تو فرض کفایہ ہے ، لیکن کافر فقہی اور مبتدع داعیہ کے لئے وہ فرض کفایہ بھی فرض کفایہ نہیں رہ جاتا بلکہ سخت ممنوع قرار پاتا ہے ، اس کے احکام میں یہاں تک شدت ہے کہ حاکم اگر ضروری سمجھے تو اسے قتل بھی کرا سکتا ہے کیونکہ ایسے بدعتی کا فساد بڑھا ہوا ہوتا ہے ، رد المحتار میں ہے : ’’ المبتدع لولہ دلالۃ و دعوۃ للناس الی بدعتہ و یتوھم منہ ان ینشر البدعۃ و ان لم یحکم بکفرہ  جاز للسلطان  قتلہ  سیاسۃ  و زجراً ، لان فسادہ اعلی و اعم حیث یؤثر فی الدین ۔( ۴/۴۲۹،ط:دار الفکر)

سرکار اعلی حضرت رسالہ ازالۃ العار میں فرماتے ہیں : ’’ گر چہ وہ مبتدع جس کی بدعت حد کفر کو نہ پہنچی ، آخرت میں کفار سے ہلکا رہے گا ، ان کا عذاب ابدی ہے اور اس کا منقطع اور بعد موت دنیوی احکام میں بھی خفت ہوگی ، مگر اس کے جیتے جی اس کے ساتھ برتاؤ کافر ذمی کے برتاؤ سے اشد ہے، اور اس کی وجہ ذی عقل پر روشن ،کافر ذمی سے ہرگز وہ اندیشہ نہیں جو اس دشمن دین مدعی اسلام و خیر خواہ مسلمین سے ہے ، وہ کھلا دشمن ہے یہ مار آستین۔ اس کی بات کسی جاہل سے جاہل کے دل پر نہ جمے گی ،سب جانتے ہیں یہ مردود کافر ہے ،خداو رسول کا صریح منکر اور یہ جب قرآن و حدیث ہی کے حیلے سے بہکائے گا تو ضرور اسرع و اظہر ہے۔ و العیاذ باللہ رب العالمین‘‘ ۔۔۔۔(۹/۲۳۹)

نیز امام غزالی قدس سرہ احیاء العلوم شریف میں فرماتے ہیں:’’ان کانت البدعۃ بحیث  یکفر بھا فامرہ اشد من الذمی، لانہ لا یقر بجزیۃ و لا یسامح بعقد ذمۃ و ان کان مما لا یکفر بہ فامرہ بینہ و بین اللہ اخف من امر الکافر لا محالۃو لکن الامر فی الانکار علیہ اشد منہ علی الکافر ؛لان شر الکافرغیر متعد فان المسلمین اعتقدوا کفرہ فلا یلتفتون الی قولہ اذ لا یدعی الاسلام و اعتقاد الحق اما المبتدع الذی یدعو الی البدعۃ و یزعم ان ما یدعوالیہ حق ، فھو سبب لغو ایۃ الخلق فشرہ متعد فالاستحباب فی اظہار بغضہ و معاداتہ و الانقطاع عنہ و تحقیرہ و التشنیع علیہ ببدعتہ و تنفیر الناس عنہ اشد‘‘ (کتاب الالفۃ و الاخوۃ ۔بیان مراتب الذین یبغضون فی اللہ۔۲/۱۶۹)

رہا مبتدع غیر داعیہ تو اس کےدنیوی حکم میں کچھ تخفیف ہوگی، اور اسے قتل کرنے کی بھی اجازت نہ ہوگی اور اس سے معاملات میں بھی وہ سختی نہ ہو گی جو مبتدع داعیہ سے معاملات میں ہے و الفرق لائح علی اولی الالباب

لیکن متکلمین کے یہاں کافر فقہی(مبتدع داعیہ ہو کہ غیر داعیہ)بہر حال گمراہ ہے، اس لیے ان کے نزدیک اس سے میل ملاپ اور نششت و برخاست کا حکم وہی ہوگا جو حدیث پاک میں بیان ہوا ( ایاکم و ایاھم لا یضلونکم ولا یفتنونکم ) ، لیکن کافر فقہی ان کے نزدیک چوں کہ کافر و مرتد اور خارج از دین نہیں، تو ان سے معاملات ، لین دین ، کاروبار و تجارت ممنوع ضرور ہوں گے مگر حرام قطعی نہیں۔

اور کافر فقہی ، فقہا کے یہاں کافر و مرتد اورخارج از دین ہے تو اس سے کسی طرح کے تعلقات کی اجازت نہیں اور ان سے کاروبار و تجارت بھی ممنوع ، حرام و ناجائز قرار پائیں گے ۔

اور جیسا کہ گزرا کہ  باب عملیات و فقہیات میں فقہا کے قول پر عمل ہوتا ہے اور باب اعتقادیات میں متکلمین کے قول پر ۔اور کاروبار و لین دین اور بیع و شرا بھی عملیات سے متعلق ہے تو یہاں عمل، فقہا کے قول عدم جواز پر ہوگا ، پھر یہ کہ اختلاف علما کی صورت میں جس جہت میں احتیاط زیادہ ہو حکم اسی کے مطابق اور احتیاطی پہلو پر ہوتا ہے،جیسا کہ سرکار اعلی حضرت نے غیر مقلد کے ذبیحہ کے بارے میں فرمایا:’’غیر مقلدین وہابیہ پر بوجوہ کثیرہ الزام کفر ہے ، ان میں جو منکر ضروریات دین ہیں وہ تو بالاجماع کافر ہی ہیں ورنہ فقہائے کرام ان پر حکم کفر فرماتے ہیں اور ذبیحہ کا حلال ہونا نہ ہونا حکم فقہی ہے خصوصا وہی احتیاط کہ مانع تکفیر ہو یہاں ان کے ذبیحہ کے کھانے سے منع کرتی ہے کہ جمہور فقہائے کرام کے طور پر حرام و مردار کا کھانا ہوگا ،لہذا احتراز لازم‘‘۔ ( ۱۴/۴۶۵  ، ط:امام احمد رضا اکیڈمی )

اور ازالۃ العار میں فرماتے ہیں:’’نکاح کا جواز و عدم جواز نہیں مگر ایک مسئلہ فقہی ، تو یہاں حکم فقہا یہی ہوگا کہ ان سے(کافر فقہی سے) مناکحت اصلا جائز نہیں ۔۔۔۔۔ہاں یہ ضرور ہے کہ ہم اس باب میں(تکفیر کے باب میں )قول متکلمین اختیار کرتے ہیں اور ان میں جو کسی ضروری دین کا منکر نہیں نہ ضروری دین کے کس منکر کو مسلمان کہتا ہے اسے کافر نہیں کہتےمگر یہ صرف برائے احتیاط ہے ، دربارہ تکفیر حتی الامکان احتیاط اس میں ہے کہ سکوت کیجیے، مگر وہی احتیاط جو وہاں مانع تکفیر ہوئی تھی یہاں مانع نکاح ہوگی کہ جب جمہور فقہائے کرام کے حکم سے ان پر کفر لازم تو ان سے مناکحت زنا ہے ، تو یہاں احتیاط اسی میں ہے کہ اس سے دور رہیں اور مسلمانوں کو باز رکھیں ۔

 (۹/۲۳۹)

  خلاصہ یہ کہ کافر فقہی سے کاروبار و تجارت اور لین دین کی نہ بحکم متکلمین اجازت ہے ، نہ بحکم فقہا کہ کاروبار و تجارت کرنے کی صورت میں اس سے میل ملاپ ، نشست و برخاست ، اکل و شرب بھی کرنے پڑیں گے، جو بحکم قرآن و حدیث ممنوع و ناجائز ہے ، ہاں البتہ متکلمین کے نزدیک مبتدع غیر داعیہ کے حکم میں وہ شدت نہ ہوگی جو مبتدع داعیہ کے حکم میں ہے کہ ان سے مثل مرتد ہر طرح کی ممانعت کا حکم ہے ۔لیکن فقہا کے نزدیک کافر فقہی سے ،(عام از ایںکہ داعیہ ہو کہ غیر داعیہ) ، کسی طرح کے بھی معاملات و تعلقات کی اجازت نہیں ، کیونکہ وہ ان کے نزدیک مرتد و خارج از دین ہےاور رہا حکم توفقہا تو ان سے تعلقات و معاملات کو حرام و ناجائز قرار دیں گےاور اور مرتکب کو فاسق و فاجر  ،اور متکلمین  مبتدع داعیہ و غیر داعیہ میں فرق کریں گے، اول سے معاملات کومکروہ تحریمی بکراہت شدیدہ قریب بحرام قرار دیں گےاور مبتدع غیر داعیہ سے مکروہ  ۔ اور جیسا کہ گزرا کہ باب عملیات میں اور بصورت احتیاط فقہا کے قول پر عمل ہوتا ہے تو بہر صورت احتراز لازم ہے ۔

مگر بکر جبکہ لا علمی میں اس سے ( یعنی کافر فقہی سے ) کاروبار کرتا رہا اور بعد علم ہونے کے باز آ گیا تو اس پر شرعاً الزام نہیں اور اس کے پیچھے نماز درست تھی کہ گناہ کا قصد و عزم نہیں پایا گیا ۔بالخصوص اس صورت میں کہ وہ جو عند الفقہا کافر تھا ، عند المتکلمین مبتدع غیر داعیہ تھا جیسا کہ سوال سے یہی ظاہر ہو رہا ہےاس لئے کہ اگر مبتدع داعیہ ہوتا تو بکر غٖیر واقف و لا علم نہ رہتا۔  فرمان باری تعالی  ہے  :( و لم نجد لہ عزما )۔۔۔ ۔ و ایضاً : ’’ ( و اما ینسینک الشیطان فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمین )

آخر میں ایک اقتباس فتاوی رضویہ سے  بطور’ ’ ختام المسک و مسک الختام ‘‘ ذیل میں نقل کیا جاتا ہے جس سے فرق مراتب و فرق احکام کا کچھ اندازہ ہو سکے گا : ’’ نفرت دینیہ ، مکروہ تنزیہی و اسائت ، مکروہ تحریمی و حرام صغیرہ و کبیرہ و مراتب و ضلال و انواع کفر و ارتداد سب حسب مرتبہ ہے جس کے درجات مستحب سے فرض اعظم بلکہ ضروریات دین تک ہوں گے لیکن جو اخبث مراتب سے نفرت نہ کرے ، اوروں سے ادعائے نفرت میں جھوٹا ہے ، مکروہ تنزیہی سے اساءت بری ہے ، اساءت سے مکرہ تحریمی بدتر ہے ، اس سے کبائر اپنے اپنے مرتبہ پر بدتر ہیں ، اور ان سب سے بدتر بد عت و ضلال بدتر ہیں اور ان کے بھی مدارج مختلف ہیں اور ان سب سے کفر بدتر ہے اور اس میں بھی مراتب ہیں ، کفر اصلی سے ارتداد بدتر ہے، اور اس میں بھی ترتیب ہے، کفر اصلی کی ایک سخت قسم نصرانیت ہے اور اس سےبدتر مجوسیت ، اس سے بدتر بت پرستی ، اس سے بدتر وہابیت ، ان سب سے بدتر اور اخبث تر دیونبدیت ، افعال کیسے ہی شنیع ہوں کسی کفر کی شناعت کو نہیں پہنچ سکتے مگر ہم دیکھتے ہیں کہ بدتر از بدتر سے بدتر کافروں ، بت پرستوں سے اتحاد و وداد منایا جاتا ہے ۔ کیسا وداد ، کہاں کا اتحاد بلکہ غلامی و انقیاد اور ان سے بھی بدتر کفار وہابیہ کو اپنی مجلسوں کی صدائیں دی جاتی ہیں اور ان تمام بدتر از بدتر سے بدتر دیوبندیت کے سر مشیخیت ہند کی پگڑی باندھنے کی فکر کی جاتی ہے ، جب مشرکین و مرتدین سے یہ کچھ اتحاد ہے تو کسی فعل و معصیت سےنفرت کا ادعا محض سفید جھوٹ ہے اگر تمہاری نفرت اللہ کے لیے ہوتی تو افعال سے ایک درجہ ہی بت پرستوں سے لاکھ درجہ ہوتی  اگر بت پرستوں سے لاکھ درجہ ہوتی ، دیوبندیوں سے کرور درجہ ہوتی تو نفرت کے دعوے محض مکر و فریب ہیں ۔( ج : ۱۱ ، ص : ۲۲ ؍ ۲۳ )۔واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۱۰ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۵ ؁ ھ

۲۲ ؍ جنوری ۲۰۲۴ ؁ ء

تصدیقات علمائے کرام : -

(۱) ذلک کذالک،  واللہ تعالی اعلم

قاضی شہید عالم رضوی غفر لہٗ خادم الافتا جامعہ نوریہ باقر گنج ، بریلی شریف

(۲) قد صح ما اجاب الفاضل العلام ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔

محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہ ، خادم الافتا جامعہ رضویہ منظر اسلام ، بریلی شریف

(۳) صح الجواب واللہ تعالی اعلم بالصواب بارک اللہ فی علم المجیب و عمرہ بالفضل و الثواب ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہ رضوی ، خادم الافتا جامعہ الخضرا ، مرون مظفر پور ، بہار

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔