صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ نماز کے مسائل ‹ نمبر ۵۶۷/۲۰۲۴

متن کا سائز
translateEnglish

اندورن مسجد نماز جنازہ کا شرعی حکم

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارےمیں کہ: ایک مسجد ہے جس کے برابر میں ایک مدرسہ بھی ہے، میت کی نماز جنازہ مدرسہ میں ہوتی ہے بسا اوقات جنازہ میں لوگوں کی کثرت ہوتی ہے اور مدرسہ کی جگہ کے پر ہونے کے بعد کچھ صفیں مسجد میں بھی لگانی پڑتی ہیں کیونکہ اس کے علاوہ کوئی جگہ نہیں ہے۔تو دریافت طلب امر یہ ہے کہ :

کیا مسجد میں نماز جنازہ جائز ہے ؟

کیا مذکورہ صورت میں ان لوگوں کی نماز درست ہو جاتی ہے جو مسجد میں نماز پڑھتے ہیں؟

جواز کی جو بھی صورت ہو رہنمائی فرمائیں،  مدلل جواب عنایت فرما کرعند اللہ ماجور ہوں۔

المستفتى : محمد شکیل ، بلاک نیو جعفر آباد دہلی 32

جواب

الجواب اللهم هداية الحق والصواب: مذہب حنفی میں نماز جنازہ مسجد کے اندر مطلقاً مکروہ ہے، خواہ جنازہ بیرون مسجد ہو یا اندرون مسجد،  خواہ یوں کہ جنازہ و امام نماز جنازہ بیرون مسجد  اور صف جنازہ اندرون مسجد ہو، ہاں البتہ یہ آخری صورت احناف کے مابین مختلف فیہ ہے مگر مختار اور صحیح و رائج کراہت ہی ہے ۔ تنویر الابصار میں ہے : ’’ كرهت تحريما في مسجد جماعة هي فيه واختلف في الخارجة و المختار الكراھۃ  ‘‘  یعنی مسجد جماعت میں نماز جنازہ بااتفاق علمائے احناف مکروہ تحریمی ہے جبکہ جنازہ مسجد میں ہو اور جنازہ خارج مسجد ہونے میں اختلاف ہے مگر مختار و مفتی بہ کراہت ہی ہے۔

مسجد میں اگر مذکورہ فی السوال طریقے سے نماز جنازہ پڑھی گئی تو نماز مع الکراہۃ ہو جائے گی مگر مخالفت مذہب کا گناہ ہوگا، جاننا چاہیے کہ نماز جنازہ فرض کفایہ ہے جو مسلمان جگہ کی تنگی کے باعث شامل نہ ہو سکے مگر شامل ہونے کی خواہش رکھتے تھے تو ان شاء اللہ تعالی شامل ہونے کا ثواب پائیں گے ،جیسا کہ حدیث پاک میں فرمایا کہ جو جماعت میں شامل ہونے کی نیت سے گھر سے نکلا ، مسجد پہنچا ، تو نماز ہو چکی، اس کے لئے ثواب لکھ دیا گیا۔ مگر حصول ثواب کے لیے مکروہ تحریمی کے ارتکاب کی ہرگز اجازت نہیں جب اسے نماز جنازہ میں شامل ہونے کا مفت ثواب مل رہا ہے تو اس کے لیے مکروہ تحریمی کا ارتکاب کیوں کرے ۔ ’’ ھکذا فی الفتاویٰ الرضویۃ ‘‘ ۔  واللہ تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۷ ؍ جمادی الآخرہ ۱۴۴۵ ھ / ۹ ؍ جنوری ۲۰۲۴ ء

الجواب صحیحٌ ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد افروز عالم نوری بریلوی غفر لہٗ

خادم تدریس و افتا ، جامعہ رضویہ منظر اسلام بریلی شریف

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔