صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل نکاح خوانی میں ائمہ کا باہم معاہدہ کرناسوال کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل میں کہ بریلی شریف کی شادیوں کا ماحول کوئی ڈھکا ، چھپا نہیں ، دن بدن بگڑتا چلا جا رہا ہے ، برسہا برس سمجھانے کے باوجود عوام کی غیر شرعی رسومات بڑھتی جا رہی ہے ، اگر کوئی نکاح پڑھانے والا ( قاضی ) ان سے منع کرتا ہے کہ اگر آپ غیر شرعی کام کریں گے تو ہم نکاح نہیں پڑھائیں گے ، تو اس پر عوام کا حال یہ ہے کہ وہ اپنے مطلب کے قاضی کو کہیں سے بھی بلا کر نکاح پڑھوا لیتے ہیں ، اور نصیحت کرنے والے امام سے دشمنی رکھنے لگتے ہیں ، ایسی صورت میں ائمہ کرام کا اس بات پر اتفاق کرنا کہ ایک یہ اصول و نظام بنا دیا جائے کہ جہاں کی لڑکی ہو ، وہیں کے امام سے نکاح پڑھوایا جائے ، اور اس بات سے شہر کے تمام ائمہ کو باخبر کر دیا جائے کہ آپ کے علاقے کی لڑکی ہے تو آپ نکاح پڑھائیں ، اگر لڑکے کا ہو تو منع کر دیں کہ جہاں شادی جا رہی ہے وہیں کے امام نکاح پڑھائیں ۔ اس سے ہمارا مقصد یہ ہے کہ عوام کو غیر شرعی کاموں سے روکا جائے ، اور غیر شرعی کاموں سے روکنے والے امام سے عوام یہ نہ کہہ سکیں کہ ہم کسی سے بھی نکاح پڑھوا لیں گے ، اور بعد توبہ وہی امام نکاح پڑھائیں ، تاکہ ’’ ادفع بالتی ھی احسن ‘‘ پر عمل ہو سکے ۔ اور برائی سے روکنے والی حدیث پر عمل ہو سکے ، اب دریافت یہ کرنا ہے کہ غیر شرعی امور پر پابندی لگانے کے لیے ائمہ کرام کا آپس میں معاہدہ مذکورہ کرنا شرعاً جائز ہے یا نہیں ؟ نیز اگر مسلمان آپس میں کسی چیز پر معاہدہ کر لیں تو اس کی خلاف ورزی کا کیا حکم ہے ؟ المستفتی : محمد توصیف رضا تحسینی چک محمود ، پرانا شہر ، بریلی شریف جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب :بلا شبہ مذکورہ فی السوال حکمت و مصلحت کے پیش نظر ائمہ کرام نکاح خوانی پر باہم معاہدہ و وعدہ کر سکتے ہیں، اور جنہوں نے معاہدہ کیا ان کو عہد شکنی کرنا جائز نہ ہوگی، بلکہ اگر دیدہ و دانستہ بلا کسی مصلحت شرعیہ کے عہد شکنی و وعدہ خلافی کریں گے تو امامت ہی از روئے شرع خطرے میں پڑ سکتی ہے ، ’’ و ذلک لان خلف الوعد فی بعض الاحیان یفضی الی الفسق و قال علیه الصلوة و السلام : ’’ آیة المنافق ثلثة ، إذا حدث كذب ، وإذا وعد أخلف، وإذا اؤتمن خان ‘‘ او کما قال علیه الصلوة و السلام‘‘ ۔ فرمان باری تعالی ہے :(اوفوا بالعھد ان العھد کان مسئولا۔۔ الآیۃ )،سرکار اعلی حضرت نے وعدہ خلافی کی تین صورتیں بیان فرمائی ہیں ، ان میں سب سے سخت تر وہ ہے کہ صرف زبانی دینا سازی کے لئے وعدہ کیا اور اسی وقت دل میں تھا کہ وفا نہ کریں گے تو یہ بے ضرورت شرعی و حالت مجبوری سخت ناجائز و حرام ہے اور ایسی ہی وعدہ خلافی کو حدیث پاک میں علامت نفاق سے شمار کیا ہے اور اسی کو اشباہ و نظائر میں حرام کہا ہے :’’خلف الوعد حرام ‘‘ (کتاب الحظر و الاباحۃ)ہاں اس صورت کے ما سوا جو وعدہ خلافیاں ہیںوہ حرام نہیں، مکروہ ہیں کما فی رد المحتار :’’ من ھنا تعلم ان خلف الوعد مکروہ لا حرام و فی الذخیرۃ یکرہ تنزیھا لانہ خلف الوعد و یستحب الوفاء بالعہد‘‘ ۔بہر حال جو ائمہ اس وعدہ و معاہدہ میں شامل ہیں انہیں بلا وجہ اس کا خلاف نہ کرناچایئے۔ بایں ہمہ یاد رہے کہ نکاح پڑھنا ،پڑھوانا یہ لڑکا لڑکی اور ان کے اولیا و اہل خاندان کا حق و اختیار ہے۔ اپنے گھر کی شادی بیاہ میں کس سے نکاح پڑھوانا ہے، کس سے خطبہ پڑھوانا ہے، کس سے دعا کرانی ہے، کس سے رجسٹر لکھوانا ہے، کسے وکیل اور کسے گواہ بنانا ہے،یہ نکاح پڑھنے والوں اور ان کے اولیا کے اختیارات ہیں اور ان کی مرضی و منشا پر موقوف ہیں ۔ انہیں حق ہے کہ کسی بھی سنی صحیح العقیدہ عالم و امام و شیخ سے نکاح پڑھاوئیں، یا کسی سے نہ پڑھوا کر یعنی کسی کو وکیل نہ بنا کر خود ہی گواہوں کی موجودگی میں ایجاب و قبول کر لیں۔ اس میں کسی دوسرے کو کوئی حق و اختیار اور زور زبردستی نہیں۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں: ’’ آدمی جس سے چاہے (نکاح) پڑھوائے، چاہے مرد و زن دو گواہوں کے سامنے ایجاب و قبول کر لیں، اس نام کے قاضی کے لیے شرعا کچھ اختیارات نہیں ، نہ وہ اجرت کا مستحق، جبکہ نکاح دوسرے نے پڑھایا۔۔ ۔ ( ج:۹،ص:۱۶۶) یہی حکم ائمہ مساجد کا ہے کہ اماموں کو شرعاً نکاح خوانی میں جبر و اکراہ کا حق نہیں، یہ نکاح پڑھوانے والے کا اختیار ہے وہ جس سے چاہے پڑھوائے ، خواہ کسی دوسرے عالم و شیخ سے خواہ اپنے امام ہی سے۔اور عرف عام میں عمل بھی عموماً اسی پر ہوتا ہے کہ یا تو اپنی مسجد کے امام سے یا تبرکاً اپنے شیخ و پیر یا معتَقَد سے یا عقیدتاً و احتراماً کسی بڑے عالم سے پڑھواتے ہیں اور جو نکاح پڑھاتا ہے وہی اس کی اجرت کا مستحق ہوتا ہے۔ عالمگیری میں ہے: ’’ کل نکاح باشرہ القاضی و قد وجبت مباشرتہ علیہ کنکاح الصغار و الصغائر فلا یحل لہ اخذ الاجرۃ علیہ و ما لم تجب مباشرتہ علیہ حل لہ اخذ الاجرۃ علیہ ۔۔۔‘‘ (ج:۳،ص:۳۴۵) نکاح خوانی میں نماز جنازہ کی طرح امام کو حق تقدم حاصل نہیں، بلکہ جیسا کہ گزرا کہ یہ سراسر میزبان اور داعی کی مرضی پر موقوف ہے۔ بلکہ علما فرماتے ہیں کہ بہتر یہی ہے کہ نکاح کسی جید عالم دین ہی سے پڑھوایا جائے ، جیسا کہ سرکار اعلی حضرت نے بھی ایک مقام پر فرمایا کہ نکاح میں بہت سے ایسے مسائل ہوتے ہیں کہ نیم خواں ان سے ناواقف ہوتا ہے اور خطا پہ خطا کرتا ہے جس سے بسا اوقات نکاح منعقد ہونے کے بجائے فضولی ہو کر جو اذن و اجازت پر موقوف ہوجاتا ہے ، کما فصل الامام جدنا الاعظم الشیخ احمد رضا قدس سرہ فی الرسالة ماحی الضلالۃ فی انکحة الھند و بنجالة و اذا کان ھذا ھو الحکم فکیف یکون لھم الحق فی العقد مع ان احوال ائمة مساجدنا فی ھذا الزمان معلومة الا ماشاءالله، فلیتأمل ۔ لہذا ائمہ شہر کو یہ حق نہیں کہ اگر کوئی دوسرا امام و عالم ان کے کسی مقتدی کے لڑکے یا لڑکی کا نکاح پڑھا دے تو اعتراض و انکار کریں۔ ہاں ! قلت نظر و فکر سے فی الحال دو صورتوں نظر آتی ہیں جن کی بنیاد پر انہیں حق اعتراض حاصل ہو سکتا ہے، اولا تو یہ کہ مسجد محلہ کی امامت و خطابت کی ذمہ داری لیتے وقت اہل محلہ سے اس کا معاہدہ ہو گیا ہو کہ اس محلےیا بستی یا گاؤں کی بچیوں کے نکاح، امام ہی پڑھائے گا اور امام ہی اس کے نکاحانے کا مستحق ہو گا اور اس پر تمام اہل محلہ نے اتفاق ظاہر کر دیا ہو (یا زبانی معاہدہ نہ ہوا ہو لیکن اس بستی میں عرف و عادت اسی پر جاری ہے کما فی بعض القری کہ امام کے مقتدی کی لڑکی کا نکاح امام ہی پڑھاتا ہے ، تب بھی امام کو حق تقدم حاصل ہے لان المعروف کالمشروط ) ۔ یا یہ کہ شہر کے تمام ائمہ نے متفقہ طور پر کسی حکمت و مصحلت کے تحت باہم ایک معاہدہ کر لیا ہو کہ ہم ایک دوسرے کے محلے کا نکاح نہیں پڑھائیں گے اور جس کے مقتدی کی لڑکی کا نکاح ہوگا اس کا نکاح مقتدی کے محلے کا امام ہی پڑھائےگا۔(جیسا کہ یہاں صورت حال غالبا یہی ہے)تو ان صورتوں میں بے شک امام مسجد کو معاہدہ و وعدہ خلافی کرنے پر حق اعتراض و انکار ہوگا اور جو کوئی بھی اس عہد و عقدکی مخالفت کرےگا وہ بد عہد و وعدہ خلاف شمار ہوگا ، بلکہ عہد شکنی کرےگا تو اس کی امامت بھی بعض صورتوں میں درست نہ رہ جائےگی ، جبکہ عہد و معاہدہ میں شریک ہونے کے باوجود اس نے دیدہ و دانستہ اور بلا ضرورت و حاجت خلاف ورزی کی ہو۔ ہاں ! البتہ یہاں ایک امر واجب اللحاظ، نا قابل اعراض ہے کہ اس عہد میں صرف وہی لوگ شامل ہوں گے جنہوں نے واقعی بلا جبر و اکراہ عہد کیا ہے اور اس میں شامل ہونے کی تصدیق کی اور حامی بھری ہے۔ ورنہ یاد رہے کہ نکاح پڑھوانا بہر حال گھر والوں کا ہی اختیار ہے ۔ لہذا اگر بالفرض مسجد کے امام کے علاوہ کسی اپنے معتقَد عالم دین یا کسی تیسرے امام سے جو اس معاہدے میں شامل نہیں، نکاح پڑھواتا ہے جب بھی معاہدے میں شامل اماموں کو اس پر اعتراض و انکار اور مخالفت کرنے کا حق حاصل نہیں۔ اگر ایسی شروط اور قوانین قائم کیے جائیں جس سے دوسروں کو حرج ہو یا کسی دوسرے کو بالجبر و اکراہ پابند کرتے ہوں تو حدیث پاک میں ایسی شروط کو ممنوع قرار دیا ہے: ’’ ما بال اناس یشترطون شروطا لیست فی کتاب اللہ من اشترط شرطا لیس فی کتاب اللہ فلیس له( و فی روایة فھو باطل) و ان شرط مائة مرة شرط اللہ احق و اوثق رواہ الشیخان عن ام المومنین رضی اللہ تعالی عنھا۔۔۔‘‘ امر بالمعروف و نہی عن المنکر بے شک مذہبی فریضہ اور ائمہ کی ذمہ داری ہے ، مگر اس کی ایک حد ہے جس سے تجاوز کرنا جائز نہیں،(کما فی الجزئ التاسع من الفتاوی الرضویۃ ، ص: ۳۱) اگر مذکورہ بالا امور ضروریہ کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے ائمہ مساجد واقعی نہی عن المنکر کے جذبے کے تحت معاہدہ کرتے ہیں فبھا ورنہ شرط الله اوثق کما فی الحدیث ۔ واللہ تعالی اعلم۱۲ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ از: رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۱۹ ؍ محرم الحرا م ۱۴۴۶ ھ تصدیقات : - (۱) الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم بالصواب ۔ محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی جامعہ الخضراء مرون ، مظفر پور (۲) قد صح الجواب ، واللہ تعالی اعلم ۔ قاضی شہید عالم رضوی ، غفر لہٗ خادم التدریس و الافتا، جامعہ نوریہ ، باقر گنج ، بریلی شریف مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

