صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۵۶۵/۲۰۲۴

متن کا سائز
translateEnglish

کسی پیر کی موجودگی میں نعت پاک کا شعر ایسے پڑھنا کہ وہم ہو کہ پیر کو رسول کہا جا رہا ہے

سوال

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں: ہمارے علاقے ہاٹ آشوڑیہ بٹ جوڑا بانکوڑا مغربی بنگال میں صوفی غلام مصطفی نام کے ایک پیر صاحب جو حضور قمر ملت (قمر رضا علیہ الرحمہ کے خلیفہ ہیں) آج سے غالباً چند روز قبل ایک قوال دار نے صوفی غلام مصطفی صاحب کے بارے میں ایک شعر کہا: ؎

خوشبو بتا رہی ہے حضور یہ جنتی پھول ہے

چہرا بتا رہا ہے یہ آل رسول ہے

مصرع ثانی :  ؎

خوشبو بتا رہی ہے حضور یہ جنتی پھول ہے

چہرا بتا رہا ہے یہ محمد رسول ہے

جس میں بذات خود صوفی غلام مصطفی صاحب حاضر تھے اور عوام الناس نے پرزور استقبال کیا ہے۔

مذکور شخص کے بارے میں کیا حکم شرع ہیں قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کریں۔

المستفتی : مولانا ضمیر الدین رضوی ، ہاٹ آشوڑیہ بٹ جوڑا بانکوڑا مغربی بنگال

جواب

الجواب اللهم هداية الحق والصواب : سوال زید ، بکر وعمر جیسے فرضی نام سے کرنا چاہئے ، اب جو حکم رقم ہو رہا ہے وہ بر تقدیر صدق مستفتی واقعہ کی واقعیت کی بنیاد پر ہے۔

فاقول وباللہ التوفیق: دوسرے شعر کے دوسرے مصرع میں ’’ یہ ‘‘ اسم اشارہ کا مشار الیہ حساً یا ذہناً اگر شخص مذکور فی السوال تھا ، یعنی یہ یا تو اقرار سے ثابت ہو یا قرائن ظاہرہ وسیاق و سباق ولحاق سے واضح ہو، مثلاً سابقہ اشعار سے اس کی منقبت و مدح سرائی ہوتی چلی آرہی ہو ، اسی ضمن میں یہ شعر بھی اس کی مدح میں پڑھا گیا ، سامعین کا ذہن بھی اس کی تعریف و توصیف کی طرف ملتفت ہوا اور اس سے اس کی مدح و سرا متبادر ہورہی تھی یا پڑھنے والے ( قوال ) نے شخص مذکور کی جانب اعضا و جوارح سے حسی اشارے کیے، مثلاً ہاتھ یا آنکھ وغیرہ سے اس کی طرف اشارہ کیا یا اشارۂ حسیہ نہیں ، بلکہ ذہنیہ تھا تو تمام لوگوں پر ( قوال و سامعین سب پر ) تو بہ وتجدید ایمان و تجدید نکاح ( بشرط متزوج ہونے کے ) لازم ہے۔ اور اگر مذکورہ شعر اس کی شان و مدح سرائی میں نہیں ، بلکہ بطور نعت پاک پڑھا گیا اور قوال کا پڑھنا مذکورہ بالا قرائن و اشارات حسیہ و ذہنیہ سے خالی تھا ، تو اس میں اگر چہ کفر کا پہلو نہیں ، مگر طریقۂ مذکورہ پر نعت پاک پڑھنے کی ہرگز اجازت نہیں کہ یہ انداز و اسلوب بارگاہ رسول علیہ الصلوۃ والسلام کے آداب کے خلاف ہے ۔ رسول و آل رسول، نبی و آل نبی یعنی نبی و غیر نبی کی تعریف و توصیف ایک ہی انداز و لہجے سے کرنا ، جس سے فرق مراتب نہ ہو، خلاف ادب ہے ۔ اور مروجہ قوالی مع مزامیر ہمارے علما کے یہاں یوں بھی نا جائز وحرام ہے، تو بہ واستغفار اس تقدیر پر بھی لازم ہے۔

ہر سخن موقع وہر نکتہ مقامے دارد

گر فرق مراتب نہ کنی زندیقی

واللہ تعالی اعلم - ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۷ ؍ جمادی الآخرہ ۱۴۴۵ ھ / ۹ ؍ جنوری ۲۰۲۴ ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔