صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۶۶۱/۲۰۲۴ کیا ملزوم الکفر کی نماز جنازہ پڑھانا کفر ہے؟سوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں: ۱۔ رمضان شریف میں ایک مولانا صاحب کا انتقال ہو گیا تھا ان کی نماز جنازہ ایک امام صاحب نے پڑھائی بعد میں یہ صاحب نے بتایا کہ مولانا صاحب پر کفر کا فتوی تھا کہ انہوں نے ایک ایسے مولوی صاحب کی نماز جنازہ پڑھائی جس نے ایک شیعہ کی نماز جنازہ پڑھائی تھی اور ان دونوں کا یعنی مولانا صاحب کا اور مولوی صاحب کا بغیر توبہ کیے انتقال ہو گیا امام صاحب نے کہا مجھے اس کا علم نہیں تھا کہ مولانا صاحب پر کفر کا فتوی تھا اگر ان پر فتوی ہے تو دکھائیں انہوں نے وہ فتوی دیا اور امام صاحب نے پڑھا تو بعد میں دو اماموں نے گواہی بھی دی کہ ان پر کفر کا فتوی تھا اور میں نے بھی اسی وجہ سے نماز جنازہ نہیں پڑھی اور وہ فتوی میرے پاس رکھا ہے کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ مولوی صاحب نے توبہ کر لی تھی مگر ان کے پاس شرعی کوئی ثبوت نہیں امام صاحب نے کہا انہوں نے توبہ کی یا نہیں واللہ اعلم ، میں احتیاطاً عید میں توبہ کروں گا ہمارے مقامی امام نے کہا کہ توبہ کرنا تو اچھی بات ہے رمضان شریف کا مہینہ ہے زیادہ لوگ آتے ہیں جتنی جلدی توبہ کر لو بہتر ہے امام صاحب نے رمضان شریف میں ہی احتیاطاً توبہ کر لی ۔ اب دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ امام صاحب نے توبہ غلط کی اور ان کو پھر سے توبہ کرنا چاہیے ۔ لہذا امام صاحب جو نماز جنازہ پڑھائی ہے ان کے لیے دعائے مغفرت کری یا نہیں یا جو نماز یا جو دعا زبردستی کروا رہا ہے ان کے لیے شرعی حکم کیا ہے؟ ۲۔ جن لوگوں کا کہنا ہے کہ مولوی صاحب نے توبہ کر لی ان کے پاس دو گواہ ہیں پہلا گواہ کہتا ہے کہ میرے سامنے میرے گھر میں توبہ کی اور جب دوسرے گواہ سے پوچھا گیا کہ جب مولوی صاحب نے توبہ کی تو توبہ کے وقت آپ موجود تھے تو انہوں نے کہا کہ ہم توبہ کے وقت موجود نہیں تھے ہم جلسہ کے انتظامات کو دیکھ رہے تھے بعد کو پتہ چلا کہ توبہ کر لی ہے تو ایسی صورت میں ان دونوں کی گواہی شریعت میں مانی جائے گی یا نہیں؟ ۳۔ اگر کسی پر کفر کا فتوی ہو اور وہ توبہ کرے اور جس طرح ایک امام و خطیب جمعہ میں جلسہ میں اور بعد میں یہ کہتا ہے کہ پوری عمر میں مجھ سے جانے یا انجانے میں جو گناہ ہوئے ہوں ان سے میں توبہ کرتا ہوں تو کیا اس طرح توبہ کرنے سے توبہ شریعت میں مان لی جائے گی اس کی جس پر کفر کا فتوی ہو اور وہ اس گناہ کا نام نہ لے جس گناہ کی وجہ سے اس پر کفر کا فتوی ہے ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ المستفتی : امام و خطیب غوثیہ مسجد ساکن سندھولی سیتا پور جواب الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : کسی مرتد بد مذہب کی نماز جنازہ پڑھنا مطلقاً کفر حقیقی نہیں ، بلکہ دیدہ و دانستہ مرتد کو قابلِ مغفرت جان کر پڑھنا کفر ہے ، جس طرح غیر اللہ کو سجدہ کرنا مطلقاً کفر نہیں بلکہ بنيت عبادت کفر ہے ، اگر نیتِ تعظیم ہو تو کفر نہیں، حرام ہے ۔ یوں ہی اگر دنیوی طمع میں اسے ناقابلِ مغفرت جان کر نماز جنازہ پڑھی یا پڑھائی تو سخت حرام، بدکام، بدانجام ہے۔ لہذا اگر مولوی اول نے شیعہ کی نماز جنازہ دیدہ و دانستہ دینی طور پر کار ثواب سمجھ کر اور اسے قابلِ مغفرت جان کر پڑھی تو وہ کفر کا مرتکب ہوا تھا، توبہ و تجدید ایمان و نکاح لازم تھا ۔ اور اگر دنیوی نفع و نقصان یعنی دنیوی طمع و لالچ یا دنیوی دباؤ میں میت کو ناقابل مغفرت جان کر پڑھی تھی تو وہ سخت گنہگار اور حرام کے مرتکب ہوئے تھے، کافر نہیں ۔ اتنے سارے احتمالات اور شقوں کی موجودگی میں جب مولوی اول تک کے لیے ایک شق کو بلا ثبوت و دلیل متعین کر کے قطعی و یقینی طور پر حکم کفر نہیں دیا جا سکتا تو مولوی ثانی کے لیے حکم کفر اتنی آسانی سے کیسے متعین ہو سکتا ہے ۔ حکم و فتوی میں سختی ہوگی بھی تو مولوی اول کے سلسلے میں، مولوی ثانی کے معاملے میں احتمالات کثیرہ در آئے ہیں : اولاً یہ کہ مولوی ثانی جنہوں نے مولوی اول کی نماز جنازہ پڑھی کیا وقت نماز جنازہ اس بات سے واقف تھے کہ میت نے شیعہ کی نماز جنازہ پڑھی ہے؟ اگر واقف تھے تو کیا وہ اس بات سے بھی واقف تھے کہ میت نے شیعہ کی نماز جنازہ لاعلمی میں نہیں بلکہ دیدہ و دانستہ پڑھی؟ اگر دیدہ و دانستہ پڑھی تو کیا اسے قابل مغفرت جان کر پڑھی یا ناقابل مغفرت مان کر محض دنیوی طمع و فائدہ میں؟ اگر قابل مغفرت جان کر ہی پڑھی تھی تو خود مولوی ثانی نے مولوی اول کی نماز جنازہ بلا کسی جبر و اکراہ کے اسے قابل مغفرت جان کر پڑھائی یا دنیوی طمع و دباؤ میں؟ جب اتنے سارے احتمالات موجود ہیں تو تمام شقوں میں سے سخت ترین شق بلا ثبوت شرعی کے کیسے متعین ہو سکتی ہے؟ اور سوال میں جس فتوی کا ذکر کیا جا رہا ہے اس میں بھی کسی شق کو متعین نہیں کیا گیا ہے بلکہ تقدیرات و تشقیقات پر حکم شرع کو واضح کیا ہے ۔ اس کی بنا پر مولوی ثانی کو محکوم بالکفر کہنا صحیح نہیں (جب تک کہ اس شق کے متعین ہونے پر ثبوت و دلیل شرعی نہ ہو) لہذا جب مولوی ثانی کا کفر ثابت نہیں تو موجودہ امام کا ان کی نماز جنازہ پڑھا دینا شرعاً کوئی جرم نہیں اور نہ ان پر توبہ و تجدید ایمان لازم ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکزاہل سنت بریلی شریف ۲ ؍ صفرالمظفر ۱۴۴۶ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

