صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۶۴۷/۲۰۲۴ بلا ثبوت شرعی کسی کو رافضی کہناسوال کیا فرماتے ہیں علمائے دین مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ زید سنی صحیح العقیدہ ہے جامع مسجد کا امام ہے چند سال پہلے پکر نے بلا ثبوت شرعی زید کو اور زید کی بھابھی کو رافضی کہا زید کی بھابھی کانپور کی رہنے والی ہیں کانپور کے مفتی صاحب نے لیٹر پیڈ پر تصدیق لکھ کر دی کی زید کی بھابھی اور ان کے گھر والے سنی صحیح العقیدہ ہے اس پر بریلی شریف سے بکر پر کفر کا فتوی صادر ہوا جس میں بکر پر اعلانیہ توبہ کا حکم آیا لیکن بکر نے توبہ نہیں کی اور اج بھی اپنی ہٹ دھرمی پر ہے زید کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹ بولتا پھرتا ہے خالد جو ایک دوسری مسجد کا امام ہے اس نے بکر سے فون پر بات کی فون پر بات کرتے ہوئے پھر بکر نے زید امام جامع مسجد اور اس کی بھابھی کو رافضی کہا خالد نے کال ریکارڈ کر لی اور حسد کی بنا پر خالی لوگوں کو کال ریکارڈنگ سناتا پھرتا ہے اس بات کے شرعی گواہ موجود ہیں حالانکہ زید نے چند مرتبہ خالد کو بات کرنے کے لیے بلوایا لیکن خالد نہیں ایا خالد تقریبا ایک مہینے سے لوگوں کو ریکارڈنگ سنا کر بدنام کر رہا ہے اور فتنہ پھیلا رہا ہے دریافت طلب امر یہ ہے کہ خالد کے لیے حکم شرع کیا ہے اور خالد جب سے لوگوں کو ریکارڈنگ سنا رہا ہے تب سے اب تک کی نمازیں جو لوگوں نے اس کے پیچھے پڑھی ہیں ان کا حکم کیا ہے اور اس فتنہ میں جو لوگ حسد کی بنا پر خالد کا ساتھ دے رہے ہیں ان کے لیے حکم شرعی کیا ہے ۔بینوا توجروا ۔ المستفتی سید عبدالوحید علی زیدی خطیب و امام جامع مسجد شیرپور پیلی بھیت جواب الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب : بکر نے بلا ثبوت شرعی زید اور اس کی بھابھی کو رافضی کہا ،جبکہ زید اس کا منکر اور اس کی بھابھی کی سنیت بھی قاضی صاحب وغیرہ کی قضا و باتصديق ثابت اس کے باوجود بکر کا ان کو رافضی کی تہمت لگانا ایسا ہی ہے جیسے کسی مسلمان کو بلا ثبوت شرعی کفر و ارتداد کی تہمت لگا دی جائے ،کہ فی زمانہ کوئی رافضی ایسا نہ ملے گا جس پر حکم کفر و ارتداد نہ ہو اور حدیث پاک میں ارشاد ہوا : ’’ أَيُّمَا امْرِئٍ قَالَ لِأَخِيهِ : يَا كَافِرُ، فَقَدْ بَاءَ بِهَا أَحَدُ هُمَا ‘‘ بکر پر بلا شبہ توبہ و استغفار لازم اور تجدید ایمان و نکاح بھی (بشرط متزوج ہونے کے) کرے۔ ہاں اگر شب و شتم اور گالی کے طور پر کہتا تو بحکم فقہا کفر نہ پلٹتا ،لیکن یہ شق یہاں غیر موجود بلکہ پہلی والی شق ہی متعین کہ اس نے زید اور اس کی بھابھی کو عقیدۃً رافضی ہونے کی تہمت لگائی ’’ والمختار للفتوى في جنس هذه المسائل أن القائل بمثل هذه المقالات إن كان أراد الشتم ولا يعتقده كافرا لا يكفر، وإن كان يعتقده كافرا فخاطبه بهذا بناء على اعتقاده أنه كافر يكفر ‘‘( ہندیہ ،باب : ۹ ) اور اس کا یہ دعوی بلا دلیل و بلا ثبوت و بینہ ہے، زید کی بھابھی کے متعلق قاضی صاحب کی تصدیق نہ بھی آتی جب بھی زید اور اس کی بھابھی کو سنی ہی شمار کیا جاتا ، جبکہ وہ معمولاتِ اہل سنت پر قائم اور رافضیت و شیعیت کے منکر ہیں۔ دلیل و ثبوت دینا مدعی کے ذمہ ہے نہ کہ منکر کے، حدیث میں ہے: ’’البينة على المدعي واليمين على من أنكر‘‘ ۔ اور خالد بھی کئی جرم کا مرتکب ہے اولاً تو کسی کی کال ریکارڈنگ کر کے بلا اجازت دوسروں کو فتنہ و فساد مچانے کے لئے سنانا ایک قسم کی غیبت بھی ہے (اور فتنہ پھیلانا خود ہی ناجائز و حرام ہے) پھر یہ کہ زید کی سنیت جب ثابت شدہ ہے تو رافضیت کی تہمت لگانے کے لیے اپنی زبان سے نہ سہی دوسرے کی زبانی تہمت کو نقل و نشر کرنا دو حال سے خالی نہیں، یا تو وہ مفتری کے افترا کی بزبان حال تصدیق کر رہا ہے یا زید کو بدنام اور لوگوں کو اس سے بدگمان کرنے کی کوشش کرتا ہے، حدیث پاک میں ارشاد ہوا انسان کے جھوٹا ہونے کے لیے اتنا کافی ہے کہ ہر سنی سنائی بات کو نشر کرتا پھرے : ’’ كَفَى بِا لْمَرْءِ كَذِ بًا أَنْ يُحَدِّ ثَ بِكُلِّ مَا سَمِعَ ‘‘ ۔بہر حال خالد بھی گنہ گار اور ناقابل امامت ہے، اس پر بھی توبہ لازم اور اس کے زمانہ فسق میں اس کے پیچھے پڑھی گئیں نمازیں واجب الاعادہ ہیں۔ واللہ تعالی اعلم۔ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۱۴ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۵ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

