صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۸۱۰/۲۰۲۵

متن کا سائز
translateEnglish

لاؤڈ اسپیکر پر نماز کے لیے جھگڑا کرنا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے گاؤں میں ایک عرصے سے بغیر مائک کے نماز ہو رہی تھی، گاؤں کے کچھ ناخواندہ افراد کے زور کی وجہ سے گاؤں کے امام نے مائک پر نماز پڑھا دی، جس کے نتیجے میں گاؤں کی مسجد میں مائک پر نماز پڑھانے اور نہ پڑھانے کے سلسلے میں اختلاف ہو گیا، جس میں سے ایک گروہ یہ کہتا ہے کہ مائک پر نماز نہیں ہوگی اور وہ اپنے موقف کے ثبوت میں بزرگان دین کے فتاوے پیش کرتا ہے جب کہ دوسرا گروہ کہتا ہے کہ مائک سے نماز ہو جائے گی اور وہ اپنے موقف کے ثبوت میں یوٹیوب کے کچھ ویڈیوز اور کچھ لوگوں کے فتاوے اور ملک و بیرون ملک مثلا مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، جہاں مائک پر نماز ہوتی ہے ، کو بطور دلیل پیش کرتا ہے۔لہذ مذکورہ صورتوں میں شرعی حکم کیا ہے تحریر فرما کر عند اللہ ماجور ہوں ۔

مستفتی: محمد رضی اللہ چھپرہ بہار

جواب

الجواب اللہم ہدایۃ الحق و الصواب: نماز میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے جواز و عدم جواز کا مسئلہ کوئی قطعی، اجماعی یا منصوص علیہ مسئلہ نہیں اور نہ ہی یہ ثابتاتِ محکمہ سے ہے ، بلکہ یہ اور اس طرح کے مسائل ظنیات محتملہ سے تعلق رکھتے ہیں ، ان مسائل میں مسلمانوں کا باہم دست و گریباں ہونا اور نوبت جنگ و جدال تک پہنچانا ہرگز ہرگز جائز نہیں۔ جدید آلات و مخترعات کے وجود سے جدید مسائل بھی پیدا ہوتے رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے، زمانے میں تغیر و تبدل ہوا ہے اور ہوتا رہے گا، اشیا کا اختراع و ایجاد ہوا ہے اور ہوتا رہے گا اور ان کے استعمال کے جواز و عدم جواز پر علما کا اختلاف پہلے بھی ہوا ہے اور آئندہ بھی ہوتا رہے گا۔ مگر عوام کا بے علم و تحقیق ان اختلاف علماء میں پڑنا اور مسائل مختلف فیھا میں تشدد و سختی کو راہ دینا روا نہیں۔ 

جو لوگ نماز میں لاؤڈ اسپیکر لگانے پر زور دیتے ہیں ، انہیں برفق و نرمی سمجھایا جائے کہ اس کے عدم جواز پر اہل سنت کے اکابر علماے کرام کے بکثرت فتاوی ہیں ، نیز قطع نظر ان فتاوی و تحقیقات کے، اس کے استعمال کے رواج سے ایک سنت کے مردہ ہو جانے کا قوی اندیشہ ہے ،یعنی سنت تبلیغ(نماز میں مکبرین کا تکبیر پہنچانے کی سنت) ۔ حدیث تقریری سے اس کی مسنونیت ثابت ہے، رسائل شامی ، ص ۔ ج اول میں ہے:’’ و اعلم ان مشروعیة التبلیغ خلف الامام ما رواہ الامام مسلم فی صحیحہ عن جابر( رضی اللہ تعالی عنہ ) اشتکی رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فصلینا و رأہ و ھو قاعد و ابو بکر یسمع الناس تکبیرہ و ما فیہ منہ ایضا صلی بنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم و ابو بکر (رضی اللہ تعالی عنہ) خلفہ فاذا کبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کبر ابو بکر یسمعنا و ما فیہ ایضا عن عائشۃ رضی اللہ تعالی عنہا (الی ان قال ) و ابو بکر رضی اللہ تعالی عنہ یسمعھم التکبیر ‘‘ ۔ (و قد رایت ان بعض العلما قد انکر مسنونیۃ التبلیغ الفقھائ عبروا مشروعیتہ بالجواز و الاستحباب و ھذا بلا شبھۃ غیر صحیح لان الجواز لا ینافی السنیۃ و لا الفرضۃ بل قد یذکر لیدل علی ان الفعل مشروع ، کما قال اللہ تعالی : (لا جناح علیہ ان یطوف بھما )‘‘ ۔

تبلیغ کی سنت کا انکار بایں وجہ کہ علما و فقہا کی عبارتوں میں تبلیغ کو جائز و مستحب لکھا ہے نہ کہ مسنون، درست نہیں اس لیے کہ فقہا کا کسی امر کو جائز یا مستحب کہنا اس کے مسنون ہونے کے ہرگز منافی نہیں۔ بحرالعلوم کے فتوے سے بھی اس قول کی تائید ہوتی ہے، وہ فرماتے ہیں: ’’ تکبیرات انتقالات کے سنانے کا مسنون طریقہ مکبرین کا ہے، وہی برتا جائے ‘‘ ۔ (فتاوی بحر العلوم : جلد اول ، صفحہ : ۴۰۱ )

 ان مسائل میں عوام کے پاس سب سے بڑی دلیل گویا یہ ہوتی ہے کہ جب فلاں فلاں اہم مقامات پر لاؤڈ اسپیکر پر نماز ہو رہی ہے تو ہمارے یہاں کیوں نہیں، وہاں کیا علما نہیں ہیں؟ ان کی تفہیم کی جائے کہ دنیا بھر میں کیا ہو رہا ہے اس پر نظر نہ کریں، حکم شرع پر نظر کریں ، یہ نہ دیکھیں دنیا بھر کی مساجد میں لاؤڈ اسپیکر پر نماز ہوتی ہے ، ہمارے علما نے ہمیشہ دلائل شرعیہ پر نظر رکھی، خلاف سنت عمل پر نظر نہ کی، سرکار اعلی حضرت علیہ الرحمہ کے زمانے میں( بلکہ فی ماننا بھی ) دنیا بھر کی زیادہ تر مساجد میں جمعہ کی اذان ثانی مسجد کے اندر ہی ہوتی تھی (اور آج بھی زیادہ تر مساجد میں اندورن مسجد ہوتی ہے بالخصوص بیرون ہند میں )، اس کے باوجود سرکار اعلی حضرت رضی اللہ تعالی عنہ نے تحقیق حق فرمائی اور حق تحقیق ادا فرما کر اس سنت کو زندہ فرمایا، حضرت عمر بن عبد العزیز رضی اللہ تعالی عنہ نے بہت سی سنتوں کا احیا فرمایا، اس پر ان کی مدح ہوئی نہ کہ یہ کہا گیا کہ کیا تم سے پہلے علما و فقہا و محدثین نہ تھے؟ کیا ایک تمھیں عالم و فقیہ پیدا ہوئے ہو؟ حدیث پاک میں ارشاد ہوا:’’ من تمسک بسنتی عند فساد امتی فله اجر مائة شہید ‘‘ ۔

اگرچہ جواز کی طرف بھی ہمارے بعض علما گئے ہیں ، مگر جب کہ اختلاف علما ہے ، وہ بھی نماز جیسی اہم العبادات کے اندر اس کے استعمال میں کہ علما کے ایک بڑے طبقے کے نزدیک اس پر نماز فاسد ہے ، تو یہاں اختلاف علماسے بچنا نہ صرف بہتر بلکہ ضروری ہے۔

حضرات مجوزین لاؤڈ اسپیکر کی آواز کو امام کی اصل آواز مانتے ہیں، اسی وجہ سے نماز میں اس پر اعتماد کو اقتدائے من لم یدخل فی الصلوۃ نہیں جانتے ہیں، نہ تلقن و تلقین من الخارج ، بلکہ اصلاح و اتمام نماز کے لیے اس آلہ کا استعمال درست و جائز بتاتے ہیں ۔

اور رہے قائلین عدم جواز تو وہ اسے متکلم کی اصل آواز نہیں مانتے اور از روئے حکم کے تو بالکل نہیں مانتے ، اگرچہ حقیقتاً متکلم ہی کی آواز ہو ، یعنی نفس الامر میں اصل آوازِ متکلم ہو یا نہ ہو۔ بہرحال ان کے نزدیک لاؤڈ اسپیکر کی آواز حکماً آواز متکلم نہیں ، کیونکہ مائک و ایمپلیفائر میں جا کر لاؤداسپیکر سے خارج ہونے کی وجہ سےآواز کا سلسلۂ تموج ٹوٹ گیا، اب وہ صوت جدید ہو گئی۔

 اور یہ عدم جواز کا قول بربنائے براہین و از روئے قرائن زیادہ قوی معلوم ہوتا ہے ، کیونکہ لاؤڈ اسپیکر کی آواز اگرچہ نفس الامر میں متکلم کی اصل آواز ہو لیکن وہ آواز مائک میں داخل ہونے کے بعد جدید ہو گئی ، جیسے ٹیپ ریکارڈر میں آواز کنندہ کی آواز ٹیپ اور محفوظ ہو جاتی ہے تو وہ (اگر چہ بمطابق بیانات رسالہ رضویہ الکشف شافیا )متکلم کی اصل آواز ہی ہوتی ہے ، مگر کیا کوئی ٹیپ ریکارڈر یا براہ راست براڈکاسٹر سے امام کی آواز پر اعتماد کر کے تکبیر تحریمہ و تکبیرات انتقالیہ کو روا قرار دے سکتا ہے ؟ اصل آواز ہو یا نہ ہو ۔ بہرحال جب سلسلہ آواز ٹوٹ گیا ، جیسے صدا میں ٹوٹ جاتا ہے تو اب وہ اصل آوازِ متکلم ہونے کے باوجود جدید آواز ہو گئی اور جدید آواز حکماً اصل اوازِ متکلم نہیں۔ لہذا اس پر اعتماد کر کے اقتدا کرنا بھی جائز نہ ہوگا ، بلکہ تلقن من الخارج کی قبیل سے ہوگا جو مفسد نماز ہے۔

خلاصہ یہ کہ ایک جانب تو عند التحقیق لاؤڈ اسپیکر کا نماز میں استعمال سخت مظنۂ فساد نماز ہے۔ دوسرا یہ کہ اس کے رواج کی وجہ سے ایک سنت کے مردہ ہو جانے کا قوی اندیشہ ہے ، تیسرا یہ کہ بہر حال علما میں اختلاف ہے اور اختلاف علما سے بچنا بہتر و اولی اور اس مقام پر تو ضروری ہے کہ قائلین عدم جواز کے دلائل اقوی ہیں ، پھر صورت مسئولہ میں غور کیجئے تو گاؤں وغیرہ میں مساجد کے اندر اتنا ازدحام بھی نہیں ہوتا کہ امام کی اصل آواز یا مکبرین کی آواز نہ پہنچنے کا غیر معقول عذر پیش کیا جائے ، تو احتراز بہر صورت لازم ہے۔  و اللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۲۵ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ ھ /۲۱ ؍ جولائی ۲۰۲۵ ء

الجواب صحیح ، واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن غفر لہٗ رضوی 

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔