صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ جنازہ کے مسائل ‹ نمبر ۲۰۵/۲۰۲۱ چندہ دہندہ نے جس کام کے لیے چندہ دیا اسی میں خرچ ہوسوال کیا فرماتے ہیں علماے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل میں کہ ایک چھوٹے سے گاؤں میں بہت سال پہلے جمعہ کی نماز قائم کی گئی اور آج موجودہ حال میں مسجد بھی بنالی گئی ہے لیکن جب سے جمعہ ہو رہا ہے تب سے جمعہ کے انجمن عید اور بقرا عید کے چندے کا بتا نہیں ہے حساب مانگنے پر امام صاحب نے کہا کہ پیر صاحب سرکار صوفی صاحب آتے تھے تو ان کے آنے جانے میں خرچ کر دیا ۔ قرآن و حدیث کی روشنی کے میں فرمائیں کہ مسجد کے انجمن کی رقم کسی پیر فقیر کے آنے جانے میں خرچ کر سکتے ہیں یا نہیں ۔ جواب عنایت فرمائیں، کرم نوازی ہوگی ۔ المستفتی : اہل بستی مقام اتریلا و للوار ضلع سیدھی. ایم پی جواب اللهم هداية الحق والصواب : ناجائز و حرام ہے ، چندہ دہندہ نے جس کام کے لئے چندہ دیا اس کے علاوہ کسی کام میں اگر چہ خیر ہو اگر چہ کام پورا ہونے کے بعد بچ گیا ہو ، بغیر اجازت ، بغیر ضرورت خرچ اور صرف کرنا ناجائز و حرام ہے، اعلیٰ حضرت امام اہل سنت فرماتے ہیں : ’’ چندہ کا جو روپیہ کام ختم ہو کر بچے لازم ہے کہ چندہ دینے والوں کو حصہ رسد واپس دیا جائے ، یا وہ جس کام کے لیے اب اجازت دیں اس میں صرف ہو ، بے ان کی اجازت کے صرف کرنا حرام ہے، ہاں جب ان کا پتہ نہ چل سکے تو اب یہ چاہئے کہ جس طرح کے کام کے لیے چندہ لیا تھا اسی طرح کے دوسرے کام میں اٹھائیں مثلاً تعمیر مسجد کا چندہ تھا مسجد تعمیر ہو چکی تو باقی بھی کسی مسجد کی تعمیر میں اٹھائیں، غیر کام مثلاً تعمیر مدرسہ میں صرف نہ کریں اور اگر اس طرح کا دوسرا کام نہ پائیں تو وہ باقی روپیہ فقیروں (محتاجوں) کو تقسیم کر دیں ۔ در مختار میں ہے : ’’ فَإِنْ فَضَلَ شَيْءٌ رُدَّ لِلْمُصَّدِّقِ إنْ عُلِمَ وَإِلَّا كُفِّنَ بِهِ مِثْلُهُ ‘‘ ۔ اس پر لازم کر چندہ دہندہ کو پیسے واپس کرے ، اور توبہ و استغفار کرے ورنہ اس کے پیچھے نماز جائز نہیں۔ واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲ کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف ۲ ؍ ذو القعدہ ۱۴۴۲ ھ مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

