صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ جنازہ کے مسائل ‹ نمبر ۱۸۷/۲۰۲۱

متن کا سائز
translateEnglish

فنائے مسجد مثل حکم مسجد ہے

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ مسجد سے متصل جگہ جو خارج مسجد تھی اس کا جب احاطہ کیا گیا تو یہ کہہ کر کہ یہ خارج مسجد رہے گی اسی بنا پر شروع تعمیر ہی سے اس کے وسیع حال میں حوض اور طہارت خانہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے اور اسی حال کے ایک جانب شروع تعمیر ہی سے نماز جنازہ بھی پڑھی جا رہی ہے اور اس کے بالائی حصہ پر مدرسہ بھی قائم ہے اب چونکہ نمازیوں کا ازدھام اس قدر ہوتا ہے کہ وہاں لوگ نماز بھی ادا کرتے ہیں۔ امر طلب یہ ہے کہ لوگوں کے محض نماز پڑھنے سے وہ جگہ خارج مسجد ہی رہے گی یا نہیں ؟ اگر خارج مسجد ہے تو کیا اس وسیع حال یا اس کی بالائی چھت کو کسی اور کام کے لیے استعمال میں لایا جا سکتا ہے؟ بینوا بسند الکتاب و توجروا بيوم الحساب  ۔

المستفتی : محمد عباس حمزہ شیخ

پتھر نگر، بھارت نگر، باندرہ ایسٹ ممبئی

جواب

اللهم هداية الحق والصواب : خارج مسجد یا فنائے مسجد، مسجد کا وہ متصل حصہ ہوتا ہے جو ضروریات مسجد کے لیے بنایا گیا ہو اور مسجد کے احاطہ کے اندر رہیں جیسے وضو خانہ، حوض، طہارت خانہ وغیرہ اور اس کا حکم بھی ( بعض صورتوں میں ) مثل حکم مسجد ہے کہ فناے مسجد تابع مسجد ہے، فتاوی عالمگیری میں ہے : ’’ الفناء تبع للمسجد فيكون حكمه حكم المسجد ‘‘ ۔ اور غنیۃ المتملی میں ہے : ’’ وفق قاضی خان فقال له حكم المسجد عند اداء الصلوة حتى يصح الاقتداء وان لم تكن الصفوف متصلة وليس له حکمہ فی حق المروء وحرمة الدخول للجنب والحائض وفناء المسجد له حكم المسجد حتى لو اقتدوا باللامام منه يصح اقتداؤہ و ان لم تتصل الصفوف ولا المسجد ملآن ۔۔۔ وفناؤه هو المكان المتصل به ليس بينه و بین طریق ‘‘ ۔ (ص : ۱۱۴ )

لہذا اداے نماز کے لیے فنائے مسجد ، حکم مسجد رکھتا ہے۔ یہاں تک کہ وہاں امام کی اقتدا میں نماز صحیح ہے اگر چہ صفیں متصل نہ ہوں، مگر نماز پڑھنے سے وہ جگہ خارج مسجد ہونے سے خارج نہیں ہو جائے گی اور فناے مسجد جب مسجد کے حکم میں ہے تو بانی مسجد نے مسجد بننے سے پہلے جس کام کے لیے اس کو بنایا تھا وہ جگہ اسی کام کے لیے رہے گی، اس میں کسی قسم کی ترمیم و تبدیلی مثلاً : امام کے لیے حجرہ بنانا یا کچھ اور جائز نہیں ، اعلیٰ حضرت علیہ رحمہ فرماتے ہیں : ’’ (ج : ۱۲ ، ص : ۱۷۸ ) مسجد بن جانے سے پہلے اگر بانی مسجد ایسا کوئی مکان بنا دے تو جائز ہے اور اس کے بعد اگر خود بانی مسجد آئے اور بنانا چاہے تو اجازت نہ دیں گے اگر چہ وہ یہ ظاہر کرے کہ اول ہی سے میری نیت اس کے بنانے کی تھی‘‘ ۔ در مختار میں ہے : ’’ لو بني فوقہ بيتا للامام لا يضر لانہ من المصالح، أما لو تمت المسجدیۃ ثم اراد البناء منع و لو قال بنیت ذلك لم يصدق تاتارخانیۃ فإذا کان ھذا في الوقف فکیف بغیرہ فيجب ھدمہ و لو علی جدار المسجد ‘‘ ۔ (۳  ، ۵۵۴ ) ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۴ ؍ رمضان المبارک ۱۴۴۲ ھ

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔