صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ جنازہ کے مسائل ‹ نمبر ۷۵/۲۰۲۰

متن کا سائز
translateEnglish

وقفی قبرستان پر مدرسہ قائم کرنا

سوال

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ میں کہ نوئیڈا میں ایک قصبہ ربوپورہ ہے اس قصبہ میں تقریباً بیس سال پہلے ایک قبرستان آبادی سے کچھ فاصلہ پر تھا جب آبادی قبرستان کے قریب ہو گئی تو وہاں کے کچھ خاص لوگوں نے اس قبرستان کو آبادی میں لیکر کچھ جگہ کی پلاٹنگ کر دی اور اس قبرستان میں مکانات بنا کر لوگوں نے رہنا سہنا شروع کر دیا اور قبرستان میں مسجد کی آمد کیلئے کچھ دکانیں بنا دیں اور ساتھ ساتھ ایک مدرسہ قائم کیا جس کا نام مدرسہ گلشن رضا ہے جبکہ قبریں آج بھی موجود ہیں اب اس مدرسہ میں زید نے ۲۳۰۰ ؍ روپئے ۲۰۱۴ ء میں دیئے وہ روپئے مدرسہ کے مدرس نے اپنے خرچ میں لے لیے اب آیا کہ زید کا ایسے مدرسہ کے لیے رقم دینا درست ہے یا نہیں اور مدرس نے جو رقم اپنے خرچ میں لی اس کے لیے کیا حکم ہے کہ مدرس تو یہ کرے یعنی ایسے وقت میں صرف توبہ سے چھٹکارا ہو جائے گا یا رقم واپس کرے اور رقم مدرسہ گلش رضا کی کمیٹی کو واپس کرے یا کسی اور جگہ پہنچائے ۔

المستفتی : وسیم رضا

جواب

الجواب اللهم هذاية الحق والصواب : صورت مستفسرہ نا جائز و حرام ، نہ ایک حرام بلکہ کئی حراموں کا مجموعہ ہے، تغیر وقف ، توہین قبور مسلمین، اس میں رہنا ، سہنا، مدرسہ وغیرہ تعمیر کرنا سب ناجائز و حرام ہے ، وہ عمارت جسے وقف علی المقبرہ زمین پر قائم کر کے مدرسے کا نام دیا گیا ، ناجائز ہے، ایسی عمارتوں کو قائم و باقی رکھنے کی ہی اجازت نہیں، چہ جائے کہ اسے باقی رکھنے کے لیے چندہ دینا، لانہ يستحق الازالة لا الادامة ‘‘  (فتاوی رضویہ، ج : ۱۲ ، ص : ۳۲۸ ) یعنی ایسی عمارت مستحق ازالہ و تہدیم ہے نہ کہ اسے قائم و باقی رکھا جائے ۔ جد الممتار میں ہے۔ ’’ اذا كان البناء محظوراً شرعاً كما تقدم من بناء بيت الامام فوق المسحد وفوق جداره أو بناء حانوت في حد المسجد أو فنائہ كما في الھندیۃ عن محيط السرخسی فائه واجب الھدم شرعاً، فلا نابيد فلا وقف فيكون النقص ملك بانية ‘‘۔ (ج : ۵ ، ص :۵۲۲  ) ، جب اسے قائم رکھنا ہی جائز نہیں تو جانتے ہوئے اس میں چندہ دینا گناہ پر معاونت کرتا ہے ، قال تعالی :( لا تعاونوا علی الاثم والعدوان ) اور مدرس کا یہ عمل ناجائز ہے، توبہ کرے اور چندہ دہندہ کو رقم واپس کرے یا اس کی اجازت سے دیگر مصارف خیر میں لگائے ، جیسا کہ فتاوی رضویہ، ج : ٦ ص : ٣١٦ میں ہے۔واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف

۲۳ ؍ ربیع الآخر ۱۴۴۲ ھ / ۹ دسمبر ۲۰۲۰

الجواب صحیح ‘ واللہ تعالی اعلم ۔

محمد مطیع الرحمن رضوی غفر لہ

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔