صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۸۰۲/۲۰۲۵ غیر ضروری مسائل میں باہم الجھناسوال حَامداً وَمصلياً وَمسلماً کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں؟ قصبہ پورن پور کی مشہور و معروف شخصیت حافظ وقاری محمد اقبال احمد نوری علیہ الرحمہ (بانی جامعہ چشتیہ، پورن پور) جن کے بے شمار شاگرد ہیں، اور ان کے تینوں بیٹوں کو بھی اپنے والد گرامی علیہ الرحمہ سے شرف تلمذ حاصل ہے، ان میں دو بیٹے ہندستان کے معیاری اداروں کے فارغ التحصیل عالم دین ہیں، ابھی گزشتہ چند روز قبل حافظ صاحب علیہ الرحمہ کا وصال ہوگیا، اس موقع پر حافظ صاحب علیہ الرحمہ کے شاگرد اور ان کے تینوں بیٹے قبرستان میں جاکر حافظ صاحب کی قبر کے ارد گرد بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کرکے مرحوم کو ایصال ثواب کرتے ہیں، قبر کے اردگرد بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کرنے اور فاتحہ خوانی کو زید نے بہتر نہ بتاتے ہوئے چند باتیں پیش کیں: (۱) ’’قبر کے پاس بیٹھ قرآن پاک کی تلاوت اور فاتحہ پڑھنا بہتر نہیں ہے، کھڑے ہوکر پڑھیں‘‘، مذکورہ قول پر زید کی دلیل اول ہے یہ ہے کہ ’’پورے ہندستان میں اہل سنت والجماعت کے رسم و رواج اور عام مسلمان کا طریقہ یہی ہے کہ کھڑے ہو کر پڑھتے ہیں بیٹھ کر نہیں پڑھتے‘‘ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ شرع شریف میں قبر کے پاس بیٹھ کر قرآن پاک پڑھنے کی اجازت ہے یا نہیں؟ کیا قبر کے اردگرد کھڑے ہو کر ہی تلاوت کرنا معمولات اہل سنت میں داخل ہے، اس حوالے سے رہنمائی فرمائیں۔ مذکورہ قول پر زید کی دلیل ثانی یہ ہے کہ’’ میں نے کھڑے ہو کر تلاوت کرنے کو بہتر اس لیے کہا کہ ظن غالب ہے کہ وہاں پر قبر ہو، اس لیے کھڑے ہوکر پڑھیں، بیٹھ کر نہ پڑھیں‘‘، کیا شرع شریف میں زید کی مذکورہ دلیل قابل قبول ہے؟ (۲) مزید دوران گفتگو زید نے حافظ صاحب علیہ الرحمہ کے بیٹوں سے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ’’ آپ لوگ بیٹھ کر قرآن پاک پڑھنے کا معمول کیوں بنا رہے ہیں؟‘‘ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا حافظ صاحب علیہ الرحمہ کے شاگرد اور ان کے بیٹوں کا اپنے استاذ اور والد کی قبر کے اردگرد بیٹھ کر تلاوت قرآن پاک کرنا ازروئے شرع صحیح ہے یا غلط؟ برتقدیر اول بہتر نہ کہنے والے زید پر شرع شریف میں کیا حکم آیا ہے؟ برتقدیر ثانی حوالہ عنایت فرمائیں؟ مختلف ذرائع سے چند روز مسلسل یہ کوشش کی گئی کہ زید اپنی کہی باتوں سے رجوع کر لے مگر زید آج بھی بدستور اپنی باتوں پر قائم ہے۔ (۳) تیجے کی فاتحہ میں سرکہ مع پیاز رکھنے پر زید نے سرکہ مع پیاز کے بارے میں اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی چیزیں فاتحہ سے ہٹا دیں، جب بکر نے زید سے پوچھا کہ کیا آپ نے فاتحہ خوانی میں سرکہ اور پیاز نہ رکھنے کے متعلق کہیں پڑھا ہے؟ مزید عمرو نے زید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیاز اور لہسن کا مسئلہ مسجد میں داخل ہونے کے بارے میں ہے، اس پر زید نے یہی کہا کہ کچا پیاز مع سرکہ فاتحہ میں رکھنا بہتر نہیں، اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا فاتحہ خوانی میں کچا پیاز مع سرکہ رکھنے کی اجازت ہے یا نہیں؟ اگر اجازت ہے تو اپنی طبیعت سے مسئلہ بتانے والے زیدپر شرع شریف کیا حکم لگاتی ہے؟ المستفتیان محمد ذاکر علی (پورن پور، ضلع پیلی بھیت)، حاجی محمد اقبال حسین ٹھیکیدار (پورن پور، ضلع پیلی بھیت) ۴/ محرم الحرام ۱۴۴۷ھ، مطابق ۳۰/ جون ۲۰۲۵ء جواب الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : یہ سوال نامہ دیکھ کر انتہائی تعجب و افسوس ہوا کہ بہ نام علم مشہور حضرات اس طرح کے غیر ضروری و غیر مہم امور میں اس قدر مختلف و منتشر ہیں کہ نوبت فتوی کی آ گئی،کیا اس طرح کے مسائل میں ایک دوسرے پر ایسی گرفت جو اختلاف و انتشار کی شکل لے لے کوئی شعور مند جائز رکھے گا ؟ کیا ترک مستحبات و افضل اور ارتکاب خلاف اولی و غیرہ میں کسی مسلمان بالخصوص کسی معزز پر اس طرح اعتراض جائز ہے؟ کون نہیں جانتا کہ قبرستان میں موجود قبر پر جا کر تلاوت کرنے کا جواز اسی وقت ہوگا جبکہ قبر تک جانے میں دوسری قبر پر سے گزرنا نہ متقین ہو نہ مظنون بظن غالب اور نہ تلاوت کرنے کے لیے کسی قبر پر بیٹھنا یا کھڑا ہونا پڑے ورنہ جواز نہ ہوگا۔ بہار شریعت حصہ : ٤ ،ص : ٨٥٢ پر عالمگیری اور در مختار سے ہے کہ’’ قبر پر بیٹھنا، سونا، چلنا، پاخانہ، پیشاب کرنا حرام ہے ،قبرستان میں جو نیا راستہ نکالا گیا اس سے گزرنا ناجائز ہے، خواہ نیا ہونا اسے معلوم ہو یا اس کا گمان ہو‘‘ ۔ اہ ۔ بلکہ جس صورت میں جواز ہے وہاں بھی احتیاط اسی میں ہے کہ ایسے عام قبرستان میں موجود قبر تک نہ جایا جائے ، قبرستان کے باہر ہی سے تلاوت و فاتحہ وغیرہ کر لی جائے کیونکہ جب مذکور فی السوال حافظ صاحب مرحوم کی حیثیت ایک مقتدیٰ و پیشوا کی ہے اور ان کے شاگردوں و بیٹوں میں علما ہیں تو عوام ان کے اس عمل کو نظر استناد سے دیکھیں گے ،اگر یہ احتیاط سے قبروں کو بچاتے ہوئے قبر تک پہنچ بھی جائیں مگر عوام جو اپنوں کی قبروں تک جانے کے لیے ایسی احتیاط ہرگز نہیں کرتے بلکہ قبروں کو روندتے ہوئے نکل جاتے ہیں جیسا کہ مشاہدہ ہے وہ ان کے اس عمل کو اپنی اس غلط روی کی دلیل بنائیں گے اور اس کا حوالہ دیں گے اور اپنے ایک ناجائز کام کو جائز بلکہ اچھا خیال کریں گے ، لہذا اس سے احتراز ہی کیا جائے۔ البتہ جہاں مذکورہ قباحتیں نہ ہوں مثلاً قبر ،قبرستان میں نہیں ہے بلکہ الگ کسی دوسری زمین پر ہے یا قبرستان ہی میں ہے ، مگر اس میں قدیم سے مستقل پرانے راستے ہیں اور لوگ انھیں راستوں پر چلتے ہیں،انھیں سے قبروں کی زیارت کرتے ہیں اور اس قبر تک جانا کسی محظور شرعی پر مشتمل نہیں ، تو ایسی صورت میں اس قبر کے پاس تلاوت بلا شبہ جائز بلکہ اگر قبر اللہ والے کی ہے تو مستحسن ہے اور یہاں بیٹھ کر اور کھڑے ہو کر ہر طرح شرعاً تلاوت کی اجازت ہے ، مطلقاً کسی جانب کو افضل و بہتر نہیں کہا جا سکتا بلکہ افضل و مفضول ،بہتر اور غیر بہتر ہونے کا مدار امور خارجیہ پر ہوگا ، اگر قیام سے صاحب قبر کی تعظیم مقصود ہو تو کھڑے ہو کر تلاوت و فاتحہ پڑھنا بہتر و افضل ہے کہ تعظیم میں قیام شائع ضائع ہے اور اگر طویل قرأت یا ذکر کرنا ہے، بیٹھ کر پڑھنے میں اطمینان ہے ،اس میں ذہن و قلب کا حضور زیادہ رہے گا، کھڑے ہونے میں بدنی کمزوری یا تھکاوٹ مخل خشوع ہے، تو بیٹھ کر پڑھنا بہتر ہے۔ اور بات جہاں تک معمولات اہل سنت کی ہے تو وہ صرف قبر کے پاس تلاوت کا جواز و عمل ہے، کسی خاص ہئیت کو معمولات اہل سنت سے نہیں کہا جا سکتا ، ورنہ قصداً بلا وجہ اس کا خلاف ضرور برا ہوگا حالانکہ یہاں ایسا کچھ نہیں ۔ زید نے اپنے مذکور فی السوال نظریات پر جو دو دلیلیں پیش کی ہیں ان میں پہلی دلیل تو خلاف واقعہ و مشاہدہ ہے، عام مسلمانوں میں صرف کھڑے ہو کر ہی فاتحہ پڑھنے کا رواج نہیں بلکہ دونوں طریقے رائج ہیں،زید اگر یہ بات فاتحہ کی بابت علما و مشائخ اہل سنت کے بارے میں کہتا تو شاید معقول ہوتی ہے کہ یہ حضرات اکثر اوقات مزارت صالحین پر بوقت حاضری کھڑے ہو کر ہی فاتحہ پڑھتے ہیں، مگر عام مسلمان تو کھڑے ،بیٹھے ہر طرح فاتحہ پڑھتے ہیں اور طویل تلاوت تو علما و مشائخ بھی اکثر بیٹھ کر ہی کیا کرتے ہیں اور پھر ان کا کھڑے ہو کر فاتحہ پڑھنا بھی تعظیم صاحب قبر اور اپنے عجز کے لیے ہوتا ہے، نہ اس لیے کہ کھڑے ہو کر فاتحہ پڑھنا مطلقاً افضل و مستحسن ہے۔ اور زید کی دوسری دلیل تو محض مہمل و بے معنی بلکہ باطل ہے ، کوئی شعور مند ایسی بات ہرگز نہیں کہہ سکتا۔ارے بھئی ! جب وہاں قبر کا ہونا مظنون بہ ظن غالب ہے، تو وہاں بیٹھ کر تلاوت و فاتحہ صرف غیر بہتر ہی رہیں گے ؟ ناجائز نہ ہو جائیں گے ۔ اور جب وہ ناجائز ہوئے تو کھڑے ہو کر تلاوت و فاتحہ کیوں کر بہتر ہو سکتے ہیں ؟کیا اس میں عدم جواز کی علت نہیں ؟کیا صرف قبر پر بیٹھنا ہی میت کی ایذا اور توہین ہے ؟کھڑے ہونے میں ایذا و توہین نہیں؟جب دونوں میں علتِ عدم جواز موجود ہے تو ان میں بہتر و غیر بہتر کی تفریق کا کیا تُک؟ جب یہاں سرے سے جواز ہی نہیں تو بہتر و غیر بہتر ہونا چہ معنی دارد؟ البتہ کچی پیاز وغیرہ بدبودار چیزیں کھا کر مسجد میں جانے اور اسی بدبودار منہ سے تلاوت قرآن کرنے کے عدم جواز سے متعلق احادیث کریمہ و جزیات فقہیہ اور آداب تلاوت قرآن مجید کا تقاضہ یہی ہے کہ کچی پیاز مع سرکہ فاتحہ میں رکھنا بھی بہتر نہیں ، کیونکہ تجربہ یہ ہے کہ نیبو کی طرح سرکہ بھی کچی پیاز کی ناپسندیدہ بو کو بالکلیہ زائل نہیں کر پاتا،اور فاتحہ میں چونکہ سامان فاتحہ کے پاس ہی عام طور پر تلاوت قرآن مجید کی جاتی ہے اور جہاں تلاوت قرآن مجید ہو اس محل میں ناپسندیدہ بو کا ہونا ضرور خلاف ادب ہے۔ آداب تلاوت سے یہ ہے کہ تالی عمدہ خوشبو سے معطر ہو ۔ کما فی الکتب العامۃ۔ اور رد المحتار کتاب الاشربۃ میں ہے : ’’ ويؤخذ منه كراهة التحريم في المسجد للنهي الوارد في الثوم والبصل وهو ملحق بهما، و الظاهر كراهة تعاطيه حال القراءة لما فيه من الإخلال بتعظيم كتاب الله تعالى ‘‘ ۔اہ۔ لہذا زید و غیرہ مذکورین فی السوال افراد جو بلا وجہ اس بدیہی کو نظری بنا کر مابین المسلمین اختلاف و انتشار برپا کیے ہوے ہیں، انہیں ضروری ہے کہ ضد و ہٹ چھوڑ کر توبہ کریں اور آئندہ کبھی بلا علم مسئلہ شرعیہ ہرگز نہ بتائیں کہ بے علم مسئلہ شرعیہ بتانا نا جائز و حرام ہے ۔حدیث شریف میں ہے : ’’ من اُفتِیَ بغیر علم فاثمہ علی من اَفتٰی ‘‘ ۔ اور جوابات بالا سے یہ بھی واضح ہو لیا کہ اگر اپنے کسی عزیز کی قبر پر دوسری قبروں کو روند کر جانا متیقن یا مظنون بظن غالب ہے تو وہ بھی مجرم ہے، اس کو بھی توبہ ضروری ہے خواہ وہاں فاتحہ و تلاوت کھڑے ہو کر کرے یا بیٹھ کر۔ و اللہ تعالیٰ اعلم بالصواب ۔ کتبہ : فقیر محمد طلحہ رضوی منظری غفر لہ القوی خادم رضوی دار الافتا، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۱۴ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ ھ / ۱۰ ؍ جولائی ۲۰۲۵ ء تصدیق جلیل جواب درست ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔ لا حول و لا قوة الا باللہ العلی العظیم یہ سوالات ناقابل استفتا ہیں اور ان سوالات میں زید کے اعتراضات نہایت ہی بےجا ، غیر ضروری و غیر مہم ، بلکہ ان امور پر روکنا ، ٹوکنا ، اعتراض و ملامت کرنا ہی جائز نہیں، عجب حال ہے اہل علم کہلائے جانے والوں کا کہ نہایت ہی بدیہی المعلوم بدیہی الجواز ناقابل التفات مسائل میں باہم الجھ رہے ہیں، انانیت و نفسانیت کے دخل سے ایک چھوٹا سا بدیہی مسئلہ معرکۃ الآرا بنا رہے ہیں، پھر فریقین اپنی اور دار الافتا کے خادموں کی توانائیاں اور اوقات اس پر صرف کر اور کروا رہے ہیں، حالانکہ اول وہلہ و لمحہ میں ہی اس طرح کے مسائل بدیہی اولی ہونے کی وجہ سے معلوم الجواز ہیں، ان پر اعتراض کرنا، انہیں زیر بحث لانا ، سب عبث و لا یعنی امور سے ہے، اور حدیث پاک میں فرمایا:’’ من حسن اسلام المرء ترکہ ما لایعنیہ‘‘ نیز ہمیں قیل و قال، کثرت سوال، شبہات و جدال سے بچنے کا حکم ہے۔ اور یہ بحث ایسی ہی لا یعنی ہے جس پر شورش کرنا جائز نہیں۔ کون نہیں جانتا کہ قبر کے پاس میت کے ایصال ثواب کے لیے تلاوت قران پاک ، باعث ثواب و باعث برکت کام ، نہایت ہی مستحب و مستحسن اور شرعا مطلوب ہے ۔ تو کھڑے ہو کر پڑھیں یا بیٹھ کر ، بہر حال مستحب ہے، کھڑے ہو کر پڑھنے کو افضل اور بیٹھ کر پڑھنے کو مفضول یا خلاف اولی کہنا لا یعنی بحث اور عبث ہے، تالیٔ قرآن کی سہولت جس حالت میں ہو اس کے لیے وہی افضل و بہتر ہے، اطمینان سے طویل قرأت کرنا ہو تو بیٹھ کر پڑھنا بہتر، مختصرا ًفاتحہ پڑھنی ہو تو اپنی سہولت کے مطابق قیاماً و جلوساً جیسے چاہے پڑھے۔ فتاوی رضویہ و دیگر کتب فقہیہ میں قبر کے پاس قیاماً و قعودا ً ہر دو طرح تلاوت کرنے کے جواز کی تصریح موجود ہے، یہاں اولی و خلاف اولی کی کوئی بحث ہی نہیں، ہاں امور خارجہ کی وجہ سے تالیٔ قران کی حالت کی مناسبت سے ممکن ہے کہ کوئی حالت خاص اس کے لیے بہتر و افضل ہو،(مگر جب بھی دوسری حالت کو خلاف اولی نہیں کہہ سکتے کہ خلاف اولی ترک مستحب سے ہوتا ہے) طویل قرات کرنا مقصود ہو ، کھڑے ہو کر پڑھنے میں سہولت اور دل جمعی نہ ہوتی ہو تو کھڑے ہو کر تلاوت کرنے سے بیٹھ کر کرنا بہتر ہے، اسی وجہ سے بعد دفن میت، قبر کے پاس اتنی دیر تک بیٹھ کر تلاوت کرنے کا حکم ہے جتنے میں ایک اونٹ ذبح کرکے تقسیم کر دیا جاتا ہے، حالانکہ یہاں بھی ہم نہ قیاماً قرأت کو خلاف اولی کہہ سکتے ہیں نہ جلوساً ۔ مگر خلاف اولی اس کو بھی نہیں کہہ سکتے اس لیے کہ خلاف اولی درجے میں مستحب کا مقابل ہے، ترک مستحب کو خلاف اولی کہا جاتا ہے، عند القبر حالت جلوس و قعود میں تلاوت کیوں کر ترک مستحب ہو گی، جو اس کو خلاف اولی کہا جا سکے؟یوں ہی عکس۔ اسی طرح سرکار اعلی حضرت نے بھی فتاوی رضویہ میں قبر کے سامنے بیٹھ کر تلاوت کا ذکر فرمایا ہے۔ یوں ہی مزارات علما و مشائخ پر قبہ اور عمارت ہونے کا فائدہ یہی بیان فرمایا گیا ہے کہ زائرین و مستفیدین راحت پاتے ہیں، اب راحت کیا مسلسل کھڑے رہ کر پائی جاتی ہے؟ جب بیٹھنے ہی میں راحت ہے تو کیا مزارات کی عمارتیں صرف بیٹھ کر آرام کرنے کے لیے ہیں یا ذکر و اشغال اور تلاوت قران کے لیے؟ اگر ذکر و اشغال اور اوراد و وظائف اور تلاوت قران ہی مقصود ہے تو معلوم ہوا کہ یہ مزارات علما و مشایخ پر یہ عمارتیں اسی لیے بنائی جاتی ہیں تاکہ زائرین بیٹھ کر اطمیان و سکون کے ساتھ قبر کے پاس تلاوت و قرأت، اوراوراد وظائف، ذکر و شغل کر سکیں، ان عمارات کی بنا کی غرض و حکمت ہی میں راحت و سہولت کے ساتھ بیٹھ کر خواہ کھڑے ہو کر مذکورہ امور بجا لانا ہے۔ پھر علی سبیل التنزل بفرض باطل اگر مان بھی لیا جائے کہ قبر کے پاس کھڑے ہو کر قرأت ہی مستحب یا افضل ہے اور بیٹھ کر پڑھنا خلاف اولی یا مفضول ہے تو بتایا جائے کہ کیا خلاف اولی یا نامناسب امر ایسا ہی ہوتا ہے کہ اس پر روک ٹوک و اعتراضات کیے جائیں اور مخالفت و ملامت کا بازار گرم کیا جائے ، جیسا کہ صورت مسئولہ میں حالات علاقہ سے ہمیں آگاہ کیا گیا کہ یہی کچھ کیا جا رہا ہے۔ ملامت و عتاب علی الاقل سنت غیر مؤکدہ کے ترک کی عادت پر کیا جا سکتا ہے، خلاف اولی نادراً ہو خواہ عادتاً اس پر نہ عذاب ہے نہ عتاب، یعنی مکروہ تنزیہی کے عادتاً ارتکاب پر عذاب نہیں مگر عتاب ہے ، مگر خلاف اولی کا مرتکب کسی بھی حال میں مستحق عذاب و عتاب نہیں ، نہ نادراً نہ عادتاً۔ سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں :’’ شیطان کے طرق اغوا سے ایک بدتر طریقہ یہ بھی ہے کہ آدمی کو حسنات کے حیلے سے ہلاک کرتا ہے، امر بالمعروف و نہی عن المنکر عمدۂ تمغائے مسلمانی ہے۔ان کا گناہ ان جاہلوں کے گناہ سے بدرجہا زائد ہو جاتا ہے۔ غرض امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی بھی ایک حد مقرر ہے کہ اس سے تجاوز آدمی کو خود ترک معروف و ارتکاب منکر میں مبتلا کر دیتا ہے‘‘ ۔ مقام غور ہے کہ بالفرض زید کے دعویٔ خلاف اولی یا مفضولیت کو صحیح مان بھی لیا جائے تو امر خلاف اولی کوئی منکر تو نہیں کہ یہاں زید نہی عن المنکر کا سہارا لے کر اس پر اصرار کرے، رہا تشدد و تعصب تو وہ تو منکر کی نہی میں بھی جائز نہیں چہ جائے کہ خلاف اولی یا خلاف افضل امر میں۔ امام نابلسی حدیقہ ندیہ شرح طریقہ محمدیہ میں فرماتے ہیں : ’’ المسئلة متی امکن تخریجھا علی قول من الاقوال فی مذھبنا او مذھب غیرنا فلیست بمنکر یجب انکارہ و النھی عنه و انما المنکر ما وقع الاجماع علی حرمته و النھی عنه ‘‘ ۔ جب وہ مسائل جن کی ہمارے مذہب کے اقوال میں سے کسی بھی قول پر تخریج ممکن ہو اس کو منکر نہ کہا گیا ہے ، بلکہ ان کے انکار اور ان سے نہی کو غیر واجب قرار دیا گیا ہے تو مسئلہ مسئول عنہ تو بدیہی الجواز بلکہ اقوال علما سے مؤکد ہے، اس کا انکار کرنا تو خود منکر ہے ، جس کی نہی کا ہمیں حکم ہے۔ خلاصہ یہ کہ زید کے اعتراضات سخت بےجا، عبث و لایعنی ہیں، باعث اختلاف و انتشار، مفضی الی الجدل و الجدال، منجر بہ قیل و قال و کثرت سوال ہیں۔ اسے ان سے باز رہنا ضروری ہے۔واللہ تعالی اعلم ۔ ۱۲ از : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف ۱۴ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۷ ھ / ۱۰ ؍ جولائی ۲۰۲۵ ء مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔ فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔ |

