صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۷۹۱/۲۰۲۵

متن کا سائز
translateEnglish

جس لڑکی کا باپ شیعہ اور ماں سنیہ ہو اس کے نکاح کا حکم

سوال

حضرت مفتی صاحب قبلہ خیریت سے ہیں:

میں نیہاں خاتون بنت ناظم حسین ساکن سینتھل ، ضلع ، بریلی جو عقائد اہل سنت والجماعت رکھتی ہوں اور میں نے آپ کے بارگاہ میں استغاثہ ڈالا ہے کہ میں عقائد اہل سنت و الجماعت کو حق مانتی ہوں اور عقیدۃ سنی ہوں اور اسی پہ قائم ہوں عقائد شیعہ اور دیگر بد مذہب فرقے جتنے بھی گمراہ بدین فرقے ہیں ان کو باطل مانتی ہوں اور ان سے دور و نفور رکھتی ہوں اور میں اپنا نکاح بھی سنیوں میں کرنا چاہتی ہوں اور آئندہ بھی ان شاء اللہ سنیت پر ہی قائم رہوں گی جو معاملات ہیں اور جو عقائد ہیں ان پر اور دیگر مذاہب باطلہ چاہے وہ شیعہ ہوں وہابی، دیوبندی جتنے بھی مذہب باطلہ ہیں ان کو باطل مانتی ہوں اور مانوں گی اور ان سے دور و نفور رکھوں گی اگر اس کے خلاف کوئی بھی ہوتا ہے تو مجھے حکم شرع منظور ہے میں اسے سر انکھوں پر رکھوں گی اس صورت میں میری رہنمائی فرمائیں شریعت مطہرہ کی روشنی میں اس کا جواب عنایت فرمائے۔

المستفتی : نیہاں خاتون بنت ناظم حسین

ساکن سینتھل، ضلع بریلی

جواب

الجواب اللهم هداية الحق والصواب: تاریخ ۲۴ ؍  ۱۳۴۶ ھ ، مطابق ۲۱ ؍ جون ۲۰۲۵ ء کو سائل وسائلہ مع والدہ اپنا مقدمہ لے کر رضوی دار الافتا  حاضر آئے تھے۔ سب نے مشترکہ بیان دیا کہ لڑکی اور اس کی والدہ اور والدہ کے اہل خاندان بھی مسلک اہل سنت و جماعت پر قائم ہیں اور شیعہ مذہب کو باطل جانتے ہیں۔ مگر لڑ کی کی والدہ کی شادی کسی وجہ سے ناحق شیعہ سے ہوگئی مگر وہ اپنے نام نہاد شوہر کے مذہب کو بصدق دل باطل ہی جانتی ہے، دار الافتا کے مفتیان کرام نے انہیں تنبیہ وآگاہ کیا کہ از روئے شرع اس شیعہ شخص سے ان کا نکاح منعقد ہی نہیں ہوا ہے، اور اس کے ساتھ رہنا شرعاً حرام ہے۔ اب ان کی لڑکی (سائلہ ) جو عقائد سنیہ کی تصدیق اور اس کا اظہار واقرار کرتی ہے، اپنے والد کے بجائے اپنی والدہ کے مذہب و مسلک پر قائم ہے لڑکی کی تربیت ددہال کے بجائے سنی ننہال میں ہوئی ہے۔ مذہب شیعیت کو صدق دل سے باطل جانتی ہے، تمام صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم اجمعین کا ادب و احترام فرض جانتی ہے، حضرت ابوبکر وعمر کی صحبت و خلافت کا قرار کرتی ہے، قرآن کو مکمل جانتی ہے، اہل تشیع کے کفریہ عقائد مثلاً  حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا پر تہمت ، حضرت جبریل علیہ السلام سے وحی پہنچانے میں خطا، حضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ الکریم کو انبیاے  سابقین علیہم السلام سے افضل ماننا اور ائمہ اہل بیت عظام رضی اللہ تعالی عنہم اجمعین کومثل انبیا معصوم جاننے وغیرہ ذلک کفریہ عقائد کو کفر جاتی ہے ۔ اپنے والد کے عقیدے سے دور و نفور ہے تو ایسی لڑکی کو سنیہ تسلیم کیا جائے گا اور سنی لڑکے سے اس کا نکاح جائز ہے ، جبکہ کوئی اور وجہ شرعی مانع نکاح نہ ہو۔ البتہ سائلہ اور اس کے ہونے والے شوہر پر لازم ہوگا کہ سائلہ کے شیعہ رشتہ داروں سے دور ونفور رکھیں گے، ان سے ملنا جلنا، رشتہ ناطہ قائم رکھنا ہرگز جائز نہ ہوگا۔ یہاں مجلس میں انہوں نے عہد واقرار کیا کہ شیعہ رشتہ داروں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور ان سے دور و نفور رکھتے ہیں۔ اگر خدانخواستہ بد مذہبوں سے تعلقات قائم رکھیں گے تو سخت گنہ گار فاسق و فاجر ہوں گے۔ اور ایس صورت میں اگر باز نہ آئیں گے تو شرعاً ان کے بائیکاٹ و مقاطعہ کا حکم ہوگا۔ واللہ تعالی اعلم ۔

فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، مرکز اہل سنت بریلی شریف

۲۵ ؍ ذو الحجہ ۱۴۴۶ ھ

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔