صفحۂ اول ‹ فتاویٰ ‹ متفرق مسائل ‹ نمبر ۶۴۰/۲۰۲۴

متن کا سائز
translateEnglish

اوپر اللہ اور نیچے پنچ کہنا کیسا ہے

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ ہمارے محلہ کے لوگوں نے آپسی رائے مشورہ سے یہ طے کیا کہ محلے میں شراپ نوشی پر قدغن لگانا بہت ضروری ہے اس لیے آئندہ جو لوگ بھی شراب پئیں گے یا شادی بیاہ میں ڈی جے بجائیں گے ۔ برادری کے لوگ مل کر ان کا بائیکاٹ کریں گے۔ ان کے یہاں شادی بیاہ وغیرہ دینی یا دنیاوی مراسم میں شریک نہیں ہوں گے ۔ایک زمانے تک انھیں طے شدہ باتوں کے مطابق عمل ہوتا رہا۔ جس کا بڑا اچھا اثر ہوا۔ کئی لوگوں نے شراب نوشی سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور بظا ہر راہ راست پر آگئے۔ لیکن اب پھر ان لوگوں نے اپنی پرانی روش اختیار کرلی ہے۔ اور حال یہ ہے کہ شراب نوشی بالکل عام ہو گئی ہے اور شادی وغیرہ میں دھڑلے سے لوگ ڈی جے بجاتے اور ناچنے گاتے ہیں۔اس پر جب زید نے اعتراض کیا اور کہا کہ میں اپنے یہاں ڈی جے نہیں بجنے دوں گا تو محلہ کے شراب نوشوں نے مل کر اس کو برادری سے الگ کر دیا اور یہ دھمکی دی کہ کوئی زید کے یہاں شادی میں شریک نہیں ہوگا ۔ ورنہ اس کو بھی برادری سے الگ کر دیا جائے گا اور ہم جو فیصلہ کریں گے وہ سب کو ماننا پڑے گا اور وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ اوپر اللہ ہے اور نیچے پنج‘‘ ۔ ڈرتے ڈرتے دس گھر والوں نے زید کے یہاں شادی میں شرکت کی تو محلہ والوں نے ان کا بھی بائیکاٹ کر دیا اور حقہ پانی بند کر دیا ۔ چوں کہ اُن لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ اس لیے لوگ ان سے ڈرتے اور انھیں کے کہنے پر عمل کرتے ہیں حتی کہ محلہ کے امام صاحب بھی ان کی غیر شرعی حرکات پر ان کی مخالفت کرنے کے بجائے ان کے دینی و دنیاوی رسومات میں شریک ہوتے ہیں جس سے ان کو مزید تقویت ملتی ہے ۔

اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ محلہ والوں کا مذکورہ بالا جملہ کہنا اور ڈھرلے سے شراب نوشی وڈی جے بازی کرنا کیسا ہے ؟

کیا زید اور اس کے یہاں شریک ہونے والوں کا بائیکاٹ کرنا شرعاً درست ہے ؟ اگر نہیں تو بائیکاٹ کرنے والوں کا کیا حکم ہے ، نیز مذکورہ امام صاحب پر کیا حکم شرعی عائد ہوتا ہے بالتفصیل بیان فرما کر عند اللہ ماجود ہوں۔

المستفتیان : عبد الغفار، محمد شفیق  ، محلہ  کربلا گھوسیانہ بلرام پور

جواب

الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب : سوال میں مذکور برادی والوں کا یہ جملہ ( نقل کفر، کفر نہ باشد) ’’ اوپر اللہ ہے اور نیچے پنچ ‘‘ کفریہ ہے ، قائلین و حامین پر توبہ و استغفار اور تجدید ایمان و نکاح (بشرط متزوج ہونے کے ) لازم ہے ۔ مذکورہ بالا جملہ کفر یہ شنیعہ کے جزاول سے اللہ کے لیے جسم و جہت ثابت ہوتی ہے، اور اللہ تعالیٰ جسم و جہت سے پاک ہے اور جزو ثانی مع سباق کا صریح مفہوم یہ ہے کہ یہاں (معاذ اللہ) اللہ کا نہیں ، ہمارا حکم و قانون چلتا ہے۔ حالانکہ ’’ ان الحکم الا لله‘‘ ، حکم صرف اللہ کا ہے۔ اس کفریہ جملہ سے علانیہ توبہ فرض ہے، نیز یہ کہ زید نے جو طریقہ اختیار کیا وہ امر با المعروف و نہی عن المنکر کے تقاضے کے عین مطابق تھا۔ شراب نوشی حرام قطعی ہے۔ کون مسلمان نہیں جانتا کہ اسلام میں شراب سخت حرام ہے۔ فرمان باری تعالی ہے: ’’ یایھا الذین امنوا انما الخمر و الميسر و الانصاب والازلام رجس من عمل الشيطان فاجتنبوه لعلكم تفلحون‘‘ ۔  (المائدہ : ۹۰)

اور ڈیجے، گانے، باجے اور رقص و سرود، آلات لہو و طرب بجانا بھی حرام ہے ۔ ان محرمات پر زید کا منع کرنا ، اس کا منع کرنا نہیں ، بلکہ شریعت مطہرہ کا منع کرنا ہے، اور ایسے بلکہ تمام برادری والوں پر لازم ہی تھا کہ مرتکبین سے توبہ کرائیں اور نہ کریں تو مقاطعہ کر دیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو خود گنہ گار ہوتا ، حکم تو یہی تھا اور یہی امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا تقاضا تھا ، نہ کہ وہ جو اہل برادری نے کیا کہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کرنے والے کا ہی بائکاٹ کر دیا۔ یہ ان کا دوہرا بلکہ تیسرا جرم ہے اور ’’  چوری و سینہ زوری ‘‘  کی قبیل سے ہے۔ حکم امر با المعروف و نہی عن المنکر کو بدل کر معاذ اللہ امر بالمنکر و نہی عن المعروف کر دینا ہے۔ تمام واقع حال اہل بستی واہل برادری اگر ان کا ساتھ دیں گے تو سخت گنہ گار ہوں گے۔ ان پر لازم ہے کہ بالخصوص اس جملہ شنیعہ بکنے والوں سے علانیہ توبہ و استغفار اور تجدید ایمان و نکاح کرائیں اور بائکاٹ کرنے والوں اور شار بین خمر سے بھی توبہ و استغفار کرائیں، اگر توبہ کر لیں فبھا نہیں تو ان کا مقاطعہ لازم ہے ۔ ارشاد باری تعالی ہے: ’’  فلا تقعد بعد الذکری مع القوم الظالمين ‘‘ ۔  آیۃ  ۔  والله تعالی اعلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ

رضوی دار الافتا مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

٣٠؍  ذو الحجہ ١٤٤٥ ھ / ٧ ؍ جولائی ٢٠٢٤ء

شیئر

مجلسِ افتاء، رضوی دار الافتاء، درگاہِ اعلیٰ حضرت، بریلی شریف کی جانب سے جواب۔

فتویٰ انہی حالات کا جواب ہوتا ہے جن کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اگر آپ کی صورتِ حال کسی بھی پہلو سے مختلف ہو تو حکم بدل سکتا ہے — اپنا سوال بھیجیے، اس جواب کو اپنے معاملے پر منطبق کرنے کے بجائے۔