Home › Fatawa › Creed / Beliefs › Ref 727/2024

Text size
translateاردو

غیر منصوصین کو بالتعیین قطعی جنتی کہنے کے متعلق قول فیصل

Question

کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :    امداد القاری بشرح صحیح البخاری جلد پنجم کتاب الجنائز صفحہ ۲۵۵ میں ایک حدیث کی شرح میں مذکور ہے : منصوص علیہ اشخاص کے سوا کسی شخص خاص کے لیے جنتی ہونے کا حکم لگانا جائز نہیں ، نیز اس مفہوم کی عبارتیں مختلف علما کی نگارشات میں موجود ہیں ۔ اس کو نقل کرتے ہوے زید یہ کہتا ہے کہ منصوص علیہ اشخاص کے سوا کسی کو ذات یا نام کے ساتھ متعین کر کے قطعی اور جزمی طور پر جنتی یا جہنمی نہیں کہیں گے ۔ ہاں ! امید و خوف کے طور پر بااعتبار وصف جہنمی یا جنتی کہیں گے ۔ مثلاً کسی کا کفر ثابت ہے تو ہم یہ کہیں گے کہ یہ کافر ہے اور کافر جہنمی ہے ۔ رہے طواغیت اربعہ یا ان کے مثل جن کا کفر ہمارے ائمہ کے نزدیک متعین ہے وہ بلا شبہ کافر ہیں ، کافر ہیں ، کافر ہیں ۔ اور اپنے اس کفر کی بنا پر وہ جہنمی ہیں ۔

اس کے برخلاف فریق ثانی ( بکر ، خالد ، عمرو وغیرہ ) کہتے ہیں کہ ہر معین شخص کو قطعی طور پر جنتی یا جہنمی کہا جائے گا ، ورنہ اعلی حضرت ، غوث اعظم کا قطعی جنتی نہ ہونا لازم آئے گا ۔ فریق ثانی زید کو اسی بات کی بنا پر حسام الحرمین کی تصدیق کرنے والا تصور نہیں کرتا اور خالد یہ بھی کہتا ہے کہ جس عالم نے منصوص علیہ اشخاص کے سوا معین شخص کو جنتی کہنے سے منع فرمایا ہے ، اس نے خطا کی ہے ۔ بکر زید سے کہتا ہے کہ : ایسی بات دیوبندی کہتے ہیں ۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ :

(۱)زید اپنی بات میں حق پر ہے یا بکر ، خالد ، عمرو وغیرہ ؟

(۲)یا زید اپنی اس بات کی بنا پر حسام الحرمین کی تکذیب کرنے والا ہو گیا ؟ اگر نہیں تو ، فریق ثانی کا کیا حکم ہوگا ؟ پھر زید تو صرف ناقل ہے اگر وہ اس نقل کی بنا پر دیوبندی ہے تو منقول عنہ کا کیا حکم ہوگا ؟ بینوا و توجروا ۔

المستفتی : محمد اختر بریلوی ،

ملوک پور ، بریلی شریف

Answer

الجواب اللھم ہدایۃ الحق والصواب :

خادمان فقہ و افتا پر روشن ہے کہ شریعت مطہرہ کے اصول و قواعد اور ان سے ثابت احکام و مسائل میں مراتب و درجات ہیں، مختلف حیثیات و جہات اور دلائل کی قوت و ضعف کی وجہ سے مختلف و متعدد درجات و مراتب ہو جاتے ہیں۔

طلب فعل کے فرض سے مستحب تک اور کف فعل کے حرام سے مکروہ تنزیہی تک مختلف و متعدد درجات ہیں ۔حدیث کےصحیح سے لے کر موضوع تک مختلف مراتب اور ان مراتب کے مطابق مختلف احکام ہیں۔

اسی طرح دلائل میں مراتب و درجات ہیں، سب سے ارفع و اعلی مقام و مرتبہ قطعی الثبوت و قطعی الدلالۃدلیل کا ہوتا ہے ، پھر قطعی الثبوت ظنی الدلالہ اور ظنی الثبوت قطعی الدلالہ کا۔سب سے آخر درجہ ظنی الثبوت ظنی الدلالہ کا۔

ان دلائل سے ثابت احکام کے منکرین کے حکم میںبھی درجے و مراتب کے لحاظ سے فرق ہوتا ہے ،کسی کا منکر کافر قرار پاتا ہے ،کسی کا ضال مضل اور کسی کا منکر فاسق و فاجر۔

یوں ہی بجہت اخریٰ ضروریات دین ، ضروریات اہل سنت، ثابتات محکمہ اور ظنیات محتملہ کے نام سے متعدد درجات ہیں۔ہر فن اور ہر علم کی اپنی اپنی اصطلاحات اور اپنے مراتب و درجات ہیں۔سرکار اعلی حضرت نے فرمایا :’’موافق مخالف سب اہل عقول کا قدیمی معمولی کہ ہر فن کی بات اس کی حدتک محدود مقبول ،تحقیق حلال وحرام میں فقہ کی طرف رجوع ہوگی، اور صحت وضعف حدیث میں تحقیقات فن حدیث کی طرف، طبی مسئلہ نحو سے نہ لیں گے، نہ نحو ی طب سے ۔۔۔۔جو فرق مراتب گماکر خلط مبحث کر ےجاہل ہے یا غافل ذاہل ۔ (کتاب الجنائز، ج: ۹ )

ہماری شریعت مطہرہ کا یہ حسن ہے کہ ہر دعوی ، ہر قول اور ہر حکم اپنے درجے کے مطابق دلیل چاہتا ہے، حکم کی سختی و نرمی دلیل کی سختی و نرمی اور قوت و ضعف کے مطابق ہوتی ہے۔ اگر ان مراتب و درجات اور ان کے اصول و دلائل کی رعایت نہ کی جائے تو ایسا تعارض و تضاد اور اختلاف کثیررونما ہو، جو کبھی رفع نہ ہو سکے ۔ فرمان باری تعالی ہے:( لو کان من عند غیر اللہ لوجدوا فیه اختلافا کثیرا)۔

لہذا ان درجات و مراتب کا لحاظ از حد ضروری ہے :

ع  گر فرق مراتب نکنی زندیقی۔

مسئلہ مسؤل عنہ کو بھی اسی تناظر میں سمجھنا چاہیے کہ جہاں دلیل قطعی نہ ہو وہاں حکم قطعی نہیں لگایا جا سکتا،جہاں بحث کلامی ہو وہاں فقہی اصطلاح جاری نہیں کی جا سکتی ، یقین کلامی کو یقین فقہی نہیں کہا جا سکتا ہے و کذلک العکس ، ورنہ خلط مبحث اور اصول و قواعد شرع اور احکام و مسائل درہم برہم ہوتے نظر آئیں گے۔

متکلمین نے اپنی کتب میں فرمایا کہ غیر منصوص کو بالتعیین قطعی طور پر جنتی نہیں کہا جائےگا، جیسا کہ شرح عقائد نسفیہ وغیرہ معتبر کتب عقائد میں مذکور ہے۔

امام سعد الدین تفتازانی منصوص صحابہ کرام کے بالقطع و الیقین جنتی ہونے کے ضمن میں فرماتے ہیں :’’لا نشھد بالجنۃ او  النار لاحد بعینہ،بل نشھد بان المؤمنین من اھل الجنۃ و الکافرین من اھل النار ‘‘ (شرح العقائد ، ص : ۱۵۰ ، دار احیاء التراث العربی )

بعینہ یہی بات امام بدر الدین عینی نے عمدۃ القاری میں ، امام قسطلانی نےارشاد الساری میں ، امام ابو زکریا انصاری نے منحۃ الباری میں ، امام نووی نے شرح مسلم میں ، ملا علی قاری نے مرقاۃ المفاتیح میں ، اور دیگر بے شمار علما و ائمہ فقہا محدثین اصولیین متکلمین نے اپنی اپنی کتب میں ارشاد فرمائی ہے، نقل عبارات تطویل کا باعث ہو گی ، من شائ التفصیل فلیراجعھا

ان عبارات میں اگرغور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ نصوص قرآن و حدیث اور اصول و قواعد شرع سے حد درجہ مطابق و موافق بات ہے ، اگر چہ بادئ النظر میں ، بعض اذہان متحیر و متأمل ہوں ، مگر جب اصول و قواعد شرع سے مطابقت کی جائے اور تحقیق و تفتیش سے کام لیا جائے تو روز روشن کی طرح ان عبارات کی صحت ظاہر ہو جائےگی۔

اعلی حضرت فرماتے ہیں حدیث قرآن کی ، مجتہدین حدیث کی اور علما و فقہا عبارات مجتہدین کی تشریح کرتے ہیں، اس سلسلے کو منقطع نہیں کیا جا سکتا۔ اس اصل کے تناظر میں مسئلہ مسئولہ کے دلائل کی ترتیب ملاحظہ ہو ۔ اور یہ بھی ملاحظہ ہو کہ ہر آنے والی دلیل کس طرح سابق دلیل کی شرح کرتی جا رہی ہے:

فرمان باری تعالی ہے:(ان اللہ لا یغفر ان یشرک بہ و یغفر ما دون ذلک لمن یشآئ)

آیت کریمہ کے معنی کی شرح احادیث کرتی ہوئی نظر آتی ہے،مثلا:’’لا تنزلوا عبادی العارفین الموحدین من المذنبین الجنۃ و لا النار حتی اکون انا الذی انزلھم بعلمی فیھم ، و لا تکلموا من ذلک ما لم تکلفوا و لا تحاسبوا العباد  دون ربھم ‘‘عن زید ابن ارقم (اخرجہ الطبرانی فی الکبیر :۵۰۷۶)

پھر حدیث کے معنی کی شرح و تفصیل کلام مجتہد کرتا ہے، تصنیف امام اعظم ،فقہ اکبر اور اس کی شرح میں ہے:(و رسول اللہ ﷺ مات علی الایمان )،قال الملا علی القاری شارحالہ :’’و لعل مرام الامام علی تقدیر صحۃ ورود ھذا الکلام انہ ﷺ من حیث کونہ نبیا من الانبیائ علیھم السلام و ھم کلھم معصومون عن الکفر فی الابتدائ و الانتھائ نعتقد انہ مات علی الایمان و اما غیرہ من الاولیائ و العلما ئ و الاصفیائ بالاعیان فلا نجزم بموتھم علی الایمان و ان ظھر منھم خوارق العادات و کمال الحالات و جمال انواع الطاعات فانہ مبنی امرہ علی العیان  و ھو مستور عن افراد الانسان ، و لھذا کان العشرۃ المبشرۃ و امثالھم خائفین من انقلاب احوالھم و سوٓئ آمالھم فی مآلھم‘‘۔ (منح الروض الاکبر شرح فقہ الاکبر ،ج:۱،ص:۳۱۱، دارالکتب العلمیۃ)

مجتہد فی المسائل امام ابو جعفر طحاوی فرماتے ہیں :’’لا ننزل احدا منھم جنۃ و لا نارا‘‘

اور کلام مجتہد کی تشریح علما و فقہا کرتے ہیں،شیخ ابو العز الحنفی فرماتے ہیں:’’یرید انا لا نقول عن احد معین من اھل القبلۃ انہ من اھل الجنۃ او من اھل النار الا من اخبر الصادق ﷺانہ من اھل الجنۃ کالعشرۃ ، و ان کنا نقول انہ لا بد ان یدخل النار من اھل الکبائر من شائ اللہ ادخالہ النار ثم یخرج منھا بشفاعۃ الشافعین ، و لکنا لا نقف فی الشخص المعین فلا نشھد لہ بجنۃو لا نار الا عن علم لان حقیقۃ باطنہ و ما مات علیہ لا نحیط بہ لکن نرجو للمحسن و نخاف علی المسئ ‘‘(شرح العقیدۃ الطحاویہ ، ص:۵۳۷)

اس ترتیب میں غور و خوض سے کام لیا جائے تو کس حسن و عمدگی سے کلام الہی کی تشریح کلام رسول  اور کلام رسول کی تشریح کلام مجتہد اور کلام مجتہد کی تشریح کلام علما و ائمہ کر رہے ہیں۔ لقد صدق اللہ العظیم اذ یقول :(لو کان من عند غیر اللہ لوجدوا فیه اختلافا کثیرا )

بلکہ امام ابو الحسن اشعری نے تو اس بحث پر اجماع نقل فرمایا ہے :’’الاجماع السابع و الثلاثون :و اجمعوا علی انہ لا یقطع علی احد من عصاۃ اھل القبلۃ فی غیر البدع بالنار و لا علی احد من اھل الطاعۃ بالجنۃ الا من قطع علیہ رسول اللہ ﷺ  بذلک ‘‘(ص:۱۵۸))

اگر بنظر انصاف دیکھا جائے تو مذکورہ بالا سطور میں مسطور آیت کریمہ و حدیث نبوی اور اقوال علما و فقہا سے جواب ہو گیا ، مگر جنہیں اتنے سے تشفی نہیں وہ ان سطور کو تمہید و مقدمہ کا نام دیں اور مسئلہ مبحوث عنہ کی تحلیل و تحقیق کی طرف متوجہ ہوں۔

اس بحث کو متعدد تحریرات و مختلف فتاوی نے اتنا مختلط و معرکۃ الآراء کر دیا ہے کہ اصل بحث کی تحقیق، متعلقہ ابحاث کی تفصیل کئے بغیر قدرے مشکل ہے۔

یعنی مسئلہ کی تفہیم مذکورہ ذیل امور کی تفہیم پر موقوف ہے :

(۱)تعیین و تقیید اور عموم و اطلاق میں فرق

 (۲) قطعی کی تعریف، اس کے اقسام، یقینی کلامی اور یقینی فقہی میں فرق۔

(۳)کیا بالتعیین تکفیر کلامی اور بالتعیین قطعی کلامی جہنمی کہنے میں فرق ہے؟ ہے تو کیوں؟ یوں ہی بالتعیین قطعی مومن کہنے اور بالتعیین قطعی جنتی کہنا کیا مترادف ہے؟

(۴) ایک بات ہے بوصف عنوانی کسی کو جنتی کہنا ،دوسری ہے بالتعیین جنتی کہنا اور تیسری ہے بالتعیین قطعی بالمعنی الاخص و الاعم جنتی کہنا،ان میں فرق ؟۔

(۵)یہ اصل و قاعدہ کیا صحابہ کے حق میں بھی جاری ہوگا ؟

فاقول و باللہ التوفیق:-

اطلاق و عموم اور تشخیص و تعیین یعنی حکم بر سبیل عموم و اطلاق اور حکم علی سبیل التعیین و التشخیص میں بون بعید و فرق شاسع ہے، مثلا ہم یوں تو کہہ سکتے ہیں کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت مگر زید کو متعین کرکے یوں کہنا کہ زید جھوٹا اور اس پر (معاذ اللہ) لعنت، اس کی ہرگز اجازت نہیں۔  علما و فقہا فرماتے ہیں کہ ان اشخاص کو چھوڑ کر جن کے کافر و جہنمی ہونے پر نص ہے ، کسی بھی شخص معین پر لعنت کرنے کی اجازت نہیں ۔

آخر اس منع کی وجہ کیا ہے؟ جبکہ صغری کبری ترتیب دینے پر بظاہر نتیجہ وہی نکل رہا ہے جوبراہ راست بالتعیین لعنت کرنے کا انجام ہے۔ ظاہر سی بات ہےکسی کا جھوٹ ثابت ہو جائے تو جھوٹا ہونا متعین ہو گیا، اس کو جھوٹا تو کہہ سکتے ہیں مگربالتعیین لعنت نہیں کر سکتے، جبکہ قرآن و حدیث میں بالتصریح ’’ لعنة اللہ علی الکاذبین ‘‘  نازل و وارد ہوا ہے،امام شامی اس کی وجہ یہ بتاتے ہیںکہ در اصل ’لعن‘ کا حقیقی معنی رحمت الہیہ سےرد وطرد ہے اور یہ کافر کے سوا کسی کو حاصل نہیں،اسی وجہ سےایسے معین پر لعنت کرناجائز نہیں،جس کی کفر پر موت کا علم دلیل سے معلوم نہ ہو، اگر چہ کتنا ہی سرکش فاسق ہو،ہاں غیر معین اور جنس پرلعنت کرسکتے ہیں، مثلا ظالمو ں پر لعنت ، اس لئے کہ ظالمین میں کچھ تو وہ ہیں جن کی موت کفر پر ہوئی تو اس صورت میں لعن یہ بیان کرنے کے لئے ہوگاکہ یہ وصف، کافروںکا وصف ہےاس سے تنفیر و تحذیر کے لئے،نہ کہ اس جنس کے ہرہر فرد پر لعنت کرنا مقصود ہے۔۔۔۔الخ ‘‘ ۔

  والیک نصہ: امام شامی فرماتے ہیں:’’ حقیقة اللعن المشھورة ھی الطرد عن الرحمة و ھی لا تکون الا لکافر و لذا لم تجز علی معین لم یعلم موته علی الکفر بدلیل و ان کان فاسقا متھورا کیزید علی المعتمد بخلاف نحو ابلیس و ابی جھل فیجوز و بخلاف غیر المعین کالظالمین و الکاذبین فیجوز ایضا لان المراد جنس الظالمین و فیھم من یموت کافرا فیکون اللعن لبیان ان ھذا الوصف وصف الکافرین للتنفیر عنه و التحذیر منه لا لقصد اللعن علی کل فرد من ھذا الجنس لان لعن الواحد المعین کھذا الظالم لا یجوز فکیف کل فرد من افراد الظالمین و اذا کان المراد الجنس لما قلنا من التنفیر و التحذیر لا یلزم ان تکون تلک المعصیة حراما من الکبائر ۔۔۔۔(ج:۳،ص:۴۵۶،دار الفکر)

زواجر عن اقتراف الکبائر میں ہے:’’ثم محل حرمۃ اللعن ان کان لمعین فالمعین لا یجوز لعنہ و ان کان فاسقاکیزید ابن معاویۃ رضی اللہ عنہ او ذمیاحیا او میتا و لم یعلم موتہ علی الکفر لاحتمال انہ یختم لہ او ختم لہ بالاسلام بخلاف من علم موتہ علی الکفر۔۔۔۔الخ ‘‘(۶/۹۶)

سرکار اعلی حضرت فرماتے ہیں:’’لعنت بہت سخت چیزہے ہرمسلمان کو اس سے بچایاجائے بلکہ لعین کافرپر بھی لعنت جائزنہیں جب تک اس کا کفرپر مرناقرآن وحدیث سے ثابت نہ ہو۔‘‘()

معین پر منع لعنت کی وجہ وہی ہے جو معین کو قطعی جہنمی کہنے کی وجہ منع ہے ،یعنی موت علی الکفر کا عدم علم ، اگر کسی کے کفر پر خاتمے کا ہمیں علم یقینی ہو جائے اسے معین لعنت کرنا بھی جائز اور بالتعیین یقینی جہنمی کہنا بھی جائز ۔

پھر جاننا چاہئے کہ احکام دنیا اور احکام آخرت میں بڑا فرق ہوتا ہے، دنیا میں حکم بحسب ظاہر لگتا ہے اور آخرت کا معاملہ مفوض الی اللہ (یعنی اللہ کو سپردہوتا ہے کہ امر غیب ہے)

ملا علی قاری فرماتے ہیں :’’فالحکم علی شخص معین بانہ من اھل الجنۃ لا یجوز من غیر ورود النص لانہ من علم الغیب ، و قد یقال التبعیۃ فی الدنیا من الایمان و الکفرو حکمھا من امور الآخرۃففیہ ارشاد للامۃ الی التوقف فی الامور المبھمۃ و السکوت عما لا علم لھم بہ و حسن الادب بین یدی علام الغیوب ۔

(مرقاۃ،ج:۱،ص:۲۵۲، دار الکتب العلمیۃ)

(یعنی شخص معین پر یہ (قطعی)حکم کہ وہ جنتی ہے بغیر ورود نص کے جائز نہیں اس لئے کہ یہ علم غیب ہے اور(رہا دنیا میں مومن یا کافر کہنا) کہا جاتا ہے کہ مسلم و غیر مسلم کے نابالغ بچے پر ایمان و کفر کا حکم دنیا میں تابع ہونے کے اعتبار سے ہے(اگر ماں باپ مسلمان ہیں تو دنیوی احکام میں اسے مسلمان والدین کا تابع ہونے کی وجہ سے مومن و مسلم کہا جائےگا اور اگر والدین کافر ہیں تو کافر ماں باپ کا تابع ہونے کی وجہ سے دنیا میں اسے کافر ہی کہا جائےگایعنی دنیا میں ایمان و کفر کا حکم تبعیت میں ہے )، رہا قطعی جنتی کہنے کا معاملہ تو وہ امور آخرت سے ہے ، تو اس حدیث میں امت کو ہدایت ہے کہ امور مبہمہ میں توقف کریں اور غیر معلوم بات سے سکوت کریں اور علام الغیوب کی بارگاہ میں حسن ادب سے کام لیں۔)

اعلی حضرت فرماتے ہیں :’’نہ حاکم و عالم پر شرع یہ لازم فرمائے کہ عند اللہ جو بات نفس الامر

فاسق و فاجر ہو خواہ کافر، شخص معین پر لعنت کرنا جائز نہیں، ہاں شخص معین کو تمام شکوک و شبہات اور احتمالات رفع ہو جانے کے بعد کافر کہا جا سکتا ہے۔ بلکہ اجماعی حتمی کلامی تکفیر کے بعد کافر کہنا ضروری ہو جاتا ہے۔

یہاں بھی بعض اذہان میں شبہ رونما ہوگا کہ شخص معین کو لعنت کرنا ناجائز اور اس کی تکفیر کرنا کیوں کر جائز؟ وجہ اس کی یہی کہ تکفیر اگر چہ امر مہم ہے مگر دنیا میں حکم ہے کہ جب کسی کے قول یا فعل میں کسی قسم کی تاویل کی کوئی گنجائش نہیں ، اسلام کا کوئی پہلو نہیں تو اب ہم پر لازم ہے کہ اسے کافر کہیں، رہا معین پر(بالتعیین) لعنت کرنا یا بالتعیین’’ قطعی‘‘ جہنمی کہنا تو اس کی اجازت نہیں کہ اس کا دار و مدار موت علی الکفرکی خبر یقینی پر ہے اور یہ امر مخفی و معاملۂ غیب ہے جس تک ہمیں از خود رسائی نہیں، جہاں تک حکم تھا ہم نے کیا اور کہا اور جہاں اجازت نہیں وہاں کف لسان و توقف کیا جائےگا۔ ہاں کافر کلامی کو بطور خوف و اندیشہ اورباعتبار ظن غالب جہنمی کہا جائےگا اور مومن و مسلم کو بطور امید و رجا و ظن غالب (بعاقبت و انجام)جنتی کہا جائےگا۔(معلوم ہوا کہ بالتعیین کسی کو مومن کہنے اور بالتعیین قطعی جنتی کہنے یوں ہی بالتعیین کسی کو کافرکہنے اور بالتعیین قطعی جہنمی کہنے میںدقیق فر ق ہے، امام غزالی’’ احیاء العلوم ‘‘ میں حضرت عبد اللہ ابن مسعود اور یزید بن عمیرۃ کے درمیان مکالمےکی حکایت سے اس دقیق فرق کو واضح فرماتے ہیں:’’ناظر عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ یزید بن عمیرۃ فی الایمان فقال عبد اللہ لو قلت انی مومن لقلت انی فی الجنۃ فقال لہ یزید بن عمیرۃ یا صاحب رسول اللہ ھذہ زلۃ منک و ھل الایمان الا ان تؤمن باللہ و ملائکتہ و کتبہ و رسلہ و البعث و المیزان و تقیم الصلوۃ و الصوم و الزکاۃ و لنا ذنوب لو نعلم انھا تغفر لنا لعلمنا اننا من اھل الجنۃ من اجل ذلک نقول انا مؤمنون و لا نقول انا من اھل الجنۃ ، فقال ابن مسعود صدقت و اللہ انھا منی زلۃ ‘‘(احیا ء ، ج:۱،ص:۶۳)

(اب رہا یہ سوال و شبہ کہ جب باتعیین قطعی حتمی جزمی طور پر تکفیر کر سکتے ہیں مگر بالتعیین قطعی جہنمی نہیں کہہ سکتے تو اساطین دیوبندیہ  اربعہ کے حق میں ’’ من شک فی کفرھم و عذابھم فقد کفر ‘‘ کیوں کہا گیا ہے ؟ ( صرف من شک فی کفرھم کیوں نہ کہا گیا ؟ ) یہاں ان چاروں (بلکہ پانچوں )کو نہ صرف کافر بلکہ جہنمی بھی کہا جا رہاہے اور مطلقاً و عموماً نہیں ، بلکہ بالتعیین کہا جا رہا ہے اور شکا ً و شبہتاً و احتمالا بھی نہیں بلکہ یقیناً کہا جا رہا ہے، تو اس شبہ کا کیا جواب؟

اس فقرہ میں عذاب کا کفر پر عطف ہے، یعنی جس کا کفر یقینی ہو اسی کا اس کفر کی وجہ سے ( تاقتیکہ وہ اس سے توبہ نہ کرلے ) عذاب بھی یقینی ہے، عذاب میں حکم، کفر کی تبعیت میں ہے، عذاب تابع ہے کفر متبوع۔ اور یہ دونوں لازم ملزوم ہیں۔ کافر جہنمی، اور جہنمی کافر ہے ، فرق ہے تو بالتعیین کہنے میں ہے۔ معین کو بعد رفع احتمالات کافر کہنا جائز ، مگر مستقلا معین کو بالقطع و الیقین جہنمی کہنا منع ہے، کیوں کہ یہاں توبہ کا احتمال ہے اگر چہ ناشی عن لا دلیل ہو ، مگر جہاں احتمال گر چہ مرجوح ، وہاں قطع نہیں۔ ’’ من شک فی کفرہ و عذابه فقد کفر‘‘ فقرے میں آخرت میں عذاب کا یقینی ہونا اسی کفر پراس کی موت کے یقینی ہونے پر معلق و مرتب و معطوف ہے۔یعنی شخص معین کا کفر یقینی ہے، اگر وہ اس سے توبہ نہ کرے تو آخرت میں اس کا عذاب بھی یقینی ہے۔ ورنہ یہ اعتراض لازم آئےگا کہ معذب و جہنمی ہونا تو اسی کفر کی حالت میں موت کے بعد آخرت میں ہوگا۔ کیا توبہ کا دروازہ بند ہو گیا کہ زندے کو اس کی زندگی ہی میں غیر نبی نے یقینی جہنمی ہونے کا حکم سنا دیا ، جو بدل نہیں سکتا؟ کیا اس معین کا تائب ہو جانا ممکن نہیں، محال ہے؟ بےشک ممکن ہے ۔ تو اس فقرے کا مفہوم یہی ہوا کہ اس معین کے کفر میں شک نہیں اور اگر اس سے تائب نہ ہو تو عذاب میں بھی شک نہیں اور جو شک کرے وہ خود کافر ہے۔یہ فقرہ کسی معین کے حق میں بغیر کفر کے ذکر کے یوں نہیں لکھا ملےگا: ’’ من شک فی عذابه فقد کفر‘‘(یا د رہے کہ کسی معین کے حق میں) بلکہ کفر پر عذاب کی سبقت و تقدم کے ساتھ یوں بھی نہ ملےگا ’’ من شک فی عذابه و کفره فقد کفر‘‘ البتہ بغیر عذاب کے ذکر کے ’’ من شک فی کفره فقد کفر‘‘ عبارات علما و فقہا میں بکثرت نظر آ سکتا ہے ۔ بلکہ اگر کہیں عذاب کا ذکر کفر پر مقدم آیا بھی ہو تو وہاں یہ فقرہ معین کے حق میں نہیں بلکہ مطلق کے حق میں ہوگا۔معلوم ہو کہ عذاب معلق و معطوف و مرتب ہے کفر پر ، وہ فقرہ اس قول کی قوت میں ہے: زید کافر ہے اور کافر جہنمی ہے اور جو کسی کافر کے کفر و عذاب میں شک کرے وہ بھی کافر ہے۔ جو کافر کے کفر و عذاب میں شک کرے وہ کافر ، نہ یہ کہ جو اس مشخص و معین کے عذاب میں شک کرے وہ بھی کافر۔ ہاں جو اس مشخص و معین کے کفر پر مطلع ہو کر اس کے کفر میں شک کرے اور اسی کفر پر اس کی موت ہو جانے پر اس کے معذب و جہنمی ہونے میں شک کرے وہ بھی کافر۔)

لہذا جب کسی کا کفر ثابت ہو جائے اور تمام احتمالات رفع ہو جائیں تو ہم اس کی بالتعیین تکفیرقطعی کلامی تو کر سکتے ہیں مگر بالتعیین قطعی جہنمی نہیں کہہ سکتے اور نہ اس پر بالتعیین لعنت کر سکتے ہیں۔

یوں ہی جس کا ایمان و اسلام ثابت ہو ہم اسے مومن و مسلم تو کہہ سکتے ہیں ، مگر بالتعیین بلا دلیل قطعی جنتی ہونے کی گواہی نہیں دے سکتے کہ یہ غیب کا معاملہ ہے ، ہاں ! قرائن و شواہد اور ظن غالب کے بطور اسے جنتی کہیں گے مگر قطعی کلامی جس سے عقیدہ بنتا ہے اس طور پر بالتعیین جنتی کہنے کا ہمیں حکم نہیں، اگر کسی کے جنتی ہونے پر دلیل قطعی نہ ہو ، بلکہ دلائل ظنیہ ہوں ، قرائن قویہ ہوں تو ہم اسے بالتعیین مطلقا بلا قطعی کی قید کے جنتی کہہ سکتے بلکہ یقین فقہی و یقین عرفی کے طور پر بھی کہہ سکتے ہیں مگر قطعی کلامی کے طور پر اعتقاد نہیں رکھ سکتے جب تک دلیل قطعی نہ ہو۔

آخر قطعی کہنے پر اتنا زور کیوں ہے؟ کیا قطعی کو اتنا ہلکا اور سہل سمجھ رکھا ہے، محسوس ہوتا ہے کہ قطعی کی تعریف اور اس کے صحیح و حقیقی مفہوم سے آگاہی نہیں۔

ذیل میں قطعی کی تعریف و تقسیم سرکار اعلی حضرت کے مختلف رسائل سے نقل کی جاتی ہے:

رسالہ الاحکام و العلل میں فرماتے ہیں:’’الحکم بشیئ اماان یحتمل خلافہ احتمالاصحیحاناشئاعن دلیل غیر ساقط حتی یکون للقلب الیہ رکون او لا، الاول ھو الظن باصطلاح الفقہ والثانی العلم ویشمل مااذالم یکن ثمہ تصورماللخلاف اصلا وھو الیقین بالمعنی الاخص اوکان تصورہ  بمجرد امکانہ  فی حد نفسہ  من  دون  ان  یکون ھھنا مثار لہ  من  دلیل  ما اصلا و ھو الیقین  بالمعنی الاعم او کان  عن  دلیل  ساقط  مضمحل لایرکن الیہ القلب  و ھو غالب الظن واکبرالرأی والیقین الفقہی لالتحاقہ فیہ بالیقین ۔وبہ علم ان فی الاحکام الفقھیۃ لاعبرۃ بالاحتمال المضمحل الساقط اصلاکما لاحاجۃ الی الیقین الجازم بشیئ من المعنیین کذلک ففی بناء الاحکام اذااطلقواالاحتمال فانما یریدون الاحتمال الصحیح وھو الناشئ عن دلیل غیرساقط واذااطلقواالعلم فانمایعنون المعنی الاعم الشامل لاکبرالرأی ای مالایحتمل خلافہ احتمالاصحیحاوبہ علم ان غلبۃ الظن بشیئ واحتمال ضدہ لایمکن اجتماعھمابالمعنی المذکور۔‘‘(رضویہ،ج:۱،ص:۶۰۱، امام احمد رضا اکیڈمی)

 (کسی شئی کا حکم کرنے میں یا تو اس کے خلاف کا احتمال ہوگا۔ایسااحتمال صحیح جو دلیل غیر ساقط سے پیدا ہوا ہویہاں تک کہ اس کی جانب دل کاجھکاؤ  ہو۔یا اس کے خلاف کا ایسا احتمال نہ ہوگا۔اول اصطلاح فقہ میں ظن کہلاتاہے ۔ اور ثانی کو علم و یقین کہا جاتاہے۔اس علم کے تحت تین صورتیں ہوتی ہیں(۱)خلاف کا وہاں بالکل کوئی تصور ہی نہ ہو،یہ یقین بمعنی اخص ہے (۲)خلاف کا تصور محض اس کے فی نفسہٖ ممکن ہونے کی حد تک ہو،اس پر کسی طرح کی کوئی دلیل بالکل نہ ہویہ یقین بمعنی اعم ہے(۳)خلاف کا تصور ایسی کمزور ساقط دلیل سے پیدا ہو جس کی طرف دل کا جھکاؤ نہ ہو ، یہ غالب ظن ، اکبر رائے اور یقین فقہی کہلاتا ہے اس لئے کہ فقہ میں اسے یقین کا حکم حاصل ہے ۔

اسی سے معلوم ہواکہ فقہی احکام میں کمزور ساقط احتمال کا بالکل کوئی اعتبار نہیں ، جیسے اس میں ان دونوں معنوں میں یقین جازم کی بھی احتیاج نہیں ، تو فقہابنائے احکام میں جب لفظ احتمال بولتے ہیں تو اس سے احتمال صحیح مراد لیتے ہیں۔یہ وہی ہے جو کسی غیر ساقط دلیل سے پیدا ہوا ہو۔اور جب لفظ علم ویقین بولتے ہیں تو اس سے وہ معنی اعم مراد لیتے ہیں جو اکبر رائے کو بھی شامل ہے یعنی جس کے خلاف کا کوئی صحیح احتمال نہ ہو،اسی سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کسی شئی کا غلبہ ظن اور اس کی ضد کا احتمال بمعنی مذکور دونوں باتیں جمع نہیں ہوسکتیں۔)

الزلال الانقی میں ہے:ان العلم القطعی یستعمل فی معنیین:

احدھما:  قطع الاحتمال علی وجہ الاستیصال بحیث لایبقی منہ خبرولا اثروھذاھو الاخص الاعلٰی کما فی المحکم والمتواتر وھو المطلوب فی اصول الدین فلا یکتفی فیہا بالنص المشہور۔

والثانی : ان لایکون ھناک احتمال ناش من دلیل وان کان نفس الاحتمال باقیاً  التجوز و التخصیص وسائر انحاء التاویل کما فی الظواھر والنصوص والاحادیث المشہورۃ والاول یسمی علم الیقین و مخالفہ کافر علی الاختلاف فی الاطلاق کما ھو مذہب فقہاء الاٰفاق ، والتخصیص بضروریات الدین ما ھو مشرب العلماء المتکلمین ۔ و الثانی علم الطمانیۃ ومخالفہ مبتدع ضال ولا مجال الی اکفارہ کمسئلۃ وزن الاعمال یوم القیمۃ قال تعالٰی '' و الوزن  یومئذن الحق  ۱؎'' و یحتمل النقد احتمالاً لاصارف الیہ ولا دلیل اصلا علیہ فیکون کقولک '' وزنتہ بمیزان العقل'' وھورائج فی العجم ایضاً تقول ''سخن سنج'' ای ناقدا لکلام۔و مسئلۃ رؤیۃ الوجہ الکریم للمؤمنین۔ رزقنا المولٰی بفضلہ العمیم ۔ قال تعالٰی ''وجوہ یومئذ ناضرۃ الٰی ربہا ناظرۃ  ویحتمل احتمالاً کذلک ارادۃ الامل و والرجاء وھو ایضاً مما توافقت علیہ العرب والعجم تقول ''دستِ نگر من ست'' ای یرجو عطائی ویحتاج الٰی نوالی وھٰکذا مسئلۃ الاسراء الی السمٰوٰت العلی والشفاعۃ الکبرٰی  للسیدالمصطفٰی علیہ افضل التحیۃ والثناء فکل ذل ثابت بنصوص قواطع بالمعنی الثانی۔ ولذا لا نقول بالکفار المعتزلۃ والروافض اولالین الماؤلین ۔ وھکذا الظن لہ معینان اذ مقابل الاعم اخص والا عم اخص کما لا یخفی۔

علم قطعی دو معنی میں مستعمل ہوتا ہے:

ایک تویہ کہ احتمال جڑ سے منقطع ہوجائے بایں طور کہ اس کی کوئی خبر یا اس کا کوئی اثر باقی نہ رہے۔ اور یہ اخص اعلیٰ ہے ، جیسا کہ محکم اور متواتر میں ہوتا ہے۔ اور اصولِ دین میں یہی مطلوب ہے۔ تو اس میں نصِ مشہور پر کفایت نہیں ہوتی۔

دوسرا : یہ کہ اس جگہ ایسا احتمال نہ ہو جو دلیل سے ناشی ہو اگرچہ نفس احتمال باقی ہو۔ جیسے کہ مجاز اور تخصیص ۔ اور باقی وجوہِ تاویل ۔ جیسا کہ ظواہر اور نصوص اور احادیث مشہورہ میں ہے۔ اور پہلی قسم کا نام علم یقین ہے اور اس کا مخالف کافر ہے علماء میں اختلاف کے بموجب مطلقاً ۔ جیسا کہ فقہائے آفاق کا مذہب ہے یا ضروریات دین کی قید کے ساتھ یہ حکم مخصوص ہے جیسا کہ علمائے متکلمین کا مشرب ہے ۔ اور دوسرے کا نام علم طمانیت ہی اور اس کا مخالف بدعتی و گمراہ ہے اور اس کو کافر کہنے کی مجال نہیں۔ جیسے کہ قیامت کے دن اعمال کو تولنے کا مسئلہ ۔ اللہ تعالی کا قول ہے :’’اور قیامت کے دن تول ہونا برحق ہے ‘‘ اور یہ آیت نقد (پرکھ) کا ایسا احتمال رکھتی ہے ، جس کی طرف پھیرنے والی کوئی چیز نہیں اور نہ اصلاً اس پر کوئی دلیل ہے۔ اب آیت کا معنٰی تمہارے قول ’ میں نے اس کو میزانِ عقل سے تولا‘کے مثل ہوگا، اور یہ عجم میں رائج ہے۔ تم کہتے ہو’سخن سنج‘ یعنی کلام کو پرکھنے والا۔

اور مومنین کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ کے دیدار کا مسئلہ۔( مولائے کریم اپنے فضل عظیم سے نصیب فرمائے) ۔ اللہ تعالی نے فرمایا :  ’’ کچھ منہ اس دن ترو تازہ ہوں گے اپنے رب کو دیکھتے‘‘۔ احتمال رکھتا ہے اسی طرح اُمید ورجاء کے ارادے کا۔ اور یہ بھی ان باتوں میں سے ہے جن پر اب عرب و عجم سب متفق ہیں ۔ تم کہتےہو: ’’دستِ نگر من ست ‘‘یعنی میری عطا کی امید رکھتا ہے اور میری بخشش کا محتاج ہے۔ اور اسی طرح آسمانوں کی سیر اور شفاعتِ کُبری محمد مصطفی صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم کے لیے کہ یہ تمام باتیں دوسرے معنی پر نصوصِ قطعی سے ثابت ہیں۔ اور اسی لیے ہم تاویل کرنے کے سبب معتزلہ اور اگلے روافض کی تکفیر نہیں کرتے ۔ اور اسی طرح ظن کے دو معنی ہیں اس لیے کہ اعم کا مقابل اخص ہے اور اعم اخص ہے جیسا کہ پوشیدہ نہیں۔انتھی

الجود الحلو میں فرمایا: اقول: والاذعان یعم الظن الغالب واکبر الرأی الملتحق فی الفقہیات بالیقین والیقین بالمعنی الاعم والمعنی الاخص المعتبرین فی العقائد ۔(رضویہ،ج:۱،ص:۳۸۵،اکیڈمی)

 (میں کہتا ہوں) اذعان درج ذیل چیزوں کو شامل ہے:

(۱)ظنِ غالب اور راجح رائے جو فقہی مسائل کے اندر یقین میں شامل ہے (۲) یقین بمعنی اعم (۳) یقین بمعنی اخص ۔ یہ دونوں باب عقائد میں معتبر ہوتے ہیں۔

اور اسی رسالے کے حاشیہ میںاذعان کے معنی بیان فرماتے ہیں:اذا اذعنّا بشیئ فان لم یحتمل خلافہ اصلا کوحدانیۃ اللّٰہ تعالی وحقانیۃ محمد صلی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلم فیقین بالمعنی الاخص وان احتمل احتمالا ناشئا لا عن دلیل کامکان ان یکون الذی نراہ زیدا جنّیا تشکل بشکلہ فبا لمعنی الاعم ومثل ھذا الاحتمال لانظر الیہ اصلا ولا ینزل  العلم عن درجۃ الیقین اما الناشیئ عن دلیل فیجعلہ ظنا والکل داخل فی الاذعان  ۔  (ایضا،ص:۳۸۶)

جب ہمیں کسی بات کا اذعان حاصل ہو تو اگر(۱) اس کے خلاف کا بالکل احتمال نہ ہو جیسے اللہ تعالی کی وحدانیت اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حقانیت. تو یہ یقین بمعنی اخص ہے ۔ اور اگر (۲)احتمال ہو مگر ایسا احتمال جو بغیر کسی دلیل کے پیدا ہوا ہو تو یہ یقین بمعنی اعم ہے ۔ جیسے وہ جسے ہم زید یقین کر رہے ہیں اس کے بارے میں یہ احتمال ہو سکتا ہے یہ کوئی جن ہو جس نے زید کی شکل اختیار کر لی ہے ۔ ایسا احتمال ذرا بھی قابل لحاظ نہیں ہوتا ۔ نہ ہی یہ علم کو درجہ یقین سے نیچے لا سکتا ، مگر جو احتمال کسی دلیل سے پیدا ہوا ہو ، وہ یقین کو ظن بنا دیتا ہے ۔ اور یہ تینوں ہی اذعان کے تحت داخل ہیں۔انتھی

اوررسالہ’’ البدور الاجلہ‘‘ میں رقم طراز ہیں :’’ یقین دو۲ طرح کا ہوتا ہے: ایک شرعی کہ طریقہ شرع سے حاصل ہو۔ دوسرا عرفی کہ باوجود عدم طریقہ شرعی صرف اپنے مقبولات ومسلّمات یا تجربیات، مشہورات اور قرائن خارجیہ کے لحاظ سے اطمینان حاصل ہوجائے۔ ناواقف لوگ مدرک عرفی و شرعی میں تفرقہ نہ جان کر اسے کافی ووافی ودلیل شرعی گمان کرتے ہیں حالانکہ یہ صریح خطاہے،مثلا جہاں شرع  مطہر نے شہادت میں عدد شرط کیا دو۲ مردیا ایک مرد دوعورتیں ہوں، وہاں ہمارے اعظم کسی معتمد اجل مستند نے جسے افضل اولیاء عالم جانیں، اور وُہ واقع میں بھی غوثِ زمانہ ہی ہو۔ شہادت دی کہ میرے سامنے ایسا ہُوا اور میں نے بچشمِ خوددیکھا، ہمیں جو اعتبار اس کے فرمانے پر آئے گا ہرگز دوچاردس بیس کی بات پر بھی اس سے زیادہ نہ ہوگامگر شرع دوسرا گواہ اورمانگے گی، اور معاملہ زنا میں تین۔ تواگر ایسے ہی تین گواہی دیں جب بھی نامسموع کہ قرآن کریم نے باربعۃ شھدائ  فرمایا‘‘(فتاوی رضویہ ج:۸،ص: )

خلاصہ یہ کہ ایک یقین عرفی ہوتا ہے اور دوسرا یقین شرعی ہوتا ہے اور یقین شرعی میں ایک یقین کلامی ہوتا ہے اور دوسرا یقین فقہی ، پھر یقین کلامی میں ایک یقین بالمعنی الاخص ہوتا ہے اور دوسرا یقین بالمعنی الاعم۔ اور اس میں سب سے اعلی درجہ یقین بالمعنی الاخص کا ہے پھر بالمعنی الاعم کا۔

مذکورہ بالا تفصیل کی روشنی میں غور کیا جائے کہ آخر علمائے متکلمین غیر منصوص کو جو بالتعیین جنتی کہنے سے منع فرماتے ہیں تو کس طور پر منع فرماتے ہیں؟آیا مطلقا منع کرتے ہیں ، یا قطعی بالمعی الاخص منع کرتے ہیں ؟یا بطور ظن  یا یقین فقہی وغیرہ کےطور پر بھی منع کرتے ہیں ؟ ان کی کیا مراد ہے؟ تو واضح ہوگا کہ بالتعیین اگر کسی غیر منصوص کو جنتی کہنے سے منع کیا گیا ہے تو بطور قطع و یقین اور اس قطعی سے ان کی مراد (کہیں تو)قطعی بالمعنی الاخص ہے (اور کہیں قطعی بالمعنی الاعم) اور یقین سے یقین کلامی جہاں خلاف کے احتمال کا امکان نہیں ہوتا اور کہیں امکان تو ہوتا ہے مگر ناشی عن لا دلیل ہوتا ہے ۔

اس مسئلہ کی وضاحت میں علما و ائمہ کی تحریرات و عبارات میں جہاں کہیں بھی غیر منصوصین کو بالتعیین جنتی یا جہنمی کہنے سے منع آیا ہے وہاں عام طور پر قطع و یقین ،حتمی و جزمی طور پر شہادت کی نفی آئی ہے ،یہی وجہ ہے کہ کسی امام نے’ ’لا یجزم ‘ ‘سے تعبیر کیا ،کسی نے ’’لا یقطع ‘ ‘ سے تعبیر کیا ، کسی نے’ ’ لا یشھد ‘ ‘ سے وغیرہ ذلک ،غیر یقینی چیز کی شہادت نہیں دی جا سکتی ، ابن فارس کہتے ہیں :’’الشین و الھا و الدال اصل واحد یدل علی حضورو علم و اعلام، لا یخرج شئ من فروعہ عن الذی ذکرناہ ۔من ذلک الشھادۃ ،یجمع الاصول التی ذکرناھا من الحضور و العلم و الاعلام،یقال شھد یشھد شھادۃ‘‘ ۔ ( مقاییس اللغۃ ۳/۲۲۱دار الجیل )۔

اور لسان العرب میں ہے:’’الشھادۃ خبر قاطع ،تقول منہ :شھد الرجل علی کذا ، و الشاھد :ھو العالم الذی بین ما علمہ و شھد الشاھد عند الحاکم ای بین ما یعلمہ و اظھرہ، المشاھدۃ المعاینۃ و شھدہ شھودا ای حضرہ۔ (۲۷/۲۳۴،۸،دار المعارف القاھرۃ) (القاموس المحیط :۳۷۲)

مگر فریق ثانی(بکر ،خالد ،عمرو وغیرہ) کو آخر بالتعیین غیر منصوصین کو قطعی ہی کہنے کہلوانے پر اتنا زور کیوں ہے؟ اگر ہے تو دلیل بھی ان کے حق میں قطعی لے کر آئیں جیسا کہ شیخ عبد الحق محدث دہلوی نے فرمایا ہے:’’اذا اخبر المخبر الصادق بترتب دخول الجنۃ علی فعل و وجد ذلک من احد قطعا یحکم لہ بدخول الجنۃ قطعا ان کان الحدیث قطعیا و ظنا ان کان الحدیث ظنیا لکن البحث ھنا انما وقع فی ورود البشارۃ لافرادھم بخصوصھم و مع ذلک لا شک فی وجود الفرق بین وقوع البشارۃ لاحد بخصوصہ و بین وردھا فی ضمن العنوان الکلی و مشروطا بشرط بان القطع فی الاول واقع لا محالۃ لوجود الاخبار بموتہ علی الایمان قطعا و فی الثانی لا لاحتمال عدم قبول ذلک الفعل قطعا منہ لفقد شئ من شرائطہ او لامکان موتہ لا علی الایمان ‘‘۔

(ص:  ۲۰ ، مخطوطہ و کتاب البشارۃ بالجنۃ،ص:۶۰۰)

قطعی بالمعنی الاخص کے ارفع و اعلی مقام کو سجھنے کے لیے مذکورہ ذیل مثال میں غور کیا جائے :

کسی مشہور و معروف خانوادے کا نسب و حسب اور ذات و قومیت عرف میں کس درجہ یقینی بات ہوتی ہے، جو سادات کے مشہور و معروف خانوادے ہیں ان کا سید ہونا کس قدر یقینی ہے، لیکن اس کے باجود کیا فی زماننا کسی معین کو قطعی بالمعنی الاخص یا بالمعنی الاعم سید کہنے کی طرف راہ  ہے؟اعلی حضرت کا موقف یہ ہے کہ سادات عظام پر طریان کفر نہیں اور وہ بلا شبہ بعاقبت و انجام جنتی ہیں ، اس پر اعتراض ہو ا کہ اس سے تو یہ لازم آتا ہے کہ سادات قطعی جنتی ہیں اور ان پر کفر طاری ہونا ممکن نہیں ، تو سرکار اعلیحضرت نے اولا  عدم امکان کے قول کو تو رد فرما دیا ، اور قطع و یقین کا جواب یہی دیا کہ یقین سے کیا مراد ہے ؟ یقین کلامی یا یقین فقہی؟یقین کلامی کی یہاں گنجائش نہیں، رہا یقین فقہی تو اگر بعاقبت و انجام یقین فقہی کے طور پر کسی کا جنتی ہوناثابت بھی آتا ہے تو کن کے لئے وہ جوعلم الہی میں سید ہیں نہ وہ جو بحیثیت سید مشہور و معروف ہیں ، جب کسی معین کا قطعی سید ہونا ثابت نہیں تو قطعی جنتی ہونا کیسے ثابت ہو سکتا ہے؟ہاں بطور ظن غالب ملحق بیقین جنتی ہونا ثابت ہو سکتا ہے ۔

 و الیک نصہ:۔۔۔۔ تیسرا شبہہ کہ سادات کرام جنتی ٹھہریں گے ، حبیبی! اس قضیے کے موضوع ومحمول دونوں میں دواحتمال ہیں۔ سادات کرام یعنی وہ جو عنداللہ سادات کرام یا وہ جو بنام سیادت مشہور ہیں عام ازیں کہ نفس الامراورعلم الہٰی میں کچھ ہو اور قطعی جنتی یعنی بلاسبقت عذاب جس سے دخولِ نارکی نفی ہویا قطعی جنتی بعاقبت وانجام جس سے خلودنار کی نفی ہو۔ اب یہ چار محمل ہیں اورفقیر کے دعوٰی سے ایک کو بھی مَس نہیں ۔ پہلے عرض کرچکا کہ غیر حسنین میں نفی دخول بطور رجانظر بظہور وتبادرہے پھر قطعیت کہاں ،بلکہ نفی خلود بھی مسئلہ ظنیہ ہے اگرچہ بحمداللہ تعالٰی  یہ ظن غالب ۔ اکثر رائے ملتحق بسرحد یقین ہے جسے فقہاء یقین ہی کے پلّے میں رکھتے ہیں ، مگر نہ یقین کلامی کہ مسئلہ عقائد قطعیہ سے قرار پائے اوراس میں ادنٰی  شک کو راہ دینے والا گمراہ وخارج از اہلسنت ٹھہر جائے ۔۔۔۔۔اوربالفرض نفی خلود بلکہ بفرض غلط نفی دخول ہی قطعی مان لی جائے تو کس کےلئے ، ان کے لیے جو عند اللہ سادات کرام ہیں، نہ ہر اس شخص کے لئے جو سید کہلاتاہو اگرچہ واقع میں نہ ہو اوراب کسی معین میں حصول وصف عنوانی پر قطع ویقین کی طرف راہ نہیں تو ثبوت وصف محمول کیونکر مقطوع بہ ہوجائے گا اورکسی معین کو اندیشہ آخرت کیوں اٹھ جائے گا کہ ہر ایک میں عدم  علم نفس الامر کے سبب احتمال لگاہوا ہے ۔(فتاوی رضویہ ، ج: ۱۷ ، ص: ۲۳ )

کیوں؟ اب اندازہ ہوا کہ قطع بالمعنی الاخص کتنا اعظم و اعلی درجہ ہے؟، ممکن ہے کہ ہم کسی حکم کو انتہائی معروف و مشہور ہونے کی وجہ سے قطعی سمجھ رہے ہوں مگر وہ نفس الامر میں (اصطلاحی) قطعی  نہ ہو۔ 

مظنون بظن غالب یقین فقہی ہو یا یقینی عرفی ہو ۔

لہذا جہاں ظن ہو (خواہ ظن بالمعنی الاعم خواہ بالمعنی الاخص ) وہاں قطعی (قطعی بالمعنی الاخص) حکم نہیں لگایا جا سکتا ہے۔ ہاں کبھی ظن (اور اس ظن سے مراد ظن بالمعنی الاخص ہے) کی موجودگی میں قطعی بالمعنی الاعم کا حکم لگایا جا سکتا ہے، جیسے مسئلہ تفضیل شیخین ہے کہ قطعی ہے مگر قطعی بالمعنی الاخص نہیں کہ منکر کافر و مرتد خارج از دین کہلائے، بلکہ قطعی بالمعنی الاعم ہے، یوں ہی اور بہت سے مسائل ہیں۔

جب یہ واضح ہو گیا تو اب غیر منصوص صحابی کو بالتعیین قطعی کہنے کا مسئلہ سامنے لائیے:

شیخ عبد الحق محدث دہلوی تحقیق الاشارۃ کے صفحہ ۱۹ پر فرماتے ہیں :’’ثم اعلم انا لسنا ندعی ان البشارۃ بالجنۃ علی السوائ فی الصحابۃ کلھم فی الظن و الیقین بل لا بد ھنا من التفصیل و ھو انھا ان بلغت مبلغ الشھرۃ و التواتر المعنوی کما فی الخلفائ الاربعۃ بل فی العشرۃ کلھم ، و فاطمۃ ، الحسن و الحسین، و جعفر الطیار ،و امثالھم ؛فقطعیۃ یجب اعتقادھا، و ان لم تبلغ مبلغھا؛فان وردت فی الصحیحین فکذلک قطعیۃ علی ما ھو المختار من افادۃ احادیثھما العلم و الیقین کما قررنا ، لکن لا شک انھا تکون ادنی فی المرتبۃ من الاولی، و ان لم ترد فیھما بل فی الصحیح من غیرھما ، او فی الحسان التی تصلح للاحتجاج ، التی بلغت بکثرۃ طرقھا مبلغ الصحیح ، او الاحادیث الضعیفۃ التی تقوت بتعدد الطرق و کثرۃ الروایات و بلغت مرتبۃ الحسان ، فھی تفید الظن الغالب القریب من الیقین و الا فادنی منہ ، و علی ھذا القیاس فی افادۃ الظن و الیقین و اللہ الملھم للصواب و ھو الموفق و المعین۔(کتاب مذکور مخطوطہ ص:۱۹ و ایضا کتاب البشارۃ بالجنۃ ،ص:۵۹۸)

خلاصہ یہ کہ شیخ فرماتے ہیں کہ ہم اس بات کے مدعی نہیں کہ جنت کی بشارت تمام صحابہ کرام کے حق میں ایک درجے پر ہے بلکہ ظن اور یقین کی رو سے فرق ہے ، اس کی تفصیل ضروری یہ ہے کہ:

 (۱) بشارت اگر شہرت اور تواتر معنوی کی حد کو پہنچی ہوئی ہو جیسے کہ عشرہ مبشرہ، حضرت فاطمہ الزہرا ،امام حسن و حسین ،حضرت جعفر طیار وغیرہم کے بارے میں ہے ، تو وہ قطعی ہے اس کا اعتقاد واجب ہے ،(اور یہ قطعی بالمعنی الاخص ہے) ۔

(۲) اگر اس حد کو پہنچی ہوئی نہ ہو مگر صحیحین میں وارد وئی ہو تو بھی قول مختار پر قطعی ہے (اس قطعی سے بالمعنی الاعم مراد ہے ) اس لئے کہ صحیحین کی حدیثیں مفید علم و یقین ہوتی ہیں، اور اس میں شبہ نہیں کہ اس کا درجہ پہلے درجہ سے کم ہے ۔

(۳)اور اگربشارت بخاری و مسلم میں نہ آئی ہو بلکہ ان کے علاوہ کسی کتاب صحیح میں وارد ہوئی ہو یا احادیث حسان میں وارد ہوئی ہو جو قا بل استدلال ہوتے ہیں، کثرت طرق سے صحیح کے درجے کو پہنچ گئی ہوں یا ایسی ضعیف حدیثوں میں بشارت آئی ہو جو کثرت طرق اور تعدد روایات سے قوی ہو گئی ہو اور حسان کے درجے کو پہنچ گئی ہو توان تمام صورتوں میں بشارت ظن غالب ملتحق بالیقین ہوگی۔(ملخصا ً )

ہر صحابی یوں ہی ہر مومن کو بالتعیین بے شک جنتی کہیں گے ، مگر بحث اس میں ہے کہ کس درجے میں اور کس قوت کے ساتھ کہیں گے، تو جس کے بارے میں جس درجے کی دلیل ہوگی اسی درجے کے مطابق اور اسی قوت سے اسے جنتی کہیں گے۔ جن مخصوصین کے بارے میں قطعی (بالمعنی الاخص) کے طور پر معلوم ہے کہ یہ جنتی ہیں، انہیں قطعی (بالمعنی الاخص) جنتی کہیں گے ، جن کے بارے میں قطعی بالمعنی الاعم دلیل ہے انہیں اسی قطعی بالمعنی الاعم طور پر جنتی کہیں گے،اور جن کےبالتعیین جنتی ہونے کےبارے میں دلیل مفید ظن غالب(یقین فقہی )ہے اسے ظن غالب کے طور پر کہیں گے اور جن کے بارے میں خصوصی طور پر کوئی نص نہیں انہیں رجا و امید کے طور پر جنتی کہیں گے۔ اور رہا عموماو مطلقا  جنتی کہنا اور مفہوم کلی اور وصف عنوانی کے ساتھ جنتی کہنا (مثلا صحابہ ، مومنین ، متقین اولیا یہ سب وصف عنوانی اور مفہوم کلی ہیں )تو قطعی یقینی حتمی جزمی اور عقیدے کے طور پر جنتی کہنا ماننا فرض اعتقادی ہے،کہ صحابہ اور مومنین(و کذلک المتقین و الاولیا) کے جنتی ہونے پر نصوص قطعیہ دال ہیں :اللہ فرماتا ہے:(کلا وعد اللہ الحسنی) و فی شان المومنین قولہ تعالی :(وعد اللہ المؤمنین و المؤمنات جنات تجری من تحتھا الانھار خالدین فیھا)۔

اور شیخ مذکور فرماتے ہیں :’’فمن الاعتقادیات اعتقاد ان المومنین اھل الجنۃ و الکافرین اھل النار من غیر قطع بذلک لاحد منھم بخصوصہ ‘‘(ایضاص:۷، البشارۃ بالجنۃ ،ص:)

یعنی کلیتا بوصف عنوانی(عمومی طور پر) جنتی کہیں گے بلکہ یہ ہمارا اجماعی عقیدہ ہے،بالعموم تمام صحابہ (یوں ہی تمام مومنین) کو (بوصف صحابی و بوصف مومن)قطعا حتما جزما یقیناجنتی کہنا ماننا ایسا فرض ہے کہ اسکا منکر بلکہ کف و توقف کرنے والا بھی کافر ہے، (جس طرح کہ منصوصین(بالنص القطعی بالمعنی الاخص) میں سے ہر ہر فردکو یقینی طور پر جنتی کہنا ماننا فرض ہے اور منکرلا اقل عند الفقہا کافرہوگا)(ہاں صحابی و غیر صحابی مومنین کے قطعی جنتی ہونے میں ایک فرق یہ ہے کہ صحابہ کا بلا سبقت عذاب جنتی ہونا قطعی ہے اللہ فرماتا ہے :(لا یسمعون حسیسھا)وہ یعنی صحابی جہنم کی بھنک تک نہ سنیں گے اورغیر صحابی مومنین و مسلمین کا قطعی جنتی ہونا بعاقبت و انجام ہے )

 یہی بات تاج الفحول علیہ الرحمہ نے بھی بحیثیت عقیدہ بیان فرمائی ہے :’’ و نعتقدان اصحاب البدر و الاحد و بیعۃ الرضوان، کل فرد منھم مقطوع دخولہ فی الجنان ، و اما سائر الاصحاب فنشھد لھم عموما انھم من اھل الجنۃ و لا یمسھم النیران ، لکن لا نقطع لاحد بخصوصیۃ سوی من قام فی حقہ عینا بالتواتر دلیل و برھان ‘‘۔ (احسن الکلام فی تحقیق عقائد الاسلام،ص:۵۷)

اب اگر کوئی یہ اعتراض کرے کہ جب صحابہ کےحق میں عموما نص قطعی موجود ہے تو ان میں سے ہر ہر فرد کو بالقطع و الیقین جنتی کیوں نہیں کہا جا سکتا؟

 تو اس کا جواب شیخ عبد الحق محدث دہلوی دیتے ہیں :’’ قد اخذ فی مفھوم الصحابی کونہ مات علی الایمان(و لا یعرف وجود حقیقۃ الصحابۃ و ثبوت احکامھا و آثارھا المرتبۃ علیھا الا بمعرفۃ الموت علی الایمان ) و لا یعرف ذلک قطعا الا باخبار عن النبی ﷺ و شھادتہ فانہ المطلع علی خفیات الامور و مغیباتھاو المکشوف لہ عن العواقب و الخواتیم بوحی من اللہ و اعلامہ و قد شھد ﷺلجماعۃ من اصحابہ رضی اللہ تعالی عنہ اجمعین بذلک باخبارہ بدخول الجنۃ صریحا او بما یستلزمہ و یدل علیہ کالحکم بکونہ شھیدا او کونہ مات علی محبۃ اللہ تعالی و رسولہ او۔۔۔۔کذاو کذاو غیر ذلک من صفات المومنین المحکومۃ بحصولھا لاحد منھم بعد الموت او عندھ علی ما نطقت بہ الاحادیث الصحیحۃ و الاخبار الصالحۃ للاحتجاج المعتبرۃ عند علمائ الحدیث ۔۔ و الکلام فی الاخبار عن بعض الافراد بخصوصھم و اشخاصھم و الا فکل من دخل فی عنوان الصحابۃ و یصدق علیہ ھذا المفھوم فھومن اھل الجنۃ قطعا بل المومنون کلھم اجمعون ۔۔۔ و السر فی اشتراط الاخبارو الشھادۃ للخصوص ھو ما ذکرنا من اخذ قید الموت علی الایمان فی مفھوم الصحابی و اعتبارہ فی ثبوت حقیقۃ الصحبۃ(و کذلک فی حقیقۃ المومن) و تعذر معرفۃ ذلک الا باخبار من  المخبر الصادق فی الاخبار بدخول الجنۃ فی الحقیقۃ اخبار بکونہ صحابیا فی العاقبۃ لموتہ علی الایمان، فافھم  ۔۔۔

(مخطوطہ ،ص:۶و۷، کتاب البشارۃ بالجنۃ ،ص:۵۷۵)

شیخ موصوف علیہ الرحمہ نے صحابہ کے جنتی ہونے کے سلسلے میں مزید’ تکمیل الایمان‘ میں فرمایا جس کا ترجمہ یہ ہے :’’حق وصواب یہی ہے کہ خلفاء اربعہ، فاطمہ وحسن وحسین وغیرہم رضی اللہ عنھم کی بشارت مشہور اورو اصل بحد تواتر معنوی ہے باقی عشرہ مبشرہ کی بشارت بھی بحد شہرت پہنچی ہوئی ہے اور بعض دیگر صحابہ بھی اخبار احاد سے تفاوت مراتب کے ساتھ صاحب بشارت ہیں ، اور حکم غیر مبشرین کا یہ ہے کہ علماء فرماتے ہیں کہ: مومنین ومسلمین جنتی، اور کفار دوزخی ،بغیر جزم و یقین، اور بلا قطعی کسی کے جنتی یا نار ی کی خصوصیت کے ، اس کی مکمل تحقیق کتاب مذکور(تحقیق الاشارہ) میں ملاحظہ کریں ۔ وباللہ التوفیق۔

(۱)ذکر اہل بدر:

اہل بدر: یعنی بعد عشرہ مبشرہ کے، فضیلت بدری اصحاب کے لئے ہے ۔ اوراہل بد ر تین سو تیرہ (۳۱۳) اصحاب ہیں وہ سب قطعی طور پر جنتی ہیں کیونکہ ان کی شان میں فرمایا گیا: ( إنّ اللہ قد اطّلع علی أھل بدر فقال: اعملوا ما شئتم فقد غفرت لکم)

یعنی: بے شک اللہ تعالی اھل بد ر کو مطلع فرماتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے کہ :جو چا ہو عمل کرو بے شک میں نے تم کو بخش دیا

(صحیح البخاري،۳۰۰۷ )

دوسری جگہ ارشاد فرمایا: ( لن یدخل اللہ النار رجلاً شہد بدراً والحدیبیۃ)

یعنی: اللہ تعالی بدر و حدیبیہ میں حاضر ہونے والوں کو ہرگز آگ میں داخل نہ فرمائےگا۔

(۲)ذکر اہل احد:

یعنی بعد از اہل بد ر فضیلت اہل غزوہ اُحد کے لئے ہے جو کہ سال چہارم ہجری میں واقع ہوا۔

(۳) بیعت رضوان :

اہل بیعت الرضوان: یعنی اہل غزوہ احد کے بعد فضیلت اہل بیعت رضوان کے لئے ہے ۔ یہ وہ نامی بیعت ہے جو رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سے صلح حدیبیہ کے بعد مسلمانوں سے ہوئی ، چنانچہ قرآن مجید میں ارشاد ہے: ( لَقَدْ رَضِیَ اللہُ عَنِ الْمُؤْمِنِینَ اِذْ یُبَایِعُوْنَکَ تَحْتَ الشَّجَرَۃِ) ۔

اور حدیث پاک میں ہے: ( لا یدخل النار أحدٌ بایعني تحت الشجرۃ )

یعنی: اللہ تعالی کسی کو دوزخ میں نہ ڈالے گا جنہوں نے درخت کے نیچے مجھ سے بیعت کی۔

یہ سب بھی جنتی ہیں ، اور افضلیت میں یہ ترتیب مذکور مجمع علیہ ہے جسے ابو منصور تمیمی نے نقل کیا ہے ۔ ان تمام مذکور ین صحابہ کے بعد بھی بحسب فضائل ومآ ثر جو ان کے حق میں مروی ہیں ، وہ سب جنتی ہیں ، ان کے درجات و مقامات جدا جدا ہوں گے ، علماء نے ان کی تصریح منظور نہ کی ۔ واللہ اعلم۔  (تکمیل الایمان (فارسی)، ص۱۶۱۔۱۶۵، (اردو) ص۱۱۷۔۱۲۱.ماخوذ از حاشیہ بہار شریعت )

خلاصہ یہ کہ ہر صحابی اعلی ہو یا ادنی(اور ان میں کوئی ادنی نہیں) تو قطعی جنتی ہےجو بھی صحابی کے عنوان کے تحت داخل اور جس کسی پر بھی یہ مفہوم صادق آتا ہےوہ بلا شبہ حتما جزما قطعا یقینا جنتی ہے ، مگر صحابی کی تعریف یہ ہے کہ:’’وہ خوش بخت جس نے حالت ایمان میں حضور علیہ السلام سے ملاقات کی ہو اور ایمان پر ہی خاتمہ ہوا ہو ‘‘۔

مسلم الثبوت مع فواتح الرحموت میں ہے :’’ الصحابی عند جمھور الاصولیین :مسلم طالت صحبتہ مع النبی ﷺ متبعا ایاہ و الاصح عدم التحدید للطول و قیل ستۃ اشھر و قیل سنۃ او غزوۃ ’و علی ھذا یخرج حسان بن ثابت و جریر بن عبد اللہ البجلی مع انھما صحابیان بالاجماع، فان حسانا لم یغز مع رسول اللہ ﷺ و جریرا اسلم قبل موتہ ﷺ  باربعین یوما‘و عند جمھور المحدثین الصحابی من لقیہ مسلما و مات علی اسلامہ ’و یعلم الموت علی الاسلام بان لا یظھر الکفر مع ان الضرورۃ الوجدانیۃ تشھد ان موت الصحابی علی الایمان لا غیر ‘‘ ۔ (فواتح الرحموت ،ج:۲،ص:۱۹۶)

اس تعریف میں موت علی الایمان کی قید ہے، اب کس کا خاتمہ ایمان پر ہوا اور کس کا نہیں اس کا علم یقینی قطعی ہمیں اللہ و رسول کے بتائےبغیر نہیں،(اگر چہ علم وجدانی ہے اورعدم اظہار کفر کی وجہ سے یقین فقہی ہے) تو جن صحابہ کرام کے بارے میں حضور علیہ السلام نے بتا دیا کہ یہ جنتی ہیں ان کے بارے میں ہمیں حضور کے اخبار سے یقینی علم ہوگیا کہ وہ جنتی ہیں کہ اللہ و رسول کو ان کے خاتمہ علی الایمان کا علم تھا، تو اب اللہ و رسول کے اخبار سے ان مخصوصین کے بارے میں بالقطع و الیقین ہمیں معلوم ہو گیا کہ ان کا وصف صحابیت زائل ہونے والا نہیں، ورنہ تو کذب کلام اللہ و رسول لازم آئےگا۔اور جن افراد کے بارے میں خصوصی نص نہیں، عمومی ہے تو ہم ان کو بھی عموما قطعی جنتی ہی کہیں گے، رہا غیر منصوصین کو بالقطع و الیقین معین  کرکے جنتی کہنا تو اس کی معنی مذکور میں اجازت نہیں۔

جاننا چاہیے کہ کچھ اوصاف ایسے ہوتے ہیں جو ممکن الزوال نہیں اور کچھ اوصاف ممکن الزوال ہوتے ہیں۔ مثلا نبوت ایسا وصف ہے جو ممکن الزوال نہیں ، مگر صحابیت، ولایت وغیرہ ایسے اوصاف ہیں جو ممکن الزوال ہیں اور نہ صرف ممکن بلکہ زوال واقع بھی ہوا ہے۔

اب اگر کوئی کہے کہ اصحاب بدر وغیرہ کے بارے میں وارد ہوا ہے کہ وہ قطعی جنتی ہیں تو کیا ان کا وصف صحابیت ممکن الزوال نہیں ؟

اس کا جواب یوں دیا جا سکتا ہے کہ جن صحابہ کا بالتعیین جنتی ہونا بنص قطعی معلوم ہو (مثلا اصحاب بدروغیرہ) ان کے متعلق کہا جا سکتا ہے کہ چوں کہ اللہ و رسول نے ان کے یقینی جنتی ہونے کی خبر دے دی تو ان کی صحابیت کا زوال اب ممکن نہ رہا ممتنع بالغیر ہو گیا،  اصحاب بدر کے جنتی ہونے کے بارے میں جب نص ہے تو تمام اصحاب بدر قطعی جنتی ہیں ان میں ہر ہر فرد کو بالتعیین ہم قطعی جنتی کہیں گے،  اللہ و رسول کے اخبار سے ا ب ان کی صفت صحابیت کا زوال ممتنع بالغیر ہو گیا۔ورنہ کذب کلام اللہ و رسول لازم آئےگا۔اور یہ محال ہے ۔

مسک الختام و ختام المسک کے طور پر ملا علی قاری رحمۃ اللہ علیہ کی ایک عبارت اور ہماری جانب سے اس کی شرح بطور خلاصہ نقل و رقم کی جاتی ہے:’’و اعلم ان للسلف رحمھم اللہ فی الشھادۃ بالجنۃ ثلاثۃ اقوال :احدھا ان لا یشھد لاحد الا للانبیائ علیھم السلام، و ھذا ینقل عن محمد بن الحنفیۃ و الاوزاعی ، و ھذا امر قطعی لا نزاع فیہ ۔ و الثانی : ان یشھد بالجنۃ لکل مؤمن جائ نص فی حقہ ، و ھذا قول کثیر من العلمائ لکنہ حکم ظنی و الثالث ان یشھد ایضا لمن شھد لہ المؤمنون ۔ (منح الروض الازھر ،ص:۳۱۲، دار البشائر الاسلامیۃ)

 ہماری بیان کردہ تفصیل کی روشنی میں اگر ملا علی قاری کی مذکورہ بالا عبارت میں غور کیا جائے، تو ادنی تامل سے واضح ہو جائےگا کہ اختلاف آرا محض لفظی ہے ، تطبیق کی صورت یہی ہے کہ قول اول میں انبیا علیہم السلام کے قطعا جنتی ہونے سے قائلین کی مرادان کا معصوم ہونا ہے ،گویا ان کے قول و موقف کا خلاصہ یہ ہے کہ غیر نبی کے حق میں معصوم ہونے کی گواہی ہم نہیں دیتے، اور قائلین قول ثانی جو منصوص علیہم کے سوا کسی کے جنتی ہونے کی گواہی نہیں دیتے ، اس سے ان کی مراد’ قطعی‘ طور پر ہے کہ قطعی جنتی ہونے کی شہادت نہیں دیتے ، اورملا علی قاری علیہ الرحمہ نے جو یہ فرمایا ’’ و لکنہ حکم ظنی ‘ ‘ تو اس ظنی سے ان کی مراد ظنی بالمعنی الاخص ہے (یعنی وہ ظن جو ناشی عن لا دلیل ہو، اس کی موجودگی میں قطعی بالمعنی الاعم کا تحقق ہو سکتا ہے ، جیسا کہ سرکار اعلی حضرت نے الزلال الانقی کے خاتمے میں فرمایا۔  فلیراجعہ۔

 (فضیلت عمرین کو بعض نے قطعی اور بعض نے ظنی کہا ،اس میںیوں تطبیق دی ہے کہ جنہوں نے قطعی کہا اس سے ان کی مراد قطعی بالمعنی الاعم ہے اور جنہوں نے ظنی کہا اس سے ان کی مراد ظنی بالمعنی الاخص ہے ،یوں ہی یہاں ہےکہ قول اول قطعی بالمعنی الاخص ہے اور قول ثانی قطعی بالمعنی الاعم ہے۔واللہ تعالی اعلم) ،رہے قائلین قول ثالث جو مومنین کی کسی مومن کےحق میں جنتی ہونے کی گواہی دینے سے گواہی دینے کے قائل ہیں ، اس سے ان کی مراد ظن (خواہ غالب ہو) اور امید واثق اور رجا کے طور پر ہے ۔

ہذا اس تفصیل و تحقیق کی روشنی میں سائل فاضل کے تمام سوالات کے جواب واضح ہیں ،اب بالترتیب اجمالا ان کے جوابات ملاحظہ ہوں:

(۱) بکر، خالد، عمرو وغیرہ جو بالتعیین غیر منصوصین کویقینی جنتی کہنےکے قائل ہیں بالخصوص غیر مبشرین صحابہ کو فرداً فرداً اور مونین میں سے مشہور و معروف معظمان دینی کو فردا فردا، اگر اس یقینی سے ان کی مراد یقین فقہی یا یقین عرفی ہے تو زید اور ان کے درمیان اختلاف محض لفظی ہے۔اور اگر یقین سے یقین قطعی کلامی مراد ہےاور کسی معین کے حق میںخصوصی دلیل کے بغیر اس درجے کی شہادت دینے کے قائل ہیں تو عبارات و تصریحات علما و ائمہ کی روشنی میں صریح خطا پر ہیں ،اس سے رجوع چاہئے۔

رہا سرکار غوث اعظم کے متعلق ظاہر کیا گیاوہ شبہ ، تو سرکار غوث اعظم کے قطعی جنتی ہونے پر متعدد قطعی دلیلیں موجود ہیں ، اور ان میں سے ایک دلیل اجماع امت ہے ۔(سرکار غوث پاک کی سیادت قطعی ہے اور ان کی سیادت و ولایت و غوثیت پر امت کے علماو فقہا اور عرفا واولیا کا اجماع ہے ،اور شبہ نہیں کہ اجماع بھی دلیل قطعی ہوتی ہے اور فرمان باری تعالی ہے :

(الا ان اولیائ اللہ لا خوف علیھم و لا ھم یحزنون)

اور حدیث پاک میں وارد ہوا :

’’انما سمیت فاطمۃ لان اللہ فطمھا و ذریتھا عن النار یوم القیامۃ‘‘

ملا علی قاری فرماتے ہیں :’’المعتبر انہ لیس لاحد من افراد البشر ان یحکم علی احد بانہ من اھل الجنۃ و لا بانہ من اھل العقوبۃ الا بنقل ثبت بنص من الکتاب او تواتر من السنۃ او اجماع علمائ الامۃ بالایمان المقرون بالوفاۃ او بالکفر المنضم الی آخر الحیاۃ ‘‘۔۔۔قس علی ھذا البواقی ،

جو معظمان دینی اس درجےکو پہنچے ہوئے ہوں انہیں بھی بالتعیین قطعی بالمعنی الاعم جنتی کہا جائےگا اوریہ قول بلا دلیل نہیں مع الدلیل ہوگا، اور جو معظمان دینی اس درجے پر واصل نہ ہوں ، انہیں یقین فقہی یا یقینی عرفی کے طور پر کہا جائےگا۔واللہ تعالی اعلم۔

(۲)فریق ثانی نے اپنی فہم کے مطابق اگر زید پر حجت قائم کرنے کے لئے یہ کہا کہ زید کے قول سے حسام الحرمین کی عدم تصدیق کا قول لازم آتا ہے (اگر چہ اس سے ہرگز یہ لازم نہیں آتا) تو اس قدر پر تو فریق ثانی محض خطا پر ہے (کیوں کہ ان کے نزدیک کسی معین کی قطعی کلامی تکفیر کرنا، معین کو قطعی کلامی حتمی جزمی طور پر جہنمی کہنا ہے، تو گویا وہ ان کے نزدیک مترادف ہے حالانکہ گزر چکا کہ ان میں دقیق فرق ہےاور وہ یہ کہ صورت اولی میں(یعنی معین کی تکفیر کلامی کی صورت میں) علم یقینی ہوتا ہے اور صورت ثانیہ میں (معین کو قطعی کلامی جہنمی کہنے میں) علم غیر قطعی ہوتا ہےکیوں کہ کسی معین کے خاتمہ علی الکفر کا علم یقینی قطعی نہیں، اگر چہ ظن غالب اور خوف و اندیشہ کے طور پر کہنے میں حرج نہیں )۔

اور اگر بلا دلیل و بلا ثبوت حسام الحرمین کا مکذب ، محض عناداً کہتے ہیں ، تو یہ سخت حکم رکھتا ہے اور فریق ثانی کی جانب سے زید پر بہتان و افترا ہے اورزید کو’’  من شک فی کفرہ و عذابہ فقد کفر ‘‘ کا مورد و مصداق ٹھرانا ہوگا ،لیکن حاشا و کلا فریق ثانی کے متعلق ہمارا یہ ہرگز ظن نہیں کہ انہوں نے زید کو حسام الحرمین کا مکذب اعتقادا کہا، بلکہ وہی پہلی شق ان کی مراد ہونا متعین کہ ان کی فہم کے مطابق زید کے قول سے یہ قول لازم آسکتا ہے ، حالانکہ یہ بھی خطا ہے ۔  واللہ تعالی اعلم ۱۲ ۔

کتبہ:فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہ

خادم آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ و رضوی دار الافتا

مرکز اہل سنت ، بریلی شریف

۱۸ /جمادی الآخرۃ  ۱۴۴۶؁ھ

۲۰/دسمبر ، ۲۰۲۴؁ ع

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.