Home › Fatawa › Mixed Issues

Text size
translateاردو

کیا صلح کلی مولویوں سے تقریر کروانے سے بہتر قوالی کی محفل سجاناہے

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید ایک عالم ہےجو کہ ہر جگہ مسلک اعلی حضرت کا دم بھرتا ہے۔’ سنیت کا کام کریں گے فتاویٰ رضویہ عام کریں گے‘ کا نعرہ بلند کرتا ہے۔ اور دوسری طرف مزامیر والی قوالی پڑھنے والے قوال کو نذرانہ پیش کرتا ہے۔ یہاں تک کہ اپنے ایک بیان میں یہ کہہ دیا کہ صلح کلی مولویوں کی تقاریر منعقد کرنے سے بہتر ہے کہ قوال کو بلا لیا جائے اور قوالی کی محفل کا انعقاد کیا جائے مزید یہ کہ زید گجرات کے بیان میں کہتا کہ پورے گجرات میں ایسا کوئی نہیں جو میرے سامنے سورہ فاتحہ صحیح طور پر پڑھ سکے۔ کیا زید کا قول و فعل مسلک اعلیٰ حضرت کے مطابق ہے؟ اور فتاویٰ رضویہ کی روشنی میں مروجہ تعزیہ کا کیا حکم ہے؟ بینوا توجروا

المستفتی۔ غلام رضا، احمد آباد، گجرات

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق و الصواب :قوالی مع مزامیر ہمارے بزرگوں کے نزدیک ناجائز و حرام اور منکر ہے۔ اور کسی واقعی و حقیقی صلح کلی سے وعظ کرانا باعث فساد ہے۔ اور یہ بھی منکر ہے، مگر ”المنکر لا یزال بالمنکر“، برائی، برائی سے ختم نہیں کی جا سکتی، لہٰذا زید کا یہ قول بدتر از بول ہے، بالخصوص جبکہ وہ بھی قوالی مع مزامیر کو ناجائز سمجھتا ہو(جیسا کہ یہی سوال سے ظاہر ہوا ہے)۔ برائی، برائی سے بہتر نہیں، بد تر ہوتی ہے۔ ہاں! البتہ حدیث پاک میں آتا ہے۔ اور یہ ایک فقہی قاعدہ بھی ہے کہ ”اذا ابتلی ببلیتین فلیختر اھونھما “، دو مصیبتوں کے اجتماع کے وقت اہون و اخف کو اختیار کیا جاتا ہے، مگر یہ حالت اضطرار میں ہے۔ جو ہرگز یہاں متحقق نہیں، لہٰذا زید کو اس سے رجوع چاہئے۔ دوسرا جملہ بھی سخت بیہودہ و بیجا اور عبث ہے، اگر کوئی سورہ فاتحہ تک نہیں پڑھ سکتا تو سب امی ہوئے۔ اور امی کے پیچھے غیر امی کی نماز نہیں ہوتی ، تو گویا پورے صوبہ گجرات میں نہ نماز پڑھانے والا کوئی ہے، نہ تعلیم قرآن دینے والا اور یہ بداہتًہ باطل ہے، ایسا تو ممکن ہے کہ زید صاحب سے اقرأ کوئی نہ ہو اگر چہ از خود یہ دعویٰ بھی بیہودگی ہے۔ مگر کوئی مایجوز بہ الصلوٰۃ بھی قرأت نہ کر سکتا ہو، نامعقول بات ہے، زید کو اس سے بھی توبہ کرنا چاہئے۔ واللہ تعالیٰ اعلم ۔ ۱۲

کتبہ: فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفرلہ

از رضوی دارالافتا، بریلی شریف۔

۶ ربیع النور شریف ١٤٤٣ھ 

الجواب صحیح۔

محمد مطیع الرحمٰن غفر لہ رضوی

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.