Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 339/2022

Text size
translateاردو

غیر عالم کا غلط فتوی صادر کرنا کیا اسے کافر کر دے گا

Question

 

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں کہ زید گویا کہ جاہل ہے، معمولی اردو پڑھنا جانتا ہے لیکن اس کو فتوی صادر کرنے اور حکم شرع بیان کرنے کا بڑا شوق ہے، اس نے حکم شرع اس طرح بیان کیا کہ لڑکی کی موت کے بعداس کا جہیز وارثین کے درمیان بطور وراثت تقسیم ہو گا، جبکہ لڑکی نے کوئی اولاد نہ چھوڑی ہو۔ بکر کہتا ہے کہ زید نے " جبکہ کوئی اولاد نہ چھوڑی ہو " کی شرط اپنی طرف سے گڑھنے کی جرأت بے جا کی ہے، وہ غلط و باطل اور آیت قرآنیہ کے خلاف ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے۔( ولکم نصف ماترک ازواجكم ان لم يكن لهن  ولد  فان كان  لهن  ولد فلكم الربع مما تركن) ترجمہ: تمہاری بیبیاں جو چھوڑ جائیں اس میں تمہیں آدھا ہے، اگر ان کی اولاد نہ ہو پھر اگر انکی اولاد ہو تو اس کے ترکہ میں تمہیں چوتھائی ہے۔ نیز اللہ تعالی فرماتا ہے (ولابويه لكل واحد منهما السدس مما ترك ان كان  له  ولد  فان  لم يكن  له  ولد  و ورثه  أبواه  فلامه الثلث)میت کے ماں باپ ہر ایک کو اس کے ترکہ سے چھٹا ہے اگر میت کی اولاد ہو پھر اگر اولاد نہ ہو اور ماں باپ چھو ڑے تو ماں کا تہائی۔

الحاصل میت کی اولاد ہو یا نہ ہو دونوں صورتوں میں اس کا ترکہ تقسیم ہو گا۔ زید کا مذکورہ شرط سے تقسیم ترکہ کے حکم کو مشروط کرنا قران کریم میں اللہ عزو جل کے بیان فرمودہ حکم مطلق کی تقیید اور تکذیب ہے ،اور قرآن کریم کے حکم کی تکذیب کفر ہے ۔ لہذا زید پر لازم آیا کفر کا حکم ،اس لئے اس پر فرض ہے کہ توبہ و تجدید ایمان کرے اگر بیوی رکھتا ہے تو تجدید نکاح کرے اور زید کو چاہیے کہ کسی جامع شرائط پیر سے مرید ہو۔ بکر کا بیان ختم ہوا۔

درج ذیل امور دریافت طلب ہیں:

(1) کیا زید کے بارے میں بکر کا قول صحیح و درست ہے یا نہیں؟

(۲) کیا زید کا مذکورہ شرط لگانا قرآن کریم کے حکم مطلق کی تکذیب ہے اور کفر ہے؟

(۳) کیا زید پر توبہ و تجدید ایمان فرض ہے؟

(۴) کیا زید کو تجدید بیعت بھی کرنا چاہیے ؟

(۵) کیا توبہ و تجدید ایمان و تجدید نکاح کے بغیر زید کا اپنی زوجہ کو رکھنا ناجائز حرام ہے یا نہیں ؟

المستفتی:محمد فیضان خان  ، ساکن پرانا شہر بریلی شریف

Answer

الجواب اللھم ھدایۃ الحق والصواب:  (۱) بے شک زید سے حکم شرع بتانے میں صریح خطا و غلطی واقع ہوئی ہے، بلکہ وہ شریعت پر بہتان باندھنے کا بھی مرتکب ہوا ، پھر یہ کہ غیر عالم کو فتویٰ دینا یوں بھی ناجائز و حرام ہے کہ حدیث پاک میں ارشاد ہوا :’’ اجرأکم علی الفتیا اجرأکم علی النار ‘‘اور دوسری جگہ ارشاد ہوا :’’ من افتی بغیر علم فقد ضل و اضل ‘‘۔ زید کو اس سے علی الاعلان توبہ و رجوع لازم اور احتیاطاً تجدید ایمان و نکاح بھی کر لے کہ اگر چہ اس نے تکذیب ومخالفت و رد قرآن کا التزام نہیں کیا مگر اس کے مذکورہ فتوے میں ایک احتمال یہ بھی ہے 

ہاں ! زید کی بے دھڑک تکفیر کرنا بھی زیادتی ہے کہ یہ( معاذ اللہ) اس کی جانب سے تکذیب اور مخالفت قرآن کا التزام نہیںبلکہ سخت خطا و صریح غلطی ، حرام ، بدکام و بدانجام ہے .

اگر ہر خطا و غلطی یا جرم و گناہ کو دور از کار تاویل کرکے تکذیب تک پہنچا دیاجائے تو کوئی گنہ گار و خطا کار، مسلمان ہی نہ بچے ، حالانکہ حدیث پاک میں ارشاد ہوا :’’ کل بنی آدم خطاؤن  و خیر الخطائین التوابون ‘‘ ۔

( و من اراد التفصیل فعلیہ  برسالۃ ’’ الجلی الحسن فی حرمۃ ولد اخی اللبن ‘‘ لجدی الکریم الشیخ احمد رضا  خان قدس سرہٗ  و الرسالۃ ’’ تائی کا مسئلہ ‘‘ لتاج الشریعۃ رحمہ اللہ تعالی، فیہا ان ربطۃ العنق فی اصل وضعہ  و ھیئتہ  مخالف  للقرآن  و لٰکن لعدم التزام ھذا  المعنی  ھو حرام و لیس بکفر)

(۲) حرام ، حرام ،اشد حرام بہت اخبث ، نہایت ہی اشنع کام بہر حال توبہ و استغفار لازم مگر کفر نہیں جبکہ نہ اس کا التزام کیا ہو، نہ حق واضح اور حکم قرآن معلوم ہو جانے کے بعد اس پر مصر و قائم ہو ۔

(۳ ، ۴ ، ۵ ) اس کا جواب ، جواب نمبر ۱؍ اور ۲؍ سے ظاہر ہے ۔ واللہ تعالی اعلم ۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دارالافتا، مرکز اہل سنت،بریلی شریف

۲۹؍ شعبان المعظم ۱۴۴۳ ؁ ھ، ۲؍ اپریل ۲۰۲۲ ؁ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.