Home › Fatawa › Mixed Issues › Ref 390/2022

Text size
translateاردو

سونے کا چشمہ پہننے کا حکم

Question

بعدہ عرض ہے کہ کیا چشمہ کے فریم میں سونا چاندی استعمال کیا جا سکتا ہے ؟ اور اسی طرح کرتے کے بٹن میں سونا یا چاندی کو استعمال کیا جا سکتا ہے ؟ہمارے یہاں آفیس میں بہت سارے ہنود تجار آتے ہیں جن پر رعب ڈالنے کے لئے سونے یا چاندی کے فریم اور بٹن استعمال کرنا پڑتا ہے ۔ شریعت مطہرہ کی روشنی میں مدلل جواب عنایت فرمائیں ، نوازش ہو گی ۔

المستفتی : حاجی اشرف معرفانی ، ناگپور ، مہاراشٹر

Answer

   الجواب بعون الملک الوھاب: سونے چاندی کی اشیا ء کے استعمال میں اصل یہ ہے کہ وہ جائز نہیں۔ حدیث پاک میں آیا ہے۔”ھٰذان حرام علی ذکور امتی حل لاناثھم“۔ لیکن بہت سی صورتیں اس ممانعت سے مستثنیٰ ہیں۔ شرع مطہر نے جہاں بے شمار صورتوں کی ممانعت فرمائی وہاں بہت سی صورتوں کی اجازت بھی دی ہے۔ مثلاً مرد کو چاندی کی نگ کی چار ماشہ کی ایک انگوٹھی، یوں ہی عورتوں کے لئے سونے چاندی کے زیورات اور مردوں کے لئے کرتے کے بٹن بشرطیکہ زنجیر نہ لگی ہو، یوں ہی وہ تمام اشیا جن میں سونا چاندی تابع و قلیل ہو یعنی نہ مستقل ہو نہ چار انگل سے زائد اور استعمال میں جسم سے مس بھی نہ ہوتا ہو۔ تو جائز اور اگر تابع ہو مگر قلیل نہ ہو یا قلیل ہو مگر تابع نہ ہو۔ یا دونوں ہو، مگر جسم سے مس ہوتا ہو تو یہ بھی جائز نہیں۔ فتاویٰ رضویہ میں ہے۔ ” اگر کوئی بیل بوٹا تنہا چار انگل عرض سے زیادہ ہو تو ناجائز کہ یہ اگر چہ تابع ہے مگر قلیل نہیں۔ اور کوئی مستقل چیز بالکل مغرق یا ایسے گھنے کام کی ہو کہ مغرق معلوم ہو تو بھی ناروا اگر چہ خود اس کی ہستی ایک ہی انگل عرض کی ہو کہ یہ اگر چہ قلیل ہے مگر تابع نہیں۔ اسی طرح کسی چیز میں چاندی سونے کے تار یا پتر جڑے ہو (تو یہ جائز ہے)۔ بشرطیکہ وہ شئی جس عضو سے استعمال میں آتی ہے اس عضو کی جگہ سے جدا ہو، حقہ میں چاندی سونے کی منہال حرام کہ پینے میں اس سے منہ لگتا ہے۔(فتاوی رضویہ ، ج: ۱۵ ، ص : ۱۹۴ )لہٰذا بغیر زنجیر کے سونے کے بٹن تو استعمال کر سکتے ہیں مگر سونے کے مستقل چشمہ کی اجازت نہیں۔ ہاں اگر چشمہ پورا سونے کا نہ ہو بلکہ سونا اس میں تبعاً ہو۔ اور تنہا چار انگل سے زیادہ نہ ہو۔ اور نہ سونا کا وہ حصہ کان یا ناک وغیرہ جسم کے حصہ سے مس ہوتا ہو تو جائز ورنہ نہیں۔در مختار میں ہے۔ ” یکرہ أن یلبس الذکور قلنسوة من الحدید او الذھب او الفضة او الکرباس الذی خیط علیہ ابریسم کثیر أو شٸ من الذھب او الفضة اکثر من قدر اربع اصابع اھ‘‘۔رد المحتار میں ہے۔ ” فجمیع ذلک لا باس بہ اذا کان عرض اربع أصابع  و ان زاد علی طولھا و فاذا کانت منقشة بالحدید و کان احد نقوشھا اکثر من اربع أصابع لا تحل۔“وفی الدر: ”لکن یشترط ان یبقی موضع الفضة بفم و جلوس و نحوہ۔“ واللہ تعالیٰ اعلم و صلی اللہ تعالیٰ علی رسولہ الکریم آلہ و صحبہ وسلم۔

کتبہ : فقیر محمد ارسلان رضا قادری غفر لہٗ

رضوی دار الافتا ، بریلی شریف

۱۷ ؍ محرم الحرام ۱۴۴۴؁ ھ/۱۶ ؍ اگست ۲۰۲۲ ؁ ء

Share

Answered by the Mufti Council of Razvi Darul Ifta, Dargah e Aalahazrat, Bareilly Sharif.

A fatwa answers the exact circumstances it was asked about. If your situation differs in any detail, that detail can change the ruling — send your own question rather than applying this answer to your case.